دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

عدالتی خلع کا شرعی حکم

523 نومبر، 20261,288سوال کنندہ : محمد رئیس ولد محمد اکرم، لیاقت آباد، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیانِ عظام مندرجہ ذیل مسائل کے بارے میں کہ میں محمد رئیس ولد محمد اکرم،عرض کرنا چاہتا ہوں میرا نکاح مسمات تبسم بنت علی محمد کے ساتھ مورخہ 2023-10-25 کو انجام پایا تھا۔ ابھی رخصتی نہیں ہوئی تھی۔ نکاح کے کچھ ہی دنوں بعد کسی کے بہکانے پر میری بیوی مجھے اطلاع دیئے بغیر عدالت چلی گئیں اور وہاں انہوں نے مورخہ 2023-11-04 کو خلع کے لئے کیس داخل کر دیا۔ عدالت نے جو نوٹس بھیجے ان پر میرا پتہ غلط تحریر تھا ،جس کی وجہ سے وہ نوٹس/سمن مجھے موصول نہیں ہوئے۔ اور میرا کوئی بیان عدالت میں نہیں لیا گیا ۔ تمام ضروری کا روائی کے بعد معزز عدالت نے یکطرفہ فیصلے کرتے ہوئے میری بیوی مسمات تبسم بنت علی محمد کو مورخہ 2024-02-23 کو خلع کی ڈگری جاری کر دی۔ میری بیوی نے واٹس اپ پر مجھے یہ ڈگری بھیجی ہے۔ جبکہ میں نے زبانی یا تحریری طور پر اپنی بیوی کو مسمات قسم طلاق نہیں دی ہے۔ مذکورہ صورت حال میں کیا عدالت کا فیصلہ درست ہے؟ اور کیا مسمات تبسم میرے نکاح سے خارج ہو چکی ہیں؟ بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

شریعت مطہرہ نے طلاق کا اختیار شوہر کو دیا ہے اور خلع سے طلاق بائن واقع ہوتی ہے۔ لہذا شوہر کے علاوہ جو شخص وادارہ بھی بیوی کو طلاق وخلع دیتا ہے فضولی کہلاتا ہے اور فضولی کا فعل صرف اسی صورت میں معتبر مانا جاتا ہے جب اصل شخص صراحتاً یا دلالتاً اجازت دے (اس کی تفصیل آگے آرہی ہے) ۔ لہذا اگر شوہر عورت کے مطالبے کو قبول نہ کرے یا پھر صراحتاً یا دلالتاً خلع پر رضا مندی ظاہر نہ کرے اور پہلے کوئی زبانی طلاق بھی نہ دی جیسا کہ پوچھی گئی صورت ہے،تو عدالت کے محض یک طرفہ فیصلہ سے خلع واقع نہیں ہوئی۔ کیونکہ یہاں عدالت ازروئے شرع فضولی کی حیثیت رکھتی ہے اور فضولی (عدالت) کا طلاق دینا شوہر کی قولی یا فعلی اجازت پر موقوف ہے۔

تفصیل مسئلہ:

پوچھی گئی صورت میں عورت نے عدالت سے تنسیخِ نکاح بر بنائے خلع کا دعوی کیا ہے اور عدالت نے بھی تنسیخِ نکاح بر بنائے خلع ہی فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ شریعت مطہرہ نے قاضی کو فسخ نکاح کا اختیار دیا ہے، جس میں قاضی عورت کے دعوے، دلائل اور شواہد سے مطمئن ہو کر فسخِ نکاح کرتا ہے، مثلا: شوہر ظالم ہے یا بیوی کو نان نفقہ نہیں دیتا یا مارپیٹ کرتا ہے یا حقوق زوجیت ادا نہیں کرتا، تو ان تمام تر صورتحال میں زوجین میں تفریق کرنے کا اختیار اس قاضی کو حاصل ہے، اور یہ تفریق طلاقِ بائن کے حکم میں شمار ہوتا ہے ۔ یاد رہے کہ خلع اور فسخ نکاح میں فرق ہے۔ خلع فریقین کی باہمی رضامندی سے ہوتی ہے اور اس میں مال کے بدلے شوہر عورت کو نکاح سے جدا کرتا ہے یعنی خلع میں شوہر کی رضامندی لازم ہے، یہی نصوص شریعہ سے ثابت ہے۔جبکہ فسخ نکاح میں جب فسخِ نکاح کے اسباب پائے جائیں تو شوہر کی رضامندی لازمی نہیں۔

ہمارے ملکی قانون میں بھی فسخِ نکاح کا قانون موجود ہے، چنانچہ ’’مسلم میرجز ایکٹ 1939ء‘‘کے مطابق عدالت کو فسخ نکاح کا اختیار دیا گیا ہے اور حال ہی میں 23 اکتوبر 2025 میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس نعیم اختر افغان نے ڈاکٹر سیما حنیف خان اور وقاص خان کے مسئلہ (CPLA No. 3268) میں پشاور ہائی کورٹ اور فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا ۔ اس فیصلہ میں اس غلط عدالتی رواج کو ختم کیا گیا جہاں نچلی عدالتیں اسباب فسخ کے باوجود دائر فسخ نکاح کے مقدمے کو یکطرفہ طور پر خلع میں تبدیل کر دیتی تھیں تاکہ شوہر کو مہر کی ادائیگی سے بچایا جا سکے۔فیصلہ میں واضح کیا گیا کہ فیملی کورٹس ایسے مقدمے کو خلع میں تبدیل نہیں کر سکتیں ،جہاں ایک خاتون ’’مسلم میرجز ایکٹ 1939ء‘‘ کی قانونی بنیادوں پر فسخ نکاح کی خواہاں ہو، کیونکہ فسخ نکاح اور خلع کے قانونی نتائج (خصوصاً مہر کی واپسی) مختلف ہوتے ہیں۔لہذا اگر واقعتاً شرعی وجوہات پائی جائیں تو عورت خلع کے دعوی کے بجائے فسخ نکاح کا دعوی دائر کرے۔

لہذا صرف اس ڈگری سے میاں بیوی میں کوئی جدائی واقع نہیں ہوگی، سوائے یہ کہ شوہر صراحتاً یا دلالۃسندِخلع پر رضا مندی ظاہر کرلے تو یہ خلع شرعاً نافذ ہوگی۔صراحتًا جیسے: عدالت میں حاضرہوکر خلع پررضامندی ظاہر کرے یا اس فیصلے کو تسلیم کرنے کے لیے اپنا کوئی وکیل کرے یا عدالت سے جاری ہونے والی خلع کی ڈگری پر دستخط کرے ۔اور دلالۃً جیسے: جہیز کا سامان واپس کرنے پر رضامند ہوجائے۔لیکن اگر شوہر عورت کے مطالبے کو قبول نہ کرے یا پھر صراحتاً یا دلالۃ ًخلع پر رضا مندی ظاہر نہ کرے ،تو عدالت کے محض یک طرفہ فیصلہ سے خلع واقع نہیں ہوگی۔کیونکہ یہاں عدالت ازروئے شرع فضولی کی حیثیت رکھتی ہے اور فضولی (عدالت) کا طلاق دینا شوہر کی قولی یا فعلی اجازت پر موقوف ہے۔

دلائل و جزئیات:

اپنی طرف سے حرام کو حلال کہنا اللہ پر جھوٹ باندھنا ہے، ایسوں کیلئے درد ناک عذاب ہے، سورۃ النحل میں آیا:

وَلَا تَقُوْلُوْا لِمَا تَصِفُ اَلْسِنَتُكُمُ الْكَذِبَ هٰذَا حَلٰلٌ وَّهٰذَا حَرَامٌ لِّتَفْتَرُوْا عَلَى اللّٰهِ الْكَذِبَؕ-اِنَّ الَّذِیْنَ یَفْتَرُوْنَ عَلَى اللّٰهِ الْكَذِبَ لَا یُفْلِحُوْنَ-مَتَاعٌ قَلِیْلٌ۪-وَّلَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ.

ترجمہ: اور نہ کہو اسے جو تمہاری زبانیں جھوٹ بیان کرتی ہیں یہ حلال ہے اور یہ حرام ہے کہ اللہ پر جھوٹ باندھو بےشک جو اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں ان کا بھلا نہ ہوگاتھوڑا برتنا ہے اور ان کے لیے دردناک عذاب۔

(النحل،آیت: 116)

خلع کی تعریف علامہ کمال الدین محمد بن عبد الواحد ابن الہمام (المتوفی:861ھ) نے یوں بیان ہوئی:

"وَفِي الشَّرْعِ: أَخْذُهُ الْمَالِ بِإِزَاءِ مِلْكِ النِّكَاحِ".

ترجمہ: شریعت میں خلع کامعنیٰ یہ ہے کہ شوہرکا نکاح کی ملکیت کو زائل کرنے کے بدلے میں مال لینا۔

(فتح القدیر ،4/210،دار الفکر)

اسی طرح امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن (المتوفی:1340ھ) فرماتے ہیں:

’’خلع شرع میں اسے کہتے ہیں کہ شوہر برضا ئے خود مہر وغیرہ مال کے عوض عورت کو نکاح سے جدا کردے تنہا زوجہ کے کیئے نہیں ہو سکتا ‘‘۔

(فتاوی رضویہ 13/264،رضافاؤنڈیشن لاہور)

طلاق وخلع دینے کا اختیار شریعت مطہرہ نے شوہر کو دیا ہے ، سورۃ البقرۃمیں فرمایا :

"بِیَدِہٖ عُقْدَۃُ النِّکَاحِ"

ترجمہ: جس کے ہاتھ میں نکاح کی گرہ ہے ۔

( البقرۃ،آیت:237)

حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی (المتوفی:1391ھ)رحمۃ اللہ علیہ اس آیت کے تحت ارشاد فرماتے ہیں:

’’معلوم ہوا کہ نکاح کی گرہ مرد کے ہاتھ میں رکھی گئی ہے طلاق کا اس کو حق ہے عورت کو نہیں نہ خلع میں نہ بغیر خلع۔یعنی خلع میں طلاق مرد کی مرضی پر موقوف ہوگی آج کل عوام نے جو خلع کے معنی سمجھے ہیں کہ عورت اگر مال دے دے تو بہر حال طلاق ہوجائے گی خواہ مرد طلاق دے یا نہ دے یہ غلط ہے‘ ‘۔

(کنزالایمان مع تفسیر نور العرفان ،ص: 60،تحت آیت مذکورہ مطبوعہ پیر بھائی کمپنی لاہور)

حضرت عمرو بن شعیب اپنے والد سے بواسطہ اپنے دادا کے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

" وَلِيُّ عَقْدِ النِّكَاحِ الزَّوْجُ".

ترجمہ:عقدِ نکاح کا ولی شوہر ہے۔

(السنن الکبری للبیہقی،باب من قال الذي بيده عقدة النكاح الزوج،7/410،رقم:14454،دار الکتب العلمیۃ بیروت)

نیز حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا:

"الَّذِي بِيَدِهِ عُقْدَةُ النِّكَاحِ هُوَ الزَّوْجُ ".

ترجمہ:جس کے ہاتھ میں نکاح کی گرہ ہےوہ شوہر ہے۔

(السنن الکبری للبیہقی،باب من قال الذي بيده عقدة النكاح الزوج،7/409،رقم:1446دار الکتب العلمیۃ بیروت)

اسی طرح علامہ محمد عبدالرؤف المناوی رحمہ اللہ (المتوفی:1031ھ) روایت لائے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:

"إنما الطلاق بيد من أخذ بالساق".

ترجمہ: طلاق اسی کے ہاتھ میں ہے جسے جماع (ہمبستری) کا حق حاصل ہے۔

(فیض القدیر ،رقم الحدیث:5349،المکتبۃ التجاریۃ)

دوسری حدیث پاک میں ہے:

"لَا طَلَاقَ لِمَنْ لَمْ يَمْلِكْ".

ترجمہ: جو طلاق دینے کامالک نہ ہو، وہ طلاق دے نہیں سکتا۔

(المستدرک علی الصحیحین،رقم:2819،دار الکتب العلمیۃ/السنن الصغیر للبیہقی،رقم:2646، جامعۃالدراسات الإسلاميۃ، کراچی/سنن ابن ماجہ،رقم:2047،دار احیاء الکتب العلمیۃ/سنن ابی داود،رقم:2190،المکتبۃ العصریۃ/سنن الترمذی،رقم:1181،مصطفی البابی الحلبی)

فضولی (عدالت) کا طلاق دینا شوہر کی قولی یا فعلی اجازت پر موقوف ہے، علامہ سید محمد بن عمر ابن عابدین الشامی (المتوفی: 1252ھ) فرماتے ہیں:

"فَكَمَا أَنَّ نِكَاحَ الْفُضُولِيِّ صَحِيحٌ مَوْقُوفٌ عَلَى الْإِجَازَةِ بِالْقَوْلِ أَوْ بِالْفِعْلِ فَكَذَا طَلَاقُهُ... وَالْإِجَازَةُ بِالْفِعْلِ يُمْكِنُ أَنْ تَكُونَ بِأَنْ يَدْفَعَ إلَيْهَا مُؤَخَّرَ صَدَاقِهَا بَعْدَمَا طَلَّقَ الْفُضُولِيُّ".

