سوال
کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میں نے اپنی منکوحہ کو فون پر اتنا کہا"میں تمہیں طلاق"بس اتنا کہہ کر خاموش ہوگیا کیا اس صورت میں طلاق واقع ہوگی یا نہیں شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں ؟بینوا توجروا! سائل: محمد رفیق نوٹ: بیوی کا بیان بھی یہی ہے کہ شوہر نے بس اتناکہاتھااس سے زیادہ کچھ نہیں کہا۔ اور لڑائی کے درمیان یہ کہاتھا لیکن اس سے پہلے کوئی طلاق کی بات یا طلاق کا مطالبہ وغیرہ نہیں تھا۔ اور شوہر حلفاً اقرار کر رہا ہے کہ میری اس سے طلاق کی کوئی نیت نہیں تھی میں نے صرف بیوی کو ڈرانے کےلئے یہ الفاظ کہے تھے ۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرعی یہ ہےکہ آپ کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی اور وہ بدستور آپ کے نکاح میں موجود ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ طلاق کے واقع ہونے کےلئے ضروری ہے کہ شوہر بیوی کی طرف نسبت کرتےہوئے طلاق کا باقاعدہ انشاء (ایساکلام جو کسی حکم یا عمل کو وجود میں لائے) جیسے(میں تمہیں طلاق دیتاہوں ،طلاق دی )یا اقرار(ایساکلام جو پہلے سے موجود کسی واقعہ کی خبر دے یااعتراف کرے)جیسے(میں اپنی بیوی کو طلاق دے چکا ہوں ،طلاق دی تھی ) کرے جبکہ مذکورہ الفاظ "میں تمہیں طلاق " میں اگر چہ بیوی کی طرف اضافت موجود ہے لیکن یہ انشاءِ طلاق ہے نہ اقرارِ طلاق کیونکہ اس کےساتھ کوئی ایسا لفظ نہیں بولا جو طلاق کے وقوع پر دلالت کرےاور وقوعِ طلاق کےلئے ایقاعِ طلاق ضروری ہے ورنہ ہر طلاق کے تلفظ کرنے والے کی بیوی کو طلاق واقع ہوجائے گی ۔
ردالمحتار علی الدر المختار میں ہے:
" الطلاق لا یکون الا انشاء"
ترجمہ: طلاق واقع نہیں ہوتی مگر انشاء سے۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الطلاق ،باب الصریح ،ج،4،ص،495،مکتبہ رحمانیہ)
اسی میں اقرار سے طلاق کے وقوع کے حوالہ سے ہے:
"ولو اقر بالطلاق کاذبااو ھازلا وقع قضاء"
ترجمہ:اور اگر شوہر طلاق کا جھوٹایا بطورِ مذاق اقرار کرے تو قضاء طلاق واقع ہوجائے گی ۔
(ردالمحتار علی الدر المختار،کتاب الطلاق،ج،4،ص،428،مکتبہ رحمانیہ)
خلاصہ: آپ کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی اور وہ بدستور آپ کے نکاح میں موجود ہے۔
واللہ اعلم بالصواب