دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

ثمنِ مبیع کی ادائیگی میں بلاعذر تاخیر و ٹال مٹول اور بعد از تاخیر ادائیگی کا حکم

15722 نومبر، 2026376
تمام فتاویٰ

سوال

الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ زید نے دو ایکڑ زمین فروخت کی ایک مرلہ کی قیمت دولاکھ ستاسی ہزار(287000) روپے مقرر ہوئی،مشتری نے نقد رقم دینے پر عقد کیاپھر بعد میں ایک ماہ کی مہلت لے لی۔اس وعدہ پر بھی پورا نہ اترا اور ایک ماہ میں رقم نہیں دی بلکہ تین سے چار ماہ کے بعد رقم دی اور اس زمین کی رقم میں سے تقریبا پانچ مرلہ کے پیسے پھر بھی روک لئے۔ اس عقدکو تقریبا دس سال گزر گئے ہیں اور اس عرصہ میں زید۔اب رجسٹری کے وقت وہ پوری زمین کی رجسٹری کا تقاضا کر رہا ہے جبکہ پانچ مرلہ کی قیمت اس نے ادا نہیں کی۔بائع کا کہنا ہے کہ میں پانچ مرلہ کی رجسٹری نہیں کروا دوں گا ۔جتنی رقم وصول کی ہے اتنی زمین کی رجسٹری کروا دوں گا۔بصورت دیگر آپ مجھے موجودہ ریٹ کے مطابق پانچ مرلہ کی قیمت ادا کریں۔موجودہ ریٹ تقریبا پینتیس لاکھ فی مرلہ ہے۔ کیا بائع کا مطالبہ درست ہے یا نہیں؟کیا دس سال پہلے کی رقم لی جائے یا موجودہ ریٹ کے مطابق رقم لی جائے؟کیا پانچ مرلے روکنے کا بائع کو حق حاصل ہوگا یا نہیں ؟ شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں ۔ بینوا توجروا! سائل :احمد رضا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ عقدِ بیع سے پوری زمین خریدار کی ملکیت میں آ چکی تھی، اس لیے بائع کو 5 مرلہ روکنے یا رجسٹری نہ کرنے کا حق حاصل نہیں، بلکہ وہ صرف سودے کے وقت مقررہ بقایا رقم کوڈالر کی قدر (ویلیو) میں حاصل کرنے کا حق دار ہے۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ دو ایکڑ زمین (بشمول 5 مرلہ) کا سودا مکمل ہوتے ہی یہ پوری زمین خریدار کی ملکیت میں آ چکی تھی۔ خریدار نے باقی تمام زمین کی رقم ادا کر دی تھی، لیکن پانچ مرلہ کی قیمت ادا نہیں کی تھی جو اس پر بحیثیتِ قرض واجب الادا تھی۔ چونکہ خریدار نے یہ رقم دس سال تک ادا نہیں کی، ٹال مٹول کرتا رہا جس کی وجہ سے بائع کا شدید نقصان ہوا ۔لہذا امام ابو یوسف علیہ الرحمہ کے قول" بیع کی صورت میں بیع کے دن اور قرضہ کی صورت میں قبضہ کے دن کی قیمت کو دراہم سے اداکیاجائے گا"کے مطابق مشتری پر بقیہ پانچ مرلوں کی قیمت کی ادائیگی لازم ہے۔

چونکہ امام ابویوسف علیہ الرحمہ کے زمانہ میں دراہم رائج تھےاس وجہ سے امام ابویوسف علیہ الرحمہ نےرائج کرنسی(دراہم) کے ساتھ فتوی دیا ۔ فی زمانہ اگر چہ سونا چاندی موجود ہے لیکن دراہم و دینا ر رائج نہیں ہیں اس لئے فی زمانہ سکہِ رائج الوقت(ڈالر)کے اعتبار سے فتوی دیاجائے گا کیونکہ فی زمانہ روپے كی قدروقيمت كا تقابلی اندازہ لگانے کےلئے ڈالر کو ایک اہم معیاری حیثیت حاصل ہے۔ چونکہ دس سال پہلے (2016 میں) 5 مرلہ کی بقایا رقم (14 لاکھ 35 ہزار روپے) اس وقت کی شرحِ تبادلہ کے لحاظ سے 13694 ڈالر بنتی تھی کیونکہ اس وقت ایک ڈالر پاکستانی 104.77 روپےکا تھا ۔ لہٰذا خریدار پر لازم ہے کہ وہ بائع کو موجودہ وقت میں 13694 ڈالر کے مساوی پاکستانی روپے جو تقریباً 38 لاکھ 3 ہزار 4 سو روپے بنتے ہیں ادا کرے۔

