سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ ایک ڈیپاڑٹمنٹ (State Life)ہے جس میں ہر سال کچھ رقم جمع کی جاتی ہے اس کی مدت بیس سال ہے ۔بیس سال بعد و ہ ڈیپاڑٹمنٹ والے جمع شدہ رقم بھی واپس دیتے ہیں اور اضافی پرافٹ بھی دیتے ہیں شرعی طور پر رہنمائی فرما ئیں کہ اس طرح رقم جمع کروانا اور اس پر پرافٹ حاصل کرنا کیسا ہے؟بینوا توجروا! سائل: محمد شیراز نوٹ:اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان ایک قانونی طور پر قائم اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے تحت رجسٹرڈ ادارہ ہے۔ ادارے کی جانب سے روایتی انشورنس کے ساتھ ساتھ شرعی اصولوں کے مطابق تکافل کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔اور یہ (SECP) کی طرف سے رجسٹر شدہ ہے۔شرعی تکافل کے نظام میں شرکاء سے مقررہ اصول و ضوابط کے تحت رقوم وصول کی جاتی ہیں، جن کو تکافل کے متعلقہ فنڈز میں رکھا جاتاہےاور شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان فنڈز سے حاصل ہونے والا منافع، سرمایہ کاری کی آمدنی اور دیگر شرعی طور پر جائز ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی ، مقررہ تکافل قواعد و ضوابط اور شرعی اصولوں کے مطابق شرکاء کے مفادات، تکافل فوائد اور متعلقہ واجبات کی ادائیگی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ اگر ڈیپارٹمنٹ (State Life) کے ساتھ آپ کا معاہدہ بطورِ اسلامی تکافل (جس کی تفصیل آرہی ہے)ہو،تو جائز ہے اوراگر بطورِ مروجہ انشورنس ہو،تو جائز نہیں ہے ۔
اس کی تفصیل سے پہلے چند امور کوبطورِ تمہید جاننا ضروری ہے۔
تکافل کی تعریف : تکافل (Islamic Insurance) ایک اسلامی نظام ہے جو باہمی تعاون اور ایک دوسرے کی کفالت و ضمانت پر مبنی ہے، جس میں شرکاء بطورِ عطیہ (Contribution)رقم دینے کے التزام (بالتبرع) کی بنیاد پر مشترکہ فنڈ میں مخصوص رقم دیتے ہیں تاکہ کسی ایک کو مالی نقصان یا مشکل پیش آنے پر اس فنڈ سے مدد کی جا سکے، یہ فنڈ تکافل کمپنی کی ملکیت نہیں ہوتا بلکہ وہ بطورِ وکیل کام کرتی ہےاور اپنی اجرت لیتی ہے اورمعاہدہ ( Agreement Paper) کی شرائط کے مطابق کچھ فنڈ وقف پول میں ڈال دیا جاتا ہے اور باقی فنڈ کو مضاربہ یا مشارکہ میں لگا کر اس سے نفع حاصل کیا جاتا ہے اور اگرتکافل ہولڈرز میں سے کسی کوحادثہ کی وجہ سے نقصان ہوجائے تو اس کی بھر پائی اصل رقم اور نفع (Premium And Profit)سےکی جاتی ہے اوراگر اس سے بچ جائے یا نقصان نہ ہو تو بقیہ رقم ان میں تقسیم کر دی جاتی ہے یانئے سال کے تکافل میں ان کے پریمیم (New Premium) کے طور پر استعمال کی جاتی ہے یا ان کی رضا مندی سے کسی دوسرے کام میں خرچ کی جاتی ہےاس وجہ سے اس میں غرر نہیں ہے ۔
انشورنس کی تعریف:انشورنش(Insurance)بنیادی طورپرایک مالی عقدِمعاوضہ ہےجس میں مشتری(Policy holder)انشورنش پالیسی کی قیمت(Premium)کےعوض سیلر (Insurer/Insurance company)سے مبیع (Subject matter)یعنی (Insurance policy)خریدتاہے جس میں انشورڈ(Policy holder)انشورر (Insurance company ) سے ایک غیر یقینی واقعہ وحادثہ یا طبعی یا حادثاتی موت وغیرہ کے رونما ہونے کی صورت میں اپنی کم رقم (Premium) کے عوض زیادہ رقم کےخریدنے کا عقد کرتاہے یا غیر یقینی واقعہ کے رونما نہ ہونے کی وجہ سے (Premium)سے دست بردار ہونے کا عقد کرتاہے۔
اس تمہید کو جاننے کے بعد مذکورہ صورت کا حکم تفصیل سے بیان کیاجاتاہے ۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ اسلام میں نظریہ تکافل (باہمی تعاون و کفالت) کا تصور ہمیشہ سے موجود رہا ہے جس کی مثال عاقلہ کے نظام میں دیت کی باہمی ادائیگی کی صورت میں ملتی ہے۔ اور فی زمانہ نبی کریم ﷺ اور خلفائے راشدین کے زمانے کی طرح کوئی ایسا عمومی بیت المال موجود نہیں ہے جس سے ہر شخص کی ناگہانی ضرورت کے وقت مالی مدد کی جا سکے۔تاہم باہمی تعاون اور مالی تحفظ کی اس ضرورت کو شرعی اصولوں کے مطابق نظامِ تکافل کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔
چونکہ فی زمانہ بعض ادارےجیسے داؤد فیملی تکافل وغیرہ ( Daud Family Takaful Limited) ملکی قوانین کے تحت قائم ہیں اور (SECP) (Securities & Exchange Commission of Pakistan) کے متعلقہ ضوابط کے مطابق تکافل کا انتظام وانصرام کرتے ہیں۔ اس تکافل کی بنیاد باہمی تعاون، بھائی چارے، نیکی و تقویٰ اور عقدِ تبرع پر ہوتی ہے، جس کے ذریعے شرکاء ایک دوسرے کے مالی نقصان اور ناگہانی حالات میں باہمی مدد کرتے ہیں۔اور اس میں کوئی غیر شرعی امور(جس سے شریعت نے منع فرمایاہو جیسے سود، جوا،غرر،قمار وغیرہ ) بھی موجود نہیں ہوتےاور اللہ جلّ شانہٗ تعالیٰ نے بھی قرآن کریم میں"وتعاونوا علی البر والتقوی" کے فرمان سے نیکی پر معاونت کا حکم دیا ہے۔
لہٰذا اگر تکافل کا نظام شرعی اصولوں کے مطابق قائم ہو اور اس میں سود، قمار، جوا ،غرر اور باقی ممنوعہ امور شامل نہ ہوں تو اپنے مال اور جان کا شرعی تکافل کروانا جائز ہوگا۔
اور مروجہ انشورنس کا معاملہ شرعاً ناجائز ہےکیونکہ انشورنس کے نظام میں شرعی طور پر ممنوعہ امورپائے جاتے ہیں۔ جیسے کسی غیر یقینی واقعہ رونما ہونے کی صورت میں ادا کی گئی کم رقم کے مقابلے میں اس سے زیادہ رقم بطور کلیم حاصل ہوتی ہے، جو فقہی اعتبار سے ربا (سود) کے حکم میں داخل ہےاورشریعت میں سود قطعی طور پر حرام ہے۔ اسی طرح اگر وہ غیر یقینی واقعہ رونما نہ ہونے کی صورت میں اپنی ادا شدہ رقم سےمحرومی کا احتمال رہتا ہے، جو قمار اور جوا کے حکم میں داخل ہے۔اور شریعت میں جوا اور قمار بھی منع ہے ۔لہذا مروجہ انشورنس جائز نہیں ہے۔
تکافل اور انشورنس کے مابین فرق
تکافل اور انشورنس کے مابین چند اعتبار سے فرق ہے :
1۔ تکافل عقدِ تبرع ہےکیونکہ تکافل ہولڈرز ایک دوسرےکےلئے اس نقصان کو پورا کرنے کا التزام کرتے ہیں اور انشورنس عقد معاوضہ ہے کیونکہ انشورنس میں پریمیم کے عوض میں انشورنس پالیسی بیچتے ہیں۔
2۔تکافل کا بنیادی مقصد باہمی معانت ہےنہ کہ نفع جبکہ انشورنس کا بنیادی مقصد نفع (Profit)کما نا ہے ۔
3۔تکافل میں جو رقم وقف پول میں جاتی ہے وہ شرعی وقف ہوجاتی ہےجو اللہ تعالیٰ کی ملک میں ہوتی ہےجبکہ انشورنس میں پریمیم کی کل رقم(Amount) اس کمپنی کی ملک ہوتی ہے ۔
4۔تکافل کے پریمیم میں کمپنی وکیل (Agent)کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ انشورنس کے پریمیم میں کمپنی وکیل نہیں بلکہ پریمیم کی مالک(Owner) بن جاتی ہے ۔
5۔مروجہ انشورنس میں کمپنی کے شیر ہولڈرز اور کمپنی کے ممبرز کا الگ الگ اکاؤنٹ نہیں ہوتا جبکہ تکافل میں کمپنی کے ممبروں کی اعانتی(امداد) قسط کا الگ اکاؤنٹ ہوتاہے اور سرمایہ کاری کے لئے جمع ہونے والی رقم کا الگ اکاؤنٹ ہوتاہے۔
