دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

وراثت کا ترکہ

26022 نومبر، 202696
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ آج سے چالیس سال پہلے ایک بندے نے پلاٹ اس نیت سے لیا کہ یہاں مدرسہ بنے گا کچھ عرصہ کے بعد وہ فوت ہوگیا ،اس کی ایک بیٹی تھی جو فوت ہوگئی ،مرحوم کے نواسے پاکستان سے باہر ہیں ان کو پتہ نہیں کہ ہمارا پلاٹ کہاں پڑا ہے،لوگوں نے کوڑا پھینکنا شروع کردیا چند دن بعد قبضہ گروپ نے قبضہ کرلیا ،پھر تیسرے بندے نے اس پلاٹ سے قبضہ چھڑوادیا ،اس مرحوم کی وصیت کے مطابق مسجد و مدرسہ بنا رہے ہیں ،اس شرط پر کہ اگر کل کو مرحوم کی طرف سے کوئی اصل رجسٹری انتقال لے کے آئے تو ہم پلاٹ یا اس کی قیمت دینے کے پابند ہونگے۔ صورتِ مسئولہ میں کیا ہم وہاں پر مسجد یا مدرسہ بنا سکتے ہیں ؟ بینوا توجروا! سائل: سید ذیشان شاہ بخاری،بہاولپور

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

مذکورہ صورت میں وہ پلاٹ مدرسہ کیلئے وقف ہے اور نہ ہی اس کی وصیت ہے ،کیونکہ اس میں وقف و وصیت کے الفاظ موجود نہیں ،لہذا جب کسی شخص کا انتقال ہو جائے اور کوشش بسیار کے باوجود اسکے ورثاء کا علم نہ ہو سکے یا اصلاً اسکا کوئی وارث ہی نہ ہو اور اس نے کسی شخص کے لئے کل مال کی وصیت بھی نہ کر رکھی ہو تو ایسے شخص کے کل ترکہ کا مصرف بیت المال ہو گا، یعنی اسکا سارا مال بیت المال میں رکھا جائے گا البتہ فی زمانہ بیت المال کے انتظام میں واضح فساد پایا جاتا ہے اب اس مال (پلاٹ) کا مصرف فقراء ہیں لہذا جس شخص نے قبضہ چھڑوایا ہے ،تو اس پلاٹ پر پہلے اپنے لیے قبضہکرے پھر وہ اس پلاٹ کو مسجد و مدرسہ کیلئے وقف کردے اور اگر یہ خود شرعی فقیر نہیں ہے،تو اس پلاٹ کوعلاقہ کے کسی شرعی فقیر کے حوالے کردیا جائے اور پھر وہ اس پلاٹ کو مسجد و مدرسہ کیلئے وقف کردے ،تو پھر اس پلاٹ پر مسجدو مدرسہ بنا سکتے ہیں ،اور اگر بعد میں اس کے ورثاء آجائیں اور وہ اس کا مطالبہ کریں تو ان کو اس پلاٹ کی موجودہ قیمت ادا کردی جائے ۔

دُرِّ مختار میں ہے:

"ورابعها الضوائع مثل ما لا... يكون له أناس وارثونا ورابعها فمصرفه جهات تساوى النفع فيها المسلمونا"

ترجمہ: ترجمہ : بیت المال کا چوتھا مصرف ضوائع ہے ، یعنی وہ لوگ جن کا کوئی وارث نہ ہو، تو اسکا مصرف کئی جہات ہیں، جس میں مسلمانوں کانفع ہو۔

اس کے تحت رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"موافق لما نقله ابن الضياء في شرح الغزنوية عن البزدوي من أنه يصرف إلى المرضى والزمنى واللقيط وعمارة القناطر والرباطات والثغور والمساجد وما أشبه ذلك.ولكنه مخالف لما في الهداية والزيلعي أي فإن الذي في الهداية وعامة الكتب أن الذي يصرف في مصالح المسلمين هو الثالث كما مر۔وأما الرابع فمصرفه المشهور هو اللقيط الفقير والفقراء الذين لا أولياء لهم فيعطى منه نفقتهم وأدويتهم وكفنهم وعقل جنايتهم كما في الزيلعي وغيره.وحاصله أن مصرفه العاجزون الفقراء"

ترجمہ:یہ اس کے موافق ہے جسے ابنِ ضیاء نے شرح غزنویہ میں بزدوی سے نقل کیا کہاسے مریضوں ،بیماروں،لقیط،پل،اصطبل،سرحدوں ،مساجد اور جو اس جیسی چیزیں ہیں ان میں خرچ کیا جائے گا ،لیکن یہ اس کے خلاف ہے جو ہدایہ اور ذیلعی میں ہے ،کیونکہ ہدایہ اور عام کتابوں میں ہے جو کچھ مسلمانوں کی مصلحتوں پر خرچ کیا جاتا ہے وہ تیسری قسم ہے جیساکہ گذرا ۔اور چوتھی قسم اس کا مصرف مشہور ہے اور وہ فقیر لقیط اور وہ فقراء ہیں جن کے اولیاء نہیں ہیں ،تو اس کو ان کے نفقہ ،ادویات ، کفن اور اور ان کی جنایات میں دیئا جائے گا ۔جیساکہ زیلعی میں ہے۔

( رد المحتار علی الدر المختار،ج:3،ص:332،مکتبہ رحمانیہ)۔

امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ اس سے ملتے جلتے سوال کے جواب میں فرماتےہیں:" جبکہ میت کاکوئی وارث شرعی موصی لہ بجمیع المال تک نہ ہو توجوکچھ اس کی تجہیزوتکفین وادائے دیون سے بچے فقرائے بیکس وبے قدرت عاجزین مسلمین کودیاجائے۔

(فتاویٰ رضویہ،ج:26،ص:172،رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

ایک اور مقام پر فرماتے ہیں :

"صورت مستفسرہ میں متوفیہ کاکل متروکہ خواہ اس کاذاتی مال ہو خواہ شوہرکادیاہوابعد ادائے دیون وانفاذ وصایا تمام وکمال فقرائے مسلمین کاحق ہے جوکسب سے عاجز ہوں اور ان کاکوئی کفالت کرنے والانہ ہو۔ردالمحتار میں ہے کہ ایساترکہ جس کاکوئی وارث نہ ہو اس کامصرف وہ لقیط ہے جومحتاج ہو اور وہ فقراء ہیں جن کے لئے کوئی ولی نہ ہوں۔ اس میں سے ان کوخرچہ، دوائیں، کفن کے اخراجات اورجنایات کی دِیتیں دی جائیں گی جیسا کہ زیلعی وغیرہ میں ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ اس کامصرف عاجز فقراء ہیں ۔ التقاط۔شوہرکا بیٹا اگرفقیر عاجزہے تووہ بھی اورفقرائے عاجزین کے مثل مستحق ہے ورنہ اس کا اصلاً استحقاق نہیں، نہ متوفیہ کے ذاتی مال میں نہ شوہر کے دئیے ہوئے ہیں۔

(فتاویٰ رضویہ،ج:26،ص:208،رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

07/جون/2024 ۔ 29ذوالقعدہ 1445ھ کو جاری کیا گیا

متعلقہ فتاویٰ

لاوارث ترکے کے پلاٹ کا مصرف، فقراء کو تملیک اور مسجد و مدرسہ کے لیے وقف کرنے کا طریقہ سے متعلق مزید منتخب سوالات