ترجمہ: جس طرح فضولی کا نکاح صحیح ہے اور وہ قول یا فعل کے ساتھ اجازت پر موقوف ہے طلاق بھی اسی طرح ہے (یعنی طلاق بھی قول و فعل کی اجازت پر موقوف رہے گی)۔ فعل کے ساتھ اجازت کی صورت یہ ہے کہ وہ فضولی کی جانب سے طلاق کے بعد مہر مؤجل بیوی کو دے دے۔

(رد المحتار،کتاب الطلاق،مطلب فی تعریف السکران،3/242،دار الفکر بیروت)

تبیین الحقائق،الاختیار لتعلیل المختار اور بدائع الصنائع میں ہے واللفظ لہ:

"أَصْلُ هَذَا أَنَّ تَصَرُّفَاتِ الْفُضُولِيِّ الَّتِي لَهَا مُجِيزٌ حَالَةَ الْعَقْدِ مُنْعَقِدَةٌ مَوْقُوفَةٌ عَلَى إجَازَةِ الْمُجِيزِ مِنْ الْبَيْعِ، وَالْإِجَارَةِ، وَالنِّكَاحِ، وَالطَّلَاقِ، وَنَحْوِهَا فَإِنْ أَجَازَ يَنْفُذْ، وَإِلَّا فَيَبْطُلُ".

ترجمہ:قاعدہ کلیہ یہ ہے کہ فضولی کے وہ تصرفات جو بحالت عقد کوئی مجیز (اجازت دینے والے) رکھتے ہوں وہ مجیز کی اجازت پر موقوف ہوتے ہیں جیسے خریدو فروخت، اجارہ، نکاح اور طلاق وغیرہ جیسے امور کہ ان میں اگر اجازت دینے والا اجازت دے دیتا ہے تو وہ امور نافذ ہوجائیں گے وگرنہ باطل ہوجائیں گے۔

(بدائع الصنائع ،5/148،دار الکتب العلمیۃ/الاختیار لتعلیل المختار:21،دار المعرفۃ/ تبیین الحقائق ،4/103،المطبعۃ الکبری)

قاضی ِ شرعکو صرف فسخِ نکاح کا اختیار ہے،علامہ علی بن ابو بکر الفرغینانی (المتوفی:593ھ) فرماتے ہیں:

"فَإِذَا امْتَنَعَ نَابَ الْقَاضِي مَنَابَهُ فَفَرَّقَ بَيْنَهُمَا وَلَا بُدَّ مِنْ طَلَبِهَا لِأَنَّ التَّفْرِيقَ حَقُّهَا وَتِلْكَ الْفُرْقَةُ تَطْلِيقَةٌ بَائِنَةٌ".

ترجمہ: جب شوہر طلاق دینے سے رُک جائے توقاضی خود اس شوہر کا قائم قام ہوکر دونوں میں تفریق کردے اور عورت کا مطالبہ کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ بیوی کا حق ہے، اور یہ تفریق و تنسیخ طلاق بائن ہوگی۔

(الہدایہ،2/273،دار احیاء التراث العربی)

اسی طرح الفتاوی الہندیۃ میں ہے:

"إنْ اخْتَارَتْ الْفُرْقَةَ أَمَرَ الْقَاضِي أَنْ يُطَلِّقَهَا طَلْقَةً بَائِنَةً فَإِنْ أَبَى فَرَّقَ بَيْنَهُمَا... وَالْفُرْقَةُ تَطْلِيقَةٌ بَائِنَةٌ".

ترجمہ:اگر بیوی جدائی چاہتی ہے تو قاضی شوہر کو طلاق بائن دینے کا حکم دے۔اگر شوہر انکار کرے تو قاضی دونوں میں تفریق کردے یہ فرقت طلاق بائن ہوگی۔

(الفتاوی الہندیۃ،1/524،دار الفکر)

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابو امیر خسرو سید باسق رضا

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

4 ذو القعدۃ 1447ھ/22 اپریل 2026ء کو جاری کیا گیا