دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

ساس سسر کے ترکہ میں بہوؤں کا حقِ وراثت اور چار بطن مناسخہ پر تقسیم ترکہ

15921 نومبر، 2026378
تمام فتاویٰ

سوال

الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میرے دادا (نفیس الحق)کی وراثت میں ایک گھر موجود ہے، ان کا انتقال 2000 میں ہوا، اس وقت ان کی زوجہ (ستارہ نفیس)، دو بیٹے(انیس الحق،نو رالحق) اور دو بیٹیاں(فوزیہ نفیس،زوبی نفیس) موجود تھیں۔پھر میرے والد (انیس الحق )کا انتقال 2015 میں ہوا، اس وقت ان کی بیوي (نرگس انیس)، دو بیٹے(عدین الحق،عبیر الحق)، دو بیٹیاں(حرا انیس،ماہم انیس) اور ان کی والدہ (ستارہ نفیس)موجود تھیں، اس کے علاوہ ایک بھائی(نورالحق) اور دو بہنیں(فوزیہ نفیس،زوبی نفیس) موجود تھیں۔ پھر 2024 میں میرے چچا (نورالحق) کا انتقال ہوا ان کی کوئی اولاد نہیں ہے اورانتقال کےوقت ان کی بیوی(نگہت نور)، ان کی والدہ(ستارہ نفیس)، دو بہنیں(فوزیہ نفیس،زوبی نفیس) ، دو بھتیجے(عدین الحق،عبیر الحق) اور دو بھتیجیاں (حرا انیس،ماہم انیس) موجود تھیں۔ پھر 2024 میں ہی میری دادی(ستارہ نفیس ) کا انتقال ہوا، اس وقت ان کی دو بیٹیاں (فوزیہ نفیس،زوبی نفیس) اور دو پوتے (عدین الحق،عبیر الحق)، اور دو پوتیاں(حرا انیس،ماہم انیس) موجود تھیں۔اب جو وارث ہیں ان میں میری دو پھوپھیاں، میری چچی، میری والدہ، میں، میرا بھائی اور میری دو بہنیں موجود ہیں۔ گھر کی قیمت تقریباً 1 کروڑ 5 لاکھ ہے۔ گھر کے کاغذات اور پانی کے بل کے پیسے اس میں سے نکال کے وراثت تقسیم ہوگی۔ چونکہ درست رقم ابھی معلوم نہیں تو لہذا اس وراثت میں سے شرعی طور پر ہر ایک کو کتنا حصہ ملے گا رہنمائی فرمائیں ؟ بینوا توجروا! نوٹ: تمام ورثاء نے یہ پانی استعمال کیا ہےاس لئے اس بل کی ادائیگی اسی وراثت سے کی جائے گی ۔ سائل: عدین الحق ( A-114 ملیر کالابورڈ کراچی)

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے تو پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ سب سےپہلے میت کی تجہیز و تکفین، قرضہ کی ادائیگی ، اگر کوئی وصیت کی ہو تو تہائی مال سے پوری کرنے ،گھر کے کاغذات اور پانی کے بل کے پیسے نکالنے کے بعد( کیونکہ پانی استعمال کرنے کی صورت میں تمام ورثاء نے اس سے نفع حاصل کیاہے اور گھر کے کاغذات بھی تمام ورثاء کےنفع کےلئے ہیں اور قاعدہ ہےکہ جو شخص کسی چیز کے نقصان کی ذمہ داری اٹھاتا ہے، وہی اس سے حاصل ہونے والے فائدے کا بھی حق دار ہوتا ہے۔ یعنی نفع اسی کو ملتا ہے جو اس کے ممکنہ نقصان کی ذمہ داری قبول کرتا ہے ) میت ( نفیس الحق ) کے تمام تر کہ (گھر اور اس کے علاوہ کوئی اور جائیداد ہو تو ان تمام ) کے کل ایک لاکھ چونتیس ہزار سات سو چوراسی(134784) حصے کئے جائیں گےجن میں سے(41568)حصےفوزیہ نفیس کو،(41568)حصےزوبی نفیس کو،(4914)حصےنرگس انیس کو،(9072)حصےنگہت نور کو (12554)حصے عدین الحق کو،(12554) عبیر الحق کو، (6277) حصے حرا انیس کو ،(6277)حصے ماہم انیس کو دئیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ساس اور سسر کی وراثت سے بہو کا کوئی حصہ نہیں ہوتا کیونکہ وراثت کے تین اسباب ( قرابتِ نسبی،نکاحِ صحیح اورولاء) ہیں۔ البتہ جو اس مکان سے بہوؤں(نرگس انیس،نگہت نور) کو حصہ مل رہاہے وہ ساس اور سسر کی وراثت سے نہیں مل رہا بلکہ ان کےسسر کی طرف سےان کے شوہروں(انیس الحق،نورالحق ) کوملنے والی وراثت سے دیاجارہاہے کیونکہ ان دونوں (نرگس انیس،نگہت نور) کے شوہر نفیس الحق کےانتقال کے وقت موجود تھے۔ اوربیوی کو شوہر کی وراثت سے حصہ ملنے پر قرآنِ کریم میں صراحتاً آیت مبارکہ (وَ لَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ الی آخرہ) موجود ہے۔

ارشادباری تعالی ہے :

یُوْصِیْكُمُ اللّٰهُ فِیْۤ اَوْلَادِكُمْۗ-لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْاُنْثَیَیْنِۚ

ترجمہِ کنزالایمان : اللہ تمہیں حکم دیتا ہے تمہاری اولاد کے بارے میں بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر۔

(النساء،آیت:11)

دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا :

وَ لَهُنَّ الرُّبُعُمِمَّا تَرَكْتُمْ اِنْلَّمْ یَكُنْ لَّكُمْوَلَدٌۚ-فَاِنْ كَانَ لَكُمْوَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُمِمَّا تَرَكْتُمْ مِّنْۢبَعْدِ وَصِیَّةٍ تُوْصُوْنَبِهَاۤ اَوْ دَیْنٍؕ

ترجمہِ کنزالایمان :اور تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں جو وصیت تم کر جاؤ اور دین نکال کر۔

(النساء،آیت:11)

سنن الترمذی کی حدیثِ مبارکہ ہے:

"عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَضَى أَنَّ الخَرَاجَ بِالضَّمَانِ"

ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ فیصلہ فرمایا کہ “نفع اسی کا حق ہے جو نقصان کی ذمہ داری اٹھائے۔

امام ترمذی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ، وَقَدْ رُوِيَ هَذَا الحَدِيثُ مِنْ غَيْرِ هَذَا الوَجْهِ، وَالعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ أَهْلِ العِلْمِ"

یعنی:یہ حدیث حسن اور صحیح ہے۔ یہ حدیث اس کے علاوہ بھی دوسرے طریقوں سے روایت کی گئی ہے، اور اہلِ علم کا عمل بھی اسی حدیث کے مطابق ہے۔ یعنی فقہاء اسی اصول کو درست مانتے اور اسی پر عمل کرتے ہیں۔

(جامع الترمذی،رقم الحدیث:1285)

درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام میں ہے:

"الْخَرَاجُ بِالضَّمَانِ هَذِهِ الْمَادَّةُ هِيَ نَفْسُ الْحَدِيثِ الشَّرِيفِ «الْخَرَاجُ بِالضَّمَانِ» وَهِيَ الْمَادَّةُ 87 (الْغُرْمُ بِالْغُنْمِ) :وَالْمَادَّةُ 88 كُلُّهَا بِمَعْنَى وَاحِدٍ وَإِنْ اخْتَلَفَتْ الْأَلْفَاظُ فَكَانَ مِنْ الْوَاجِبِ الِاكْتِفَاءُ بِوَاحِدَةٍ مِنْهَا.الْخَرَاجُ: هُوَ الَّذِي يَخْرُجُ مِنْ مِلْكِ الْإِنْسَانِ أَيْ مَا يُنْتَجُ مِنْهُ مِنْ النِّتَاجِ وَمَا يُغَلُّ مِنْ الْغَلَّاتِ كَلَبَنِ الْحَيَوَانِ وَنَتَائِجِهِ، وَبَدَلِ إجَارَةِ الْعَقَارِ، وَغِلَالِ الْأَرْضِينَ وَمَا إلَيْهَا مِنْ الْأَشْيَاءِ. وَيُقْصَدُ بِالضَّمَانِ الْمُؤْنَةُ كَالْإِنْفَاقِ عَلَى الْحَيَوَانِ وَمَصَارِيفِ الْعِمَارَةِ لِلْعَقَارِ وَيُفْهَمُ مِنْهَا أَنَّهُ مَنْ يَضْمَنُ شَيْئًا لَوْ تَلِفَ يَنْتَفِعُ بِهِ فِي مُقَابَلَةِ الضَّمَانِ"

ترجمہ: الخراج بالضمان"دراصل وہی مفہوم ہے جو حدیثِ شریف "الخراج بالضمان" میں بیان ہوا ہے۔ یہی بات مجلہ کے آرٹیکل 87 یعنی "الغرم بالغنم" میں بھی بیان کی گئی ہے، اور آرٹیکل 88 بھی اسی معنی پر دلالت کرتا ہے۔ اگرچہ الفاظ مختلف ہیں، لیکن مفہوم سب کا ایک ہی ہے، اس لیے اصولاً ان میں سے کسی ایک پر اکتفا کرنا کافی تھا۔

