دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

طلاق کے الفاظ اور ثبوتِ طلاق

22421 نومبر، 2026165
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ آٹھ ماہ پہلے میرے شوہر نے مجھے روڈ پر مارا اور کہاکہ میں تجھے طلاق دیتا ہوں ، دوسرےدن صبح انہوں نے اپنے چچا،پھوپھی اور والدہ کے سامنے کہا کہ اس کو جانے دو یہ" میری طرف سے فارغ ہے "،میری طرف سے دل و دماغ ہر طرف سے فارغ ہے "اور چار سال پہلے اپنے بھائے کے سامنے بھی ایک طلاق دی تھی مگر اس وقت میں موجود نہیں تھی ،میری شادی کو دس سال ہوچکے ہیں ،اور آٹھ ماہ سے میں اور میرا شوہر علیحدہ رہ رہے ہیں،مذکورہ بیان میں مسجد میں بیٹھ کر حلفیہ دیتی ہوں۔ نوٹ: ہم نے محترمہ کے شوہر کا بیان سنا جس میں چار سال اور آٹھ ماہ پہلے دی گئی دونوں طلاق کا اقرار کرتا ہے ،لیکن آگے اس بیان کا منکر ہے کہ میں نےاپنی بیوی کو یہ نہیں بولا کہ " میری طرف سے فارغ ہے "،میری طرف سے دل و دماغ ہر طرف سے فارغ ہے " بلکہ میں نے یہ بولا کہ "یہ اپنے دل و دماغ سے فارغ ہے"شوہر نے یہ حلفیہ بیان دیا ہے۔اورعورت کی طرف سے پیش کردہ تین (دو عورتیں اور ایک مرد)گواہوں میں سےایک عورت (والدہ)کا انتقال ہوچکا ہے باقی ایک عورت و مرد (چچا اور پھپھی) موجود ہیں اگرچہ گواہوں کی تعداد مکمل نہیں (وہ دو مرد یا ایک مرد دو عورتیں ہے)لیکن ہم نے چچااورپھوپھی دونوں سے وضاحت کے پیشِ نظر بیان لیا ، تو انہوں بتایا کہ اس نے کہا کہ "یہ دل و دماغ سے فارغ ہے"اس میں یہ ہم نے نہیں سنا کہ اپنے یا میرے دل و دماغ سے فارغ ہے۔ سائلہ:کنیز فاطمہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

مفتی کا کام پوچھی گئی صورت کا حکم شرع بیان کرنا ہے باقی واقع کی تحقیق و تفتیش مفتی کا کام نہیں ،لہذا اگر شوہر اپنے مذکورہ تمام بیان میں سچا ہے، تو قضاء ً اس کی بیوی پر دو طلاق واقع ہوگئی ہیں،ایک چار سال پہلے دی تھی جس کے بعد شوہر نے رجوع کرلیا اور دوسری آٹھ ماہ پہلے والی ،جس کا شوہر بھی اقرار کرتا ہے ، اس کےعلاوہ وہ الفاظ کہ " میری طرف سے فارغ ہے "،میری طرف سے دل و دماغ ہر طرف سے فارغ ہے "مذکورہ الفاظ کی اگرچہ بیوی مدّعیہ ہے ،لیکن اس کے پاس گواہی کا نصاب(دو مرد یا ایک مرد اور دو عورتیں) موجود نہیں ہے اور جو دو گواہ تھے (ایک عورت اور مرد) وہ ان الفاظ کی گواہ نہیں دے رہے بلکہ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ الفاظ "یہ دل و دماغ سے فارغ ہے"سنے اور شوہر مذکورہ الفاظ کا منکر ہے بلکہ اس کا کہناہے کہ میں نے یہ کہا کہ "یہ اپنے دل و دماغ سے فارغ ہے"لہذا عورت کی طرف سے پیش کردہ الفاظ سے تیسری طلاق واقع نہیں ہوئی ،کیونکہ اس کے پاس گواہی کا نصاب مکمل ہے نہ شوہر ان الفاظ اقرار کرتا ہے اور نہ شوہر کے اقرار کردہ الفاظ طلاق کے الفاظ ہیں، لہذا ان الفاظ سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔نیز عورت کے الفاظ میں بھی واضح احتمال موجود ہے کہ وہ طلاق کیلئے نہ ہو کہ ایسے کلام کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ میرے دل و دماغ میں اس کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی ۔

چونکہ دوسری طلاق صریح دی ہے اور اس میں شوہر کو عدت (اگر عورت کو ماہواری آتی ہے،تو تین ماہواری اگر حاملہ ہے تو وضعِ حمل ہے)کے اندر رجوع کرنے کا اختیار ہوتا ہےلہذااگر اس دوران رجوع نہیں کیا تھا اور اگر عورت کی عدت جاری ہے،تو رجوع کرسکتا ہے ورنہ وہ اب اس کے نکاح سے نکل چکی ہے اگر میاں بیوی دوبارہ ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں ،تو نئے حق مہر کے ساتھ از سرِ نو نیانکاح عورت کی رضا و خوشی کرنا پڑے گا اگرعورت دوبارہ اس کے ساتھ نکاح کرنا نہیں چاہتی ،تو اس کو شریعت کی طرف سے اجازت ہے جہاں چاہے اپنی مرضی سے نکاح کرسکتی ہے۔

طلاق رجعی ایک ہو یا دو اس کا حکم یہ ہے کہ شوہر کو عورت کی عدت یعنی جس ماہواری میں طلاق دی اس کے علاوہ تین ماہواریاں گزرنے سے پہلےپہلے رجوع کرنے کا اختیار ہے۔ اور رجوع یہ ہے کہ شوہر گواہوں کے سامنے کہے کہ میں نے اپنی بیوی کونکاح میں واپس کیا ،یا اپنی بیوی سے جسمانی تعلق قائم کرلے تو رجوع ہو جائے گا۔

شرعی اصول ہے کہ ہر دعویٰ کرنے والے پر پہلے اپنی دعویٰ پر دوعادل مرد یا ایک مرد اور دو عورتیں گواہ لانا لازم ہے، اگر گواہ نہیں لاسکتا ،تو منکر یعنی جس پر دعویٰ کیا جارہا ہے ،کو اپنے اوپر کیئے گئے دعویٰ کا قسم کے ساتھ انکار کرنا ہوگا۔

مدّعی کے پاس گواہ کی موجودگی میں فیصلہ اس کے حق میں ہوگا،اورمدّعی کے پاس گواہ نہ ہونے کی صورت میں مُنکِر کو قسم اٹھانے کا کہا جائے گا قسم اٹھانے کی صورت میں فیصلہ اس کے حق میں دیا جائے گا۔

قضاءً یعنی دینی احکام کے اعتبار سے ثبوت طلاق کے دو طریقے ہیں: ایک یہ کہ شوہر خود طلاق کا اقرار کرے، دوسرا یہ کہ طلاق پر دو گواہ موجود ہوں، اور اگر عورت طلاق کی مدّعیّہ ہے مگر شوہر منکر ہے، تو عدالت اسے قسم دے گی،

کیونکہ رسول اللهﷺ کا ارشاد ہے کہ:

" أَنَّ البَيِّنَةَ عَلَى الْمُدَّعِي، وَاليَمِينَ عَلَى الْمُدَّعَى عَلَيْهِ.

ترجمہ: کسی بھی دعوے کے ثبوت کے لئے مدّعی پرلازم ہےکہ وہ گواہ پیش کرے (ورنہ گواہ نہ ہونے کی صورت میں) مدی علیه اگر قبولِ دعوی کا انکار کرتا ہے تو اسے قسم لی جائے گی۔

(سنن ترمذی، رقم الحدیث:1342)۔

اگر شوہر جھوٹی قسم کھاتا ہے، تو وہ گنہگار ہے، اور آخرت میں الله تعالی کی عدالت میں حقیقتِ واقعہ کے مطابق فیصلہ ہوگا، اور اس کی ساری زندگی گناہ میں گزرے گی۔

عالمگیری میں ہے :

”اذا طلق الرجل تطلیقۃ رجعیۃ او تطلیقتین فلہ ان یراجعھا فی عدتھا رضیت بذٰک او لم ترض کذافی الھدایہ‘‘

ترجمہ:" جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے"۔

[فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی]

اور اسی میں رجعت کا طریقہ اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:

’’ الرجعۃ ابقا النکاح علی ماکا ن مادامت فی العدۃ کذا فی التبین و ھی علی ضربین سنی وبدعی فالسنی ان یراجعھا بالقول ویشھد علی رجعتھا شاھدین ویعلمھا بذلک فاذ اراجعھا بالقول نحو ان یقول لھا راجعتک او راجعت امراتی ولم یشھد علی ذلک او اشھد ولم یعلمھا بذلک فھو بدعی مخالف للسنۃ والر جعۃ صحیحۃ وان راجعھا بالفعل مثل ان یطاھا او یقبلھا بشھوۃ او ینظر الی فرجھا بشھوۃ فانہ یصیر مراجعا عندنا الا انہ ہ یکرہ لہ ذلک ویستحب ان یراجعھا بعد ذلک بالاشھاد کذا فی الجوھر ۃ النیرۃ ‘‘

ترجمہ: رجعت کا معنی یہ ہے کہ نکاح کو پہلے کی طرح باقی رکھناجب تک عورت عدت میں ہے ۔اسی طرح تبین میں ہے اور اس کی دو قسمیں ہیں ایک سنت طریقہ اورایک بدعی یعنی خلاف سنت طریقہ ،پس سنت طریقہ یہ ہے کہ عورت سے زبانی رجوع کرے اور اس رجوع پر دوگواہ بنائے اورعورت کو اس کی خبر دے پس جب زبانی رجوع کرنے لگے تو اس طرح کہے میں نے تجھ سے رجعت کی یا کہے میں نے اپنی عورت سے رجوع کیا اور گواہ نہ بنائے یا گواہ تو بنائے لیکن عورت کو اس کی خبر نہ کی تو یہ طریقہ بدعی خلاف سنت ہے لیکن رجعت صحیح ہے اور اگر بالفعل رجعت کی مثلا اپنی بیوی سے وطی کر لی یا شہوت سے بوسہ لیا یا شہوت سے اس کے فرج کی طرف نظر کی تو ہمارے نزدیک رجعت کرنے والا ہو جائے گا مگر یہ اس کے لیے مکروہ ہےاور مستحب یہ ہے کہ پہلے گواہ بنائے اور پھر رجوع کرے اسی طرح الجوہرۃالنیرہ میں ہے۔

[فتاوی عالمگیری :ج؛1 ؛ص:502؛مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی]۔

اور طلاق کی عدت کی اقسام کے متعلق فتاویٰ سراجیہ میں ہے:

"المطلقۃ تعتد بثلاث حیض ان کانت من ذوات الحیض وبثلاثۃ اشھر ان کانت من ذوات الاشھرکالآیسۃوالصغیرۃ عدۃ الحامل ان تضع حملھا"ملخصا"

ترجمہ:اگر طلاق یافتہ عورت کو حیض آتا ہو تو وہ تین (کامل)حیض کے ساتھ عدت گزارے گی اور (جس کو حیض نہیں آتا)تین مہینوں کے ساتھ عدت گزارے گی اگر ہے مہینوں والی جیسے آئسہ(بوڑھی)اورنابالغہ،حاملہ کی عدت وضع حمل ہے۔

(فتاویٰ سراجیہ،ص:231،مکتبہ زمزم)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

15/مارچ/2024 ۔4 رمضان المبارک 1445ھ کو جاری کیا گیا