دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

میں تمہیں طلاق دیتا ہوں تو میرے تن پر حرام ہے سے طلاق کا حکم

1622 نومبر، 2026300سوال کنندہ : قاری محمد صدیق،، تحصیل مبارک پور ضلع بہاولپور پنجاب
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے متعلق کہ: محمد اکبر نے بذریعہ وائس میسج اپنی بیوی سے کہا: "میں اپنے ہوش و حواس میں ہو کر تجھے طلاق دیتا ہوں۔ میرے تن پر تو حرام ہے۔ میں تجھے طلاق دیتا ہوں، تو میرے تن پر حرام ہے۔ میں تجھے طلاق دیتا ہوں، تو میرے تن پر حرام ہے۔ جا، تو مجھ سے آزاد ہے۔" صورتِ مسئولہ میں مذکورہ الفاظ سے کون سی اور کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟ نیز "میرے تن پر تو حرام ہے" اور "جا، تو مجھ سے آزاد ہے" کے الفاظ کا شرعی حکم کیا ہے؟ بینوا تؤجروا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں محمد اکبر کی بیوی پر تین طلاق مغلظہ واقع ہوچکی ہیں ، لہذا اس کی بیوی حرمت ِ مغلظہ کے ساتھ اپنے شوہر پر حرام ہوچکی ہے۔ طلاق دینے کا سنت طریقہ یہ ہے کہ ہر طہر میں (یعنی عورت جب مخصوص ایام سے فارغ ہوجائے)ایک طلاق دے۔تین طلاق اکھٹے دینا اس حکم شرعی کے مخالف اور گناہ ہے ۔اس پر شوہر کواس گناہ سے توبہ کرنا واجب ہے،اب بغیر حلالہ شرعی کے ایک دوسرے پر حرام ہیں۔تحلیل ِ شرعی کامطلب یہ ہے کہ جس عورت کو اس کے شوہر نے تین طلاقیں دے دی ہوں وہ عدت (یعنی تین ماہواری ) گزارنے کے بعد دوسرے مرد سے نکاح ِ صحیح کرےاور کم ازکم ایک بار جسمانی تعلق قائم ہونے کے بعدوہ اس کو طلاق دے اورپھر اسکی عدت گذارنے کے بعد پہلے شوہر سے نکاح کر سکتی ہے ۔

اس کی تفصیل یہ ہےکہ شوہر کا اپنی بیوی کو یہ کہنا کہ " تجھےطلاق ديتاہوں" یہ صریح طلاق کے الفاط ہیں ، ان سے بلا نیت بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے،اور اس سے ایک رجعی طلاق واقع ہوگئی ۔اس کے بعد شوہر کا یہ کہنا کہ" ميرےتن پر توحرام ہے" یہ بھی صریح(ملحق بالصریح) طلاق کے الفاط ہیں ، ان سے بھی بلا نیت بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے،تاہم ان الفاظ سےایک بائن طلاق واقع ہوگی ، کیونکہ یہ الفاظ فوری حرمت کے متقاضی ہیں اور وہ طلاقِ بائن ہی سے ہوگی،ایک یہ بائن طلاق اور دوسری" تجھےطلاق ديتاہوں"سے رجعی طلاق مل کر دونوں بائن ہوگئیں کہ بائن رجعی کو بائن کردیتی ہے۔اس کے بعد پھر یہ کہا" ميں تجھےطلاق ديتاہوں" کے صریح الفاظ سے ایک اور طلاق واقع ہوگئی کیونکہ صریح بائن کو لاحق ہوجاتی ہے۔

طلاق کے لئے صریح کی تعریف:

جو لفظ عرف و عادت میں طلاق کے معنی یعنی نکاح کی قید کو ختم کرنے میں اس قدر کثیر الاستعمال ہو جائے کہ جب بھی شوہر اپنی بیوی کے لیے وہ لفظ استعمال کرے تو بغیر کسی قرینہ خارجیہ (غضب یا مذاکره طلاق) کے ذہن طلاق کے معنی کی طرف سبقت کرے تو ایسا لفظ طلاق کے لیے صریح ہے۔

علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :

"صریحہ مالم یستعمل الا فیہ کطلقتک وانت طالق ومطلقہ"

