دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

تحریری طلاق نامے میں صریح طلاق اور لفظِ حرام سے طلاق

21220 نومبر، 2026185
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان شرع متین بابت اس مسئلہ کے کہ محمد اقبال ندیم نے اپنی بیوی کو طلاق دینے کے لیے طلاق نامہ بنوایا اور اس پر اپنے دستخط بھی کرلیے جس میں یہ لکھا تھا کہ " قانون اور شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے من مقریہ ازدواجی رشتہ بدیں طلاق تنسیخ کرتا ہوں ۔ من مقر بقائمہ ہوش و حواس بیانی ہوں کہ میں اپنی بیوی نا ئلہ ارشد کو طلاق دیتا ہوں ۔ آج کی تاریخ سے مسماۃ مذکورہ من مقر پر بطور زوجہ حرام ہو چکی ہے اور آئندہ بھی کسی قسم کا واسطہ نہ رہا۔ اسی لئے عدت کے ایام کی تکمیل کے بعد ، مسماۃ مذکورہ کو پورا اختیار حاصل ہے کہ وہ جس سے چاہے شادی کرے ،من مقر کو اس پر کوئی اعتراض نہ ہوگا "، لہذا مذکورہ طلاق نامہ سے کتنی طلاق واقع ہوگئیں ہیں؟ بینوا توجروا سائل:نادر علی۔بمعرفت:یعقوب حنفی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ مذکورہ طلاق نامہ سے دو طلاق بائنہ واقع ہوچکی ہیں۔اس لئے کہ یہ الفاظ کہ " میں اپنی بیوی نا ئلہ ارشد کو طلاق دیتا ہوں " اگرچہ صریح طلاق کے الفاظ ہیں کہ ان سے رجعی طلاق واقع ہوتی ہے ،لیکن اس کے بعد پھر یہ لکھنا کہ "آج کی تاریخ سے مسماۃ مذکورہ من مقر پر بطور زوجہ حرام ہو چکی ہے" یہ بھی صریح طلاق کے الفاظ ہیں ،لیکن ان الفاظ سے طلاق بائن واقع ہوگی،کیونکہ لفظِ حرام فوراً علیحدہ کا متقاضی ہے،اور وہ طلاقِ بائن میں ہوتی ہے،اور بائن صریح کو ملحق ہوجاتی ہے اور رجعی کو بھی بائن بنادیتی ہے،لہذا مذکورہ صورت میں دو طلاق بائن واقع ہوچکی ہیں۔

نیز طلاقہ نامہ میں مذکورالفاظ " من مقریہ ازدواجی رشتہ بدیں طلاق تنسیخ کرتا ہوں" سے آگے آنے والے الفاظ سے طلاق دینے کا ارادہ کی خبر دینا مقصودہے،جس کی تفصیل گذرچکی۔

طلاق بائن کا حکم یہ ہے کہ اس سے نکاح فوراً ختم ہو جاتا ہے اگر میاں بیوی دوبارہ ایک ساتھ رہنا چاہیں تو دوران عدت اور عدت کے بعد عورت کی رضامندی سے نئے مہر کے ساتھ نکاح کی ضرورت ہو گی ،اور اس نکاح کے بعد میاں بیوی دونوں کو بہت احتیاط سے رہنا ہوگا کہ اب صرف ایک طلاق کا حق شوہر کو باقی ہے اگر خدانخواستہ مزید ایک طلاق دے دی ،تو اس کی بیوی حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام، ہوجائے گی اور بغیر حلالہ شرعی کے حلال نہیں ہوگی۔اور اگر نکاح نہیں کرتے تو عدت پوری کرنے کے بعد عورت کو اختیار ہے جہاں مرضی ہو شادی کر سکتی ہے۔

ردالمحتار میں ہے:

’’ افتی المتاخرون فی علی حرام بانہ طلاق بائن للعرف بلا نیۃ‘‘

ترجمہ:’’ متاخرین نے کہا ’’تو مجھ پر حرام ہے ‘‘کہنے میں طلاق بائنہ ہو گی ،عرف کی وجہ سے نیت کے بغیر بھی واقع ہو گی ‘‘۔

[ردالمحتار ،کتاب الطلاق:،ج:4ص451،مکتبہ رحمانیہ]

فتاوی عالمگیری ہے:

’’اذاکان الطلاق بائنادون الثلاث فلہ ان یتزوجہا فی العدۃوبعدانقضائہا‘‘

ترجمہ:’’جب طلاق بائنہ ہواورتین سے کم ہوں توخاوندکوعدت کے اندر اورختم ہونے پر دوبارہ نکاح کرناجائز ہوگا‘‘۔

[فتاوٰی عالمگیری،کتاب الطلاق، ج:1،ص:506،قدیمی کتب خانہ]۔

در مختار میں ہے:

’’لانہا لاتملک نفسہا الابالبائن ‘‘

ترجمہ:’’بائنہ طلاق سے بیوی نکاح کےلئے خودمختار ہوجاتی ہے‘‘۔

[الدرالمختار،ج :4،ص:489،مکتبہ رحمانیہ ]۔

صریح طلاق صریح کو لاحق ہوجاتی ہے،در مختار مع تنویر الابصار میں ہے:

"(الصريح يلحق الصريح و) يلحق (البائن) بشرط العدة (والبائن يلحق الصريح) الصريح ما لا يحتاج إلى نية بائنا كان الواقع به أو رجعيا"

ترجمہ:عدت کے اندر دی گئی صریح طلاق (پہلی)صریح طلاق کو لاحق ہوجاتی ہے اور طلاقِ صریح بائن کو بھی لاحق ہوجاتی ہے اور بائن صریح طلاق کو لاحق ہوتی ہے،اور صریح وہ طلاق ہے جس میں نیت کی حاجت نہیں اس سے طلاق بائن واقع ہوتی ہو یا رجعی۔

(الدر المختار،ج:4،ص:528،مکتبہ رحمانیہ)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

29/دسمبر/2023 ۔16 جماد الثانی 1445ھ کو جاری کیا گیا