سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میری بہن کشف ضرار ساکن سیکٹر 11-Lنارتھ کراچی اور اس کے شوہر اقبال شاہ ساکن سیکٹر 11-L نارتھ کراچی۔میری بہن نے اپنے مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق رہنمائی طلب کی ہے۔ عرض یہ ہے کہ میری شادی کو ایک سال ہوچکاہے میرے شوہر نے مجھے ایک بار پہلے میرے میکے سے واپسی پر ایک جگھڑے میں کہا تھا کہ تم اگر دس بجے سے پہلے گھر نہیں پہنچی تو تمہیں طلاق ہوگی لیکن میں دس بجے سے پہلے گھر پہنچ گئی تھی اس کے بعد بھی کئی جھگڑوں میں میرے شوہر نے بولا کہ اگر نہیں سمجھ آرہا تو تم اپنے باپ کے گھر جاؤ ان تمام جھگڑوں میں وہ لڑنے کے بعد صلح کر لیتے تھے اور مجھے منا لیتے تھے لیکن گزشتہ روز ہمارا جھگڑا ہوا کہ وہ اورنگی ٹاؤن شفٹ ہونا چاہتے تھے اور میں نہیں ہونا چاہتی تھی اس بارے میں جھگڑا بڑھا اور میں نے آفس سے واپس جاتے ہوئے ان کو بولا کہ میں اپنی امی کے گھر جارہی ہوں تو انہوں نے مجھے کال پر کہا کہ اپنے گھر آؤ میں نے کہا کہ میں گھر نہیں آرہی تو انہوں نے مجھے کہا کہ" اگر تم اپنے والدین کے گھر گئی تو میری طرف سے تم آزاد ہوگی "یہ بات دو دفعہ کہی اور پھر کھلے الفاظ میں کہا کہ" میری طرف سے تمہیں طلاق ہوں گی تین اگر تم والدین کے گھر گئی "برائے مہربانی مجھے اس بات سے آگاہ کریں کہ کیامیرا نکاح باقی ہے یا نہیں ؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرعی یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں شوہر نےلڑکی کے والدین کے گھر جانے پر تین طلاق کو معلق کیا ہے اور اس پر تمام ائمہ کا اجماع ہے کہ طلاق کو جس شرط پر معلق کیا جائے اس شرط کے پائے جانے پر وہ طلاق واقع ہوجاتی ہے ،لہذا لڑکی کا اپنے والدین کے گھر جانے کی شرط کے پائے جانے کی وجہ سے شرط پرمعلق تین طلاقیں واقع ہوگئیں اور وہ اپنے شوہر پر تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ، اب بغیر حلالہ شرعی کے میاں بیوی کا ایک ساتھ رہنا ،ناجائز و گناہ اور حرام ہے ۔
طلاق دینے کا سنت طریقہ یہ ہے کہ ہر طہر میں( یعنی جب عورت مخصوص ایام سے فارغ ہوجائے) تو اسوقت ایک طہر میں ایک طلاق دے۔ تین طلاق اکٹھے دینا اس حکم شرعی کے مخالف اور گناہ ہے۔ آپ پر اس گناہ سے توبہ کرنا واجب ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ جب شوہر نےاپنی اہلیہ کو یہ کہا کہ "اگر تم اپنے والدین کے گھر گئی ،تو میری طرف سے تم آزاد ہوگی " یہ ایک طلاق کو والدین کے گھر جانے پر معلق کرنا ہے اور پھر یہ کہنا کہ"میری طرف سے تمہیں طلاق ہوں گی تین اگر تم والدین کے گھر گئی"تو یہ بھی تین طلاق کو والدین کے گھر جانے پر معلق کرناہے چونکہ شوہر"اگرتم والدین کے گھر گئی تو میری طرف سے تم آزاد ہوگی " کے ذریعے پہلے ایک طلاق کو معلق کر چکا تھا اور باقی دو کا اختیار تھا اور بعد میں اسی شرط کے ساتھ مزید تین طلاق معلق کر دیں چونکہ پہلے ایک طلاق معلق ہونے کی وجہ سے اس کو باقی دو طلاق کا اختیار تھا ،لہذا ان تین میں سے دو معلق ہوں گی اور بقیہ ایک لغو ہو جائے گی ، کیونکہ مرد کو کل تین طلاق کا حق ہوتاہے ،اور طلاق کے صریح الفاظ ہونے کی وجہ سے طلاق کی نیت کی حاجت بھی نہیں ہے اورجب عورت تعلیقِ طلاق کے بعد اپنے والدین کے گھر چلی گئی تو شرط کے پائے جانے کی وجہ سے معلق تین طلاقیں واقع ہوگئیں لہذا اب وہ اپنے شوہرپرتین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی جو بغیر حلالہ شرعی کےایک دوسرےکےلئے ہرگز حلال نہیں ہوں گےکیونکہ اس پر جمہور صحابہ ،تابعین ، ائمہ اربعہ،متقدمین و متاخرین فقہاء کا اجماع ہے کہ مدخولہ بیوی کو ایک لفظ سے(جیسے میں نے تجھے تین طلاق دیں)یا الگ الگ الفاظ سےایک ہی مجلس میں(جیسےتجھے طلاق ہے، طلاق ہے، طلاق ہے)یا الگ الگ الفاظ سے الگ الگ مجلس میں تین طلاقیں دی جائیں بہر صورت تین ہی واقع ہوں گی اور وہ تین طلاق کے ساتھ شوہر پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہو جائے گی اور بغیر حلالہ کے اس کےلئے حلال نہیں ہوگی ۔
اور جو لوگ ایک ہی مجلس میں تین طلاق کو ایک کہتے ہیں وہ گمراہ و جاہل اور اجماعِ امَّت کے مخالف ہیں کیونکہ ان کو تین طلاق کے وقوع پر جمہور صحابہ ،تابعین اور ائمہِ اربعہ اور متقدمین و متاخرین فقہاء کے اجماع کاعلم نہیں ہے اور ایسے لوگوں کے فتویٰ پر عمل کرنا حرام،اشد حرام اور گمراہی ہے۔
ہمارے نزدیک "اگر تم والدین کے گھر گئی تو میری طرف سے آزاد ہوگی " فی زمانہ عرف کی وجہ سے طلاق کے صریح الفاظ میں سے ہے،اگر کوئی اس کو الفاظ کنایہ ہونے کی وجہ سے تعلیق طلاق نہ بھی مانےکیونکہ الفاظ کنایہ سے بغیر نیت کے طلاق واقع نہیں ہوتی تب بھی تین طلاقیں واقع ہوجائیں گی کیونکہ " میری طرف سے تمہیں طلاق ہوں گی تین اگر تم والدین کے گھر گئی " یہ طلاق کے صریح الفاظ ہیں اور اس میں تین طلاقوں کی صراحت موجود ہے، لہذا شرط کے پائے جانے پر تین طلاقیں واقع ہوگئیں ۔
ناصر السنہ محی الدین العلامہ ابو زکریا یحی بن شرف النووی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:
"قَاْلَ لِإِمْرَأَتِهِ أَنْتِ طَاْلِقٌ ثَلَاْثاً فَقَاْلَ الشَّاْفِعِيُّ وَمَاْلِكٌ وَأَبُوْ حَنِيْفَةَ وَأَحْمَدَ وَجَمَاْهِيْرُ الْعُلَمَاْءِ مِنَ السَّلَفَ وَالْخَلَفِ يَقَعُ ثَلَاْثاً".
ترجمہ: جس شخص نے اپنی بیوی کو کہا تجھے تین طلاقیں ہیں تو اس کے متعلق امام شافعی، امام مالک، امام اعظم ابو حنیفہ، امام احمد اور جمہور علماء رحمہم اللہ تعالی متقدمین ہوں یا متأخرین سب نے تین طلاق کے واقع ہونے کا فتوی صادر فرمایا۔
(شرح النووی علی المسلم، کتاب الطلاق، باب طلاق الثلاث، ج: 1، ص: 478، مطبوعہ: قدیمی کتب خانہ،کراچی)
عمدۃ القاری شرح بخاری میں ہے:
"مَذْهَبُ جَمَاهِيْرِ الْعُلَمَاْءِ مِنَ التَّابِعِيْنَ وَمَنْ بَعْدَهُمْ مِنْهُم: الْأَوْزَاعِيُّ وَالنَّخَعِيُّ وَالثَّوْرِيُّ وَأَبُو حَنِيْفَةَ وَأَصْحَابُهُ وَمَالِكٌ وَأَصْحَابُهُ وَالشَّافِعِيّ وَأَصْحَاْبُهُ وَأحْمَدُ وَأَصْحَاْبُهُ، وَإِسْحَاْقُ وَأَبُو ثَوْرٍ وَأَبُو عُبَيْدٍ وَآخَرُونَ كَثِيرُوْنَ، عَلَى أَنَّ مَنْ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ ثَلَاْثًا وَقَعْنَ، وَلَكِنَّهُ يَأْثَمُ، وَقَاْلُوْا: مَنْ خَاْلَفَ فِيهِ فَهُوَ شَاْذٌّ مُخَاْلِفٌ لِأَهْلِ السُّنَّةِ، وَإِنَّمَا تَعَلَّقُ بِهِ أَهْلَ الْبِدْعِ".
ترجمہ: تابعین اور ان کے بعد والوں میں سے جمہور امام اوزاعی، علامہ نخعی، علامہ ثوری، امام ابو حنیفہ اور ان کے اصحاب، امام مالک اور ان کے اصحاب، امام شافعی اوران کے اصحاب، امام احمد بن حنبل اوران کے اصحاب، علامہ اسحاق، علامہ ابو ثور، علامہ ابو عبید اور بہت سے متاخرین کا مذہب یہ ہے کہ جس نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دیں تو تین واقع ہو جائیں گی لیکن اس سے گناہ گار ہوگا اور علماء نے فرمایا جو اس کے خلاف مذہب رکھتا ہو شاذ اور اہل سنت کا مخالف ہے اور اس کا تعلق اہل بدعت سے ہے۔
(عمدۃ القاری شرح صحیح البخاری ،کتاب الطلاق،باب من اجاز طلاق الثلاث ،ج،20،ص،331،مکتبہ رشیدیہ )
ردالمحتار میں ہے:
"وكذا بكلمة واحدة بالأولى. وعن الإمامية : لا يقع بلفظ الثلاث ولا في حالة الحيض؛ لأنه بدعة محرمة. وعن ابن عباس يقع به واحدة، وبه قال ابن إسحاق وطاوس وعكرمة، لما في مسلم أن ابن عباس قال : كان الطلاق على عهد رسول الله ﷺ وأبي بكر وسنتين من خلافة عمر طلاق الثلاث واحدة، فقال عمر : إن الناس قد استعجلوا في أمر كان لهم فيه أناة، فلو أمضيناه عليهم، فأمضاه عليهم. وذهب جمهور الصحابة والتابعين ومن بعدهم من أئمة المسلمين إلى أنه يقع ثلاث .قال في الفتح بعد سوق الأحاديث الدالة عليه : وهذا يعارض ما تقدم، وأما إمضاء عمر الثلاث عليهم مع عدم مخالفة الصحابة له وعلمه بأنها كانت واحدة فلا يمكن إلا وقد اطلعوا في الزمان المتأخر على وجود ناسخ أو لعلمهم بانتهاء الحكم لذلك لعلمهم بإناطته بمعان علموا انتفاءها في الزمن المتأخر
ترجمہ:اور ایک لفط سے بدرجہ اولیٰ طلاق واقع ہوگی امامیہ سے مروی ہے کہ تین طلاقیں ایک ساتھ دینے سے یا حالتِ حیض میں دی گئی طلاق واقع نہیں ہوتی، کیونکہ یہ بدعتِ محرّمہ ہےابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے: تین طلاقوں سے ایک طلاق واقع ہوتی ہے، اور یہی قول ابن اسحاق، طاؤس، اور عکرمہ کا بھی ہےکیونکہ صحیح مسلم میں روایت ہے کہ ابن عباس نے کہا: رسول اللہ ﷺ، ابوبکر رضی اللہ عنہ، اور عمر رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت کے ابتدائی دو سال تک تین طلاقیں ایک طلاق شمار ہوتی تھیں پھر عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: لوگوں نے ایسے معاملے میں جلدبازی شروع کر دی ہے جس میں ان کے لیے مہلت تھی، تو کیوں نہ ہم اس طلاق کو ان پر نافذ کر دیں، پس انہوں نے اسے نافذ کر دیااور صحابۂ کرام، تابعین اور اُن کے بعد آنے والے مسلمانوں کے ائمہ کی اکثریت اس بات کی طرف گئے ہیں کہ تین طلاقیں ایک ساتھ دی جائیں تو بھی واقع ہو جاتی ہیں ، جو روایات اس پر دلالت کرتی ہیں فتح القدیر ان کو پیش کرنے کے بعد فرمایا کہ یہ روایات اس سے پہلے ذکر کردہ بات کے معارض ہیں اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا لوگوں پر تین طلاقوں کو نافذ کرنا، جبکہ صحابہ کرام نے اس کی مخالفت نہیں کی، اس بات کے بغیر ممکن نہیں کہ انہوں نے بعد میں کسی ناسخ (منسوخ کرنے والی دلیل) کے وجود پر اطلاع حاصل کی ہو، یا انہیں اس بات کا علم ہو گیا ہو کہ وہ (پہلا) حکم کسی خاص معنی سے مشروط تھا، اور وہ معانی بعد کے زمانے میں ختم ہو چکے تھے۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،ج،4، ص،423 ، مکتبہ رشیدیہ)
فتح القدیر میں ہے :
" وذهب جمهور الصحابة والتابعين ومن بعدهم من أئمة المسلمين إلى أنه يقع ثلاث. ومن الأدلة في ذلك ما في مصنف ابن أبي شيبة والدارقطني في حديث ابن عمر المتقدم قلت: يا رسول الله أرأيت لو طلقتها ثلاثاً؟ قال : إذا قد عصيت ربك وباتت منك امرأتك وفي سنن أبي داود عن مجاهد قال : كنت عند ابن عباس فجاءه رجل فقال : إنه طلق امرأته ثلاثاً، قال: فسكت حتى ظننت أنه رادها إليه، ثم قال أيطلق أحدكم فيركب الحموقة ثم يقول يا ابن عباس يا ابن عباس؟ فإن الله عز وجل قال ومن يتق الله يجعل له مخرجاً)الطلاق عصيت ربك وبانت منك امرأتك عبد الرزاق في مصنفہ عن عبادة بن الصامت عن النبي صلی الله تعالى عليه وسلم ورضی اللہ تعالیٰ عنهم اجمعين الى ان قال قد اثبتنا النقل عن أكثرهم صريحا بايقاع الثلث ولم يظهر لهم مخالف فما ذا بعد الحق الا الضلال وعن هذا قلنا لو حكم حاكم بان الثلث بفم واحد واحدة لم ينفذ حكمه لا نه لا يسوغ الاجتهاد فيه فهو خلاف لا اختلاف" ( ملخصا )
ترجمہ:صحابہ، تابعین، اور ان کے بعد آنے والے مسلمانوں کے اکثر ائمہ کا موقف یہ ہے کہ تین طلاقیں ایک ساتھ دی جائیں تو بھی واقع ہو جاتی ہیں اس پر دلائل میں سے ایک دلیل ابن ابی شیبہ اور دارقطنی کی روایت کردہ حدیث ہے: ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ! اگر میں نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں ہوں تو آپ اس کے بارے میں کیا فرماتے ہیں ؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: "تب تُو نے اپنے رب کی نافرمانی کی، اور تیری بیوی تجھ سے جدا ہو گئی اور سنن ابی داود میں حضرت مجاہد رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس موجود تھا، ایک آدمی آیا اور کہا: میں نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں۔ تو حضرت عبداللہ ابن عباس خاموش رہے، حتیٰ کہ مجھے لگا وہ شاید رجوع کی اجازت دے دیں گے، پھر کہنے لگے: "کیا تم میں سے کوئی شخص حماقت کرتا ہے (یعنی تین طلاقیں دیتا ہے) پھر کہتا ہے: اے ابن عباس! اے ابن عباس؟ حالانکہ اللہ عزوجل نے فرمایا: اور جو اللہ سے ڈرے گا، اللہ اس کے لیے نجات کا راستہ پیدا کرے گا (سورۃ الطلاق)"۔ پھر فرمایا"تو نے اپنے رب کی نافرمانی کی، اور تیری بیوی تجھ سے جدا ہو گئی امام المحدثین عبدالرزاق نے اپنی "مصنف" میں عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی روایت نقل کی، اور صحابہ رضی اللہ عنہم کے متعلق فرمایاکہ ہم نے ان میں سے اکثر سے واضح طور پر تین طلاق کے وقوع کا قول نقل کیا ہے، اور ان کے خلاف کسی کا قول ظاہر نہیں ہوا، تو پھر حق کے بعد کیا رہ جاتا ہے سوائے گمراہی کے؟اور اسی بنیاد پر ہم نے کہا: اگر کوئی قاضی اس بات کا فیصلہ دے کہ ایک مجلس میں دی گئی تین طلاقیں صرف ایک طلاق شمار ہوں گی، تو اس کا فیصلہ نافذ نہیں ہوگا، کیونکہ اس مسئلے میں اجتہاد کرنا جائز نہیں، یہ "خلاف" ہے، "اختلاف" نہیں۔
(فتح القدیر،ج،3، ص، 451 مکتبہ اشرفیہ)
فتاویٰ رضویہ شریف میں ہے: "ایک جلسہ میں تین طلاقیں ہو جانے پر جمہور صحابہ وتابعین و ائمہ اربعہ رضی اللہ تعالی عنہم کا اجماع ہے امام اجل ابوزکریا نووی شافعی شرح میں مسلم شریف میں فرماتے ہیں :قال الشافعي ومالك و ابو حنيفة واحمد و جماهير العلماء من السلف والخلف يقع الثلث(امام شافعی، امام مالک ، امام ابوحنیفه ، امام احمد اور پہلے اور پچھلے جمہور علماء نے فرمایا تین طلاقیں واقع ہوں گی )۔
(فتاوی رضویہ شریف،ج،12، ص، 377 رضا فاؤنڈیشن)
اسی میں ہے :
"المجيب مصيب في الواقع مذہب منصور و مشرب جمهور و قول ائمہ اربعہ رضی اللہ عنہم یہی ہے کہ صورت مذکورہ میں تین طلاقیں واقع ہوں گی ، ائمہ کرام و علما ئے اعلام شکر اللہ تعالی مساعیہم بحث تمام فرما چکے ، اب با تباع ابن قیم ظاہری المذهب فاسد المشرب سواد اعظم امت و حق واضح کی مخالفت نہ کرے گا الا من سفه نفسه ( مگر وہ جس نے اپنے آپ کو بیوقوف بنایا ہو ۔ ت) اور امیر المومنین غیظ المنافقين امام العادلين حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی شان اجمل و ارفع میں کلمات گستاخی بکنے اور ان کے مؤید کو گمراہ گر کہنے والا کھلا را فضی ہے خذ لهم الله تعالى ، وسيعلم الذين ظلموا اى منقلب ينقلبون له ( اللہ تعالیٰ ان کو ذلیل کرےاور عنقریب ظالم لوگ جان لیں گے کہ وہ کسی طرف پلٹے ہیں ۔
(فتاویٰ رضویہ شریف،ج،12، ص، 404 رضا فاؤنڈیشن)
چاروں مذاہب کی فقہی کتب میں یہ بات موجود ہے کہ تین طلاق بیک وقت دینے سے تین ہی ہوتی ہیں، مثلاً فقہ حنفی کی کتب میں الدر المختار، تبیین الحقائق، النھر الفائق، بدائع الصنائع، فتح القدیر، الجوہرۃ النیرۃ، شرح الوقایۃ، الہدایۃ، البنایۃ، حاشیۃ الطحطاوی وغیرہم میں تین طلاق کو تین ہی شمار کیا اورنافذ کیا ہے۔
تین طلاقیں تین ہونے پر قرآن پاک سے دلیل
الله تعالی نے قرآن پاک میں اولاً دو طلاق کا ذکر کرکے فرمایا کہ اب بھی خاوندکو رجوع کرنے کا حق حاصل ہے اور تیسری طلاق کا ذکر کرنے کے بعد فرمایا کہ اب ان کے درمیان حرمت مغلظہ قائم ہوچکی ہے اور بغیر تحلیلِ شرعی کےواپسی جائز نہیں ہے۔
سورۃ البقرۃ میں اللہ تعالى فرماتا ہے:
الطَّلَاقُ مَرَّتَانِ فَإِمْسَاكٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌ بِإِحْسَانٍ
ترجمہِ کنزالایمان : یہ طلاق دو بار تک ہے پھر بھلائی کے ساتھ روک لینا ہے یا نکوئی کے ساتھ چھوڑدینا ہے"۔
(البقرہ،آیت :229)
پھر دوسرے مقام پر فرمایا:
فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ
ترجمہِ کنزالایمان: پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے"۔
(البقرہ،آیت :229)
مندرجہ بالا دونوں آیاتِ مبارکہ میں اللہ تعالى نے مطلقاً تین طلاق کا حکم بیان فرمایا ہے اور اس کو ایک مجلس یا متعدد مجالس کے ساتھ مقید نہیں کیا،یعنی تین طلاقیں ایک مجلس میں دی جائیں یا ایک ایک سال کے وقفے سے دی جائیں بہرصورت تینوں طلاقیں واقع ہو جائیں گی۔
اسی آیت کے تحت غیر مقلد اہلحدیث کے امام ابن حزم ظاہری نے اپنی کتاب میں لکھا:
"إِنَّ الطَّلَاقَ الثَّلَاثَ مَجْمُوعَةً سُنَّةٌ وَلَا بِدْعَةٌ قَوْلُ اللَّهِ تَعَالَى : ﴿فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ﴾ [البقرة: ٢٣٠) فَهَذَا يَقَعُ عَلَى الثَّلَاثِ مَجْمُوعَةً وَمُفَرَّقَةً، وَلَا يَجُوزُ أَنْ يُخَصَّ بِهَذِهِ الْآيَةِ بَعْضُ ذَلِكَ دُونَ بَعْضٍ "
ترجمہ:یقیناً تین طلاقیں اکٹھی دینا سنت ہے، بدعت نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہےپھر اگر وہ (تیسری بار) اسے طلاق دے دے تو وہ اس کے لیے حلال نہیں ہوگی جب تک کہ کسی اور شوہر سے نکاح نہ کرےپس یہ حکم تین طلاقوں پر صادق آتا ہے، خواہ وہ اکٹھی دی جائیں یا جدا جدااور جائز نہیں کہ بغیر کسی دلیل کے اس آیت کو صرف کسی ایک صورت (یعنی جدا جدا طلاق) کے ساتھ خاص کر دیا جائے۔
( المحلی فی شرح المجلی ،ص،394، ج، 9،دارالفکر بیروت)
تین طلاق تین ہونے پراحادیث سے دلائل
صحاح ستہ کی معتبر کتاب سنن النسائی میں ہے :
«أُخْبِرَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ رَجُلٍ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ ثَلَاثَ تَطْلِيقَاتٍ جَمِيعًا، فَقَامَ غَضْبَانًا ثُمَّ قَالَ: أَيُلْعَبُ بِكِتَابِ اللَّهِ وَأَنَا بَيْنَ أَظْهُرِكُمْ؟ حَتَّى قَامَ رَجُلٌ وَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، أَلَا أَقْتُلُهُ؟».
ترجمہ: رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں ایسے شخص کی خبر دی گئی جس نے اپنی بیوی کواکٹھی تین طلاق دی تھیں، تو آپ ﷺ غضب کی حالت میں کھڑے ہوئے اور فرمایا: کیا اللہ کی کتاب کے ساتھ کھیلا جاتا ہے حالانکہ میں تمہارے درمیان ابھی موجود ہوں، حتى کہ ایک شخص کھڑے ہوئے اور عرض کی یارسول اللہ ﷺآپ حکم فرمائیں تو میں اسے قتل کردوں۔
(سنن النسائي ،رقم الحدیث : 3401)
اگرتین طلاقوں سے ایک ہی طلاق واقع ہوتی ہے تو رسول اللہ ﷺ نے اتنا سخت اظہار ناراضگی کیوں فرمایا؟ یہاں تک کہ ایک صحابی نے اس شخص کے اس جرم کی وجہ سے اسکو قتل کرنے کی اجازت طلب کی۔
امام المحدثین ابو عبد اللہ امام بخاری کے استادِ محترم عظیم محدث امام عبد الرزاق نے اپنی مصنف میں روایت کیا:
«عَنْ دَاوُدَ بْنِ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ قَالَ: طَلَّقَ جَدِّي امْرَأَةً لَهُ أَلْفَ تَطْلِيقَةٍ، فَانْطَلَقَ أَبِي إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَذَكَرَ ذَلِكَ لَهُ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أما اتَّقَى اللَّهَ جَدُّكَ، أَمَّا ثَلَاثٌ فَلَهُ، وَأَمَّا تِسْعُ مِائَةٍ وَسَبْعَةٌ وَتِسْعُونَ فَعُدْوَانٌ وَظُلْمٌ، إِنْ شَاءَ اللَّهُ تَعَالَى عَذَّبَهُ، وَإِنْ شَاءَ غَفَرَ لَهُ»
ترجمہ: حضرت داود بن عبادہ بن صامت فرماتے ہیں کہ میرے دادا نے اپنی بیوی کو ہزار طلاقیں دی تھیں تو میرےوالد رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور ان کی خدمت میں سارا معاملہ عرض کیا، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا آپ کادادا اللہ سے نہیں ڈرتا؟ تین طلاق کا ان کو حق تھا ( وہ واقع ہوگئیں) اور نو سو ستانوے طلاق انکی طرف سے ظلم وزیادتی ہے، اللہ تعالیٰ چاہے تو اس کو عذاب دے اور چاہے تو اس کو معاف فرمادے ۔
(مصنف عبدالرزاق،رقم الحدیث :11339)
صحاح ستہ کی چھٹی کتاب سنن ابن ماجہ کی حدیث پاک ہے:
عَنْ عَامِرٍ الشَّعْبِيِّ:«قَالَ: قُلْتُ لِفَاطِمَةَ بِنْتِ قَيْسٍ: حَدِّثِينِي عَنْ طَلَاقِكِ، قَالَتْ: طَلَّقَنِي زَوْجِي ثَلَاثًا، وَهُوَ خَارِجٌ إِلَى الْيَمَنِ، فَأَجَازَ ذَلِكَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ».
ترجمہ: حضرت عامر شعبی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے فاطمہ بنت قیس سے کہا کہ آپ مجھے اپنی طلاق کا واقعہ بیان کیجئے، انہوں نے جواب دیا مجھے میرے شوہرنے یمن جاتے وقت تین طلاقیں دیں، تو رسول اللہ ﷺ نے یہ تینوں طلاقیں نافذ فرما دیں۔
(سنن ابنِ ماجہ ،رقم الحدیث:2024)
یہ بات ظاہر ہے کہ یہ تین طلاقیں ایک مجلس میں دی گئیں تھیں جبھی تو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے یہ بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺنے یہ طلاقیں نافذ فرمادیں۔ اگر الگ الگ مجلس میں تین طلاقیں واقع نہ ہوتیں تو رسول اللہ ﷺکا ان طلاقوں کو نافذ کرنے کا کیا معنی ہے؟ اسی لئے امام ابن ماجہ نے اس حدیث کیلئے جو باب باندھا وہ "من طلق ثلاثاً فی مجلس واحد "ہے یعنی جو ایک مجلس میں اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے۔
(1)امام المحدثین ابو عبد اللہ بخاری اپنی صحیح بخاری میں حضرت عویمر عجلانی کا واقعہ لعان ذکر کرنے کے بعد نقل فرماتے ہیں:
«فَلَمَّا فَرَغَا، قَالَ عُوَيْمِرٌ: كَذَبْتُ عَلَيْهَا يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنْ أَمْسَكْتُهَا، فَطَلَّقَهَا ثَلاَثًا».
ترجمہ:جب میاں بیوی لعان سے فارغ ہو گئے تو حضرت عویمر نے کہا: یارسول اللہ ﷺاگر میں اسکو روکے رکھوں تو یہ میرا اس پر جھوٹ ہوگا۔ چنانچہ حضرت عویمر نے( اسی وقت ) تین طلاقیں دے دیں۔
(صحيح بخاری، کتاب الطلاق، باب اللعان، حدیث نمبر(5308): 7/53، دار طوق النجاۃ، بیروت۔)
(1)اسی واقعہ کے بارے میں سنن ابی داود میں یہ الفاظ منقول ہیں:
«فَطَلَّقَهَا ثَلَاثَ تَطْلِيقَاتٍ عِنْدَ رَسُولِ اللَّهِ ﷺ، فَأَنْفَذَهُ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ».
ترجمہ:حضرت عویمر عجلانی نے رسول اللہ ﷺکے روبرو تین طلاقیں دیں تو رسول اللہ ﷺنے تینوں طلاقوں کو نافذ فرما دیا۔
(سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب اللعان، حدیث نمبر( 2250): 2/274، المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
امام دار الہجرت عظیم مجتہد ومحدث امام مالك رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے حدیث کی عظیم الشان کتاب موطا امام مالک میں مفسر شہیر حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت کیا:
«أَنَّ رَجُلاً قَالَ لِعَبْدِ اللهِ بْنِ عَبَّاسٍ: إِنِّي طَلَّقْتُ امْرَأَتِي مِائَةَ تَطْلِيقَةٍ، فَمَاذَا تَرَى عَلَيَّ؟ فَقَالَ لَهُ ابْنُ عَبَّاسٍ: طَلُقَتْ مِنْكَ لِثَلاَثٍ، وَسَبْعٌ وَتِسْعُونَ اتَّخَذْتَ آيَاتِ اللهِ هُزُواً».
ترجمہ: ایک شخص نے حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے کہا کہ میں نے اپنی بیوی کو سو طلاقیں دی ہیں تو آپ کیا فرماتے ہیں؟ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما نے فرمایا : تیری عورت کو تیری طرف سے تین طلاقیں واقع ہو گئیں اور باقی ستانوے کی وجہ سے تونے اللہ تعالی کی آیات کو مذاق بنا لیا۔
(مؤطا امام مالک ،باب ماجاء فی البتۃ ،ج،2،ص،550،مکتبہ دارالاحیاء تراث )
علامہ نووی علیہ الرحمہ تحریرفرماتے ہیں:
"فَهَذَا دَلِيْلٌ عَلَى أَنَّهُ لَوْ أَرَاْدَ الثَّلَاْثَ لَوَقَعْنَ وَإِلَّاْ فَلَمْ يَكُنْ لِتَحْلِيْفِهِ مَعْنًى"
ترجمہ: یہ اس بات پر پر دلیل ہے کہ اگر وہ صحابی رسول تین طلاق مراد لیں تو تین طلاق واقع ہو جائیں گی وگرنہ قسم لینے کا کوئی فائدہ نہیں۔
(شرح النووی علی مسلم ،ج،10،ص،71،مکتبہ دارالاحیاء تراث )
غیرمقلدین وہابیہ کے مکڑی کے جالےسے بھی کمزور دلائل کا جواب
غیر مقلدین نے جن روایتوں کو اپنے لئے حجت بنایا ہے ان میں سے ایک صحیح مسلم کی روایت ہے اور دوسری مسند احمد بن حنبل کی روایت ہے۔
غیر مقلدین وہابیہ کی پہلی دلیل:
مسلم والی روایت یہ ہے:
«عن طاؤس عن ابْنِ عَبَّاسٍ، قَالَ: كَانَ الطَّلَاقُ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَأَبِي بَكْرٍ، وَسَنَتَيْنِ مِنْ خِلَافَةِ عُمَرَ، طَلَاقُ الثَّلَاثِ وَاحِدَةً، فَقَالَ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ: إِنَّ النَّاسَ قَدِ اسْتَعْجَلُوا فِي أَمْرٍ قَدْ كَانَتْ لَهُمْ فِيهِ أَنَاةٌ، فَلَوْ أَمْضَيْنَاهُ عَلَيْهِمْ، فَأَمْضَاهُ عَلَيْهِمْ»
ترجمہ: طاؤس حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺاور حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالی عنہ کے عہد اور حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی خلافت کے ابتدائی دو سالوں میں تین طلاق کو ایک شمار کیا جاتاتھا تو حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا: جس کام میں لوگوں کیلئے مہلت تھی اس میں لوگوں نے جلدی کرنا شروع کردی ہے پس اگر ہم تین طلاق نافذ کردیں تو بہتر ہوگا پھر آپ نے تین طلاق کے نافذ ہونے کا حکم دے دیا۔
(صحیح مسلم، کتاب الطلاق، باب الطلاق الثلاث، حدیث نمبر(1472): 3/1099، مطبوعہ: دار احیاء التراث، بیروت)
غیرمقلدین کا مسلم کی حدیث سے استدلال کرنا سات وجوہ سے باطل ہے
(1) طاؤس کویہ روایت بیان کرنے میں مغالطہ اور وہم ہوا ہے۔
امام ماردینی نے صاحب استذکار کے حوالے سے فرمایا:
"إِنَّ هَذِهِ الرِّوَاْيَةَ وَهْمٌ وَغَلَطٌ لَمْ يُعَرِّجْ عَلَيْهَاْ أَحَدٌ مِنَ الْعُلَمَاْءِ".
ترجمہ: یہ روایت وہم اور غلط ہے ، علماء میں سے کسی نے اسکو قبول نہیں کیا۔
(الجوہر النقی: 7/337، مطبوعہ: دار الفکر، بیروت، لبنان)
(2) سید المحدثین امام بخاری کے نزدیک یہ حدیث صحیح نہیں تھی جبھی آپ نے دانستہ طور پر اس حدیث کو اپنی صحیح میں نقل نہیں فرمایا۔
امام بیہقی نے فرمایا:
"وَهَذَا الْحَدِيثُ أَحَدُ مَا اخْتَلَفَ فِيهِ الْبُخَارِيُّ وَمُسْلِمٌ فَأَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ، وَتَرَكَهُ الْبُخَارِيُّ وَأَظُنُّهُ إِنَّمَا تَرَكَهُ لِمُخَالَفَتِهِ سَائِرَ الرِّوَايَاتِ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ".
ترجمہ: يہ روایت ان میں سے ایک ہے جس میں امام بخاری اور امام مسلم کا باہم اختلاف ہے، امام مسلم نے اس حدیث کو اپنی کتاب میں درج کیا لیکن امام بخاری( جو کہ امام مسلم کے استاد بھی ہیں اور انکی حیثیت امام مسلم سے بر تر ہے) نے اس روایت کو اپنی صحیح میں درج نہ کیا کیونکہ یہ روایت تین طلاقوں کے بارے میں حضر ت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کی دیگر تمام روایات کے مخالف ہے۔
( السنن الکبری، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 14974): 7/551،دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
(3) یہ روایت خود حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کے فتوی کے خلاف ہے۔
ایسانہیں ہو سکتا کہ حضرت عبد اللہ ابن عباس ایک روایت نقل کریں اور فتوی اسکے خلاف دیں۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کا فتوی مؤطا امام مالک کے حوالے سےگزر چکا۔ کوئی صحابی جان بوجھ کر حدیث کی مخالفت ہرگز نہیں کرسکتا اسی لئے اہل سنت کے نزدیک تمام صحابہ عادل ہیں۔ اگر مسلم کی اس حدیث کو درست مانا جائے تو حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کی عدالت پر حرف آتا ہے اور یہ بات اہل سنت کو ہرگز گوارانہیں۔ روافض کی طرح غیر مقلدین حضرات کے نزدیک شاید تمام صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم عادل نہیں ہیں اس لئے ان کے نزدیک صحابہ کرام علیہم الرضوان حضور کی صریح حدیث کے برخلاف فتوے دے سکتے ہیں۔
(4) اس روایت میں خلیفہ رسول اللہ ﷺحضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ پر شدید تبراء ہے۔
اس روایت میں یہ ذکر کیا گیا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے طریقےکو چھوڑ کر اپنی طرف سے حکم شریعت میں تبدیلی کردی۔روافض اور غیر مقلدین میں کیا فرق رہ گیا؟ وہ بھی شیخین کریمین رضی اللہ تعالی عنہما پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے خلافت کے حق کو غصب کرکے حکم شریعت میں تبدیلی کردی۔غیر مقلدین بھی اس حدیث سے استدلال کرکے حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ پر تبراء کے مرتکب ہوتے ہیں۔
(5) اس روایت کو درست ماننے سے تمام صحابہ کی عدالت پر حرف آتا ہے۔
اس روایت کو اگر درست مانا جائے تو اس سے یہ لازم آئیگا حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے بر خلاف ایک شرعی حکم میں اپنی طرف سے تبدیلی واقع کردی اور تمام صحابہ کرام نے اس فعل میں حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کا ساتھ دیا اور کسی ایک نے بھی صدائے احتجاج بلند نہیں کی تو جو افراد حکم شریعت کی مخالفت جان بوجھ کریں اور اسکی تائید وحمایت کریں تو ان کو عادل کیسے کہا جا سکتا ہے۔لہذا فرض ہے کہ تمام صحابہ میں نقص ماننے کے بجائے ایسی روایت کو ہی باطل قرار دیا جائے۔
(6) طاؤس کی روایت شاذ ہے۔
یہ روایت شاذ بھی ہے، جیسا کہ ابن حجر عسقلانی نے فتح الباری میں لکھا:
"مُعَاْرَضَتُهُ بِفَتْوَى اِبِنْ عَبَّاْسٍ بِوُقُوْعِ الثَّلَاْثِ، فَلَاْ يَظُنُّ بِاِبْنِ عَبَّاْسٍ أَنَّهُ كَاْنَ عِنْدَهُ هَذَا الْحُكْمُ عَنِ النَّبِيِّ ﷺ ثُمَّ يُفْتِيْ بِخِلَاْفِهِ... أَنَّهُ مَذْهَبٌ شَاْذٌ".
ترجمہ: طاؤس کی روایت حضرت ابن عباس کے تین طلاق کے وقوع والے فتوے کے خلاف ہے، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے یہ متصور نہیں کہ وہ نبی کریم ﷺ سے ایک چیز روایت کریں اور فتوی اس کے خلاف دیں۔۔۔ یہ شاذ مذہب ہے۔
(فتح الباری، کتاب الطلاق: 9/363، مطبوعہ: دارالمعرفہ بیروت لبنان)
(7) طاؤس کو اس روایت میں غیر مدخولہ کی طلاق کے ساتھ مغالطہ لگا ہے۔
تین طلاق کا ایک ہونا غیر مدخولہ عورت کا حکم ہے، طاؤس نے یہ حکم مدخولہ عورت کا بھی سمجھ لیا۔
جیسا کہ ابن ابی شیبہ کی روایت اس پر دلالت کرتی ہے:
«عَنْ لَيْثٍ، عَنْ طَاوُسٍ وَعَطَاءٍ، أَنَّهُمَا قَالَا: إِذَا طَلَّقَ الرَّجُلُ امْرَأَتَهُ ثَلَاثًا، قَبْلَ أَنْ يَدْخُلَ بِهَا فَهِيَ وَاحِدَةٌ».
ترجمہ: لیث روایت کرتے ہیں کہ طاؤس اور عطاء کہتے تھے کہ جب مرد نے اپنی بیوی کو دخول سے قبل تین طلاق دی تو اسے ایک طلاق واقع ہوگی۔
(مصنف ابن ابی شیبہ، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 17878): 4/69، مطبوعہ: مكتبۃ الرشد، ریاض)
مسلم شریف کی حدیث کا صحیح معنی ومحمل:
بالفرض اگر طاؤس کی روایت درست ہو تو اس کا صحیح محمل وہی ہو سکتا ہے جو کمال ابن ہمام نے فرمایا:
"فَتَأْوِيلُهُ أَنَّ قَوْلَ الرَّجُلِ أَنْتِ طَالِقٌ أَنْتِ طَالِقٌ أَنْتِ طَالِقٌ كَانَ وَاحِدَةً فِي الزَّمَنِ الْأَوَّلِ لِقَصْدِهِمْ التَّأْكِيدَ فِي ذَلِكَ الزَّمَانِ، ثُمَّ صَارُوا يَقْصِدُونَ التَّجْدِيدَ فَأَلْزَمَهُمْ عُمَرُ رضي الله عنه ذَلِكَ لِعِلْمِهِ بِقَصْدِهِمْ".
ترجمہ: اس طاؤس کی روایت کی تاویل یہ ہےکہ رسول اللہ ﷺاور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے زمانے میں انت طالق انت طالق انت طالق میں لوگ دوسرے اور تیسرے الفاظِ طلاق سے( نئی طلاق کے بجائے پچھلی طلاق کی) تاکید مراد لیتے تھے، پھر وہ دوسرے اور تیسرے الفاظِ طلاق سے( تاکید کے بجائے ) نئی طلاق مراد لینے لگے تو حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے تین طلاق کے نافذ کرنے کا حکم دے دیا کیونکہ وہ ان کے قصد سے آگاہ تھے۔
(فتح القدیر، کتاب الطلاق، باب طلاق السنۃ: 3/471، مطبوعہ: دارالفکر، بیروت، لبنان)
غیر مقلدین کا اس حدیث سے استدلال کرنا "سوال چنا اور جواب گندم" کے قبیل سے ہے۔اس حدیث میں تو اس بات کا ذکر ہے کہ جب دوسری اور تیسری طلاق سے تاکید مراد لینے کا رواج ہو تو نئی طلاق واقع نہیں ہوگی اور جب دوسری اور تیسری طلاق سے نئی طلاق لینے کا رواج ہو تو ان الفاظوں سے بھی مزید طلاقیں واقع ہو جائیں گی۔غور کیجئے کیا غیر مقلد مولوی سے پوچھے گئے سوال میں کہیں اس بات کی صراحت یا اشارہ موجود ہے کہ سائل نے دوسری یا تیسری مرتبہ طلاق کا لفظ تاکید کیلئے بولا ہو یا ہمارے عرف میں دوسری یا تیسری مرتبہ طلاق کا لفظ تاکید کیلئے کہا جاتا ہو؟ ہرگز نہیں! یہاں تو اس بات کی صراحت ہوتی ہے کہ سائل نے نئی طلاق کے قصد سے ہی دوسری اور تیسری مرتبہ طلاق کا لفظ کہا ہے اور رواج میں بھی دوسری اور تیسری مرتبہ طلاق کے الفاظ سے تاکید کے بجائے نئی طلاقیں مراد ہوتی ہیں ۔ اور ہر ایک تین مرتبہ کہے الفاظوں سے تین مرتبہ طلاق دینا ہی سمجھتا ہے۔ ان تمام باتوں کے برخلاف تین طلاقوں کو ایک ماننا اور دلیل میں اس حدیث کو پیش کرنا، اس کام کو بے وقوفی، جہالت، ہٹ دھرمی، گمراہی کے علاوہ کیا نام دیا جا سکتا ہے؟
غیر مقلدین وہابیہ کی دوسری دلیل:
نام نہادغیر مقلدین وہابی حضرات اپنے مؤقف کی تائید میں حدیثِ رکانہ بھی پیش کرتے ہیں اور اس دلیل کو اپنے زعم میں سب سے مضبوط سمجھتے ہیں۔ وہ روایت یہ ہے:
«عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: طَلَّقَ رُكَانَةُ امْرَأَتَهُ ثَلَاثًا فِي مَجْلِسٍ وَاحِدٍ، فَحَزِنَ عَلَيْهَا حُزْنًا شَدِيدًا، فَسَأَلَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: كَيْفَ طَلَّقْتَهَا؟ قَالَ: طَلَّقْتُهَا ثَلَاثًا، قَالَ: فَقَالَ: فِي مَجْلِسٍ وَاحِدٍ؟ قَالَ: نَعَمْ، قَالَ: فَإِنَّمَا تِلْكَ وَاحِدَةٌ فَأَرْجِعْهَا إِنْ شِئْتَ».
ترجمہ: رکانہ نے اپنی بیوی کو ایک مجلس میں تین طلاق دی تو وہ سخت پریشان ہوئے ، رسول اللہ ﷺنے پوچھا کہ تو نےکیسے طلاق دی تھی ، کہا تین ، آپ ﷺ نے فرمایا : ایک مجلس میں؟ اس نے کہا ہاں، تو آپ ﷺ نے فرمایا: ایک طلاق ہوئی ہے پس اگر چاہے تو رجوع کرلے۔
(مسند احمد، مسند ابن عباس، حدیث نمبر( 2387): 4/215، مطبوعہ: مؤسسۃ الرسالۃ، بیروت)
غیر مقلدین حضرات کا حدیثِ رکانہ سےاستدلال چھ وجوہ سے باطل ہے
(1) یہ حدیث ضعیف ہے اور ضعیف حدیث قابل استدلال نہیں ہے۔
اس حدیث کے متعلق امام ابن جوزی فرماتے ہیں:
"هَذَاْ حَدِيْثٌ لَاْ يَصِحُّ، اِبْنُ إِسْحَاْقٍ مَجْرُوْحٌ وَدَاْوُدُ أَشَدُّ مِنْهُ ضَعْفاً، قَاْلَ اِبْنُ حِبَّاْنَ: فَيَجِبُ مَجَاْنَبَةٌ رِوَاْيَتَهُ وَالظَّاْهِرُ أَنَّهُ مِنْ غَلَطِ الرُّوَاْةِ".
ترجمہ: یہ حدیث صحیح نہیں ہے، ابن اسحاق مجروح ہے اور داود سخت ترین ضعیف ہے، اور ابن حبان فرماتے ہیں: کہ ان کی روایات سے بچنا ضروری ہے، اور ظاہر ہے کہ یہ روایت راویوں کی غلطی ہے۔
(العلل المتناہیہ فی الاحادیث الواہیہ، کتاب النکاح، حدیث نمبر(1059): 2/151، ادارۃ العلوم الاثریۃ، پاکستان)
(2) یہ حدیث منکر ہے۔
حدیث رکانہ ضعیف ہونے کے ساتھ منکربھی ہے جیساکہ کمال الدین ابن ہمام نے اس حدیث کو منکر قرار دیا ہے۔
فتح القدیر میں فرماتے ہیں:
"حَدِيْثُ رِكَاْنَةَ فَمُنْكَرٌ".
ترجمہ: رکانہ کی حدیث منکرہے۔
(فتح القدیر، کتاب الطلاق، باب طلاق السنۃ:3/471، مطبوعہ: دارالفکر، بیروت، لبنان)
(3) حديث ركانہ معلل اور مضطرب ہے۔
امام المحدثین امام بخاری نے اس حدیث کو مضطرب اور معلل قرار دیتے ہوئے اس حدیث کو اپنی صحیح بخاری میں نقل نہیں فرمایا،اگر یہ حدیث صحت کے درجے کو پہنچتی تو وه لازماً اسکو درج فرماتے ۔
(التلخیص الحبیر، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 1603): 3/458، مطبوعہ: دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
امام ابن حجرعسقلانی نے فرمایا:
"وَأَعَلَّهُ الْبُخَاْرِيْ بِالْاِضْطِرَاْبِ، وَعَنْ اِبْنِ عَبَّاْسٍ رَوَاْهُ أَحْمَدُ وَالْحَاْكِمُ وَهُوَ مَعْلُوْلٌ أَيْضاً".
ترجمہ: امام بخاری نےحدیث رکانہ کو اضطراب کی وجہ سے معلل قرار دیا اور حضرت عبد اللہ ابن عباس سے روایت جسکو امام احمد اور امام حاکم نے روایت کیا وہ بھی معلول ہے۔
( سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2208): 2/263، مطبوعہ: المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
(4) حدیث رکانہ مسند احمدکے بجائے جو صحاح ستہ کی کتب حدیث میں درج ہے وہی صحیح ہے اور اسمیں تین طلاق کے بجائےایک طلاق کا ذکر ہے۔
غیر مقلدین وہابیہ مذکورہ حدیثِ رکانہ جو مسند احمد میں ضعیف سند سے روایت کی گئی ہے اس سےتو استدلال کرتے ہیں لیکن اس کے مقابل وہی حدیثِ رکانہ جو سند کے اعتبار سے صحیح ہے اور اسے صحاح ستہ کے تین عظیم محدثین یعنی امام ابو عیسی ترمذی نے جامع الترمذی( حدیث نمبر 1177) میں امام ابو داود نے سنن ابی داود (2206)میں اور امام ابن ماجہ نے سنن ابن ماجہ (2051) میں نقل فرمایا اسکو ترک کردیتے ہیں۔ منکر اور ضعیف حدیث سے استدلال اپنے زعم فاسد کیلئے کیا جا رہا ہے اور صحیح حدیث کو ترک کیا جارہا ہے، کیا دیانت اسی چیزکا نام ہے؟ کیا اسی بوتے پر اپنا نام اہل حدیث رکھا ہے؟
امام ابو داود نے فرمایا:
«قَالَ أَبُو دَاوُدَ: وَهَذَا أَصَحُّ مِنْ حَدِيثِ ابْنِ جُرَيْجٍ أَنَّ رُكَانَةَ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ ثَلَاثًا».
ترجمہ: امام ابو داود نے فرمایا: یہ حدیث ابن جریج کی حدیث سے زیادہ صحیح ہے کہ جس میں یہ ذکر ہے کہ رکانہ نے اپنی بیوی کو تین طلاق دی۔
( سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2208): 2/263، مطبوعہ: المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
ایک طلاق والی صحیح حدیث مبارکہ کی امام ابو داود نے دو سندیں بیان کی:
( 1) نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ۔ ( 2) یزید بن رکانہ۔ دونوں حدیثیں درج ذیل ہیں:
حَدَّثَنَا ابْنُ السَّرْحِ، وَإِبْرَاهِيمُ بْنُ خَالِدٍ الْكَلْبِيُّ أَبُو ثَوْرٍ، فِي آخَرِينَ قَالُوا: حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ إِدْرِيسَ الشَّافِعِيُّ، حَدَّثَنِي عَمِّي مُحَمَّدُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ شَافِعٍ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَلِيِّ بْنِ السَّائِبِ، عَنْ نَافِعِ بْنِ عُجَيْرِ بْنِ عَبْدِ يَزِيدَ بْنِ رُكَانَةَ:«أَنَّ رُكَانَةَ بْنَ عَبْدِ يَزِيدَ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ سُهَيْمَةَ الْبَتَّةَ، فَأَخْبَرَ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِذَلِكَ، وَقَالَ: وَاللَّهِ مَا أَرَدْتُ إِلَّا وَاحِدَةً، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: وَاللَّهِ مَا أَرَدْتَ إِلَّا وَاحِدَةً؟، فَقَالَ رُكَانَةُ: وَاللَّهِ مَا أَرَدْتُ إِلَّا وَاحِدَةً، فَرَدَّهَا إِلَيْهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَطَلَّقَهَا الثَّانِيَةَ فِي زَمَانِ عُمَرَ، وَالثَّالِثَةَ فِي زَمَانِ عُثْمَانَ».
ترجمہ: رکانہ بن عبد یزید نے اپنی بیوی سہیمہ کو طلاق البتہ دی، اور اس معاملےکو رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں پیش کیا اور کہا: اللہ کی قسم میں نے طلاق البتہ سے صرف ایک طلاق کا ارادہ کیا تھا، رسول اللہ ﷺنے فرمایا: اللہ کی قسم تونے ایک طلاق کا ارادہ کیا تھا؟ رکانہ نے عرض کی: اللہ کی قسم میں نے ایک طلاق کا ارادہ کیا تھا، تورسول اللہ ﷺ نے( اسکے ارادے کی تصدیق کرتے ہوئے) انکا نکاح برقرار رکھا، رکانہ نے اپنی بیوی کو دوسری طلاق حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے زمانے میں دی، اور تیسری طلاق حضرت عثمان رضی اللہ تعالی عنہ کے زمانے میں دی۔
(سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2206): 2/263، المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
امام ابو داود نے اس کی دوسری سند اس طرح بیان کی:
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ دَاوُدَ الْعَتَكِيُّ، حَدَّثَنَا جَرِيرُ بْنُ حَازِمٍ، عَنِ الزُّبَيْرِ بْنِ سَعِيدٍ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَلِيِّ بْنِ يَزِيدَ بْنِ رُكَانَةَ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ جَدِّهِ:« أَنَّهُ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ الْبَتَّةَ فَأَتَى رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ: مَا أَرَدْتَ، قَالَ: وَاحِدَةً، قَالَ: آللَّهِ؟ قَالَ: آللَّهِ، قَالَ: هُوَ عَلَى مَا أَرَدْتَ».
ترجمہ: عبد اللہ بن علی بن یزید بن رکانہ اپنے والد سے اور وہ انکے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نےاپنی بیوی کو طلاق البتہ دی تو رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر سارا معاملہ عرض کیا، رسول اللہ ﷺ نے پوچھا تم نے اس لفظ سے کیا ارادہ کیا؟ عرض کیا ایک طلاق، رسول اللہﷺ نے پوچھا کیا اللہ کے نام کا حلف اٹھا کر کہتےہو؟ انہوں نے عرض کیا اللہ کی قسم، رسول اللہ ﷺنے فرمایا وہی طلاق واقع ہوئی جس کا تم نے ارادہ کیا( یعنی ایک طلاق)۔
( سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2208): 2/263، المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
(5) مذکورہ بالا البتہ والی حدیث بھی تین طلاق واقع ہونے پر دلالت کرتی ہے۔
انت طالق البتہ میں لفظ " البتہ" کا معنی کاٹنا ہے اور اس جملے کا مطلب ہے:تجھے ایسی طلاق جو تیرے میرے درمیان نکاح کے تعلق کو کاٹ دے۔اب تعلقِ نکاح کا کٹنا ایک طلاق بائن سے بھی ہوتا ہے اور تین طلاق مُغلَّظہ سے بھی ، لہذا یہ لفظ ایک طلاق بائن کا بھی احتمال رکھتا ہے اور تین طلاق کا بھی احتمال رکھتا ہے،اس زمانے میں" البتہ" کا لفظ عام طور پر تین طلاق کیلئے بولا جاتا تھا اسی لئے رسول اللہ ﷺنے حلف کے ذریعے حضرت رکانہ سے انکی نیت دریافت فرمائی۔ جب انہوں نے حلفیہ یہ بیان دیا کہ میں نے اس لفظ سے ایک طلاق کی نیت کی تھی تو رسول اللہ ﷺنے ایک طلاق بائن کا حکم دےکر دوبارہ بذریعہ نکاح رجوع کا حکم ارشاد فرمایا۔رسول اللہ ﷺ کا انکی نیت پر حلف لینا اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اگر وہ صحابی تین طلاق مراد لیتے یا ایک طلاق مرادنہ لیتے تو حضور علیہ الصلاۃ والسلام تین طلاق کے واقع ہونے کا حکم صادر فرمادیتے۔ اور اگر تین طلاقوں سے ایک ہی طلاق مراد ہوتی تو پھر آپ علیہ الصلاۃ والسلام کے قسم لینے کا کوئی فائدہ نہیں تھا، کہ آپ مطلقاً فرمادیتے ایک ہی طلاق ہوئی ہے تم تین کی نیت کرو یا نہ کرو۔
علامہ نووی علیہ الرحمہ تحریرفرماتے ہیں:
"فَهَذَا دَلِيْلٌ عَلَى أَنَّهُ لَوْ أَرَاْدَ الثَّلَاْثَ لَوَقَعْنَ وَإِلَّاْ فَلَمْ يَكُنْ لِتَحْلِيْفِهِ مَعْنًى".
ترجمہ: یہ اس پر دلیل ہے کہ اگر وہ صحابی رسول تین طلاق مراد لیتے تو تین طلاق واقع ہو جاتیں وگرنہ قسم لینے کا کوئی فائدہ نہیں۔
(شرح النووی علی المسلم، کتاب الطلاق، باب طلاق الثلاث: 1/478، قدیمی کتب خانہ،کراچی)
(6) گھر والے دوسروں کے مقابلے میں اپنے گھر کے معاملات زیادہ بہتر جانتے ہیں۔
امام ابوداد ، امام ترمذی اور امام ابن ماجہ نے حدیث ِرکانہ کوانکے بیٹےیزید بن رکانہ کے حوالے سے اور امام ابوداود نے نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ سے روایت کیا جیساکہ ماقبل دونوں حدیثیں بیان کی جا چکی ہیں، جبکہ امام احمد نے حدیثِ رکانہ کواپنی مسند میں ابن جریج کے حوالے سے روایت کیا،ہر باشعور پر یہ بات واضح ہے کہ جب یزید بن رکانہ اور نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ حضرت رکانہ کے گھرکے افراد میں سے ہیں تویقیناً کسی دوسرے کے مقابلے میں وہ زیادہ جانتے ہیں کہ ان کے بزرگوار حضرت رکانہ نے اپنی اہلیہ کو طلاق البتہ دی تھی یا تین طلاقیں دی تھیں۔ لہذا محدثین نے یزید بن رکانہ اور نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ کی روایت کو ابن جریج کی روایت پر ترجیح دی اور ابن جریج کی روایت کو مجروح اور ناقابل قبول قرار دیا۔
امام ابو داودنے ارشاد فرمایا:
"لَأَنَّهُمْ أَهْلُ بَيْتِهِ وَهُمْ أَعْلَمُ بِهِ".
ترجمہ: یزید بن رکانہ حضرت رکانہ کے گھر کے افراد میں سے ہیں اور وہ اس معاملے کو زیادہ جانتے ہیں۔
(سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2206): 2/263ـ264، مطبوعہ: المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
غیر مقلدین وہابیہ کے اپنے گھر سے ان کے خلاف دلیل
غیر مقلدین کے امام شیخ ابن تیمیہ کے نزدیک بھی حنفی شخص کوتین طلاق کو ایک ماننے کا فتوی دیناباطل اور اجماع کے خلاف ہے۔
نام نہاد غیر مقلدین وہابیہ کے امام شیخ ابن تیمیہ جو تین طلاقوں کو ایک ماننے کے قائل ہیں، انکے بیان کردہ اصول کی روشنی میں حنفی شخص کا ایک مجلس میں تین طلاقیں دینے سے تین ہی واقع ہوتی ہیں۔
شیخ ابن تیمیہ نے اپنے فتاوی میں یہ اصول بیان کیا ہےکہ جو شخص جس مذہب کی تقلید کرتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ اپنے معاملات میں اپنے مذہب ہی کی پیروی کرے، محض اپنے مفادات اور خواہش نفس کی خاطر کسی دوسرے مذہب کی پیروی کرنا ناجائز وحرام اور پوری امت کے خلاف ہے۔ جس طرح آج کل لوگ بغیر سوچے سمجھے وقتی غصے اور جذبات کے تحت اپنی بیوی کو تین طلاق دے دیتے ہیں، پھر جب جذبات ٹھنڈے ہوتے ہیں تو پچھتاوا ہوتا ہے کہ یہ میں نے کیا کردیا؟ جب کسی طرف سے کوئی راستہ نہیں ملتا تو اپنے مفاد کی خاطرفرقہ اہلحدیث کے پاس چلے جاتے ہیں حالانکہ طلاق دینے سے قبل وہ فقہ حنفی کی تقلید کررہے ہوتے ہیں اور تین طلاقوں کو تین ہی ماننے کا اعتقاد رکھتے ہیں۔فرقہ اہلحدیث کے مولوی صاحبان یہ جاننے کے باوجود کہ یہ شخص تین طلاقوں کو تین ہی ماننے کا اعتقاد رکھتا تھا اور اسی اعتقاد کی بنیاد پر اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے چکا ہے اور اب دنیاوی مشکلات اور نفس کے ہاتھوں مجبور ہو کر ہمارے پاس فتوی لینے آیا ہے، یہ نام نہاد اہلحدیث مولوی اپنے امام ابن تیمیہ کی مخالفت کرتے ہوئے سائل کے اعتقاد کے برخلاف ایک طلاق کا گمراہیت اور ہوائے نفس پر مبنی فتوی جاری کردیتے ہیں۔
شیخ ابن تیمیہ كا فتوی اور اصول درج ذیل ہے:
"وَسُئِلَ(ابْنُ تَیْمِيَةَ) عَمَّنْ تَزَوَّجَ امْرَأَةً مِنْ سَنَتَيْنِ ثُمَّ طَلَّقَهَا ثَلَاثًا وَكَانَ وَلِيُّ نِكَاحِهَا فَاسِقًا: فَهَلْ يَصِحُّ عَقْدُ الْفَاسِقِ؛ بِحَيْثُ إذَا طُلِّقَتْ ثَلَاثًا لَا تَحِلُّ لَهُ إلَّا بَعْدَ نِكَاحِ غَيْرِهِ؟ أَوْ لَا يَصِحُّ عَقْدُهُ فَلَهُ أَنْ يَتَزَوَّجَهَا بِعَقْدِ جَدِيدٍ وَوَلِيٍّ مُرْشِدٍ مِنْ غَيْرِ أَنْ يُنْكِحَهَا غَيْرَهُ؟
فَأَجَابَ(ابْنُ تَیْمِيَةَ): الْحَمْدُ لِلَّهِ، إنْ كَانَ قَدْ طَلَّقَهَا ثَلَاثًا فَقَدْ وَقَعَ بِهِ الطَّلَاقُ وَلَيْسَ لِأَحَدِ بَعْدَ الطَّلَاقِ الثَّلَاثِ أَنْ يَنْظُرَ فِي الْوَلِيِّ: هَلْ كَانَ عَدْلًا أَوْ فَاسِقًا؛ لِيَجْعَلَ فِسْقَ الْوَلِيِّ ذَرِيعَةً إلَى عَدَمِ وُقُوعِ الطَّلَاقِ؛ فَإِنَّ أَكْثَرَ الْفُقَهَاءِ يُصَحِّحُونَ وِلَايَةَ الْفَاسِقِ وَأَكْثَرَهُمْ يُوقِعُونَ الطَّلَاقَ فِي مِثْلِ هَذَا النِّكَاحِ؛ بَلْ وَفِي غَيْرِهِ مِنْ الْأَنْكِحَةِ الْفَاسِدَةِ. فَإِذَا فَرَّعَ عَلَى أَنَّ النِّكَاحَ فَاسِدٌ؛ وَأَنَّ الطَّلَاقَ لَا يَقَعُ فِيهِ؛ فَإِنَّمَا يَجُوزُ أَنْ يَسْتَحِلَّ الْحَلَالَ مَنْ يُحَرِّمُ الْحَرَامَ؛ وَلَيْسَ لِأَحَدِ أَنْ يَعْتَقِدَ الشَّيْءَ حَلَالًا حَرَامًا. وَهَذَا الزَّوْجُ كَانَ وَطِئَهَا قَبْلَ الطَّلَاقِ وَلَوْ مَاتَتْ لَوَرِثَهَا: فَهُوَ عَامِلٌ عَلَى صِحَّةِ النِّكَاحِ فَكَيْفَ يَعْمَلُ بَعْدَ الطَّلَاقِ عَلَى فَسَادِهِ فَيَكُونُ النِّكَاحُ صَحِيحًا إذَا كَانَ لَهُ غَرَضٌ فِي صِحَّتِهِ، فَاسِدًا إذْ كَانَ لَهُ غَرَضٌ فِي فَسَادِهِ.
وَهَذَا الْقَوْلُ يُخَالِفُ إجْمَاعَ الْمُسْلِمِينَ؛ إِنَّهُمْ مُتَّفِقُونَ عَلَى أَنَّ مَنْ اعْتَقَدَ حِلَّ الشَّيْءِ كَانَ عَلَيْهِ أَنْ يَعْتَقِدَ ذَلِكَ سَوَاءٌ وَافَقَ غَرَضَهُ أَوْ خَالَفَهُ وَمَنْ اعْتَقَدَ تَحْرِيمَهُ كَانَ عَلَيْهِ أَنْ يَعْتَقِدَ ذَلِكَ فِي الْحَالَيْنِ. وَهَؤُلَاءِ الْمُطَلِّقُونَ لَا يُفَكِّرُونَ فِي فَسَادِ النِّكَاحِ بِفِسْقِ الْوَلِيِّ إلَّا عِنْدَ الطَّلَاقِ الثَّلَاثِ، لَا عِنْدَ الِاسْتِمْتَاعِ وَالتَّوَارُثِ فَيَكُونُونَ فِي وَقْتٍ يُقَلِّدُونَ مَنْ يُفْسِدُهُ وَفِي وَقْتٍ يُقَلِّدُونَ مَنْ يُصَحِّحُهُ بِحَسَبِ الْغَرَضِ وَالْهَوَى وَمِثْلُ هَذَا لَا يَجُوزُ بِاتِّفَاقِ الْأُمَّةِ. وَنَظِيرُ هَذَا أَنْ يَعْتَقِدَ الرَّجُلُ ثُبُوتَ" شُفْعَةِ الْجَوَارِ" إذَا كَانَ طَالِبًا لَهَا وَيَعْتَقِدَ عَدَمَ الثُّبُوتِ إذَا كَانَ مُشْتَرِيًا؛ فَإِنَّ هَذَا لَا يَجُوزُ بِالْإِجْمَاعِ وَهَذَا أَمْرٌ مَبْنِيٌّ عَلَى صِحَّةِ وِلَايَةِ الْفَاسِقِ فِي حَالِ نِكَاحِهِ وَبُنِيَ عَلَى فَسَادِ وِلَايَتِهِ ".
ترجمہ: شیخ ابن تیمیہ سے اس شخص کے بارے میں سوال پوچھا گیا جس نے دو سال قبل ایک عور ت سے نکاح کیا پھر اسے تین طلاقیں دے دیں اور اس عورت کے نکاح کا ولی فاسق تھا تو کیا فاسق کا کیا ہوا عقد نکاح درست واقع ہوا تھا؟ لہذا جب اس نے عورت کوتین طلاقیں دے دی ہیں تو دوسرے مرد سے نکاح کیے بغیر وہ اس مرد کیلئے حلال نہیں ہوگی؟ یا اس شخص کا اس عورت سے نکاح ہی درست نہیں ہوا تھا لہذا بغیر دوسرے مرد سے نکاح کیے اس شخص کیلئے نیک ولی کے ذریعے اسی عورت سے دوبارہ نکاح کرلینا جائز ہے؟
شیخ ابن تیمیہ نے اس سوال کا جواب یوں دیا: الحمد للہ ! جب تین طلاقیں اس نے دے دی ہیں تو تینوں طلاقیں واقع ہو گئی ہیں۔تین طلاقیں دینے کے بعد اب یہ دیکھنا کسی کیلئے جائز نہیں کہ ولی عادل تھا یا فاسق، تاکہ اس بنیاد پر کہ ولی فاسق تھا تین طلاقوں کے وقوع سے بچا جا سکے۔ کیونکہ اکثر فقہاء کے نزدیک فاسق بھی نکاح کا ولی ہو سکتا ہے اور اکثر فقہاء اس طرح کے نکاح میں طلاق واقع ہونے کو درست قرار دیتے ہیں ۔ اسی طرح وہ نکاح (جو بعض کے نزدیک) فاسد ہوں ان میں بھی طلاق کے وقوع کو درست قرار دیتے ہیں ۔ اگر یہ شخص طلاق سے بچنے کیلئے اس بات کو بنیاد بناتا ہے کہ نکاح فاسد ہوا تھا اور اس وجہ سے اس کی دی ہوئی طلاقیں واقع نہیں ہوئیں تو اس سے یہ لازم آتا ہے کہ جو شخص کسی چیز کو حرام قرار دیتاہو پھر اسی کو حلال قرار دینے لگ جائے، حالانکہ کسی چیز کو حلال اور پھر اسی چیز کو حرام قرار دینا کسی کیلئے بھی جائز نہیں ہے۔ یہ نام نہاد شوہر جب اپنی بیوی سے جماع کر رہے تھے یا اگر وہ مر جاتی تو یہ اسکے مال کے وارث بن بیٹھتے اسوقت تو یہ نکاح کو صحیح سمجھ کر یہ افعال انجام دے رہے تھے۔ پس طلاق دینے کے بعد کس طرح یہ شخص نکاح کو فاسد قرار دے سکتا ہے؟ جب اس کی غرض نکاح کو صحیح قرار دینے سے پوری ہور ہی ہو تو نکاح کو درست قرار دیا جائے اور جب اسکی غرض (اور خواہش نفس) اس نکاح کو باطل قرار دینے سے پوری ہوتی ہو تو اس نکاح کو باطل قرار دیا جائے۔ یہ قول( اپنی خواہش نفس کی وجہ سےسابقہ اعتقاد کو تبدیل کرکے نیا اعتقاد اختیار کرلینا اور ايك چیز کو ایک وقت میں حلال اور دوسرے وقت میں حرام قرار دینا) اجماع مسلمین کے مخالف ہے۔
فقہاء اس پر متفق ہیں کہ جو شخص کسی شئے کے حلال ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ اسی اعتقاد کو برقرار رکھے اگرچہ وہ اسکی غرض کے موافق ہو یا مخالف ہو، اسی طرح جو کسی شی کے حرام ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ دونوں حالتوں میں اسی اعتقاد کو برقرار رکھے، اور ان طلاق دینے والوں کو ولی کے فاسق ہونے کی وجہ سےنکاح کے فساد کی فکر تین طلاق دینے کے وقت ہی ہوتی ہے، عورت سے نفع لیتے اور اسکی وراثت سے حصہ لیتے وقت انکو نکاح کا فاسد ہو نا یاد نہیں ہوتا، پس یہ اپنی غرض اور خواہش نفس کے مطابق کبھی اسکی تقلید کرتے ہیں جو اس نکاح کو فاسد قرار دے، اور کبھی اسکی تقلید کرتے ہیں جو اسکو صحیح قرار دے۔ اور اس طرح کرنا کسی کے نزدیک بھی جائز نہیں ہے اس پر پوری امت کا اتفاق ہے۔
(مجموع الفتاوى، باب ارکان النکاح وشروطہ: 32/101، مطبوعہ: مجمع الملک فہد، المدینۃ المنورۃ، السعودیۃ)۔
خط کشیدہ عبارت سے واضح ہوا کہ جس شخص نےتین طلاق دی اور وہ اسوقت حنفی تھا تو اس پرلازم ہے کہ وہ تین طلاق کے واقع ہونے کا اعتقاد رکھے اور اپنی خواہش کے مطابق تین طلاق کو ایک ثابت کرنے کیلئے غیر مقلد اہلحدیثوں کے پاس نہ جائے، انکے اس فتوے کا اس شخص کو کوئی فائدہ نہیں ہوگاکیوں کہ شیخ ابن تیمیہ کے مطابق اس شخص کی عورت اس پر حرام ہی رہے گی اور اس پر ساری امت کا اتفاق اور اجماع ہے۔ فرقہ اہل حدیث کے مولوی صاحبان اپنے امام کی اس عبارت کو بغور پڑھیں، اور اپنے امام کے اصول پر عمل کرتےہوئے کسی حنفی کے پوچھے گئے تین طلاق کے سوال میں ایک طلاق کے واقع ہونے کا فتوی جاری کرکے اجماع کی مخالفت اور امت کے اتفاق کو توڑ نے کی راہ پر نہ چلیں۔
ان تمام دلائل کی روشنی میں عورت پر تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں اور اب تحلیلِ شرعی کے بغیر رجوع کی کوئی صورت نہیں ہے۔
اللہ تعالی کا ارشاد پاک ہے:
فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا أَنْ يَتَرَاجَعَا إِنْ ظَنَّا أَنْ يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ وَتِلْكَ حُدُودُ اللَّهِ يُبَيِّنُهَا لِقَوْمٍ يَعْلَمُونَ
ترجمہ کنزالایمان :" پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے پھر وہ دوسرا اگر اسے طلاق دے دے تو ان دونوں پر گناہ نہیں کہ پھر آپس میں مل جائیں، اگر سمجھتے ہوں کہ اللہ کی حدیں نباہیں گے اوریہ اللہ کی حدیں ہیں جنہیں بیان کرتا ہے دانش مندوں کے لئے"۔
(البقرہ ،آیت:230)
اس آیت کریمہ کے تحت تفسیر روح المعانی میں علامہ آلوسی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"فَإِنْ طَلَّقَهَاْ بَعْدَ الثِّنْتَيْنِ" فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ" أَيْ: مِنْ بَعْدَ التَّطْلِيْقِ" حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ" أَيْ: تَتَزَوَّجُ زَوْجاً غَيْرَهُ، وَيُجَاْمِعُهَاْ فَلَاْ يَكْفِيْ مُجَرَّدُ الْعَقْدِ".
ترجمہ: پس اگر شوہر دو طلاقوں کے بعد تیسری طلاق دے دے تو وہ عورت اس کے لئے حلال نہیں ہو گی حتی کہ دوسرے مرد سے نکاح کر ے اور وہ دوسرا مرد اس سے ازدواجی تعلق بھی قائم کرے، محض نکاح کافی نہیں۔
(تفسیر روح المعانی: 1/535، مطبوعہ: دار الکتب العلمیۃ)۔
اس آیت کی تفسیر خود حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمادی ہے۔صحیح بخاری، صحیح مسلم شریف اورمشکاۃ شریف "باب مطلقہ ثلاثاً " میں
اورترمذی شریف میں ہے:
«وَاللَّفْظُ لَهُ: عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ: جَاءَتْ امْرَأَةُ رِفَاعَةَ القُرَظِيِّ إِلَى رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَتْ: إِنِّي كُنْتُ عِنْدَ رِفَاعَةَ فَطَلَّقَنِي، فَبَتَّ طَلاَقِي، فَتَزَوَّجْتُ عَبْدَ الرَّحْمَنِ بْنَ الزَّبِيرِ وَمَا مَعَهُ إِلاَّ مِثْلُ هُدْبَةِ الثَّوْبِ، فَقَالَ: أَتُرِيدِينَ أَنْ تَرْجِعِي إِلَى رِفَاعَةَ؟ لاَ، حَتَّى تَذُوقِي عُسَيْلَتَهُ وَيَذُوقَ عُسَيْلَتَكِ».
ترجمہ:حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سے روایت ہے آپ فرماتی ہیں‘ حضرت رفاعہ قرظی رضی اللہ عنہ کی عورت رسول اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہوئی اور عرض کی کہ میں حضرت رفاعہ کے پاس تھی آپ نے مجھے تین طلاقیں دے دیں پھر میں نے حضرت عبد الرحمن بن زبیر رضی اللہ عنہ سے نکاح کیا اور ان کا عضو کپڑے کے پھندنے کی طرح ہے (یعنی وہ ازدواجی تعلق پر قدرت نہیں رکھتے)۔حضور ﷺنے پوچھا: کیا تو رفاعہ کی طرف واپس جانا چاہتی ہے؟ یہ جائز نہیں حتی کہ تو اس کاذائقہ چکھے اور وہ تیرا ذائقہ چکھے( یعنی جب تک ازدواجی تعلق قائم نہیں ہوتا اس وقت تک واپس نہیں جا سکتی ہو)۔
(صحیح بخاری،2/801، مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی, صحیح مسلم، 1/463 ، مطبوعہ دار الحدیث)
اس حدیث کے تحت امام ابو عیسی الترمذی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
"حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ، وَالعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ عَامَّةِ أَهْلِ العِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَغَيْرِهِمْ: أَنَّ الرَّجُلَ إِذَا طَلَّقَ امْرَأَتَهُ ثَلاَثًا فَتَزَوَّجَتْ زَوْجًا غَيْرَهُ فَطَلَّقَهَا قَبْلَ أَنْ يَدْخُلَ بِهَا أَنَّهَا لاَ تَحِلُّ لِلزَّوْجِ الأَوَّلِ إِذَا لَمْ يَكُنْ جَامَعَ الزَّوْجُ الآخَرُ".
ترجمہ: حضرت عائشہ کی حدیث صحیح حسن ہے۔ اصحاب النبی اور ان کے علاوہ اہل علم کا اس پر عمل ہے کہ جب زوج نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں اور اس نے دوسرے مرد سے نکاح کیا اور اس(دوسرے شوہر) نے ازدواجی تعلق سے پہلے طلاق دے دی تو وہ عورت پہلے شوہر کیلئے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرا شوہرازدواجی تعلق قائم نہ کرلے۔
(ترمذی شريف، باب النکاح: 1/213، قدیمی کتب خانہ، کراچی)
ہدایہ میں ہے:
"اذا اضافه الی شرط وقع عقیب الشرط مثل ان یقول لامراته ان دخلت الدار فانت طلاق هذا بالاتفاق"
ترجمہ :’’ اگر طلاق کی اضافت شرط کی طرف کی ہو تو شرط کے پائے جانے کے بعد طلاق واقع ہوجائے گی۔یہ متفق علیہ ضابطہ ہے‘‘۔
(ہدايہ مع فتح القدیر ،باب الایمان فی الطلاق ،ج،4،ص:103،مکتبہ اشرفیہ )
غمز عیون البصائر میں ہے :
"ولو قال انت طالق ان دخلت الدار ثلاثا فدخلت مرۃ وقع الثلاث"
ترجمہ : اگر شوہر نے کہا کہ اگر تو گھر میں داخل ہوئی تو تجھے تین طلاقیں پس وہ ایک مرتبہ داخل ہو گئی تو اس کو تین طلاقیں واقع ہوجائیں گی ۔
(غمز اعیون البصائر فی شرح الاشباہ والنظائر ،ج،4،ص،296،مطبوعہ تراث )
ردالمحتار میں ہے :
"قولہ او لم ینو شیئاًلما مر ان الصَّرِيحَ لَا يَحْتَاجُ إلَى النِّيَّةِ۔۔۔۔وَأَمَّا فِي الدِّيَانَةِ فَهِيَ مُعْتَبَرَةٌ، حَتى إذَا نَوَى بِهِ الطَّلَاقَ مِنْ وَثَاقٍ لَا يَقَعُ دِيَانَةً " (ملتقطا)
ترجمہ: ماتن علیہ الرحمہ کا قول کہ یا اس نے کسی چیز کی نیت نہ کی ہو کیونکہ صریح نیت کا محتاج نہیں ہوتا بہر حال دیانۃً تو اس کی نیت معتبر ہوگی یہاں تک کہ جب اس نے بیڑیوں سے آزاد کرنے کی نیت کی ہو تو دیانۃً طلاق واقع نہیں ہوگی ۔
(ردالمحتار علی الدر المختار،کتاب الطلاق،باب الصریح،ج،4،ص، 446،مکتبہ رشیدیہ)
ردالمحتار علی الدرالمختار میں ہے :
"الطلاق لا یزید علی الثلاث "
ترجمہ: تین سے زائد طلاقیں نہیں ہوتیں ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار،کتاب الاقرار،باب الاستثناء و مافی معناہ،ج،12،ص،184،مکتبہ رحمانیہ )
فتاوٰی رضویہ میں ہے :
قاعدہ یہ ہے کہ کسی شرط کے ساتھ معلق طلاق،اس شرط کے پائے جانے پر وقوع پذیر ہوتی ہے گویا کہ اس وقت اس نے طلاق کا تکلم غیر مشروط طور پر کیا ہے ۔۔۔لہذا اگر خاوند نے ۔۔۔کہا تو اگر اس گھر میں داخل ہوئی تو تجھے تین طلاق،تو ۔۔۔ اس کے گھر میں داخل ہونے پر تین طلاقیں واقع ہو جائیں گی ۔
(فتاوٰی رضویہ ،باب التعلیق،ج،13،ص،226،رضا فاؤندیشن لاہور)
بہارِ شریعت میں ہے:
عورت سے کہا اگر تو فلاں کے گھر میں گئی یا تو نے فلاں سے بات کی تو تجھ کو طلاق ہے عورت اُس کے گھر گئی تو طلاق ہو گئی۔
( بہار شریعت ،تعلیق کا بیان ،حصہ ہشتم ،ص،152،دعوتِ اسلامی موبائل ایپ)
خلاصہ :
شوہر نےلڑکی کے والدین کے گھر جانے پر تین طلاق کو معلق کیا ہے اور اس پر تمام ائمہ کا اجماع ہے کہ طلاق کو جس شرط پر معلق کیا جائے اس شرط کے پائے جانے پر وہ طلاق واقع ہوجاتی ہے ،لہذا لڑکی کا اپنے والدین کے گھر جانے کی شرط کے پائے جانے کی وجہ سے شرط پرمعلق تین طلاقیں واقع ہوگئیں اور وہ اپنے شوہر پر تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ، اب بغیر حلالہ شرعی کے میاں بیوی کا ایک ساتھ رہنا ،ناجائز و گناہ اور حرام ہے ۔
واللہ اعلم بالصواب