ترجمہ:صریح وہ الفاظ جو طلاق دینے کے لئے استعمال ہوں جیسے میں نے تمہیں طلاق دی اور تم طلاق والی ہو اور مطلقہ ہو ۔

اس کے تحت علامہ شامی علیہ ا لرحمہ فرماتے ہیں:

"فمالا یستعمل فیھا الا فی الطلاق فھو صریح یقع بلا نیۃ"

ترجمہ:جس لفظ کا غالب استعمال طلاق میں ہو تا ہو تو وہ صریح ہے اور اس سے بغیر نیت طلاق کے بھی طلاق ہو جاتی ہے۔

(درمختار مع ردالمحتار ،ج:4،ص:457،مکتبہ امدادیہ ملتان)

فتاویٰ نوریہ میں فقیہ اعظم علامہ ابوالخیر نوراللہ نعیمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:

صریح طلاق کا لفظ شرعاً وہ لفظ ہے جس کا استعمال بمعنائے طلاق عرف ورواج میں اس قدر زیادہ ہو کہ جب بولا جائے طلاق سمجھی جائے، اور طلاق کے سوا کسی اور معنی میں مستعمل نہ ہو کما صرح به ساداتنا الکرام رضی اللہ عنہم۔

(فتاویٰ نوریہ ، ج 3 ، ص: 224، مطبوعہ دار العلوم حنفیہ فریدیہ، اوکاڑہ)

طلاق کے لئے کنایہ کی تعریف:

جو لفظ عرف عام میں طلاق اور غیر طلاق دونوں کے لیے استعمال ہو تا ہو ، ایسا لفظ طلاق کے لیے کنایہ ہے۔

تنویر الابصار والد رالمختار میں ہے:

"(كِنَايَتُهُ) عِنْدَ الْفُقَهَاءِ مَا لَم يُوضَعْ لَهُ أَي الطَّلَاقِ (وَاحْتَمَلَهُ) وَغَيْرَهُ (فَ) الْكِنَايَاتُ لَا تَطْلُقُ مَا قَضَاءُ إِلَّا بِنِيَّةٍ أَوْ دَلَالَةِ الخَالِ) وَهِيَ حَالَهُ مُذَاكَرَةِ الطَّلَاقِأَوْ الْغَضَبِ"

ترجمہ: فقہاء کے نزدیک طلاق کے لیے کنایہ الفاظ وہ ہیں جن کی وضع طلاق کے لیے نہ ہوئی ہو اور وہ طلاق و غیر طلاق کا احتمال رکھتے ہوں۔ قضاء کنایہ الفاظ سے طلاق واقع ہونے کی دو ہی صورتیں ہیں۔ یا تو شوہر نے ان الفاظ سے طلاق دینے کی نیت کی ہو یا صورتِ حال نیتِ طلاق پر رہنمائی کرے اور اس سے مراد طلاق کا تذکرہ ہونایا شوہر کا غصے کی حالت میں ہوناہے۔

خاتم المحققین علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ (مَا لَم يُوضَعْ لَهُ) کے تحت لکھتے ہیں:

" أَيْ بَلْ وُضِعَ لِمَا هُوَ أَعَمُّ مِنْهُ وَمِنْ حُكْمِهِ لِأَنَّ مَا سِوَى الثَّلَاثِ الرَّجْعِيَّةِ الآتية لم يُرَدْ بِهِ الطَّلَاقُ أَصْلًا، بَلْ هُوَ حُكْمُهُ في البَيْنُونَةِ مِنْ النِّكَاحَ، وَعَلَيْهِ فَفِي قَوْلِهِ وَاحْتَمَلَهُ تَسَاهُلٌ، وَالْمُرَادُ احْتَمَلَهُ مُتَعَلِّقًا لِمَعْنَاهُ، وَأَفَادَهُ فِي الْفَتْحِ "

ترجمہ: بلکہ اس کی وضع طلاق یا اس کے حکم سے عام کے لئے ہوئی ہو ، کیونکہ تین الفاظ جن سے رجعی طلاق پڑتی ہے کے علاوہ کنایہ کے الفاظ میں اصلا طلاق کا ارادہ نہیں کیا جاتا بلکہ طلاق کے حکم یعنی نکاح سے بینونت مراد ہوتی ہے اس تشریح کے مطابق ماتن کا کنایہ کی تعریف میں "احتمله" کہنے میں تسامح ہے اور ان کی مراد طلاق کے معنی کے متعلق یعنی حکم کا احتمال ہونا ہے فتح القدیر میں اس کا افادہ کیا۔

