سوال
دریافت طلب مسئلہ یہ ہے کہ میری ہمشیرہ کی شادی 2016 میں ہوئی ، شادی کے دو ماہ بعد ہی میان بیوی میں نااتفاقی ہوگئی ،میری بہن میکے آگئی ،بہن کو ہم نے دوبارہ سسرال بھیج دیا ،مگر وہ لڑکا اپنی سابقہ روش پر قائم رہا مضر صحت مہلک بے ہوشی والی میڈیسن بھی میر بہن کو زبردستی کھلاتا رہا، نیز شرعی حدود کو پھلانگ تے ہوئے گھر میں اپنے دوستوں کو بلاتا خود میری بہن کو دوستوں کے ساتھ گھر میں تنہا چھوڑ کر چلاجاتا ،اس طرح کئی وجوہات کی بنا پر مطلع ہونے کے بعد ہم نے بہن کے مطالبے پر دوبارہ میکے بٹھا دیا ،بہن شروع سے ہی دنیوی ،معاشرتی اور شرعی ناقابلِ قبول خرابیوں کی باعث اس لڑکے کے ساتھ مزید رشتہ ازدواج نبھانے کو تیار نہیں تھی ،اس کے بعد اس نے ہمارے اوپر کیس بھی کردیا ،پھر ہم نے اس اور اس کے خاندان والوں سے خلع یا طلاق کا مطالبہ کیا ،لیکن لڑکے نے مہر کی رقم سے بچنے کے لیے کہا طلاق نہیں دونگا کورٹ سے خلع لےسکتے ہو تو لے لو،ہم نے اس کے کہنے پر کورٹ مین خلع کی درخواست دائرکردی متعدد پیشوں کے بعد فریقین کو آپس میں صلح صفائی کا وقت دیا گیا لیکن بہن اس کے ساتھ رہنے کو تیار نہ ہوئی ،جس پر جج صاحب نے کہا کہ اگر لڑکی اپنا مہر معاف کردے ،تو اس کو خلع دوگے اور اس کا جہیز کا سامان واپس کردوگے ،تو لڑکے نے حلفیہ بیان دیا کہ میں جہیز واپس کردوں گا ،اس کے بعد جج نے خلع کی ڈگری جاری کردی ،بعد اس کے لڑکے نے جہیز کا سامان بھی واپس کردیا ۔(یہ حلفیہ بیان دیا ہے)۔ پھر لڑکے نے 2019 جبکہ لڑکی نے 2020 میں کہیں اور دوسرے نکاح کردیئے ،اب جبکہ میری ہمشیرہ حاملہ ہیں ۔جس لڑکے سے دوسری شادی ہوئی ہے اس کے باپ نے ایک دیوبندی مفتی کی ویڈیو دیکھی کہ کورٹ کی خلع کوئی خلع نہیں ہے،یہ لڑکی اپنے پہلے شوہر کے نکاح میں ہوتی ہے ،اب ہمیں اس کے متعلق حکمِ شرع بتائیں کہ مذکورہ صورت میں خلع واقع ہوگئی ہے اور اس کے بعد دوسرا نکاح کرنا درست ہے ؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
مفتی کا کام ہے پوچھی گئی صورت کا حکم شرع بیان کرنا ہے باقی واقع کی تحقیق و تفتیش مفتی کا کام نہیں ،لہذا شوہر کا مہرکی معافی کے بدلے میں خلع پر رضامندی کا جج کے سامنے اقرا رکرنا اور مزید عورت کا جہیز کا سامان واپس کرنا، اس کی خلع کی رضا مندی پر دلالت ہے،لہذا سوال میں مذکورہ خلع شرعادرست اور نافذ ہے ،جو ایک طلاقِ بائن ہے،جس کے بعد عورت کا اپنی عدت گزار کر دوسرا نکاح کرنا درست ہے ۔