6۔تکافل میں حرام و حلال کو جاننے کےلئےا یک شرعیہ بورڈ ہوتا ہےجوتکافل کی رقم کو حلال اورجائز کاروبارمیں لگانے کی تعیین کرتے ہیں جبکہ انشورنس میں حلال و حرام مخلوط (Mix)ہوتا ہے اس کی نگرانی کےلئے کوئی شرعیہ بورڈ نہیں ہوتا۔
جوئے کے متعلق ارشادِ باری تعالی ہے:
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَیْسِرُ وَ الْاَنْصَابُ وَ الْاَزْلامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّیْطٰنِ فَاجْتَنِبُوْہُ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ
ترجمہ کنزالایمان:اے ایمان والو!شراب اور جُوا اور بُت اور پانسے ناپاک ہی ہیں ، شیطانی کام، تو ان سے بچتے رہنا کہ تم فلاح پاؤ۔
(المائدۃ،آیت: 90)
سود کے متعلق ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوا الرِّبٰۤوا اَضْعَافًا مُّضٰعَفَةً۪- وَ اتَّقُوا اللّٰهَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَۚ
ترجمہِ کنز الایمان:اے ایمان والو سود دونا دون نہ کھاؤ اور اللہ سے ڈرو اس امید پر کہ تمہیں فلاح ملے۔
(آلِ عمران،آیت:130)
دوسرے مقام پرارشاد فرمایا:
وتعاونوا علی البر والتقوٰی ولا تعاونوا علی الاثم والعدوان
ترجمہِ کنز الایمان:اور نیکی اور پرہیز گاری پر ایک دوسرے کی مدد کرو اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو۔
(سورۃالمائدۃ،آیت نمبر :2)
الدرالمختار میں ہے :
" ھو ۔۔۔فضل خال عن عوض ۔۔۔ بمعیار شرعی ۔۔۔مشروط ذلک الفضل لاحدالمتعاقدین ای بائع ومشتری ۔۔۔ فی المعاوضۃ فلیس الفضل فی الھبۃ بربا فلو شری عشرۃ دراہم فضۃ بعشرۃ دراہم وزادہ دانقا ان وھب منہ انعدم الربا ولم یفسد الشراء " ملتقطا
ترجمہ:عقدِ معاوضہ میں ایسی زیادتی جو معیارِ شرعی سے خالی ہو متعاقدی ن(بائع،مشتری )میں سے کسی ایک کےلئے مشروط ہو وہ ربا(سود) ہے اور ہبہ میں زیادتی سود نہیں ہے پس اگر کسی نے چاندی کے دس درہم دس درہم اور ایک دانق کے عوض خریدے اور اگر اس نے دانق کو ہبہ کردیا تو ربا ختم ہوجائے گا اور بیع فاسد نہیں ہوگی ۔
(الدرالمختار،کتاب البیوع،باب الربا ،ج،7،ص،416تا 419مکتبہ رشیدیہ )
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے:
" والاصل فيه ان كل ما كان مبادلة مال بمال يبطل بالشروط الفاسدة لا ما كان مبادلة مال بغير مال او كان من التبرعات، لان الشروط الفاسدة من باب الربا، وهو يختص بالمعاوضة المالية دون غيرها من المعاوضات والتبرعات، لان الربا هو الفضل الخالي عن العوض ۔۔۔قوله: (فليس الفضل في الهبة بربا )أي: وإن كان مشروطاً . ط عن الدر المنتقى أي كما لو قال: وهبتك كذا بشرط أن تخدمني شهراً فإن هذا شرط فاسد لا تبطل الهبة به كما سيأتي قبيل الصرف، وظاهر ما هنا أنه لو خدمه لم يكن فيه بأس"
ترجمہ:(شارح کا قول کہ ہبہ میں زیادتی ربا نہیں ہے )یعنی اگر چہ مشروط ہی کیوں نہ ہو صاحب طحطاوی نے الدرالمنتقیٰ کے حوالہ سے یہ بات کی ہے یعنی جیساکہ اگر وہ یہ کہے کہ میں نے تجھے اتنے روپے ہبہ کئے اس شرط کے ساتھ کہ تو میری ایک مہینہ خدمت کرے گا تو یہ شرط فاسد ہے اس شرطِ فاسد کی وجہ سے ہبہ باطل نہیں ہوگا جیساکہ بیع الصرف میں یہ تفصیل آئے گی اور اس کا ظاہر یہاں یہ ہے کہ اگر اس نے اس کی خدمت کی تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔اس میں اصل یہ ہے کہ ہر وہ معاملہ جس میں مال کے عوض مال تبادلہ ہو، شروط فاسدہ کی وجہ سے باطل ہوجاتاہے ۔ لیکن وہ معاملہ اس حکم میں داخل نہیں جس میں مال کا تبادلہ غیر مال کے ساتھ ہو، یا وہ تبرعات (احسان وبلا معاوضہ دینے کے معاملات) میں سے ہو۔ کیونکہ باب الرباء کی شروطِ فاسدہ معاوضہِ مالیہ کے ساتھ خاص ہیں ، دوسرے معاوضاتی معاملات اور تبرعات کے ساتھ نہیں ہے کیونکہ ربا(سود) اس زیادتی ہے جو عوض سے خالی ہو ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب البیوع،باب الربا ،ج،7،ص، 417تا419مکتبہ رحمانیہ)
درر الحکام فی شرح غرر الاحکام ،کتاب البیوع،باب الربا،ج،2،ص،462،مکتبہ اولوالالباب اور الدرالمنتقیٰ میں ہے :واللفط لہ
" هو لغة تطلق الزيادة وشرعاً فضل خال عن عوض ۔۔۔ شرط ذكره القهستاني لأحد العاقدين كبائعين ۔۔۔ في معاوضة مال بمال فليس الفضل في الهبة رباً وإن شرط عوضاً زائداً بخلاف معاوضة مالي بمال " ملتقطا
ترجمہ:ربا(سود)لغت میں مطلقاً زیادتی کو کہتے ہیں اور شریعت میں ایسا اضافہ جو عقدمعاوضہ میں عوض سے خالی اور مشروط ہو علامہ قہستانی نے ذکر کیا ہے کہ جو عاقدین میں سے کسی کےلئے شرط ہو وہ ربا ہے جیسا کہ بائع اور مشتری لہذا ہبہ میں اضافہ سود نہیں ہے اگر چہ اس نے زائد عوض کی شرط لگائی ہو بخلاف مال کے عوض مال کے کیونکہ اس میں جائز نہیں ہے ۔
(الدرالمنتقیٰ مع مجمع الانہر ،کتاب البیوع،باب الربا،ج،2،ص،119مکتبۃ المنار)
فتاوٰی مصطفی الزرقا،حکم عقودالتامین ،ص،401،مکتبہ دارالقلم اور قرارات مجمع الفقہ الاسلامی میں ہے: واللفظ لہ
" اولا أن عقد التأمين التجاري ذي القسط الثابت الذي تتعامل به شركات التأمين التجاري عقد فيه غرر كبير مفسد للعقد. ولذا فهو حرام شرعاً ، ثانیا أن العقد البديل الذي يحترم أصول التعامل الإسلامي هو عقد التأمين التعاوني القائم على أساس التبرع والتعاون، وكذلك الحال بالنسبة لإعادة التأمين القائم على أساس التأمين التعاوني "
ترجمہ: پہلامقررہ قسط والے تجارتی بیمہ کا وہ عقدجس کے ذریعے تجارتی بیمہ کمپنیاں معاملات کرتی ہیں، ایسا عقد ہے جس میں بہت زیادہ غرر پایا جاتا ہے، جو عقد کو شرعاً فاسد کرنے والا ہے۔ لہٰذا یہ شرعاً حرام ہے۔دوسرا وہ متبادل عقد جو اسلامی اصولوں کے مطابق ہووہ تعاونی ذمہ داری (تکافل)ہے جو تبرع اور تعاون کی بنیا د پر قائم ہوتا ہے۔ اسی طرح ری انشورنس بھی جب تعاونی بیمہ کی بنیاد پر قائم ہو تو اس کا حکم بھی یہی ہے۔
(قرارات مجمع الفقہ الاسلامی ،قرارِ رقم ،9،شان التامین واعادۃ التامین ،ج،1،ص،21مطبوعہ منظمۃ المؤتمر الاسلامی )
جوئے کے متعلق کتاب المبسوط میں ہے:
"ثم ھذاتعلیق استحقاق المال بالخطر وھو قمار،والقمار حرام فی شریعتنا "
ترجمہ:پھریہ مال کے مستحق ہونے کوخطرپرمعلق کرناہے اوریہ قمارہے اورقمارہماری شریعت میں حرام ہے۔
(کتاب المبسوط للسرخسی،كتاب الاباق ،ج،11،ص، 20،مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)
صدرالشریعہ بدرالطریقہ مفتی امجدعلی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ جوئے کےمتعلق فرماتے ہیں:
"اگر دونوں جانب سے مال کی شرط ہو مثلاً تم آگے ہوگئے ، تو میں اتنا دوں گا اور میں آگے ہوگیا ، تومیں اتنا لوں گا ، یہ صورت جوا اور حرام ہے۔ "
(بہارِشریعت،ج،3،حصہ شانزدہم،ص، 607تا608،مکتبۃ المدینہ،کراچی)
خلاصہ :
اگر ڈیپارٹمنٹ (State Life) کے ساتھ آپ کا معاہدہ اگر بطورِ اسلامی تکافل ہو،تو جائز ہے اوراگر بطورِ مروجہ انشورنس ہو،تو جائز نہیں ہے ۔
واللہ اعلم بالصواب