سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ شیر محمد کا انتقال ہواہےجس کی اولادمیں دو بیٹے(افضل ،اقبال) اور ایک بیٹی(کنیز بی بی ) تھی ،جن میں سے ایک بیٹے(اقبال)اور بہو (افضل کی بیوی )کا شیر محمد کی زندگی میں انتقال ہوگیا تھا۔اقبال کے ورثاء میں بیوی (بیگم بی بی) اور دو بیٹے اور ایک بیٹی موجود ہیں ۔شیر محمدکے انتقال کے بعد افضل کے اکلوتے بیٹے شمشاد کا انتقال ہوگیا،اسکے کچھ عرصہ بعد افضل کا بھی انتقال ہوگیا ۔اب ورثا میں شیر محمد کی بیٹی کنیز بی بی ،افضل کی بہو پروین بی بی ،اور شیر محمد کی بہو بیگم بی بی جوکہ اقبال کی بیوہ ہے اورشیر محمد کے دو پوتے(شاہ عالم،بلال) اور ایک پوتی(مریم بی بی) موجود ہیں جوکہ اقبال کی اولاد ہیں ۔عرض یہ ہےکہ شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں کہ شیر محمد کی وراثت کس طرح تقسیم ہوگی؟ اور اگر شیر محمد کے پوتوں کی وراثت پر پروین یا کنیز یا انکے گھر کے افراد قبضہ کرتے ہیں تو اسکا کیا حکم ہے؟بینوا توجروا! سائل: فقیر محمد
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ وراثت کی شرائط میں سے ہےکہ وراث مورث کی موت کے وقت حقیقتاً یا حکماً موجود ہولہذا محمد اقبال کا شیر محمد سےپہلے انتقال ہوگیاتھا اس کا اس حصہ نہیں بنتا۔البتہ اگر چہ اس کی اولاد موجود تھی لیکن شریعت کے قوانین کے مطابق بیٹے کے ہوتے ہوئے پوتا ،پوتی وراثت سے محروم ہوتے ہیں چونکہ شیر محمد کےانتقال کے وقت افضل موجود تھا جو عصبہ بنا تھا اور شیر محمد کا سب سے قریبی تھااس لئے پوتے اور پوتی کو شیر محمد کی وراثت سے کچھ نہیں ملے گا۔
اوریہ بھی یاد رہے کہ بہو کو ساس اور سسر کی وراثت سے کچھ نہیں ملتا کیونکہ وراثت کے تین اسباب ( قرابتِ نسبی،نکاحِ صحیح اورولاء) ہیں ۔اوربہو میں ان اسباب میں سے کوئی سبب نہیں پایا جاتا لہذا بہوکو ساس اور سسر کی وراثت سے کچھ نہیں ملےگا۔
اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے تومیت کی تجہیز و تکفین، قرضہ کی ادائیگی اور اگر کوئی وصیت کی ہو تو تہائی مال سے پوری کرنے کے بعد میت (شیر محمد) کے تمام تر کہ کے کل چھ حصے کئے جائیں گے جن میں سے چار(4) حصے کنیز بی بی کو اور ایک حصہ شاہ عالم کو اور ایک حصہ بلال کو دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بیٹے کے ہوتے ہوئے پوتا اور پوتی وراثت سے محروم ہوتے ہیں البتہ مذکورہ مسئلہ میں دو پوتوں کو شیر محمد کی وراثت سے ایک ایک حصہ براہِ راست پوتا ہونے کی حیثیت سے نہیں رہا بلکہ یہ دونوں افضل کے بھتیجے ہیں اور پھر سب سے قریبی عصبہ بھی ہیں اس لئے ان کو بطورِ عصبہ مل رہاہے۔
اور وارث یا غیرِ وارث کا کسی دوسرے شخص کی جائیداد پر ناحق قبضہ(غصب) کرنا، یا اس کے جائز حق کو روک کر خود تصرف کرنا شرعاً حرام ہے۔ اسی طرح کسی کی ملکیت یا حقِ وراثت کو ناحق ہڑپ کرنا بھی سخت گناہ ہےکیونکہ شریعتِ مطہرہ نے دوسروں کے مال اور حقوق پر ناجائز تصرف سے سختی سے منع فرمایا ہے اور احادیثِ مبارکہ میں ناحق کسی کا مال کھانے، غصب کرنے اور حق تلفی کرنے والوں کے لیے سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔ لہٰذا ہر شخص پر لازم ہے کہ دوسروں کے شرعی اور قانونی حقوق کا احترام کرے اور کسی کے مال یا جائیداد پر بلاحق قبضہ کرنے سے مکمل اجتناب کرے۔
ارشادباری تعالی ہے :
یُوْصِیْكُمُ اللّٰهُ فِیْۤ اَوْلَادِكُمْۗ-لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْاُنْثَیَیْنِۚ
ترجمہِ کنزالایمان : اللہ تمہیں حکم دیتا ہے تمہاری اولاد کے بارے میں بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر۔
( النساء،آیت:11)
صحیح مسلم میں ہے :
" «لَا يَأْخُذُ أَحَد شِبْرًا مِنَ الْأَرْضِ بِغَيْرِ حَقِّهِ، إِلَّا طَوَّقَهُ اللهُ إِلَى سَبْعِ أَرَضِينَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ» "
ترجمہ:یعنی جو شخص ایک بالشت بھر زمین ناحق لے گا،تواللہ تعالٰی وہ زمین کے ساتوں طبقوں تک اس کے گلے میں قیامت کے دن تک طوق بناکر ڈالے گا۔
(صحیح مسلم ،رقم الحدیث:1611)
صحیح بخاری میں ہے :
"«مَنْ أَخَذَ مِنَ الْأَرْضِ شَيْئًا بِغَيْرِ حَقِّهِ خُسِفَ بِهِ يَوْمَ القِيَامَةِ إِلَى سَبْعِ أَرَضِينَ»"
ترجمہ:یعنی جو زمین ناحق دبالے گا قیامت کے دن زمین کے ساتویں طبق تک دھنسا دیا جائے گا۔
(صحیح البخاری، رقم الحدیث:2454)
السراجی فی المیراث میں ہے :
"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجی فی المیراث ،ص،5،مکتبہ لدھیانوی )
ردالمحتار علی الدر المختار میں ہے:
’’و شروطہ ثلاثۃ موت مورث حقیقۃ اوحکما ۔۔۔ و وجود وارثہ عند موتہ حیا حقیقۃ او تقدیرا کحمل والعلم بجھۃ ارثہ‘‘ (ملتقطا)
ترجمہ:علم فرائض (وراثت ) کی تین شرائط ہیں پہلی یہ ہے کہ مورث کا حقیقتاً یا حکما انتقال ہو جائے ،دوسری یہ ہے کہ مورث کی موت کے وقت وارث حقیقتاً یا تقدیرا زندہ ہو جیسے حمل اور تیسری شرط یہ ہے کہ جہت ارث کا علم ہو ۔
(ردالمحتار علی الدر المختار،کتاب الفرائض،ج،10،ص،525،مکتبہ رحمانیہ )
الفتاوٰی العالمکیریہ میں ہے:
"و یستحق الارث باحدی خصال ثلاث بالنسب وھوا لقرابۃ والسبب و ھوا لزوجیۃ والولاء"
ترجمہ:وراثت کا استحقاق تین اسباب میں سے کسی ایک سبب کی بنا ء پر ہوتا ہے: نسب اور وہ قرابت ہے،سبب اور وہ زوجیت (میاں بیوی کا رشتہ ) اورولاء ہے۔
(الفتاوٰی العالمکیریہ،کتاب الفرائض،ج،6،ص،497،مکتبہ قدیمی کتب خانہ کراچی)
السراجیہ میں ہے :
"أمّا للاخوات لاب و امّ ۔۔۔ النصف للواحدۃ "(ملتقطا)
ترجمہ:بہرحال حقیقی بہن ایک ہو تو اس کےلئے نصف ہوگا۔
(السراجیہ فی المیراث مع الشریفیہ ،فصل فی النساء ،ص،90،مکتبۃ البشرٰی )
اسی میں ہے :
" اما العصبۃ بنفسہ ۔۔۔ ہم اربعۃ اصناف: جز ء المیت و اصلہ ،و جزء ابیہ و جزء جدہ ۔۔۔یرجحون بقرب الدرجۃ اعنی : اولاھم بالمیراث جزء المیت ای البنون ثم بنوہم و ان سفلوا ثم اصلہ ای الاب ثم الجد ۔۔۔ ثم جزء ابیہ ای الاخوۃ ثم بنوھم و ان سفلوا ثم جزء جدہٖ ای الاعمام " ملتقطا
ترجمہ:بہرحال عصبہ بنفسہ کی چار اقسام ہیں : میت کا جز اور میت کی اصل اور میت کے باپ کا جز اور میت کے دادا کا جز۔ان کو درجہ کے اعتبار سے ترجیح دی جائے گی یعنی ان میں سے پہلے وراثت کا حق دار میت کا جزیعنی بیٹے پھر پوتے نیچے تک، پھر میت کی اصل یعنی باپ ،دادا اوپر تکپھر میت کے باپ کی جز یعنی بھائی اور ان کی اولاد (بھتیجے)نیچے تک پھر میت کے دادا کی جز یعنی چچا اور اس کی اولاد نیچے تک ۔
(السراجیہ فی المیراث مع الشریفیہ، باب العصبات،ص،129تا 132،مکتبۃ البشرٰی )
خلاصہ:
اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے تومیت کی تجہیز و تکفین، قرضہ کی ادائیگی اور اگر کوئی وصیت کی ہو تو تہائی مال سے پوری کرنے کے بعد میت ( شیر محمد ) کے تمام تر کہ کے کل چھ(6) حصے کئے جائیں گے جن میں سے چار(4) حصے کنیز بی بی کو اور ایک حصہ شاہ عالم کو اور ایک حصہ بلال کو دیا جائے گا۔ اور کسی کی جائیداد پر ناحق قبضہ کرنا سخت گناہ اور حرام ہے۔