نیز دیوبندی مفتی کا ویڈیو کلپسماعت کیا جس میں مسئلے کی مکمل وضاحت و تفصیل نہیں ہے ،اور انہیں کے مکتبہ فکرکے بڑے بڑے مفتیان کرام کا یہی ہماراموقف ہے کہ "خلع کے لیےمیاں بیویکی رضامندی ضروری ہے " چاہے وہ کورٹ میں جج کے سامنےہو یا گھر میںہو کیونکہ شرعی خلع کے لیے کورٹ کی ڈگری کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔
اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ خلع کا معنی ہے میاں بیوی کا باہمی رضامندی سے مال کے بدلے میں نکاح کو ختم کرنا، اس طرح کہ بیوی شوہر کو مال دے یا اپنے مہر کے عوض شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرے اور شوہرقبول کرلے اور اسے خلع دے تو خلع واقع ہو جائے گی اور اگر شوہر قبول نہ کرے تو خلع واقع نہیں ہوگی۔ ہاں اگر کورٹ سے جاری شدہ خلع نامہ پر شوہر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اس پر دستخط کر دیتا ہے یا زبانی رضامندی کا اظہار کرتا ہے (جیساکہ مذکورہ صورت میں شوہر نے کیا )یا کورٹ میں جج کو فیصلے کا اختیار دیتا ہے تو وہ خلع نافذ ہو جائے گی۔
خلع میں جس طرح شوہر کا قبول کرنا ضروری ہے اسی طرح عورت کا قبول کرنابھی شرط ہے۔ محض شوہر کے خلع دینے سے خلع نہیں ہوتی اور نہ عورت کے علیحدگی کا فیصلہ کر لینے سے خلع ہوتی ہے ۔
صدرالشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
مال کے بدلے میں نکاح زائل کرنے کو خلع کہتے ہیں عورت کا قبول کرنا شرط ہے، بغیر اس کے قبول کیے خلع نہیں ہو سکتا اور اس کے الفاظ معین ہیں ان کے علاوہ اور لفظوں سے نہ ہوگا۔
( بہارشریعت، ج:1، حصہ:8 خلع کا بیان )
شرعاً خلع کے دو طریقے ہیں ایک یہ ہے کہ عورت اپنے حق مہر کل یا بعض سے دستبردار ہو جائے۔ اور دوسری صورت یہ ہے کہ عورت اپنی طرف سے مال دے کر اپنی گلو خلاصی کرائے۔ یہ دونوں صورتیں عورت کے لئے اس وقت جائز ہیں جب میاں بیوی کے درمیان اختلافات اتنے بڑھ جائیں کہ صلح کی کوئی صورت نہ رہی ہو۔
اس دوسری صورت کے بارے میں اللہ تعالی نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا:
﴿ فَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا فِيمَا افْتَدَتْ بِهِ تِلْكَ حُدُودُ اللَّهِ فَلَا تَعْتَدُوهَا وَمَنْ يَتَعَدَّ حُدُودَ اللَّهِ فَأُولَئِكَ هُمُ الظَّالِمُونَ﴾.
