دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

طلاقِ صریح اور سمجھانے کے دوران طلاق کے الفاظ استعمال نہ کرنے سے طلاق کا حکم

2621 نومبر، 2026175سوال کنندہ : حمزہ شکیل،، جہانگیر روڈ کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ ہم میاں بیوی کا آپس میں تھوڑا بہت جھگڑہوا اسی دوران میں نے اپنی بیگم کو کہا کہ"میں آپ کو طلاق دیتا ہوں" تو بیگم نے فوراً کہا کہ یہ کیا کہہ دیا ہے؟ تو میں نے کہا کہ اس طرح سے طلاق نہیں ہوتی بلکہ طلاق اس طرح ہوتی ہے کہ میں کہوں "میں حمزہ شکیل آپ کو پورے ہوش وحواس میں دیتا ہوں ،دیتا ہوں دیتا ہوں "اس آخری سمجھانے والے جملہ میں طلاق کا لفظ استعمال نہیں کیا،لہذا اس سے کتنی اور کون کون سی طلاق واقع ہوئی ہے۔بینوا توجروا! نوٹ:اس مکمل بیان کی سائل کی اہلیہ نے تصدیق کی ہے۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ اگر آپ نے اس سے پہلے اپنی بیوی کو کوئی طلاق نہیں دی ،تو آپ کی بیوی پر ایک طلاق رجعی واقع ہوگئی ہے ، اس لیے کہ آپ کا اپنی اہلیہ کو یہ کہنا " میں آپ کو طلاق دیتا ہوں "یہ صریح طلاق کے الفاط ہیں ، ان سے بلا نیت بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے،لہٰذاآپ کی بیوی پرایک طلاق رجعی واقع ہوگئی ہے۔

بعد ازاں شوہر نے بطورِ مثال یا سمجھانے کے جو یہ الفاظ کہے کہ:طلاق اس طرح ہوتی ہے کہ میں کہوں"میں حمزہ شکیل آپ کو پورے ہوش و حواس میں دیتا ہوں، دیتا ہوں، دیتا ہوں"تو چونکہ اس جملۂ اخیر میں لفظِ طلاق استعمال نہیں کیا گیا،نیز یہ الفاظ بطور انشاء نہیں کہے گئے،اس لیے ان الفاظ سے کوئی نئی طلاق واقع نہیں ہوئی، بلکہ صرف پہلی ایک طلاقِ رجعی ہی واقع ہوئی ہے۔

طلاق رجعی کا حکم یہ ہے کہ شوہر کو عورت کی عدت یعنی جس ماہواری میں طلاق دی اس کے علاوہ تین ماہواریاں گزرنے سے پہلےپہلے رجوع کرنے کا اختیار ہے۔ اور رجوع یہ ہے کہ شوہر گواہوں کے سامنے کہے کہ میں نے اپنی بیوی کونکاح میں واپس کیا ،یا اپنی بیوی سے جسمانی تعلق قائم کرلے تو رجوع ہو جائے گا چونکہ مذکورہ صورت میں ان الفاظ کے بعد دونوں میاں بیوی کی طرح رِہ رہے ہیں ،لہذا رجوع ہوچکا ہے اور نکاح برقرار ہے، تاہم آئندہ دونوں کو نہایت احتیاط سے زندگی گزارنی چاہیے، کیونکہ اگر مزید دو طلاقیں دے دی گئیں تو عورت شوہر پر ہمیشہ کے لیے حرام ہوجائے گی، اور پھر بغیر حلالۂ شرعی کے دوبارہ نکاح جائز نہ ہوگا۔

نیز یہ سمجھنا کہ طلاق صرف اسی وقت واقع ہوتی ہے جب شوہر اپنا اور اپنے والد کا نام لے کر مخصوص انداز میں طلاق دے، درست نہیں۔ شریعتِ مطہرہ میں طلاق کے وقوع کے لیے نہ کسی خاص مجلس کی شرط ہے، نہ مخصوص الفاظ کے ساتھ اپنا یا والد کا نام لینا ضروری ہے، بلکہ جب شوہر کسی بھی انداز سے اپنی بیوی کی طرف طلاق کی نسبت کردے، تو شرعی شرائط پائے جانے کی صورت میں طلاق واقع ہوجاتی ہے۔اسی طرح طلاق اُن امور میں سے ہے جن میں سنجیدگی اور مذاق دونوں کا اعتبار ہوتا ہے؛ لہٰذا اس باب میں انتہائی احتیاط لازم ہے۔

علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :

"صریحہ مالم یستعمل الافیہ کطلقتک وانت طالق ومطلقہ"

ترجمہ:صریح وہ الفاظ جو طلاق دینے کے لئے استعمال ہوں جیسے میں نے تمہیں طلاق دی اور تم طلاق والی ہو اور مطلقہ ہو ۔

اس کے تحت علامہ شامی علیہ لرحمہ فرماتے ہیں:"

فمالا یستعمل فیھا الا فی الطلاق فھو صریح یقع بلا نیۃ"

ترجمہ:جس لفظ کا غالب استعمال طلاق میں ہو تا ہو تو وہ صریح ہے اور اس سے بغیر نیت طلاق کے بھی طلاق ہو جاتی ہے۔

(درمختار مع ردالمحتار ،ج:4،ص:457،مکتبہ امدادیہ ملتان)

فتاویٰ عالمگیری میں ہے :

"اذا طلق الرجل تطلیقۃ رجعیۃ او تطلیقتین فلہ ان یراجعھا فی عدتھا رضیت بذک او لم ترض کذافی الھدایہ"

ترجمہ: جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے۔

(فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)

اور اسی میں رجعت کا طریقہ اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:

"الرجعۃ ابقا النکاح علی ماکا ن مادامت فی العدۃ کذا فی التبین و ھی علی ضربین سنی وبدعی فالسنی ان یراجعھا بالقول ویشھد علی رجعتھا شاھدین ویعلمھا بذلک فاذ اراجعھا بالقول نحو ان یقول لھا راجعتک او راجعت امراتی ولم یشھد علی ذلک او اشھد ولم یعلمھا بذلک فھو بدعی مخالف للسنۃ والر جعۃ صحیحۃ وان راجعھا بالفعل مثل ان یطاھا او یقبلھا بشھوۃ او ینظر الی فرجھا بشھوۃ فانہ یصیر مراجعا عندنا الا انہ ہ یکرہ لہ ذلک ویستحب ان یراجعھا بعد ذلک بالاشھاد کذا فی الجوھر ۃ النیرۃ"

ترجمہ: رجعت کا معنی یہ ہے کہ نکاح کو پہلے کی طرح باقی رکھناجب تک عورت عدت میں ہے ۔اسی طرح تبین میں ہے اور اس کی دو قسمیں ہیں ایک سنت طریقہ اورایک بدعی یعنی خلاف سنت طریقہ ،پس سنت طریقہ یہ ہے کہ عورت سے زبانی رجوع کرے اور اس رجوع پر دوگواہ بنائے اورعورت کو اس کی خبر دے پس جب زبانی رجوع کرنے لگے تو اس طرح کہے میں نے تجھ سے رجعت کی یا کہے میں نے اپنی عورت سے رجوع کیا اور رجوع پر گواہ نہ بنائے یا گواہ تو بنائے لیکن عورت کو اس کی خبر نہ کی تو یہ طریقہ بدعی خلاف سنت ہے لیکن رجعت صحیح ہے اور اگر بالفعل رجعت کی مثلا اپنی بیوی سے وطی کر لی یا شہوت سے بوسہ لیا یا شہوت سے اس کے فرج کی طرف نظر کی تو ہمارے نزدیک رجعت کرنے والا ہو جائے گا مگر یہ اس کے لیے مکروہ ہےاور مستحب یہ ہے کہ پہلے گواہ بنائے اور پھر رجوع کرے۔ اسی طرح الجوہرۃالنیرہ میں ہے۔

(فتاوی عالمگیری :ج؛1 ؛ص:502؛مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)

امامِ اہلِسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں:

(طلاق)رجعی کہ عدت کے اندر رجعت کا احتیا ردیا جائیگا‘مثلا اگر زبان سے کہہ لے کہ ’’میں نے تجھے اپنے نکاح میں پھیر لیا‘‘ توعورت نکاح سے نکلنے نہ پائے گی، بدستور زوجہ رہے گی اور حکم طلاق زائل نہ ہوگا ۔

(فتاوی رضویہ : ج12؛ص:515،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

14مئی 2026 ء/26ذیقعدہ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا