سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسائل کے متعلق کہ میرے شوہر نے مجھے ایک سادہ کاغذ پر یہ الفاظ"میں کاشف اپنے پورے ہوش میں عائشہ کو طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں،اب یہ میرے حق میں نہیں" لکھ کر طلاق دی اور آخر میں اپنے دستخط بھی کردیئے لہذا کیا اس تحریر سے طلاق ہوجائے گی ؟ اور اس کے بعدمجھے وائس میسج بھی کیئے کہ یہ جتنے بھی جاننے والے ہیں سب کو بتا دو ہماری طلاق ہوگئی ہے ،دو دن کا تمہارے پاس ٹائم ہے اگر تم نہیں بولو گی تو پھر میں سب کو بول دوں گا ، تم بتاؤ عزت بچ جائے گی،میں بولوں گا تو لوگ پوچھیں گے کیوں چھوڑا؟ جب رہنا ہی نہیں ہے ،جب سب کچھ ختم ہے تو پھر نام ایک دوسرے کے ساتھ کیوں لگائیں نام بھی علیحدہ علیحدہ ،نام بھی ہٹاؤ لہذا اس پوری تفصیل کے متعلق میری رہنمائی فرمائیں کہ مجھے طلاق ہوگئی اور کتنی طلاق ہوئی ہیں ؟بینواتوجروا! نوٹ:سائل سے رابطہ ہوا جس نے مذکورہ تحریر اور وائس میسجز کے پورے بیان کی تصدیق ہے تحریر سے طلاق کی نیت کے متعلق کہاکہ نیت تھی بھی اور نہیں بھی جس پر کہا گیا کہ ایک ہی چیز ہوگی نیت ہوگی یانہیں ،تو کہا کہ غصہ میں تھا اس لیے میں نے لکھ لیا۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا شرعی حکم یہ ہے کہ سائلہ پر تین طلاقِ مغلظہ واقع ہوچکی ہیں، جس کے نتیجے میں وہ اپنے شوہر (کاشف) پر حرام ہوچکی ہے۔اب دونوں کا میاں بیوی کی حیثیت سے اکٹھے رہنا سخت حرام ہے،اور بغیر حلالۂ شرعی، (دوسرے شخص سے صحیح نکاح، ازدواجی تعلق اور اس نکاح کے بعد طلاق اور اس کی عدت کے بغیر) ان کے درمیان رجوع یا تجدیدِ نکاح کی کوئی صورت نہیں۔ البتہ عورت اپنی عدتِ طلاق، یعنی تین حیض، مکمل کرنے کے بعد جہاں چاہے نکاح کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ طلاق دینے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ عورت کے ایامِ حیض سے پاک ہونے کے بعد، ایسے طہر میں جس میں اس سے ازدواجی تعلق قائم نہ کیا گیا ہو، صرف ایک طلاق دی جائے، پھر عدت گزرنے دی جائے۔ ایک ہی مجلس یا ایک ہی وقت میں تین طلاقیں دینا اگرچہ حکمِ شرعی کے خلاف اور گناہ ہے، تاہم جمہور فقہائے امت، یعنی ائمہ اربعہ؛ امام ابو حنیفہ، امام شافعی، امام مالک اور امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ کے نزدیک، خواہ ایک ہی جملے میں یوں کہا یا لکھا جائے کہ ’’میں اپنی بیوی کو تین طلاق دیتا ہوں‘‘یا الگ الگ الفاظ میں کہا یا لکھا جائے کہ ’’میں اپنی بیوی کو طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں‘‘، یا ایک ہی مجلس یا ایک ہی دن میں تین مرتبہ طلاق دی جائے، ہر صورت میں تینوں طلاقیں واقع ہوجاتی ہیں۔ لہٰذا شوہر پر اس خلافِ سنت عمل سے توبہ کرنا واجب ہے۔
مذکورہ صورت میں اگرچہ شوہر نے سادہ کاغذ پر یہ عبارت لکھی کہ"میں کاشف اپنے پورے ہوش میں عائشہ کو طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، اب یہ میرے حق میں نہیں"اور اس پر اپنے دستخط بھی کیے، جو بظاہر طلاقِ غیر مرسومہ کی صورت ہے، اور فقہِ حنفی کے مطابق ایسی تحریر سے محض اس وقت طلاق واقع ہوتی ہے جب اس کے ساتھ نیتِ طلاق موجود ہو، تاہم اس معاملہ میں بعد کے حالات اور قرائن نیتِ طلاق پر صریح دلالت کرتے ہیں۔
چنانچہ شوہر نے بعد میں متعدد وائس میسجز میں یہ کہ"سب کو بتا دو ہماری طلاق ہوگئی ہے، جب رہنا ہی نہیں ہے، جب سب کچھ ختم ہے تو پھر نام ایک دوسرے کے ساتھ کیوں لگائیں، نام بھی علیحدہ علیحدہ ہوں، نام بھی ہٹاؤ"یہ تمام الفاظ اس امر کا واضح اقرار ہیں کہ اس نے اپنی تحریر کے ذریعے طلاق دی تھی، کیونکہ حقیقی علیحدگی، ازدواجی تعلق کے خاتمہ کا اعلان اور بیوی کے نام کے ساتھ شوہر کے نام کا ختم کرنا، سب طلاق ہی کے آثار ہیں۔ خصوصاً "سب کو بتا دو ہماری طلاق ہوگئی ہے"کہنا اس تحریر سے دی گئی طلاق کا صریح اقرار ہے۔
مزید برآں، جب شوہر سے اس تحریر کے وقت نیتِ طلاق کے متعلق دریافت کیا گیا تو ابتدا میں اس نے کہا کہ "نیت تھی بھی اور نہیں بھی"۔ جب اس سے واضح کیا گیا کہ نیت کے بارے میں ایک ہی بات درست ہوسکتی ہے، یا نیت تھی یا نہیں تھی، تو اس نے جواب دیا"میں غصے میں تھا، اس لیے میں نے طلاق لکھ دی"یہ جواب بھی اس بات کا واضح اظہار ہے کہ اس نے غصہ کی حالت میں طلاق کی نیت سے طلاق لکھنے کا قصد کیا تھا، اور اس کے ساتھ تحریر پر دستخط کرنا بھی اسی ارادے کی مؤید قرینہ ہے۔
لہٰذا مذکورہ تحریر، اس پر دستخط، بعد کے وائس میسجز میں موجود صریح اقرار، اور خود شوہر کے بیان کو مجموعی طور پر سامنے رکھتے ہوئے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اس نے تحریر کے ذریعے طلاق دینے کی نیت سے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دی تھیں، جو شرعاً واقع ہوچکی ہیں۔ اس بنا پر سائلہ عائشہ الٰہی اپنے شوہر پر تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوچکی ہے، اور دونوں کے لیے بغیر حلالۂ شرعی ایک دوسرے کے لیے حلال ہونے کی کوئی صورت نہیں۔
تین طلاق کے بعد اگر میاں بیوی دوبارہ ایک ساتھ رہنے پر راضی ہوں ،تو بغیر حلالہ شرعی کے نہیں رِہ سکتے،چنانچہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ".
ترجمہ کنز الایمان:" پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے"۔
(پارہ:2،سورۃ البقرة،آیت:230)
اس آیتِ مبارکہ میں اللہ تعالى نے مطلقاً تین طلاق کا حکم بیان فرمایا اور اسکو ایکمجلس یا متعدد مجالس کے ساتھ مقید نہیں کیا، یعنیتین طلاقیں ایک مجلس میں دے یا ایک ایک سال کے وقفے سے دے بہرصورت تینوں طلاقیں واقع ہو جائیں گی۔
غیر مقلد اہلحدیث کے امام ابن حزم ظاہری نے اپنی کتاب میں لکھا:
"فَهَذَا يَقَعُ عَلَى الثَّلَاْثِ مَجْمُوْعَةً وَمُفَرِّقَةً، وَلَاْ يَجُوْزُ أَنْ يَخُصَّ بِهَذِهِ الْآيَةِ بَعْضَ ذَلِكَ دَوْنَ بَعْضٍ بِغَيْرِ نَصٍّ".
ترجمہ: یہ آیت دلالت کرتی ہے کہ تین طلاق اکٹھی دی جائیں یا الگ الگ بہر حال طلاقیں واقع ہو جائیں گی، اور اس آیت کو بغیر دلیل کے بعض صورتوں کے ساتھ خاص کرنا جائز نہیں ہے۔
(المحلى بالآثار: 3/394، مطبوعہ: دار الفکر بیروت، لبنان)
امام نسائی نے محمود بن لبید سے روایت کیا:
" أُخْبِرَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ رَجُلٍ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ ثَلَاثَ تَطْلِيقَاتٍ جَمِيعًا، فَقَامَ غَضْبَانًا ثُمَّ قَالَ: أَيُلْعَبُ بِكِتَابِ اللَّهِ وَأَنَا بَيْنَ أَظْهُرِكُمْ؟ حَتَّى قَامَ رَجُلٌ وَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، أَلَا أَقْتُلُهُ؟".
ترجمہ: رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں ایسے شخص کی خبر دی گئی جس نے اپنی بیوی کواکٹھی تین طلاق دی تھیں، تو آپ ﷺ غضب کی حالت میں کھڑے ہوئے اور فرمایا: کیا اللہ کی کتاب کے ساتھ کھیلا جاتا ہے حالانکہ میں تمہارے درمیان ابھی موجود ہوں، حتى کہ ایک شخص کھڑے ہوئے اور عرض کی یارسول اللہ ﷺ آپ حکم فرمائیں تو میں اسے قتل کردوں۔
(سنن النسائی، کتاب الطلاق، رقم الحدیث: 3401)
اگرتین طلاقوں سے ایک ہی طلاق واقع ہوتی ہے تو رسول اللہ ﷺ نے اتنا سخت اظہار ناراضگی کیوں فرمایا؟ یہاں تک کہ ایک صحابی نے اس شخص کے اس جرم کی وجہ سے اسکو قتل کرنے کی اجازت طلب کی۔
امام المحدثین ابو عبد اللہ امام بخاری کے استادِ محترم عظیم محدث امام عبد الرزاق نے اپنی مصنف میں روایت کیا:
"عَنْ دَاوُدَ بْنِ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ قَالَ: طَلَّقَ جَدِّي امْرَأَةً لَهُ أَلْفَ تَطْلِيقَةٍ، فَانْطَلَقَ أَبِي إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَذَكَرَ ذَلِكَ لَهُ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَمَا اتَّقَى اللَّهَ جَدُّكَ، أَمَّا ثَلَاثٌ فَلَهُ، وَأَمَّا تِسْعُ مِائَةٍ وَسَبْعَةٌ وَتِسْعُونَ فَعُدْوَانٌ وَظُلْمٌ، إِنْ شَاءَ اللَّهُ تَعَالَى عَذَّبَهُ، وَإِنْ شَاءَ غَفَرَ لَهُ»
ترجمہ: داود بن عبادہ بن صامت کہتے ہیں کہ میرے دادا نے اپنی بیوی کو ہزار طلاق دی تھیں تو میرےوالد رسول اللہ ﷺکی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور ان کی خدمت میں سارا معاملہ عرض کیا۔ رسول اللہنے فرمایا: کیا تیرا دادا اللہ سے نہیں ڈرتا؟ تین طلاق کا ان کو حق تھا ( وہ واقع ہوگئیں) اور نو سو ستانوے طلاق انکی طرف سے ظلم وزیادتی ہے، اللہ تعالى کی مرضیچاہے تو اسے عذاب دے یاچاہے تو اسے بخش دے۔
( مصنف عبد الرزاق، کتاب الطلاق، رقم الحدیث:11339)
صحاح ستہ کی چھٹی کتاب سنن ابن ماجہ کی حدیث پاک ہے:
"عَنْ عَامِرٍ الشَّعْبِيِّ:قَالَ: قُلْتُ لِفَاطِمَةَ بِنْتِ قَيْسٍ: حَدِّثِينِي عَنْ طَلَاقِكِ، قَالَتْ: طَلَّقَنِي زَوْجِي ثَلَاثًا، وَهُوَ خَارِجٌ إِلَى الْيَمَنِ، فَأَجَازَ ذَلِكَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ".
ترجمہ: حضرت عامر شعبی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے فاطمہ بنت قیس سے کہا کہ آپ مجھے اپنی طلاق کا واقعہ بیان کیجئے، انہوں نے جواب دیا مجھے میرے شوہرنے یمن جاتے وقت تین طلاقیں دیں، تو رسول اللہ ﷺ نے یہ تینوں طلاقیں نافذ فرما دیں۔
(سنن ابن ماجہ،کتاب الطلاق،باب من طلق ثلاثاً فی مجلس واحد ،رقم الحدیث: 2024)
یہ بات ظاہر ہے کہ یہ تین طلاقیں ایک مجلس میں دی گئیں تھیں جبھی تو حضرت فاطمہ نے یہ بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ طلاقیں نافذ فرمادیں۔ اگر الگ الگ مجلس میں تین طلاقیں واقع ہوتیں تو رسول اللہ ﷺ کا ان طلاقوں کو نافذ کرنے کا کیا معنی ہے؟ اسی لئے امام ابن ماجہ نے اس حدیث کیلئے جو باب باندھا وہ من طلق ثلاثاً فی مجلس واحد ہے یعنی جو ایک مجلس میں اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے۔
ردالمحتارمیں ہے:
" الْقَلَمُ أَحَدُ اللِّسَاْنَيْنِ".
ترجمہ:قلم دو زبانوں میں سے ایک ہے۔
(ردالمحتار علی الد ر المختار،ج:9، ص:587،مکتبہ امدادیہ ملتان)
الاشباہ والنظائر میں ہے:
" قَاْلَ فِيْ الْهِدَاْيَةِ: الْكِتَاْبُ كَالْخِطَاْبِ".
ترجمہ: ہدایۃ میں ہے:تحریرخطاب کی طرح ہے۔
(الاشباہ والنظائر،ج:3 ،ص: 120،ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ کراچی)
علامہ زیلعی علیہ الرحمہ تبیین الحقائق شرح کنز الدقائق میں لکھتے ہیں:
"الْكِتَابُ عَلَى ثَلَاثِ مَرَاتِبَ مُسْتَبِينٌ مَرْسُومٌ، وَهُوَ أَنْ يَكُونَ مُعَنْوَنًا أَيْ مُصَدَّرًا بِالْعِنْوَانِ، وَهُوَ أَنْ يَكْتُبَ فِي صَدْرِهِ مِنْ فُلَانٍ إلَى فُلَانٍ عَلَى مَا جَرَتْ بِهِ الْعَادَةُ فِي تَسْيِيرِ الْكِتَابِ فَيَكُونُ هَذَا كَالنُّطْقِ فَلَزِمَ حُجَّةً، وَمُسْتَبِينٌ غَيْرُ مَرْسُومٍ كَالْكِتَابَةِ عَلَى الْجُدْرَانِ وَأَوْرَاقِ الْأَشْجَارِ أَوْ عَلَى الْكَاغَدِ لَا عَلَى وَجْهِ الرَّسْمِ فَإِنَّ هَذَا يَكُونُ لَغْوًا لِأَنَّهُ لَا عُرْفَ فِي إظْهَارِ الْأَمْرِ بِهَذَا الطَّرِيقِ فَلَا يَكُونُ حُجَّةً إلَّا بِانْضِمَامِ شَيْءٍ آخَرَ إلَيْهِ كَالنِّيَّةِ وَالْإِشْهَادِ عَلَيْهِ وَالْإِمْلَاءِ عَلَى الْغَيْرِ حَتَّى يَكْتُبَهُ لِأَنَّ الْكِتَابَةَ قَدْ تَكُونُ لِلتَّجْرِبَةِ، وَقَدْ تَكُونُ لِلتَّحْقِيقِ.وَبِهَذِهِ الْأَشْيَاءِ تَتَعَيَّنُ الْجِهَةُ، وَقِيلَ الْإِمْلَاءُ مِنْ غَيْرِ إشْهَادٍ لَا يَكُونُ حُجَّةً، وَالْأَوَّلُ أَظْهَرُ، وَغَيْرُ مُسْتَبِينٍ كَالْكِتَابَةِ عَلَى الْهَوَاءِ أَوْ الْمَاءِ، وَهُوَ بِمَنْزِلَةِ كَلَامٍ غَيْرِ مَسْمُوعٍ، وَلَا يَثْبُتُ بِهِ شَيْءٌ مِنْ الْأَحْكَامِ، وَإِنْ نَوَى"
ترجمہ:کتابتِ طلاق تین اقسام پر ہے ۔(1)مستبن مرسوم: یہ وہ ہے جس میں طلاق کا عنوان یعنی جو طلاق کے عنوان کے ساتھ صادر کی جائے ،وہ یوں کہ تحریر کی ابتدا میں لکھا جائے فلاں کی جانب سے فلاں کی طرف بمطابق اس کے جس کی کتابت کوچلانے میں عادت جاری ہے،پس یہبولنے کی طرح ہے،لہذا اس میں لامحالہ طلاق لازم آئے گی ۔اور(2)مستبین غیر مرسوم جیسے دیوار،درختوں کے پتوں پر للکھنا یاپھر کاغذ پر غیر رسمی طور پر لکھنا،پس یہ صورت لغو ہو گی،کیوں کہ اس طریق پر معاملہ ظاہر کرنے میں کوئی عرف نہیں ہے ۔پس یہ (صورت ،وقوعِ طلاق کے بارے میں )حجت نہیں ہوگی مگر یہ کہ جب اس کے ساتھ کوئی دوسری چیز شامل ہو جائے جیسے نیت، طلاق پرگواہ بنانا،اور کسی اور سے املا کروانا یہاں تک وہ اس کو لکھ دے ۔کیوں کہ کتابت کبھی تجربہ کے لیے اور کبھی تحقیق کے لیے بھی ہوتی ہے۔اور ان چیزوں سے جہت متعین ہو جائے گی ۔اور( 3)غیر مستبین جیسے ہوا یا پانی پر لکھنا ،یہ بمنزلہ کلام غیر مسموع کے ہے ،اور احکام میں سے کوئی چیز اس سے ثابت نہیں ہو گی،اگرچہ نیت بھی کرلے ۔
( تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشِّلْبِيِّ،ج:6،ص: 218، المطبعة الكبرى الأميرية)
علامہ شامی علیہ الرحمہ کتابت کے ذریعے دی گئی طلاق کے بارے میں فرماتے ہیں:
" الکتابۃعلی نوعین مرسومۃو غیر مرسومۃ و نعنی بالمرسومۃ ان یکون مصد را و معنونا مثل ما یکتب الی الغائب وغیر مرسو مۃ ان لا یکون مصدرا و معنو نا و ہو علی و جھین مستبینۃ و غیر مستبینۃ فالمستبینۃ ما یکتب علیالصحیفۃ و الحائط و الارض علی وجہ یمکن فھمہ و قرائتہ و غیر المستبینۃ ما یکتب علی الھواء والماء و شی لا یمکن فھمہ و قرائتہ ففی غیر المستبینۃ لایقع الطلاق وان نوی وان کا نت مستبینۃ لکنھا غیر مرسومۃ ان نوی الطلاق یقع والا لا وان کانت مرسومۃ یقع الطلاق نوی اولم ینو"
ترجمہ: کتابت کی دو قسمیں ہیں1:مر سومہ 2:غیر مرسومہ اور مرسومہ سے ہما ری مراد یہ ہے کہ اس پر طلاق نامہ کا عنوان ہو اور تمہید ہو جیسے کسی غائب کو خط لکھاجاتا ہے غیر مرسومہ(جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہو) کی بھی دو قسمیں ہیں1:مستبینہ،2:غیر مستبینہ،مستبینہ وہ ہے جو کاغذ اور دیوار اور زمین پر اس طرح لکھا جائے کہ اس کا سمجھنا اور پڑھنا ممکن ہو اور غیر مستبینہ وہ یہ ہے کہ ہوا اور پانی اور کسی چیز پر اس طرح لکھنا کہ اس کوسمجھنا اور پڑھنا ممکن نہ ہو تو غیر مستبینہ کتابت(پانی ہوا میں لکھنا) میں طلاق واقع نہ ہو گی اگر چہ نیت بھی کر لے اور اگر کتابت مستبینہ ہو لیکن غیر مرسومہ (جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہوجیسا کہ موبائل پر میسج کرنا،یا سادہ کاغذ پر طلاق کے الفاظ لکھنا)اگراس نے طلاق کی نیت کی تو طلاق واقع ہو جائے گی اور اگر نیت نہ کی تو طلاق واقع نہ ہو گی اور اگر کتابت مرسومہ (مروجہ طلاق نامہ)ہے تو طلاق واقع ہو جائے گی نیت کرے یا نیت نہ کرئے۔(ردالمحتار علی الد ردالمختار ،ج:4،ص:455،مکتبہ امدادیہ ملتان)
امام اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمۃ الرحمٰن ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں:
"زبان سے کچھ کہنا ضروری نہیں تحریر کافی ہے جب کہ بلا جبرو اکراہ شرعی ہو اشباہ میں ہے’’الکتاب کالخطاب‘‘تحریر خطاب کی طرح ہے "۔
(فتاوی رضویہ ،ج:12،ص:416،رضا فائونڈیشن لاہور)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