ترجمہ کنز الایمان:پھر اگر تمہیں خوف ہو کہ وہ دونوں ٹھیک انہی حدوں پر نہ رہیں گے تو ان پر کچھ گنا ہ نہیں اس میں جو بدلہ دے کر عورت چھٹی(خلع)لے۔ یہ اللہ کی حدیں ہیں ان سے آگے نہ بڑھو اور جو اللہ کی حدوں سے آگے بڑھے تو وہی لوگ ظالم ہیں۔
( البقرہ، آیت :229)
فتاوی عالمگیری میں ہے:
" إذَا تَشَاقَّ الزَّوْجَانِ وَخَافَا أَنْ لَا يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ فَلَا بَأْسَ بِأَنْ تَفْتَدِيَ نَفْسَهَا مِنْهُ بِمَالٍ يَخْلَعُهَا بِهِ فَإِذَا فَعَلَا ذَلِكَ وَقَعَتْ تَطْلِيقَةٌ بَائِنَةٌ"
ترجمہ: میاں بیوی کے درمیان نااتفاقی ہو جائے اور ان کو خوف ہو کہ وہ اللہ کی حدود پر قائم نہیں رہ سکیں گے تو عورت پر کو ئی گناہ نہیں کہ وہ کچھ مال دے کر اپنی جان چھوڑائے ،پس جب دونوں یہ کرلیں گے تو ایک بائنہ طلاق واقع ہو جائے گی۔
( فتاوی عالمگیری، الباب الثامن فی الخلع وما فی حکمہ، ج:1، ص:519، مکتبہ ،قدیمی کتب خانہ، کراچی)
الدرالمختار میں ہے:
" لَا بَأْسَ بِهِ عِنْدَ الْحَاجَةِ لِلشِّقَاقِ بِعَدَمِ الْوِفَاقِ"
ترجمہ: ضرورت کے وقت عورت کے لئے خلع لینے میں کوئی حرج نہیں جبکہ اختلافات کی وجہ سے اتفاق نا رہے۔
اس کے تحت ردالمحتار میں علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
" أَيْ لِوُجُودِ الشِّقَاقِ وَهُوَ الِاخْتِلَافُ وَالتَّخَاصُمُ. وَفِي الْقُهُسْتَانِيِّ عَنْ شَرْحِ الطَّحَاوِيِّ: السُّنَّةُ إذَا وَقَعَ بَيْنَ الزَّوْجَيْنِ اخْتِلَافٌ أَنْ يَجْتَمِعَ أَهْلُهُمَا لِيُصْلِحُوا بَيْنَهُمَا، فَإِنْ لَمْ يَصْطَلِحَا جَازَ الطَّلَاقُ وَالْخُلْعُ"
ترجمہ: اس لئے عورت کے لئے خلع لینے میں حرج نہیں کہ ان دونوں کے درمیان نااتفاقی اور جھگڑاپیدا ہو گیا ہے اور قھستانی میں شرح طحاوی سے منقول ہے کہ جب زوجین کے درمیان اختلاف پیدا ہو جائیں تو ان کے گھر والےجمع ہوں تاکہ وہ ان دونوں کے درمیان صلح کرا دیں اگر صلح ممکن نہ ہو تومردکے لئے طلاق یا عورت کیلئے خلع لینا جائز ہے۔
(الدرالمختار وردالمحتار، ج:5، ص:87، مکتبہ امدادیہ ملتان)
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ اقدس میں بھی خلع کا ایک واقعہ ہوا تھا۔مشکاۃ شریف میں ہے:
« عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ: أَنَّ امْرَأَةَ ثَابِتِ بْنِ قِيسٍ أَتَتِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَتْ: يَا رَسُولَ اللَّهِ ثَابِتُ بْنُ قَيْسٍ مَا أَعْتِبُ عَلَيْهِ فِي خُلُقٍ وَلَا دِينٍ وَلَكِنِّي أَكْرَهُ الْكُفْرَ فِي الْإِسْلَامِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَتَرُدِّينَ عَلَيْهِ حَدِيقَتَهُ؟ قَالَتْ: نَعَمْ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: اقْبَلِ الْحَدِيقَةَ وَطَلِّقْهَا تَطْلِيقَةً».
ترجمہ: حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کہ حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ کی زوجہ نے حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کرعرض کیا: یارسول اللہ ﷺ مجھے حضرت ثابت بن قیس کی عادت و دین میں کو ئی اعتراض نہیں مگر میں اسلام میں کفر کو پسند نہیں کرتی(یعنی ان کا دین واسلام تو مجھے پسند ہے ،لیکن میں ان کے پاس رہنا پسند نہیں کرتی) رسول اللہ ﷺنے پوچھا: کیا تم ان کا( مہر میں لیا ہوا)باغ لوٹا دو گی؟ وہ بولیں ہاں, رسول ﷺ نے(حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ کو) فرمایا: باغ قبو ل کر لو اور انہیں ایک طلاق دے دو۔
( مشکوۃ کتاب النکاح ،باب الخلع والطلاق ،ص:291، مکتبہ رحمانیہ، لاہور )
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب