سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ ایک تاجر کے پیسے کسی آدمی کے پاس پھنس گئے ہیں اور وہ آدمی پیسے نہیں دے رہا تو کیا تاجر کو اپنے پیسے نکلوانے کیلئے جھوٹ بولنے کی اجازت ہوگی ؟ مثال کے طور پر تاجر بولے کہ مجھے قرضہ ادا کرنا ہے ،یا کمیٹی ادا کرنی ے ، یا گھر میں شادی ہے وغیرہ ، اور یہ جھوٹ بول کر بھی پیسے ملنے کا یقین نہیں بلکہ گمان ہے ۔بینوا توجروا! سائل :منصور اکرام ،کراچی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ بلا ضرورت شرعی صریح جھوٹ حرام اور گناہِ کبیرہ ہے اور حدیث مبارکہ میں جو بعض مقامات پر جھوٹ کی اجازت دی گئی وہاں بھی حقیقتاً جھوٹ نہیں بلکہ توریہ و تعریض مراد ہے ، لہٰذا اپنے حق کی وصولی یا دفعِ ظلم کے لیے بھی جھوٹ بولنے کی اجازت نہیں۔
البتہ ضرورت و حاجت کے وقت توریہ و تعریض کی گنجائش ہے، یعنی ایسا لفظ بولنا جس کے دو معنی ہوں اور بولنے والا ایک معنی مراد لے، اگرچہ سننے والا دوسرا معنی سمجھے۔ تاہم بلا ضرورت توریہ بھی جائز نہیں۔ نیز صاحبِ استطاعت مقروض کا قرض کی ادائیگی میں بلاوجہ ٹال مٹول کرتا ہے تو وہ ظالم اور گناہ گارہے۔
جھوٹی بات کے متعلق اللہ پاک نے ارشاد فرمایا:
وَ اجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِ
ترجمہ کنزالایمان: اور بچو جھوٹی بات سے۔
(پارہ :17،سورۃالحج ،آیت نمبر :30)
صحیح البخاری میں ہے :
" عن النبی ﷺ قال : إن الصدق يهدي إلى البر، وإن البر يهدي إلى الجنة، وإن الكذب يهدي إلى الفجور، وإن الفجور يهدي إلى النار"
ترجمہ :بے شک سچ نیکی کی طرف لے جاتا ہے اورنیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے، اور جھوٹ گناہ کی طرف لے جاتا ہے اور گناہ جہنم کی طرف لے جاتا ہے۔
(صحیح البخاری،رقم الحدیث :6094)
صحیح البخاری میں ہے :
" قال رسول اللہ ﷺ مطل الغني ظلم"
مالدار شخص کا (قرض کی ادائیگی میں) ٹال مٹول کرنا ظلم ہے۔
(صحیح البخاری ،رقم الحدیث: 2400)
سنن الترمذی میں ہے :
"عَنِ النَّبِيِّ ﷺ أَنَّهُ قَالَ: نَفْسُ الْمُؤْمِنِ مُعَلَّقَةٌ بِدَيْنِهِ حَتَّى يُقْضَى عَنْهُ"
ترجمہ : حضور علیہ السلام نے فرمایا :مومن کی جان اپنے قرض(ادا نہ کرنے ) کی وجہ سے معلق رہتی ہے یہاں تک کہ قرضہ ادا کر دیا جائے ۔
(سنن الترمذی،رقم الحدیث:1078)
کتاب المبسوط میں ہے :
"وذكر عن عمر بن الخطاب رضي الله عنه أنه قال: من معاريض الكلام ما يغني المسلم عن الكذب، وفيه دليل على أنه لا بأس باستعمال المعاريض للتحرز عن الكذب فإن الكذب حرام لا رخصة فيه، والذي يروي حديث عقبة بن أبي معيط رضي الله عنه أن رسول الله ﷺ - رخص في الكذب في ثلاثة مواضع في الرجل يصلح بين الناس، والرجل يكذب لامرأته والكذب في الحرب - تأويله في استعمال معاريض الرجال الكلام فإن صريح الكذب لا يحل هنا كما لا يحل في غيره من المواضع"
ترجمہ : حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے مذکور ہے کہ آپ نے فرمایا : کلام کے معاریض میں سے ہے کہ جو مسلمان کو جھوٹ بولنے سے بچا ئے، اس میں دلیل ہے کہ جھوٹ سے بچنے کے لیے معاریض ( یعنی انسان ایسا لفظ بولے جس کے دو معنی ہوں اور وہ اس میں سے ایک معنی کی نیت کرے اگرچہ سننے والا اس سے دوسرا معنی سمجھ لے ) کے استعمال میں کوئی حرج نہیں۔کیونکہ جھوٹ حرام ہے اور اس میں کوئی رخصت نہیں۔اور جو حضرت عقبہ بن ابی معیط رضی اللہ عنہ کی یہ حدیث کہ رسول اللہ ﷺ نے تین مواقع پر جھوٹ کی رخصت دی گئی ہے،لوگوں میں صلح کرانے کے لیے،شوہر کا اپنی بیوی سے جھوٹ بولنا اور جنگ کے موقع پر۔اس حدیث کی تاویل یہ ہے کہ یہاں معاریض کا استعمال مراد ہے کیونکہ یہاں پر بھی صریح جھوٹ جائز نہیں جیسا کہ دوسری جگہ جائز نہیں ۔
(کتاب المبسوط،ج:30 ،ص:232 ،مکتبہ رشیدیہ )
احیاء علوم الدین میں ہے:
"قد نقل عن السلف ان في المعاريض مندوحة عن الكذب. قال عمر رضي الله عنه : أما في المعاريض ما يكفي الرجل عن الكذب ؟ وروي ذلك عن ابن عباس وغيره وإنما أرادوا بذلك إذ اضطر الإنسان إلى الكذب"
ترجمہ:سلفِ صالحین سے منقول ہے کہ توریہ (ایسی بات جس کے دو معنی ہوں) میں جھوٹ سے بچنے کی گنجائش موجود ہے
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: کیا آدمی کو جھوٹ بولنے سے بچانے کے لیے توریہ کافی نہیں ہے؟اور یہی بات حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما اور دیگر بزرگوں سے بھی منقول ہے ان حضرات کی مراد یہ ہے کہ جب انسان کو جھوٹ بولنے کی مجبوری پیش آ جائے تو ایسی صورت میں توریہ کے ذریعے جھوٹ سے بچا جا سکتا ہے۔
اس کے تحت اتحاف السادة المتقين بشرح احیاء علوم الدین میں ہے:
"وقال البيهقي بعد أن أورد الحديث المذكور:هذا يجوز فيما يرد به ضرراً ولا يضر الغير"
ترجمہ :امام بیہقی رحمہ اللہ نے مذکورہ حدیث بیان کرنے کے بعد فرمایا یہ (توریہ) اس صورت میں جائز ہے جب اس کے ذریعے انسان اپنے اوپر آنے والے کسی نقصان کو دور کرے اور دوسرے شخص کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
(اتحاف السادة المتقين بشرح احیاء علوم الدین،ج:9،ص:278،دار الکتب العلمیہ )
الدر المختار میں ہے :
"الكذب مباح لإحياء حقه ودفع الظلم عن نفسه والمراد التعريض لأن عين الكذب حرام"
ترجمہ : اپنا حق حاصل کرنے اور اپنے آپ سے ظلم کو دور کرنے کے لیے جھوٹ بولنا مباح ہے اور یہاں (جھوٹ سے) مراد تعریض( یعنی انسان ایسا لفظ بولے جس کے دو معنی ہوں اور وہ اس میں سے ایک معنی کی نیت کرے اگرچہ سننے والا اس سے دوسرا معنی سمجھ لے ) ہے، کیونکہ حقیقتاً جھوٹ بولنا حرام ہے۔
(الدر المختار مع ردالمحتار ،ج:9 ،ص:704 ،مکتبہ رشیدیہ)
امام اہلسنت امام احمد رضا خاں علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں :
بلاضرورت شرعی جھوٹ بولنا اوربلوانا کبیرہ گناہ ہے۔۔۔اﷲ تعالٰی نے ارشاد فرمایا:مارے جائیں وہ لوگ جو اٹکل پچّو سے باتیں بنانے والے ہیں۔
(فتاوی رضویہ ،ج:24،ص:356 ،رضا فاؤنڈیشن )۔
واللہ اعلم باالصواب