سوال
کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے پیارے دادا جان حضرت علامہ حاجی حافظ قاری بشیر احمد قادری چشتی رضوی رحمۃ اللہ علیہ (بانی مدرسہ تجوید القرآن قادریہ رضویہ وسابقہ امام و خطیب جامع مسجد سرفراز کالونی نمبر 1 حیدرآباد) کا وصال مبارک 6 مئی 2001ء کو ہوا۔ ان کے انتقال کے وقت سے پہلے ان کے والدین اور اہلیہ وفات پا چکے تھے۔مرحوم نے وراثت میں ایک رہائشی مکان اور گھریلو استعمال کا ساز و سامان چھوڑا جس کی کچھ ضروری مسائل کے پیش نظر اب تک کوئی شرعی تقسیم نہیں ہوئی۔ مرحوم کے ورثاء میں دو بیٹے (شبیر اور تنویر) اور پانچ بیٹیاں (نسیم اختر، شاہدہ، شمیم، شبانہ، فرزانہ) ہیں بعد ازاں ایک بیٹا (تنویر ) 28 اکتوبر 2002 بروز پیر کو لاپتہ ہو گیا جو تقریباً 24 سال سے مفقود ہے اور اب تک اس کا حال معلوم نہیں اس کی کوئی اولاد نہیں، صرف اسکی بیوی (روبینا) حیات ہے اسی طرح مرحوم کی ایک بیٹی (نسیم اختر) کا بعد میں 12 ستمبر 2003 کو انتقال ہو گیا جس کے ورثاء میں شوہر ( سلیم) دو بیٹے (کاشف، حماد) اور دو بیٹیاں (سمیرا شگفتہ) موجود ہیں۔ بعد از انتقال شوہر (سلیم )نے دوسری شادی کرلی تھی۔ مفقود بیٹے کے حصے کے بارے میں تاحال کوئی شرعی یا عدالتی فیصلہ موجود نہیں ہےاب سوال یہ ہے کہ مذکورہ ترکہ کی شرعی تقسیم کس ترتیب سے ہوگی؟ترکہ سے کون کون سے اخراجات پہلے منہا کیے جائیں گے؟ جائیداد کے قانونی اخراجات، وکیل فیس اور دیگر ضروری کارروائی کے اخراجات ترکہ سے منہا کیے جائیں گے یا نہیں؟مفقود بیٹے (تنویر) کے حصے کی ترتیب کیا ہوگی اور اس کے حصے کا انتظام کیسے کیا جائے؟ مرحومہ بیٹی (نسیم اختر )کے حصے کی ترتیب ان کے ورثاء میں کس طرح ہوگی؟
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے تو پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ میت کی تجہیز و تکفین، قرضہ کی ادائیگی اور اگر کوئی وصیت کی ہو تو تہائی مال سے پوری کرنے کے بعد میت (قاری بشیر احمد ) کے تمام تر کہ (مکان اور اس کے علاوہ کوئی اور جائیداد ہو تو ان تمام ) کےکل 72حصے کیے جائیں گے جن میں سے شاہدہ کو 8 حصے دیے جائیں گے ،اورشمیم کو 8 بھی حصے دیے جائیں گے،اور شبانہ کو 8 بھی حصے دیے جائیں گے،اور فرزانہ کو بھی 8 حصے دیے جائیں گے،اور شبیر کو 16 حصے دیے جائیں گے ،اورسلیم کو 2 حصے دیے جائیں گے ،اور کاشف کو بھی 2 حصے دیے جائیں گے ،اور حماد کو بھی 2 حصے جائیں گے،اور شگفتہ کو 1 حصہ دیا جائے گا ،اور سمیرا کو بھی 1حصہ دیا جائے گا ،اور محمد تنویر کے 16 حصے محفوظ رکھے جائیں گے ،چونکہ جو گم ہو جائے اس کی ایک مدت بیان کی گئی ہے کہ اگر وہ اس مدت میں واپس آجائے تو اس کے جو حصے محفوظ تھے اس کو دیے جائیں گے اور اگر وہ واپس نہ آئے تو اس کی موت کا حکم لگا کر اس(گم شدہ) کے ورثاء کی طرف میں حصہ تناسبی کے اعتبار سے تقسیم کیے جائیں گے۔
گم شدہ کی وراثت کی تقسیم کی مدت کے بارے میں فقہا نے اپنے اپنے زمانے کے اعتبار سے مختلف اقوال بیان کیے ہیں بعض نے 120 سال کہا، بعض نے90 سال کہا، بعض نے 70 سال کہا ،بعض نے 60 سال کہا، اور بعض نے 30 سال کا قول بھی کیا ہے۔ لہذا مفتٰی بہ قول فی زمانہ 60 سال کا ہے ،الا یہ کہ جہاں ضرورت اور حاجت پیش آئے تو وہاں 30 سال کا قول بھی لیا جا سکتا ہے،اور مفقود کی عمر (پیدائش ،10،02،1974 سے ،آج 07،07،2026 ،تک )52 سال سے زیادہ بنتی ہے تو وراثت کو تقسیم کر کے اس کے (16)حصوں کواس کی عمر 60 ہونے تک رکھا جائے اگر وہ لوٹ آئے تو فبہا ، ورنہ اس کا حصہ اس وقت کے موجود ورثا میں حصہ تناسبی کے اعتبار سے تقسیم کیا جائے ۔اور ترکہ سے جائیداد کے قانونی اخراجات یا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ وغیرہ بنوانے کے لیے جو اخراجات کیے جائیں گے وہ تقسیم وراثت سے پہلے تمام ورثاء کی رضامندی سے ترکہ سے منہا کیے جائیں گے۔
و راثت کی تقسیم اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے:
لڑکے اور لڑکیوں کے متعلق ارشاد فرمایا :
" یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ"
ترجمہ :کنز الایمان : اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔
(پارہ :4 ،النساء : آیت نمبر :11)
السراجیہ فی المیراث میں ہے :
"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کےقرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاءکےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجیہ فی المیراث ،ص:11/12 ،مکتبۃ المدینہ )
اسی میں ہے :
"وأمّا لِبَنات الصُلْب فأحوال ثلاث: ۔۔۔ومع الابن للذكر مثل حظ الانثيين وهو يُعصبهن"(ملتقطا)
ترجمہ: بہر حال حقیقی بیٹیوں کی تین حالتیں ہیں بیٹے کےہوتے ہوئے یہ عصبہ ہوتی ہیں ایک بیٹے کےلئے دو بیٹیوں کے برابر ہوتا ہے۔
(السراجیہ فی المیراث ،فصل فی النساء ،ص،20تا 21 ،مکتبۃ المدینہ)
اسی میں ہے :
"المفقود حي في ماله حتى لا يرث منه أحد وميت في مال غيره حتى لا يرث من أحد ويُوقف ماله حتّى تَصحَ مَوته أو تَمْضِي عليه مدة"
ترجمہ : مفقود اپنے مال میں زندہ ہوتا ہے یہاں تک کہ اس کا کوئی وارث نہیں ہوتا ، اور اپنے غیر کے مال میں مردہ ہوتا ہے یہاں تک کہ وہ کسی کا وارث نہیں ہوتا ، اور اس کا مال موقوف رکھا جائے گا یہاں تک کہ اس کی موت ثابت ہو جائے یا اس پر مدت گزر جائے۔
(السراجیہ فی المیراث ،فصل فی المفقود ،ص،104،مکتبۃ المدینہ)
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے :
"و شروطه ثلاثة: موت مورث حقيقة أو حكما ...و وجود وارثه عند موته حياً حقيقة او تقديرا… والعلم بجهة ارثه" (ملتقطا)
ترجمہ: علم فرائض ( وراثت) کی تین شرائط ہیںپہلی یہ ہے کہ مورث کا حقیقتا یا حکماً انتقال ہو جائے ، دوسری یہ ہے کہ مورث کی موت کے وقت وارث حقیقتا یا تقدیر ًازندہ ہو ،اور تیسری شرط یہ ہے کہ جہت ارث کا علم ہو ۔
(رد المحتار على الدر المختار ، كتاب الفرائض ، ج 10، ص 525، مکتبہ رحمانیہ )
الدر المختارمیں ہے :
"(ولا يستحق ما أوصى له إذا مات الموصي بل يوقف قسطه إلى موت أقرانه في بلده على المذهب) لأنه الغالب"
ترجمہ :جس کے لئے کسی چیز کی وصیت کی گئی اس چیز کا مستحق نہیں ہوگا جب وصیت کرنے والا فوت ہوجائے بلکہ اس کا حصہ موقوفرکھا جائے گا موصی کے شہر کے دوستوں کی موت تک مذہب پر،کیونکہ یہی غالب ہے ۔
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے:
"وقيل يقدر بتسعين سنة بتقديم التاء من حين ولادته واختاره في الكنز، وهو الأرفق هداية وعليه الفتوى ذخيرة، وقيل بمائة، وقيل بمائة وعشرين، واختار المتأخرون ستين سنة واختار ابن الهمام سبعين....فكانت المنتهى غالبا.....قلت......فمنهم من اعتبر أطول ما يعيش إليه الأقران غالبا، ثم اختلفوا فيه هل هو تسعون أو مائة أو مائة وعشرون، ومنهم وهم المتأخرون اعتبروا الغالب من الأعمار، أي أكثر ما يعيش إليه الأقران غالبا لا أطوله فقدروه بستين؛ لأن من يعيش فوقها نادر والحكم للغالب"
ترجمہ :بعض نے کہاکہ (جو گم ہو جائے) اس کی مدت نوے سال مقرر کی جائے اس کی پیدائش کے وقت سے اسی قول کو کنزالدقائق میں اختیا ر کیا ۔اور "ہدایہ" میں فرمایا کہ یہی قول زیادہ فائدہ مند اور آسانی والا ہےاور" ذخیرہ "میں فرمایا کہ اسی پر فتویٰ ہےاور بعض نے کہا کہ مدت سو سال ہے، اور بعض نے کہا کہ ایک سو بیس سال ہےاور متاخرین نے ساٹھ سال کی مدت کواختیا ر کیا ہے،اور ابن ہمام نے ستر سال کی مدت کو اختیار کیا ہےکیونکہ زندگی کی انتہا غالب طور پر اسی مدت تک ہوتی ہے) میں (مصنف) کہتا ہوں ان میں سے بعض وہ ہیں جنہوں نے اس عمر کا اعتبار کیا ہے جب تک ہم عمر لوگ زیادہ تر زندہ رہتے ہیں پھر اس میں اختلاف کیا گیا کہ وہ مدت نوّے سال ہے، یا سو سال، یا ایک سو بیس سال اور ان میں سے بعض یعنی متاخرین نے زیادہ تر پر پائی جانے والی عمر کا اعتبار کیا ہےیعنی وہ عمر جس تک اکثر ہم عمر لوگ زیادہ تر زندہ رہتے ہیں، نہ کہ اس سے زیادہ پس انہوں نے اس مدت کو ساٹھ سال قرار دیا ہےکیونکہ ساٹھ سال سے زیادہ عمر پانے والے لوگ کم ہوتے ہیں، اور شریعت میں اعتبار، غالب حالت کا ہوتا ہے(نہ کہ نادر صورت کا)۔
(ردالمحتار مع الدرالمختار،ج:6 ،ص:454 ،مکتبہ رحمانیہ )
مذکورہ بالاعبارت الدرالمختار کے تحت حاشیۃ الطحطاوی علی الدر المختار میں ہیں:
"مقابله احد عشر قولا اقلها ثلاثون سنة"
ترجمہ : اسکے مقابلے 11 قول ہیں جن میں سے سب سے کم (گم شدہ کی مدت کا ) 30 سال کا قول ہے۔
(حاشیۃ الطحطاوی علی الدر المختار ، ص : 509 ، ج: 2، مکتبہ رشیدیہ)
مجمع لا نھر فی شرح ملتقی الا بحر میں ہے :
" وعن الامام ثلاثون سنة "
ترجمہ: امام صاحب سے مروی گم شدہ کی مدت کا 30 سال کا قول ہے ۔
( مجمع الانھر فی شرح ملتقی الا بحر، ص: 541، ج 2، مكتبۃ المنار)
درر الحکام فی شرح غرر الاحکا م ،و، جد الممتار علی ردالمحتار میں ہے : (ولفظہ )
"والعبرة في الأحكام بالغالب دون النادر۔۔۔ وقد كنت أظن أن هذه الاختلافات في التقدير ليست مخالفة لظاهر بل تقديرات لموت الأقران مست للحاجة إليها بما في تفتيش ذلك من حرج ما"
ترجمہ :احکام میں اعتبار غالب (زیادہ پائی جانے والی صورت) کا ہوتا ہے، نہ کہ نادر (کم پائی جانے والی ) صورت کا۔ اور میں یہ گمان کرتا تھا (گم ہونے والے کی مدت کا ) کہ اندازوں میں یہ اختلافات ظاہرِ نص کے خلاف نہیں ہیں۔ بلکہ یہ ہم عمر افراد کی وفات کے بارے میں حاجت /ضرورت کی وجہ سے لگائے گئے اندازے ہیں کیونکہ اس کی تحقیق و تفتیش میں حرج ہے ۔
(درر الحکام فی شرح غرر الاحکا م ،ج:3 ،ص :336 ،مکتبہ اولوالالباب ،جد الممتار علی ردالمحتار ،ج:5 ،ص:457 ،دار اہل السنۃ )
النھر الفائق شرح کنز الدقائق میں ہے :
"قال السرخسي: وهذا أليق بالفقه لأن نصب المقادير بالرأي لا يجوز غير أن الغالب أن الإنسان لا يعيش بعد أقرانه وأنت خبير بأن التفحص عن موت الأقران غير ممكن أو فيه حرج فعن هذا اختار المشايخ تقديره بالسن ۔۔۔۔واختار المتأخرون تقديره بستين وهذا الاختلاف إنما نشأ من اختلاف الرأي في أن الغالب هذا أو مطلقا،۔۔۔۔۔وقيل: يفوض إلى رأي القاضي فأي وقت رأى المصلحة حكم بموته، قال الشارح: وهو المختار."
ترجمہ : امام سرخسی نے فرمایا: یہ رائے فقہ کے زیادہ مطابق ہے، کیونکہ رائے سے کسی مقدار /مدت کو متعین کرنا جائز نہیں۔
البتہ زیادہ تر یہی ہوتا ہے کہ انسان اپنے ہم عمر لوگوں کے بعد زندہ نہیں رہتا اور آپ جانتے ہیں کہ ہم عمر لوگوں کی وفات کی تحقیق کرنا ممکن نہیں یا اس میں حرج ہےاسی وجہ سے مشائخ نے اس (مدت) کا تعین سالوں کے ذریعے سے کرنا اختیار کیااور متا خرین نے اس کی مدت ساٹھ سال مقرر کرنا اختیار کیا اور یہ اختلاف صرف رائے کے اختلاف کی وجہ سے پیدا ہوا کہ غالب عمر یہی ہے یا مطلقا اور بعض نے کہا کہ اس معاملے کو قاضی کی رائے پر چھوڑ دیا جائے پھر جس وقت قاضی مصلحت دیکھے تو اس شخص کے فوت ہونے کا حکم دے دے،شارح نے فرمایا: اور یہی مختار (راجح) قول ہے۔
(النھر الفائق شرح کنز الدقائق،ج:292 ،ص:292 ،مکتبہ قدیمی کتب خانہ )
رمز الحقائق شرح کنز الدقائق میں ہے :
"وقال المتأخرون من مشايخنا انها ستون سنة رفقا بالناس ودفعا للحرج عنهم"
ترجمہ : ہمارے مشائخ میں سے متاخرین نے فرمایا کہ گم شدہ کی مدت ساٹھ سال ہے کہ یہ مدت لوگوں کے لئے فائدہ مند اور لوگوں سے حرج کو دور کرنے کیلئے ہے ۔
(رمز الحقائق شرح کنز الدقائق،ص:337)
مجمع لانھرفی شرح ملتقی الابحر،الذخیرۃ البرھانیہ میں ہے : (ولفظہ)
"وفي قول : يقدر بستين سنة"
ترجمہ :بعض نے کہا کہ (گم شدہ کی مدت ) کا اندازہ ساٹھ سال سے لگایا جائے ۔
( مجمع لانھرفی شرح ملتقی الابحر ،الذخیرۃ البرھانیہ،ج:7،ص:496،دارالکتب پرنٹرز)
خلاصہ :رقم کی تقسیم کا طریقہ یہ ہے کہ کل رقم کو مبلغ یعنی72میں تقسیم(divide) کریں جو جواب آئے اسے محفوظ کرلیں ،پھر اس محفوظ عدد کو ہر وارث کے حصے میں ضرب دے دیں جو جواب آئے وہ رقم کی صورت میں وارث کا حصہ ہوگا،اورمحمد تنویر کا جو حصہ ہوگا اس کو محفوظ رکھا جائے گا اگر وہ دوران مدت یعنی 60 سال میں واپس آ جائے تو اسکو دیا جائے گا ورنہ اس کا حصہ اس وقت اسکے موجود ورثاء میں تقسیم کیا جائے گا اور ترکہ کے قانونی اخراجات ،ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنانے کا جو خرچہ ہے وہ ورثا کی رضامندی سے تقسیم وراثت سے پہلےترکہ سے منہا کیا جا سکتا ہے۔
واللہ اعلم باالصواب