سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ معراج ایک دوکاندار ہے ،جو فہیم کو ایک مہینے کی ادھار پر سامان دیتا ہے ،اور فہیم سے یہ بات طے کرتا ہے کہ تم ایک بار جو مالادھار پر لیکر جاؤ تو جب دوسری بار سامان لینے آؤ تو پچھلا بل مکمل کرکے پھر اگلا سامانادھار پر لے جاؤ ،لیکن فہیم نے یہ کیا کہ پہلی بار جو سامان ادھار پر لے گیا جب دوسری بار آیا تو پچھلا بل پورا ادا کرنے بجائے 70 فیصد ادا کیا اور دوسرا سامان اٹھالیا ۔کئی بار اس طرح کرنے سے ادھار والا بل بہٹ بڑا ہوگیا جو معراج ادا نہیں کر رہا ٹال مٹول کر رہا ہے ،اب معراج نے فہیم کو بتائے بغیر یہ کیا کہ فہیم جو بھی نیا سامان لیتا ہے اس میں پچھلی رقم کا مخصوص حصہ شامل کرکے نیا بل بناتا ہے یعنی ایک لاکھ کے نئے بل کےساتھ دس ہزار پرانے ملا کر ایک لاکھ دس ہزار کا بل بناتا ہے تاکہ پرانا بل وصول ہوجائے ،لہذا دوکاندار کا فہیم کو بتائے بغیر اپنی پچھلی رقم وصول کرنے ے لئے اس طرح بل میں اضافہ کرنا کیسا؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں اگر فہیم سابقہ سامان کی قیمت مقررہ وقت پر ادا نہیں کرتا، بار بار وعدہ خلافی کرتا ہے اور باوجودِ استطاعت معراج کو مسلسل ٹال مٹول میں مبتلا رکھتا ہے، تو اس کا یہ طرزِ عمل شرعاً ناجائز اور گناہ ہے؛ کیونکہ صاحبِ استطاعت مقروض کا بلاعذر ادائیگی میں تاخیر کرنا ظلم ہے۔
اس صورت میں درست طریقہ یہ ہے کہ دوکاندار واضح طور پر یہ شرط عائد کرے کہ سابقہ بقایا کی ادائیگی کے بغیر مزید ادھار نہیں دیا جائے گا، یا آئندہ ادھار دیتے وقت پہلے ہی یہ طے کرلے کہ نئے بل کے ساتھ سابقہ بقایا میں سے، مثلاً دس ہزار روپے، بھی وصول کیے جائیں گے۔ اگر خریدار اس شرط کو جانتے ہوئے قبول کرلے تو یہ باہمی رضامندی پر مبنی معاملہ ہوگا، جس میں شرعاً کوئی حرج نہیں۔ اسی طرح دوکاندار کو یہ حق بھی حاصل ہے کہ سابقہ بقایا کی ادائیگی تک مزید ادھار دینے سے انکار کرے یا شرعی و قانونی ذرائع سے اپنے حق کا مطالبہ کرے۔
البتہ اگر مقروض اس بات پر رضامند نہ ہو کہ مزید سامان روکا جائے یا آئندہ بل میں سابقہ بقایا کی وصولی کے لیے دس فیصد اضافہ کیا جائے، اور قرض خواہ اپنے حق کی وصولی میں واقعی مجبوری کا شکار ہو، تو بامرِ مجبوری اس طریقے کو اختیار کیا جا سکتا ہے،جیساکہ بطور امانت رکھے ہوئے مال سے اپنا قرضہ وصول کرسکتا ہے یہ خیانت نہیں ہوگی کہ اپنا حق وصول کیا جارہا ہے، کیونکہ موجودہ دور میں جھوٹ، دھوکا دہی اور لوگوں کا مال ناحق کھانا عام ہو چکا ہے۔ نیز یہ بھی اندیشہ ہوتا ہے کہ اگر دوکاندار سابقہ بقایا کی ادائیگی یا اضافی رقم کی وصولی تک سامان روک دے، تو مقروض سامان لینا ہی چھوڑ دے، کسی دوسرے تاجر سے خریداری شروع کر دے، یا کاروبار تبدیل کر لے، جس کے نتیجے میں نہ سابقہ بقایا وصول ہو اور نہ قرض خواہ اپنے حق تک پہنچ سکے۔ بشرطیکہ قرض خواہ مکمل دیانت داری کے ساتھ الگ اور واضح حساب رکھے کہ اصل سامان کی قیمت کتنی تھی اور وصولی کی غرض سے دس فیصد کے عنوان سے کتنا اضافہ کیا گیا ہے۔ پھر جب سابقہ بقایا مکمل وصول ہو جائے تو مقروض کو صاف طور پر آگاہ کر دے کہ اس اضافی طریقۂ وصولی کے ذریعے بقایا رقم وصول کر لی گئی ہے۔
بخاری میں سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
"أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَطْلُ الْغَنِيِّ ظُلْمٌ"
ترجمہ:حضرت ابوہریرہ (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : " مالدار کا (اپنا قرض ادا کرنے میں) ٹال مٹول کرنا ظلم ہے ۔
(صحیح بخاری، رقم الحدیث:2287)
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"رَجُلٌ لَهُ عَلَى رَجُلٍ دَيْنٌ مِائَةُ دِرْهَمٍ وَلَهُ عِنْدَهُ وَدِيعَةٌ مِائَةُ دِرْهَمٍ، فَقَالَ: جَعَلْتُهَا قِصَاصًا بِدَيْنِي: إنْ كَانَتْ الدَّرَاهِمُ فِي يَدَيْهِ أَوْ قَرِيبَةً مِنْهُ بِحَيْثُ يَقْدِرُ عَلَى قَبْضِهَا جَازَ وَصَارَتْ قِصَاصًا"
ترجمہ:اگر کسی شخص کا دوسرے شخص پر سو درہم قرض ہو، اور اسی مقروض کے پاس قرض خواہ کی سو درہم امانت بھی رکھی ہوئی ہو، پھر قرض خواہ کہے: "میں نے اس امانت کی رقم کو اپنے قرض کے بدلے شمار کر لیا ہے"، تو اگر وہ درہم مقروض کے قبضے میں موجود ہوں یا اس کے اتنے قریب ہوں کہ وہ بآسانی انہیں اپنے قبضے میں لے سکتا ہو، تو یہ تقاص (باہمی حساب برابر کرنا) درست ہوگا، اور وہ امانت قرض کے بدلے شمار ہو جائے گی۔
(فتاویٰ ہندیہ،ج:4،ص:359،دار الفکر)
رد المحتار میں ہے:
"قال الحموي في شرح الكنز نقلا عن العلامة المقدسي عن جده الأشقر عن شرح القدوري للأخصب: إن عدم جواز الأخذ من خلاف الجنس كان في زمانهم لمطاوعتهم في الحقوق، والفتوى اليوم على جواز الأخذ عند القدرة من أي مال كان لا سيما في ديارنا لمداومتهم العقوق"
ترجمہ:علامہ حموی نے شرح الکنز میں علامہ مقدسی کے واسطے سے ان کے دادا شیخ اشقرسے، اور انہوں نے شرح القدوری کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اپنے حق کی وصولی کے لیے مقروض کے مال میں سے اس مال کے علاوہ کسی دوسری جنس کے مال سے لینے کو جو پہلے ناجائز کہا گیا تھا، وہ اس دور کے حالات کے اعتبار سے تھا، کیونکہ اس زمانے کے لوگ حقوق کی ادائیگی میں دیانت دار، امانت دار اور باہمی تعاون کرنے والے تھے۔ لیکن موجودہ دور میں فتویٰ یہ ہے کہ اگر کسی شخص کو اپنے حق تک پہنچنے کی قدرت ہو تو وہ مقروض کے کسی بھی مال سے اپنا حق وصول کرسکتا ہے، خصوصاً ہمارے علاقوں میں، کیونکہ یہاں لوگوں نے حقوق کی ادائیگی کے بجائے حق تلفی، وعدہ خلافی اور ٹال مٹول کو اپنا معمول بنا لیا ہے۔
(رد المحتار،کتاب الحجر،ج:9،ص:255،مکتبہ رحمانیہ)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