الخراج سے مراد وہ نفع یا پیداوار ہے جو انسان کی ملکیت سے حاصل ہوتی ہے؛ یعنی جو چیز اس کی ملکیت سے نکلتی ہے یا اس سے پیدا ہوتی ہے، جیسے جانور کا دودھ، اس کی اولاد، زمین کی پیداوار، جائیداد کا کرایہ اور اسی طرح کی دیگر آمدنی۔اور الضمان سے مراد وہ ذمہ داری اور خرچ ہے جو اس چیز کی دیکھ بھال کے لیے برداشت کیا جاتا ہے، جیسے جانور پر خرچ کرنا یا جائیداد کی مرمت اور تعمیر کے اخراجات۔

اس قاعدے کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص کسی چیز کے نقصان کی ذمہ داری اٹھاتا ہے، وہی اس سے حاصل ہونے والے فائدے کا بھی حق دار ہوتا ہے۔ یعنی نفع اسی کو ملتا ہے جو اس کے ممکنہ نقصان کی ذمہ داری قبول کرتا ہے۔

(درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام،ج:1،ص:88، مکتبہ دار الجیل)

السراجی فی المیراث میں ہے :

"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث ،ص،5،مکتبہ لدھیانوی )

الفتاوٰی العالمکیریہ میں ہے:

"و یستحق الارث باحدی خصال ثلاث بالنسب وھوا لقرابۃ والسبب و ھوا لزوجیۃوالولاء"

ترجمہ: "وراثت کا استحقاق تین اسباب میں سے کسی ایک سبب کی بنا ء پر ہوتا ہے: نسب اور وہ قرابت ہے،سبب اور وہ زوجیت (میاں بیوی کا رشتہ ) اورولاء ہے۔

(الفتاوٰی العالمکیریہ،کتاب الفرائض،ج،6،ص،497،مکتبہ قدیمی کتب خانہ کراچی)

السراجیہ میں ہے :

"أما للزوجات فحالتان: الربع للواحدة فصاعدة عند عدم الولد وولد الابن وإنْ سَفَل، والثمن مع الولد أو ولد الابن وإن سَفَل وأمّا لِبَنات الصُلْب ۔۔۔۔مع الابن للذكر مثل حظ الانثيين وهو يُعصبهن وبنات الابن ۔۔۔لا يَرِثْنَ مع الصُلْبيّتين، إلا أن يكون بحذائهن أو أسفل منهنّ غُلام فيعصبهن والباقي بينهم للذكر مثل حظ الانثيين"(ملتقطا)

ترجمہ: بیوی کے لئے دو حالتیں ہیں اگر ااولاد نہ ہو تو چوتھائی حصہ اور اگر اولاد موجود ہوتو آٹھواں حصہ دیا جاتا ہے ،بہر حال حقیقی بیٹیوں کی تین حالتیں ہیں بیٹے کے ہوتے ہوئے یہ عصبہ ہوتی ہیں ایک بیٹے کےلئے دو بیٹیوں کے برابر ہوتا ہے اور پوتیاں دو یا زائد حقیقی بیٹیوں کے ہوتے ہوئے وارث نہیں ہوتیں مگر یہ کہ ان کے مقابلے میں یا ان سے نچلے درجہ میں پوتاآجائےتو وہ ان کو عصبہ بنا دےگا باقی ماندہ مال ان کے درمیان للذکر مثل حظ الانثین(ایک مرد کو دو عورتوں کے برابر)کے اعتبار سے تقسیم کیا جائےگا۔

(السراجیہ فی المیراث ،فصل فی النساء ،ص،20تا 22مکتبۃ المدینہ)

خلاصہ: سب سےپہلے میت کی تجہیز و تکفین، قرضہ کی ادائیگی ، اگر کوئی وصیت کی ہو تو تہائی مال سے پوری کرنے ،گھر کے کاغذات اور پانی کے بل کے پیسے نکالنے کے بعد نفیس الحق کے تمام تر کہ (گھر اور اس کے علاوہ کوئی اور جائیداد ہو تو ان تمام ) کے کل ایک لاکھ چونتیس ہزار سات سو چوراسی(134784) حصے کئے جائیں گےجن میں سے(41568)حصےفوزیہ نفیس کو،(41568)حصےزوبی نفیس کو،(4914)حصےنرگس انیس کو،(9072)حصےنگہت نور کو (12554)حصے عدین الحق کو،(12554) عبیر الحق کو، (6277) حصے حرا انیس کو ،(6277)حصے ماہم انیس کو دئیے جائیں گے۔

رقم کی تقسیم کا طریقہ یہ ہے کہ کل رقم کو مبلغ یعنی (134784) میں تقسیم(divide) کریں جو جواب آئےگا اسے محفوظ کرلیں ،پھر اس محفوظ عدد کو ہر وارث کے حصے میں ضرب دے دیں جو جواب آئےگا وہ رقم کی صورت میں وارث کا حصہ ہوگا۔

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد الطاف چشتی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

16جولائی 2026ءبمطابق 01 صفر المظفر 1448ھ کو جاری کیا گیا

متعلقہ فتاویٰ

مستحقینِ وراثت اور تقسیمِ ترکہ سے متعلق مزید منتخب سوالات