اللباب فی شرح الکتاب میں ہے:

"(وإذا أوجب أحد المتعاقدين) بائعًا كان أو مشتريا (البيع فالآخر بالخيار: إن شاء قبل) كل المبيع بكل الثمن (في المجلس) ۔۔۔وقيدنا القبول لكل المبيع بكل الثمن لأنه ليس له أن يقبل المبيع أو بعضه ببعض الثمن؛ لعدم رضاء الآخر بأقل مما أوجب أو بتفرق الصفقة" ملتقطا

ترجمہ: جب عاقدین میں سے کوئی ایک، خواہ بائع ہو یا مشتری ، ایجاب کرے تو دوسرے فریق کو اختیار ہوگا کہ وہ اسی مجلس میں چاہے تو کل مبیع کوکل ثمن کے عوض خرید لے ۔یہاں کل مبیع کو کل ثمن کے عوض قبول کرنے کی قید اس لیے لگائی ہے کیونکہ اسے یہ اختیار نہیں کل مبیع یا بعض مبیع بعض ثمن کے عوض قبول کرے کیونکہ دوسرا فریق اس سے کم پر راضی نہیں ہے جس پر اس نے ایجاب کیا ہے یا اس سے تفرق صفقہ لازم آئے گا ۔

(اللباب مع الجوہرۃ النیرہ،کتاب البیوع،ج،1،ص،288،مکتبہ رشیدیہ )

ردالمحتارعلی الدرالمختار میں ہے:

"اما اذا غلت قیمتھا او انتقصت فالبیع علی حالہ ۔۔۔ علیہ قیمتھا من الدراہم یوم البیع والقبض وعلیہ الفتوی ۔۔۔ وقولہ یوم وقع البیع ای فی صورۃ البیع و قولہ ویوم وقع القبض ای فی صورۃ القرض"ملتقطا

ترجمہ:بہر حال فلوس کی قیمت بڑھ جائے یا کم ہوجائے تو بیع اپنے حال پر رہے گی اور مشتری پر دراہم سے بیع اور قبضہ کے دن کی قیمت لازم ہوگی اور اسی پر فتوی ہے ۔امام ابو یوسف کا قول بیع کے دن کی قیمت یہ بیع کی صورت میں ہے اور قبضہ کے دن کی قیمت قبضہ کی صورت میں ہے۔

(ردالمحتارعلی الدرالمختار،کتاب البیوع،ج،7،ص،53،مکتبہ رحمانیہ )

اسی کی مثل النہرالفائق میں ہے: (النہر الفائق،کتاب الصرف ،ج،3،ص،540،مکتبہ قدیمی کتب خانہ)

خلاصہ:وہ دو ایکڑ زمین بمع وہ پانچ مرلہ جن کی قیمت ادا نہیں کی تھی مشتری کی ملکیت ہے اس لیے بائع کو 5 مرلہ روکنے یا رجسٹری نہ کرنے کا حق حاصل نہیں ۔ البتہ خریدار پر لازم ہے کہ وہ بائع کو موجودہ وقت میں 13694 ڈالر کے مساوی پاکستانی روپے جو تقریباً 38 لاکھ 3 ہزار 4 سو روپے بنتے ہیں ادا کرے۔

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد الطاف چشتی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

20اگست 2026ءبمطابق06ربیع الاول1448ھ کو جاری کیا گیا