سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ مندرجہ ذیل طلاق نامہ کے متعلق کتنی طلاق واقع ہونگی؟ طلاق نامہ قطعی سہ بار منکہ مسمی شاہد عزیز ولد عبدالعزیز قوم مشوری سکنہ وارڈ نمبر 14/Fمحلہ مدنی ٹاؤن تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ کا مستقل سکونتی ورہائشی ہوں جو کہ بقائمی ہوش و حواس خمسہ تندرستی بدن برضامندی خود بلا جبر دیگر کسی شخص کے اسطور پر اقرار کرتا اور تحریر کردیتا ہوں کہ من مقر کا رہائشی نکاح ہمراه مسماة سمر امر ید دختر مرید حسین قوم مشوری سکنہ وارڈ نمبر 14/F محلہ مدنی ٹاؤن تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ سے مورخہ 11.08.2013 ہوا تھا تا حال رخصتی نہ ہوئی ہے حالات سازگار نہ رہے ہیں اس بناء پر ہر دو فریقین کا نباہ اندر حدود قائم کردہ اللہ تعالٰی ناممکن ہو گیا ہے اس بناء پر من مقر نے اپنی منکوحہ مسماۃ سمر امرید کو اپنی رضا مندی سے شرعا قانونا،اخلاقا ، طلاق ثلاث قطعی سہ بار برد گواہان حاشیہ طلاق،طلاق، طلاق دیکر اپنی ذات نفس پر حرام قرار دے دیا ہے آج کے بعد من مقر کا مسماۃ سمر امر ید مذکوریہ سے بطور میاں بیوی کوئی تعلق یا واسطہ نہ رہا ہے۔ مسماۃ سمر امرید بعد شرعی عدت جہاں اور جس سے چاہے اپنا عقد ثانی کر سکتی ہے میرا کوئی عذر اعتراض نہ ہوگا۔ نوٹس زیر دفعہ 7(1) مسلم خاندانی قوانین کا آرڈیننس 1961 میونسپل کمیٹی کوٹ ادو یونین کو نسل ارسال ہے جس کی توثیق بلا عذر کر دوں گا۔ میونسپل کمیٹی یونین کونسل کوٹ ادو مذکور کا اعتبار نوٹس طلاق کر سکتی ہے من مقر کا کوئی عذر اعتراض قابل قبول نہ ہوگا۔ لہٰذا چند حروف بطور طلاق ثلاثہ قطعی سہ بار سندا تحریر کر دیئے ہیں تاکہ سند رہیں اور بوقت ضرورت کام آئیں ۔ مورخہ: 21.08.2021 ۔نوٹ : تینوں نوٹس بیک وقت ارسال ہیں۔ سائل:یعقوب حنفی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں مسماۃ مسماۃ سمر امرید پر ایک طلاق ِبائن واقع ہو گئی ہے۔ اس لئے کہ یہ الفاظ کہ " من مقر نے اپنی منکوحہ مسماۃ سمرا مرید کو اپنی رضا مندی سے شرعا قانونا،اخلاقا ، طلاق ثلاث قطعی سہ بار برد گواہان حاشیہ طلاق،طلاق، طلاق دیکر اپنی ذات نفس پر حرام قرار دے دیا ہے" اگرچہ تین طلاق اور صریح طلاق کے الفاظ ہیں ۔لیکن رخصتی و خلوتِ صحیحہ(یعنی وہ دونوں تنہا اکیلے کسی ایسی جگہ نہیں ملے کہ جہاں تیسرے آدمی کا داخلہ ممنوع ہو ) نہ ہونے کی وجہ سے طلاقہ نامہ میں مذکورہ الفاظ سے ایک طلاق بائن واقع ہوگی ۔کیونکہ جس عورت کے ساتھ خلوت صحیحہ(نکاح کے بعد میاں بیوی والا تعلق قائم کر لیا یا کسی ایسی جگہ جمع ہو ئے جہاں اگر چاہتے تو میاں بیوی والا تعلق قائم کر سکتے تھے اگرچہ تعلق قائم نہ کیا ہو) نہ پائی گئی ہو، اس کو الگ الفاظ سے (لکھ کر یا زبانی ) طلاق دینے سے صرف طلاق کے پہلی لفظ سے ایک طلاق واقع ہوگی اور وہ ایک طلاق سے ہی فورا نکاح سے نکل جاتی ہے مزید طلاق کا محمل نہیں رہتی ،لہذا مذکورہ صرف ایک طلاقِ بائن ہوئی ہے ۔
اور مذکورہ طلاق بائن کا حکم یہ ہے کہ اس سے نکاح فوراً ختم ہو جاتا ہے اور غیر مدخولہ عورت پر عدت بھی واجب نہیں ہے لہذااگر میاں بیوی دوبارہ ایک ساتھ رہنا چاہیں، تو عورت کی رضامندی سے نئے مہر کے ساتھ نکاح کی ضرورت ہو گی ۔
غیر مدخولہ عورت پر عدت بھی نہیں ہے جیساکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِذَا نَکَحْتُمُ الْمُؤْمِنٰتِ ثُمَّ طَلَّقْتُمُوۡہُنَّ مِنۡ قَبْلِ اَنۡ تَمَسُّوۡہُنَّ فَمَا لَکُمْ عَلَیۡہِنَّ مِنْ عِدَّۃٍ تَعْتَدُّوۡنَہَا "
ترجمہ:"جب تم عورتوں سے نکاح کرو پھر مباشرت کرنے سے پہلے انکو طلاق دے دو تو ان عورتوں پر عدت نہیں"
(الاحزاب ،آیت 49)
صدرالشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:’’خلوت صحیحہ یہ ہے کہ زوج وزوجہ ایک مکان میں جمع ہوں اور کوئی چیز مانع جماع نہ ہو یہ خلوت جماع ہی کے حکم میں ہے‘‘۔
[بہارشریعت:،ج:2،ص:68،مکتبۃ المدینہ]۔
غیر مدخولہ کو متفرق طلاق دینے کا حکم بیان کرتے ہوئے علامہ علاؤ الدین حصکفی علیہ الرحمہ درمختار میں فرماتے ہیں:
" وان فرق بوصف او خبر اوجمل بعطف اوغیرہ بانت بالاولی لاالی عدّۃ ولذالم تقع الثانیۃ بخلاف الموطوءۃ حیث یقع الکل۔
ترجمہ: اگر طلاق کو متفرق وصف یا خبریا حکم کے ساتھ متفرق کرے خواہ عطف کے ذریعہ یا بغیر عطف تو عورت پہلی طلاق سے ہی بائنہ ہوجائے گی اور عدت نہ ہوگی، اسی وجہ سے دوسری طلاق واقع نہ ہوگی، اس کے برخلاف اگر وطی شدہ بیوی کو ایسے کہا تو سب طلاقیں واقع ہوں گی۔
(در مختار،ج:4،ص:499،مکتبہ رحمانیہ)۔
اما م اہلسنت امام احمد ضا خان علیہ الرحمہ غیر مدخولہ عورت کے طلاق کے بارے میں فرماتے ہیں:
"زنِ غیر مدخولہ تفریق طلاق کی صلاحیت نہیں رکھتی یعنی غیر مدخولہ کو یوں کہے کہ اس پر دوطلاق یااس پر تین طلاق ،جب تو اس پر دو یا تین طلاقیں ہو ں گی اور اگر دویا تین (بار)یوں، کہا کہ تجھ پر طلاق ،تجھ پر طلاق تو ایک طلاق واقع ہو کر نکاح سے نکل جائے گی باقی لغو جائیں گی "۔
(فتاوی رضویہ : ج12 ،ص437)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب