سوال
کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ وقار نے ایک سادہ کاغذ پر طلاق کی مندرجہ ذیل تحریر لکھی ۔ میں وقار میں آصفہ کو طلاق دیتا ہوں ،میں وقار میں آصفہ کو طلاق دیتا ہوں ، میں وقار میں آصفہ کو طلاق دیتا ہوں ، اور اس کے بعد اس پر میاں بیوی دونوں نے دستخط بھی کر دیے ۔ (مذکورہ بالا تحریر جو کہ سادے کاغذ پر ہے جس کے متعلق) شوہر کا بیان: میں (وقار) نے ،آصفہ کو طلاق کی نیت سے نہیں بس ڈرانے کے لیے لکھی ہے،اور میرا کوئی ارادہ نہیں تھا چھوڑنے کا۔ زوجہ کا بیان: میں آصفہ ان کی بیوی مجھے یہ جاننا ہے کہ طلاق ہوئی ہے یا نہیں ،وقار کی نیت ڈرانے کی تھی یہ میں مانتی ہوں۔ نوٹ: شوہر نے وائس بھیجی کہ میں حلفاً اللہ کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے جو لکھا اس سے میری طلاق کی نیت نہیں تھی۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم ِ شرع یہ ہے کہ صورت مسئولہ کیونکہ غیرِ مرسومہ طلاق کی ہے اور شوہر حلفیہ کہتا ہے کہ اس کی طلاق کی نیت نہیں تھی اس لئے اس تحریر سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ،اگر شوہر نے جھوٹی قسم اٹھائی ہے ،تو اس کا وبال اس پر ہوگا۔اور شوہر کو چاہیے کہ ڈرانے دھمکانے کے لیے اور بھی کئی طریقے ہیں انکو استعمال کر لے اور طلاق وغیرہ کے الفاظ استعمال کرنے سے احتیاط کرے،اور بلا وجہ اپنی بیوی کو طلاق دینا اللہ تعالی کو سب سے زیادہ نا پسند ہے ۔
سنن ابن ماجہ میں ہے:
"قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: أَبْغَضُ الْحَلَالِ إِلَى اللهِ الطَّلَاقُ"
ترجمہ:حضور علیہ السلام نے فرمایا :حلال چیزوں میں سے طلاق دینا اللہ تعالی کو سب سے زیادہ ناپسند ہے۔
(ابن ماجہ :رقم الحدیث:2018)
ردالمحتارمیں ہے:
" الْقَلَمُ أَحَدُ اللِّسَاْنَيْنِ".
ترجمہ:قلم دو زبانوں میں سے ایک ہے۔
(ردالمحتار علی الد ر المختار، کتاب الحظر والاباحۃ , باب الغیبۃ، ج:9، ص:675 ، مکتبہ رحمانیہ)
الاشباہ والنظائر میں ہے:
" قَاْلَ فِيْ الْهِدَاْيَةِ: الْكِتَاْبُ كَالْخِطَاْبِ".
ترجمہ: هدایۃ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے:تحریرخطاب کی طرح ہے۔
(الاشباہ والنظائر, ج:2، ص:455, مکتبہ ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ کراچی)
تبيين الحقائق میں ہے :
" ثم الكتاب على ثلاث مراتب مستبين مرسوم وهو أن يكون معنوناً أي مصدّراً بالعنوان، وهو أن يكتب في صدره من فلان إلى فلان على ما جرت به العادة في تسيير الكتاب فيكون هذا كالنطق فلزم حجة، ومستبين غير مرسوم كالكتابة على الجدران وأوراق الأشجار أو على الكاغد لا على وجه الرسم فإن هذا يكون لغواً لأنه لا عرف في إظهار الأمر بهذا الطريق فلا يكون حجة إلا بأنضمام شيء آخر إليه كالنية والإشهاد عليه
ترجمہ: پھر تحریر کے تین مراتب ہیں ، مستبینہ مرسومہ ،اور وہ یہ ہے کہ اس کے شروع میں عنوان لکھا ہوا ہو اور وہ یہ ہے کہ اس کے شروع میں لکھے کہ "یہ تحریر فلاں بن فلاں سے فلانہ بنت فلاں کی طرف "اس طریقہ پر جس پر تحریر لکھنے کی عادت جاری ہو، لہذا یہ بولنے کی طرح ہے اور لازم ہے حجت کے طور پر ،اور مستبینہ غیر مرسومہ جیسے دیواروں ، درختوں کے پتوں یا کاغذ پر بغیر کسی رسمی انداز کے لکھنا کیونکہ یہ ( بغیر کسی رسمی انداز کے لکھنا )لغو ہے اس لیے کہ اس طریقہ سے اس معاملہ کو ظاہر کرنے پر کوئی عرف نہیں ہے لہذا یہ حجت نہیں ہوگا البتہ یہ ہے کہ اس کے ساتھ کوئی دوسری چیز مل جائے جیسے نیت کرنا ، گواہ بنانا۔
اس کے تحت حاشیۃالشلبی علی تبیین الحقائق میں ہے :
"( مستبين) وهو صريح لا يحتاج إلى النية اهـ قوله : ( مرسوم) المقصود من المرسوم أن يكون على الوجه المعتاد في إظهار الأمر عرفاً كالكتب المعنونة والمحاضر والسجلات والقصص ونحوها اه يحيى .قوله :) و مستبين غير مرسوم ) وهو كناية فيحتاج إلى النية اهـ قوله : (لا على وجه الرسم( أي لا على وجه المعتاد في إثبات المقاصد كما يكتب على الكاغد لتجربة المداد أو القلم أو الخط ونحوها اهـ قوله : ( كالنية) فإن كان صحيحاً یبين نيته بلسانه، "
ترجمہ: مستبين " (یعنی واضح تحریر ) وہ صریح (صاف) ہوتا ہے جو نیت کا محتاج نہیں ہوتا ،ماتن کا قول ( مرسوم )سے مراد وہ طرزِ تحریر ہے جو عرف کے مطابق کسی بات کو ظاہر کرنے کے لیے ہو ، جیسے عنوان والے خطوط، رپورٹیں ، سرکاری رجسٹر اور اسی قسم کی دیگر تحریریں ،ماتن کا قول( مستبین غیر مرسوم ) ، یہ کنایہ ہوتی ہے اس لیے نیت کی محتاج ہوتی ہے ،ماتن کا قول (نہ رسم کے طریقے پر )یعنی ایسے انداز میں نہ ہو جو مقاصد کو ثابت کرنے کیلئے ہو ، جیسے سیاہی ، قلم یا خط کی مشق کے لیے کاغذ پر کچھ لکھنا وغیر ہ،ماتن کا قول (جیسے نیت ) یعنی اگر لکھنے والا تندرست ہو تو اپنی نیت زبان سے ظاہر کرے۔
(تبیین الحقائق علی کنز الدقائق مع حاشیۃ الشلبی،ج:7 ،ص:448 ،مکتبہ اشرفیہ کوئٹہ)
الدر المختار میں ہے :
"کتب الطلاق ،ان مستبینا علی نحو لوح وقع ان نوی ،وقیل مطلقا، ولو علی نحو الماء فلا مطلقا "
ترجمہ:آدمی نے طلاق کو لکھا اگر وہ مستبینہ (نظر آنے والی ) ہے جیسے تختہ وغیرہ پر لکھا تو طلاق واقع ہوجائے گی اگر نیت کرے اور بعض نے کہا ہے کہ مطلقا طلاق واقع ہوجائے گی ) نیت کرے یا نہ کرے اور اگر پانی وغیرہ پر لکھا ہے تو مطلقا طلاق واقع نہیں ہوگی ۔
اس کے تحت رد المحتار میں ہے :
"الكتابة على نوعين : مرسومة، وغير مرسومة. ونعني بالمرسومة أن يكون مصدراً ومعنوناً مثل ما يكتب إلى الغائب، وغير المرسومة أن لا يكون مصدراً ومعنوناً، وهو على وجهين مستبينة، وغير مستبينة فالمستبينة ما يكتب على الصحيفة والحائط والأرض على وجه يمكن فهمه وقراءته، وغير المستبينة ما يكتب على الهواء والماء وشيء لا يمكن فهمه وقراءته. ففي غير المستبينة لا يقع الطلاق وإن نوى، وإن كانت مستبينة . لكنها غير مرسومة إن نوى الطلاق يقع، وإلا لا، وإن كانت مرسومة يقع الطلاق نوى أو لم ينو :ثم المرسومہ لا تخلو اما ان ارسل الطلاق بان کتب :اما بعد فانت طالق فکما کتب ھذا یقع الطلاق و تلزمھا العدۃ من وقت الکتابۃ "
ترجمہ:کتابت (تحریر) کی دو قسمیں ہیں: مرسومہ اور غیر مرسومہ ،مرسومہ سے مراد وہ تحریر ہے جو باقاعدہ آغاز کے ساتھ ہو اور عنوان دار ہو جیسے غائب شخص کے لیے خط لکھا جاتا ہے ،اور غیر مرسومہ وہ تحریر ہے جو نہ باقاعدہ آغاز کے ساتھ ہو اور نہ ہی عنوان دار ہو ،غیر مرسومہ کی بھی دو صورتیں ہیں: مستبینہ (واضح) اور غیر مستبینہ ( غیر واضح)، مستبینہ (واضح) وہ تحریر جو کسی کاغذ، دیوار اور زمین پر ایسے طریقے سے لکھی گئی ہو کہ اسے سمجھنا اور پڑھنا ممکن ہو، غیر مستبینہ ( غیر واضح) وہ تحریر جو ہوا، پانی یا ایسی جگہ پر لکھی گئی ہو کہ اسے سمجھنا اور پڑھنا ممکن نہ ہو،غیر مستبینہ کی صورت میں طلاق واقع نہیں ہوگی اگر چہ وہ طلاق کی نیت کرلے ،اوراگر مستبینہ ہو مگر مرسومہ نہ ہو، تو اگرطلاق کی نیت کی ہو تو طلاق واقع ہو گی ورنہ نہیں،( اور مستبینہ کی صورت میں ) اگر مرسومہ ہو تو طلاق بہر حال واقع ہو جاتی ہے، چاہے نیت کی ہو یا نہ کی ہو۔پھر مرسومہ اگر مطلق ہو اس میں کوئی قید نہ ہو بایں طور کہ اس نے لکھا "اما بعد ،پس تجھے طلاق ہے "تو جیسے ہی اس نے طلاق لکھی تو طلاق واقع ہوجائے گی اور لکھنے کے وقت سے ہی عدت اس کو لازم ہو جائے گی ۔"
(رد المحتار علی الدر المختار ،ج: 4 ،ص: 442 ،مکتبہ رحمانیہ )
الاختیار لتعلیل المختار میں ہے :
"ومن الکنایات الکتابۃ ،فَإِذَا كَتَبَ طَلَاقَ امْرَأَتِهِ فِي كِتَابٍ أَوْ لَوْحٍ أَوْ عَلَى حَائِطٍ أَوْ أَرْضٍ لَا يَقَعُ إِلَّا بِنِيَّةٍ... وَإِذَا كَتَبَ مَا يَسْتَبِينُ فَلَا يَخْلُو إِمَّا إِنْ كَانَ عَلَى وَجْهِ الْمُخَاطَبَةِ أَوْ لَا، فَإِنْ لَمْ يَكُنْ عَلَى وَجْهِ الْمُخَاطَبَةِ... فَإِنَّهُ يَتَوَقَّفُ عَلَى النِّيَّةِ"
ترجمہ:تحریر (کتابت) کنایات میں سے ہے، پس اگر کسی نے اپنی بیوی کی طلاق کسی خط، تختی، دیوار یا زمین پر لکھی تو وہ بغیر نیت کے واقع نہیں ہو گی۔۔۔ اور جب وہ ایسی تحریر لکھے جو واضح ہو، تو وہ دو حال سے خالی نہیں: یا تو وہ تخاطب (مرسومہ) کے طریقے پر ہو گی یا نہیں۔ پس اگر وہ تخاطب (مرسومہ ) کے طریقے پر نہ ہو، تو اس کا وقوع نیت پر موقوف ہو گا۔
(الاختیار لتعلیل المختار ،ج:3،ص:173, قدیمی کتب خانہ)
واللہ اعلم باالصواب