سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ والدین کا انتقال ہوا ،انہوں نے وراثت میں ایک گھر چھوڑا ان کی حیات میں اس گھر کا بجلی او رگیس کا بل ہر ماہ ادا کیا جاتا تھا ،چونکہ والد کا پہلے ہی ہوگیا تھا،لیکن والدہ کے انتقال کے بعد اس گھر میں فقط بھائی رہنے لگے باقی بہنیں اپنے اپنے گھروں میں رہتی ہیں ،بھائیوں نےتقریباً دس سال کے اس دورانیہ میں بجلی اور گیس کے بل ادا نہیں کیئے جو دس لاکھ تک پہنچ چکے ہیں،اب بھائیوں کا کہنا ہے کہ یہ دس لاکھ بھی گھر کی کل قیمت سے سے منہا ہونگے ہم اکیلے بھائی اس کو نہیں بھر سکتے کیونکہ وراثت کے گھر کا بل ہے۔ اب اس متعلق شرعی رہنمائی فرمائیں کہ یہ دس لاکھ بجلی کا بل کون ادا کرے گا ؟ کل وراثت سے منہا ہوگا یا پھر جو لوگ گھر میں رِہ رہے تھے وہ ادا کریں گے؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ بجلی کا بل ان ورثاء (بھائیوں)کے ذمہ لازم الاداء ہوگا جو مرحومہ والدہ کی وفات کے بعد متروکہ مکان میں سکونت پذیر رہے اور اس سے انتفاع کرتے رہے ہیں، اس لیے اس بل کی رقم کو ترکہ سے منہا کرنا درست نہیں۔
البتہ اگر مرحومہ کے تمام دیگر شرعی ورثاء باہمی رضامندی سے اس بات کی اجازت دے دیں کہ مذکورہ بل کی ادائیگی ترکہ کی رقم سے کر دی جائے تو ایسی صورت میں ترکہ میں سے اس کی ادائیگی کی گنجائش ہوگی، کیونکہ باہمی رضامندی سے اپنے اپنے حقوق سے دستبردار ہونا شرعاً جائز ہے۔
سنن الترمذی کی حدیثِ مبارکہ ہے:
"عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَضَى أَنَّ الخَرَاجَ بِالضَّمَانِ"
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ فیصلہ فرمایا کہ “نفع اسی کا حق ہے جو نقصان کی ذمہ داری اٹھائے۔
امام ترمذی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ، وَقَدْ رُوِيَ هَذَا الحَدِيثُ مِنْ غَيْرِ هَذَا الوَجْهِ، وَالعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ أَهْلِ العِلْمِ"
یعنی:یہ حدیث حسن اور صحیح ہے۔ یہ حدیث اس کے علاوہ بھی دوسرے طریقوں سے روایت کی گئی ہے، اور اہلِ علم کا عمل بھی اسی حدیث کے مطابق ہے۔ یعنی فقہاء اسی اصول کو درست مانتے اور اسی پر عمل کرتے ہیں۔
(جامع الترمذی،رقم الحدیث:1285)
درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام میں ہے:
"الْخَرَاجُ بِالضَّمَانِ هَذِهِ الْمَادَّةُ هِيَ نَفْسُ الْحَدِيثِ الشَّرِيفِ «الْخَرَاجُ بِالضَّمَانِ» وَهِيَ الْمَادَّةُ 87 (الْغُرْمُ بِالْغُنْمِ) :وَالْمَادَّةُ 88 كُلُّهَا بِمَعْنَى وَاحِدٍ وَإِنْ اخْتَلَفَتْ الْأَلْفَاظُ فَكَانَ مِنْ الْوَاجِبِ الِاكْتِفَاءُ بِوَاحِدَةٍ مِنْهَا.الْخَرَاجُ: هُوَ الَّذِي يَخْرُجُ مِنْ مِلْكِ الْإِنْسَانِ أَيْ مَا يُنْتَجُ مِنْهُ مِنْ النِّتَاجِ وَمَا يُغَلُّ مِنْ الْغَلَّاتِ كَلَبَنِ الْحَيَوَانِ وَنَتَائِجِهِ، وَبَدَلِ إجَارَةِ الْعَقَارِ، وَغِلَالِ الْأَرْضِينَ وَمَا إلَيْهَا مِنْ الْأَشْيَاءِ. وَيُقْصَدُ بِالضَّمَانِ الْمُؤْنَةُ كَالْإِنْفَاقِ عَلَى الْحَيَوَانِ وَمَصَارِيفِ الْعِمَارَةِ لِلْعَقَارِ وَيُفْهَمُ مِنْهَا أَنَّهُ مَنْ يَضْمَنُ شَيْئًا لَوْ تَلِفَ يَنْتَفِعُ بِهِ فِي مُقَابَلَةِ الضَّمَانِ"
ترجمہ: الخراج بالضمان"دراصل وہی مفہوم ہے جو حدیثِ شریف "الخراج بالضمان" میں بیان ہوا ہے۔ یہی بات مجلہ کے آرٹیکل 87 یعنی "الغرم بالغنم" میں بھی بیان کی گئی ہے، اور آرٹیکل 88 بھی اسی معنی پر دلالت کرتا ہے۔ اگرچہ الفاظ مختلف ہیں، لیکن مفہوم سب کا ایک ہی ہے، اس لیے اصولاً ان میں سے کسی ایک پر اکتفا کرنا کافی تھا۔
الخراج سے مراد وہ نفع یا پیداوار ہے جو انسان کی ملکیت سے حاصل ہوتی ہے؛ یعنی جو چیز اس کی ملکیت سے نکلتی ہے یا اس سے پیدا ہوتی ہے، جیسے جانور کا دودھ، اس کی اولاد، زمین کی پیداوار، جائیداد کا کرایہ اور اسی طرح کی دیگر آمدنی۔اور الضمان سے مراد وہ ذمہ داری اور خرچ ہے جو اس چیز کی دیکھ بھال کے لیے برداشت کیا جاتا ہے، جیسے جانور پر خرچ کرنا یا جائیداد کی مرمت اور تعمیر کے اخراجات۔
اس قاعدے کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص کسی چیز کے نقصان کی ذمہ داری اٹھاتا ہے، وہی اس سے حاصل ہونے والے فائدے کا بھی حق دار ہوتا ہے۔ یعنی نفع اسی کو ملتا ہے جو اس کے ممکنہ نقصان کی ذمہ داری قبول کرتا ہے۔
(درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام،ج:1،ص:88،دار الجیل)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب