دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

ترکہ کی تقسیم مع قرض کی ادائیگی

11322 نومبر، 2026579سوال کنندہ : علی رضا، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ مرحوم شبیر احمد کی کل جائداد چھپن لاکھ (5600000) روپے ہے ،ورثاء میں ایک بیوہ ،تین بیٹے اور چھ بیٹیاں ہیں ،جبکہ مرحوم پر کل قرضہ پانچ لاکھ(500000) روپے ہے ،لہذا اس کے متعلق تحریری طور پر رہنمائی فرمائیں کہ ہر ایک وارث کا کتنا حصہ بنے گا؟ بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے اور مرحوم شبیر احمد کے وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور (بیوہ،تین بیٹے،چھ بیٹیاں) ہیں تومرحوم کے کفن دفن کے اخراجات نکالنے ، اور مرحوم کے اوپر پانچھ لاکھ روپے قرض کو ادا کرنے اور اگر کسی غیر وارث کے لیے وصیت کی ہو تو اس کو تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد مرحوم کےبقایا کل ترکہ اکاون لاکھ (5100000 )روپے اور اس کے سوا اگراس کی ملکیت میں کوئی اور سامان یا جائداد وغیرہ یا کیش پیسے ہیں تو ان سب کے کل 96 حصے کیئے جائیں گے۔جن میں سے مرحوم کی اہلیہ کو 12 حصے(637،500)،سب بیٹوں کو 42 حصے(2،231،250) جن میں سے ہر ایک بیٹے کو 14 حصے(743،750) ملیں گے۔اور بقیہ 42 حصے (2،231،250) مرحوم کی 6 بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 7 حصے (371،875)ملیں گے۔

السراجی فی المیراث میں ہے:

"تتعلق بتركة المیت حقوق اربعة مرتبة:الاول یبدا بتکفینه وتجهیزه من غیر تبذیر ولا تقتیر ثم تقضی دیونه من جمیع ما بقی من ماله،ثم تنفذ وصایاه من ثلث ما بقی بعد الدین،ثم یقسم الباقی بین ورثته"

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )۔

ایک بیٹے کو دوبیٹیوں کے برابر حصہ ملتا ہے ۔

اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :

"لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ"

ترجمہ: بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے"

(النساء: آیت 11)

بیوہ کو اولا د کی موجودگی میں ثمن (آٹھواں حصہ) ملتا ہے ۔

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :

"فَاِنۡ کَانَ لَکُمْ وَلَدٌ فَلَہُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَکْتُمۡ"

ترجمہ:پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں(حصہ ہے)"۔

(النساء: آیت 12)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

29جولائی 2026 ء/15 صفر المُظفَّر ١٤٤٨ ھ کو جاری کیا گیا