(رد المحتار ، باب الکنایات ، ج: 4 ، ص : 526 ، مکتبہ امدادیہ ملتان)

علامہ عبد القادر رافعی علیہ الرحمہ تقریرات رافعی میں علامہ ابن عابدین شامی علیہالرحمہ کی عبارت"بَل وُضِعَ لِمَا هُوَ أَعَمُ "کے تحت لکھتے ہیں:

" الْمَقْصُوْدُ تَنْوِيْعُ الْكِنَايَةِ إِلَى نَوْعَيْنِ: الْأَوَّلُ مَا هُوَ أَعَمُّ مِنَ الطَّلَاقِ وَهُوَ الْأَلْفَأَظُ الثَّلَاتُ. وَالثَّانِي مَا هُوَ أَعَمُ مِنْ حُكْمِهِ وَهُوَ بَاقِي الْأَلْفَاظِ فَتَكُوْنُ الْوَاوُ فِي قَوْلِ الْمُحَشي" وَمِنْ حُكْمِهِ وَمَعْنَى أَوْ، تَأمل"

ترجمہ: علامہ شامی کا اس عبارت سے مقصود کنایہ کی دو اقسام کو بیان کرنا ہے۔ پہلی وہ قسم جو طلاق سے اہم ہے اور یہ کنایہ کے وہ تین الفاظ ہیں جن سے رجعی طلاق ہوتی ہے۔ اور دوسری وہ قسم جو طلاق کے حکم یعنی بینونت سے عام ہے اور یہ کنایہ کے بقیہ الفاظ ہیں۔ لہذ اعلامہ شامی کے اس قول " وَمِنْ حُكْمِهِ " میں واؤ بمعنی اَو ہے۔

(تقریرات رافعی، ج 4، ص: 514، مطبوعہ مکتبہ رحمانیہ لاہور)

صریح طلاق صریح و بائن دونوں کو لاحق ہوتی اور بائن صریح کو لاحق ہوتی بائن کو نہیں ۔

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"الطَّلَاقُ الصَّرِيحُ يَلْحَقُ الطَّلَاقَ الصَّرِيحَ بِأَنْ قَالَ أَنْتِ طَالِقٌ وَقَعَتْ طَلْقَةٌ ثُمَّ قَالَ أَنْتِ طَالِقٌ تَقَعُ أُخْرَى وَيَلْحَقُ الْبَائِنُ أَيْضًا بِأَنْ قَالَ لَهَا أَنْتِ بَائِنٌ أَوْ خَالَعَهَا عَلَى مَالٍ ثُمَّ قَالَ لَهَا أَنْتِ طَالِقٌ وَقَعَتْ عِنْدَنَا وَالطَّلَاقُ الْبَائِنُ يَلْحَقُ الطَّلَاقَ الصَّرِيحَ بِأَنْ قَالَ لَهَا أَنْتِ طَالِقٌ ثُمَّ قَالَ لَهَا أَنْتِ بَائِنٌ تَقَعُ طَلْقَةٌ أُخْرَى وَلَا يَلْحَقُ الْبَائِنُ الْبَائِنَ "

ترجمہ:طلاقِ صریح،صریح طلاق کو لاحق ہوتی ہے۔ یوں کہا کہ : تجھے طلاق ہے ایک طلاق واقع ہوگی اس کے بعدکہا تجھے طلاق ہے تو دوسری بھی واقع ہوجائے گی اور صریح بائن کو بھی لاحق ہوتی ہے جیسے اپنی بیوی کہا کہ:انت بائن"یا خلع علی المال دی پھر اپنی بیوی کو کہا تجھے طلاق ہے تو ہمارے نزدیک واقع ہوجائے گیاور طلاقِ بائن صریح طلاق کو لاحق ہوجاتی ہے،یونکہ اپنی بیوی کو کہا: تجھے طلاق ہے ،اس کے بعد اسے کہا:تو بائن ہے،تو دوسری بھی واقع ہوجائے گی ،اور بائن بائن کو لاحق نہیں ہوگی۔

(ج:1،ص:377،دار الفکر بیروت)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

25اپریل2026 ء/7ذیقعدہ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا