دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

طلاقِ ثلاثہ

22921 نومبر، 2026208
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام در ایں مسئلہ کہ بیوی کا بیان:میرے شوہر نے لڑائی کے دوران یہ کہا کہ"چل اٹھ کپڑے بیگ میں ڈال میں تجھے طلاق دے رہا ہوں " ابھی دے رہا ہوں ،پھر والدہ کے پاس گئے اور کہا کہ میں اسے تھانے میں جاکر طلاق دے رہاں ہوں ،پھرگھر کی دہلیز پر بھی کھڑے ہوکر انہوں نے اپنی بھائی کے سامنے کہا کہ "میں اسے طلاق دے رہاں ہوں" پھر کہا کہ "چل نکل میرے گھر سے ۔اس پر لڑکی کے پاس شرعی گواہ نہیں۔ شوہر کا بیان:ہم دونوں کمرے میں لڑ رہے تھے میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ تو کیا چاہتی ہے طلاق لینا ؟ جس پر انہوں کہا ہاں دینا؟ پھر میں بولا:چل باہر نکل ،بیگ باندھ "میں تجھے طلاق دے رہاں ہوں "اسکے بعداپنی ساس کو فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "عائشہ کو طلاق دے رہاں"آپ آجاؤ اسے لے جاؤ۔اس کے بعد لڑتے ہوئے امی کے پاس گئے اور وہاں دوسرے بڑے بھائی بھی موجود تھے وہاں پھر کہا کہ"چل تجھے تھانے میں طلاق دونگا"۔ ہم نے پھر سب کے سامنے ساس سے فون پر پوچھا کہ اس دن آپ کے داماد نے کیا الفاظ بولے تھے تو اس نے کہا "مجھے کہا میں طلاق دے دی ہے آپ آجاؤ اسے لے جاؤ۔ لڑکی ایک بھائی کو بھی اس دن فون کرکے کچھ الفاظ بولے تھے ہم نے اس سے بھی سب سامنے فون پر پوچھا تو اس نے کہا کہ مجھے دو بار فون کیا پھلی بار یہ بولا"میں نے چھوڑ دیا ہے اسے لے جاؤ " دوسری بار بولا:میں چھوڑ چکا ہوں اسے لے جاؤ"۔ ہم نے شوہر سے حلفیہ بیان لیا کہ جب آپ نے اپنی ساس کو فون پر یہ کہا کہ "عائشہ کو طلاق دے رہاں ہوں" آپ آجاؤ اسے لے جاؤ سے درج ذیل تین چیزوں میں سے کیا مراد تھی؟ 1:۔ طلاق دی یادے دونگا میں سےمیری کوئی مراد نہیں تھی بس غصے میں نکل گیا ۔ 2:۔میری مراد یہ تھی کہ میں نے طلاق دے دی ہے اسے لے جاؤ ۔ 3:۔میری مراد یہ تھی کہ آپ آجاؤ میں طلاق دیتا ہوں پھر اسے لے جاؤ۔ تو شوہر (سجاد)نے اپنے بھائی،دو بہنوں ، بھابھی، بیوی، بیوی کے بھائی اور کثیر مفتیانِ کرام سامنے قرآن ِ پاک ہاتھ میں پکڑ کر یہ کہا یہ الفاظ کہتے وقت میری کوئی ارادہ نہیں بس غصہ میں طلاق الفاط نکل گئے۔ نوٹ:اس سے قبل دو طلاقِ بائن ہوچکی ہیں جس کے بعد یہ دوبارہ نکاح کرچکے ہیں ۔جس کا فتویٰ دار الافتاء اہلسنت سے لیا تھا اس کی کاپی ہمیں دکھائی گئی ۔ سائل: سجاد ،اکبر روڈ کراچی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرع یہ ہے کہ سجاد اپنی بیوی عائشہ کو تین طلاقیں دے چکا ہے، لہٰذا عائشہ اس پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوچکی ہے۔ اب بغیر تحلیلِ شرعی دونوں کے مابین ازدواجی تعلق قائم کرنا جائز نہیں، اور نہ ہی محض تجدیدِ نکاح سے دونوں دوبارہ ایک دوسرے کے لیے حلال ہوسکتے ہیں۔ عورت عدت گزارنے کے بعد اپنی مرضی سے جہاں چاہے، شرعاً جائز نکاح کرسکتی ہے۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ سجاد اس سے قبل اپنی بیوی عائشہ کو دو طلاقِ بائن دے چکا تھا، جس کے بعد دونوں نے دوبارہ نکاح کرلیا تھا۔ اس سابقہ صورتِ حال کے پیشِ نظر سجاد کے پاس صرف ایک طلاق کا حق باقی تھا۔بعد ازاں دورانِ نزاع سجاد نے اپنی بیوی سے کہا"چل باہر نکل، بیگ باندھ، میں تجھے طلاق دے رہا ہوں" پھر اپنی ساس سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا"عائشہ کو طلاق دے رہا ہوں، آپ آجاؤ، اسے لے جاؤ"۔

اگرچہ مذکورہ جملوں میں سے طلاق کے صریح الفاظ"طلاق دے رہا ہوں" زمانۂ حال پر دلالت کرتے ہیں،تاہم اردو زبان میں مستقبل کا احتمال بھی ہوتا ہے اس لیے ان کے حکم کا تعین محض صیغۂ حال ہونے کی بنا پر نہیں کیا جاسکتا، بلکہ اس میں عرف، سیاق و سباق اور دیگر قرائن کو بھی ملحوظ رکھنا ضروری ہے کیونکہ عرفِ عام میں اس طرح کے الفاظ سے فی الحال کسی کام کے انجام دینے کے ساتھ ساتھ مستقبل قریب میں اسے انجام دینے کا ارادہ بھی مراد لیا جاسکتا ہے۔مثلاً کوئی شخص کسی کام کے متعلق کہے"میں یہ کام کر رہا ہوں" تو اس سے مراد یہ بھی ہوسکتی ہے کہ وہ اسی وقت کام انجام دے رہا ہے، اور یہ بھی کہ وہ عنقریب اسے انجام دینے والا ہے۔ لہٰذا ایسے الفاظ میں مراد کی تعیین کے لیے موقع و محل اور قرائن کو پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔

مذکورہ صورت میں شوہر کا دورانِ نزاع ان الفاظ کا استعمال، بیوی کے مطالبہ طلاق پر اس کو گھر سے نکلنے اور سامان باندھنے کا کہنا پھر یہی الفاظ کہنا، مستقبل میں طلاق دینے کی نفی کرنا،ساس کو فون کرکے اسے لے جانے کے لیے کہنا، نیز ساس اور بیوی کے بھائی کے بیانات، اس امر کے قرائن ہیں کہ ان الفاظ سے محض مستقبل میں طلاق دینے کا وعدہ مراد نہیں تھا، بلکہ اسی وقت طلاق واقع کرنا مقصود تھا۔نیز شوہر نے حلفاً مستقبل مراد نہ لینے کی صراحت بھی کی ہے،لہٰذا مذکورہ تفصیل کے مطابق، سابقہ دو طلاقِ بائن کے بعد دوبارہ نکاح کے تناظر میں، موجودہ الفاظ سے مزید قضاءً ایک طلاق واقع ہونے کے نتیجے میں مجموعی طور پر تین طلاقیں مکمل ہوچکی ہیں، اور عائشہ سجاد پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ہے۔ اب بغیر تحلیلِ شرعی دونوں کا میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنا جائز نہیں، اور نہ ہی باہمی رضامندی یا محض تجدیدِ نکاح کے ذریعے دوبارہ ازدواجی تعلق قائم کیا جاسکتا ہے۔

تحلیل ِ شرعی کامطلب یہ ہے کہ جس عورت کو اس کے شوہر نے تین طلاقیں دے دی ہوں وہ عدت( یعنی تین حیض آکر ختم ہو جائیں اورعدت اسی دن سے شروع ہوگئی جس دن سجاد نے الفاظِ طلاق کہے تھے اگرچہ عورت باقاعدہ عدت میں نہ بیٹھی ہو) گزارنے کے بعد (اگر شوہر کاطلاق کے الفاظ کہنے بعد سے ابھی تک پورےتین حیض آکر ختم ہوگئے تو عدت ختم ہوگئی)دوسرے مرد سے نکاح کرےاور کم ازکم ایک بار جسمانی تعلق قائم ہونے کے بعد وہ اس کو طلاق دے اور پھر اسکی عدت گذارنے کے بعد پہلے شوہر سے نکاح کر سکتی ہے ۔

نیز "میں طلاق دے رہا ہوں"جب تک ان سے مستقبل کا ارادہ نہ ہوصریح طلاق کے الفاظ ہیں ، ان سے بلا نیت بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔

چنانچہ علامہ علاؤالدین حصکفی در مختار میں فرماتے ہیں:

"صریحہ مالم یستعمل الا فیہ کطلقتک وانت طالق ومطلقہ"

ترجمہ:صریح وہ الفاظ جو طلاق دینے کے لئے استعمال ہوں جیسے میں نے تمہیں طلاق دی اور تم طلاق والی ہو اور مطلقہ ہو "

اس کے تحت علامہ شامی علیہ لرحمہ فرماتے ہیں:

"فمالا یستعمل فیھا الا فی الطلاق فھو صریح یقع بلا نیۃ"

ترجمہ:جس لفظ کا غالب استعمال طلاق میں ہو تا ہو تو وہ صریح ہے اور اس سے بغیر نیت طلاق کے بھی طلاق ہو جاتی ہے ۔

(درمختار مع ردالمحتار ،ج:4،ص:457،مکتبہ امدادیہ ملتان)

اسی میں ہے:

"وكذا المضارع إذا غلب في الحال مثل أطلقك كما في البحر"

ترجمہ:اسی طرح فعلِ مضارع سے بھی طلاق واقع ہوجاتی ہے، جب اس کا استعمال زمانۂ حال میں غالب ہو، جیسے شوہر کا کہنا:میں تجھے طلاق دیتا ہوں، جیسا کہ بحر میں ہے۔

(رد المحتار،ج:4،ص:45،مکتبہ رحمانیہ)

ہندیہ میں محیط کے حوالے سے لکھا:

"فِي الْمُحِيطِ لَوْ قَالَ بِالْعَرَبِيَّةِ أُطَلِّقُ لَا يَكُونُ طَلَاقًا إلَّا إذَا غَلَبَ اسْتِعْمَالُهُ لِلْحَالِ فَيَكُونُ طَلَاقًا"

ترجمہ:محیط میں ہے کہ اگر کسی نے عربی زبان میں کہا:أُطَلِّقُ(میں طلاق دیتا ہوں)، تو اس سے طلاق واقع نہیں ہوگی،البتہ جب اس کا استعمال زمانۂ حال کے لیے غالب ہو تو اس سے طلاق واقع ہوجائے گی۔

(ہندیہ،ج:1،ص:420،قدیمی کتب خانہ)

العقود الدریہ فی تنقیح الفتاوٰی الحامدیہ میں ہے:

"صِيغَةُ الْمُضَارِعِ لَا يَقَعُ بِهَا الطَّلَاقُ إلَّا إذَا غَلَبَ فِي الْحَالِ كَمَا صَرَّحَ بِهِ الْكَمَالُ بْنُ الْهُمَامِ"

ترجمہ:فعلِ مضارع کے صیغے سے طلاق واقع نہیں ہوتی، مگر یہ کہ اس کا استعمال زمانۂ حال میں غالب ہو، جیسا کہ کمال ابن الہمام نے اس کی صراحت کی ہے۔

(العقود الدریہ فی تنقیح الفتاوٰی الحامدیہ،ج:1،ص:38،دار المعرفۃ)

اللہ تعالی جلاشانہ نے ارشاد فرمایا:

اَلطَّلٰقُ مَرَّتَانِ۪ فَاِمْسَاکٌۢ بِمَعْرُوۡفٍ اَوْ تَسْرِیۡحٌۢ بِاِحْسٰنٍ

ترجمہ کنز الایمان یہ طلاق دو بارتک ہی ہے پھر بھلائی کے ساتھ روک لینا ہے یا نکوئی(اچھے سلوک) کے ساتھ چھوڑ دینا ہے۔

(پارہ،2،سورۃالبقرۃ،آیت:229)

اس آیت کریمہ سے دومرتبہ طلاق کے بعد اللہ تعالی نے فرمایا اچھائی کے ساتھ روک لو (روکنے کے لئے حلالہ کی ضرورت نہیں ) یا بھلائی کے ساتھ چھوڑ دو۔ پس اگر دو طلاقوں کے بعد تیسری طلاق دے گا تو وہ اس کے لئے بغیر حلالہ شرعی کے حلال نہیں ہو گی۔

اللہ تعالی جل شانہ نے ارشاد فرمایا :

فَاِنۡ طَلَّقَہَا فَلَا تَحِلُّ لَہٗ مِنۡۢ بَعْدُ حَتّٰی تَنۡکِحَ زَوْجًا غَیۡرَہٗؕ فَاِنۡ طَلَّقَہَا فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡہِمَاۤ اَنۡ یَّتَرَاجَعَاۤ اِنۡ ظَنَّاۤ اَنۡ یُّقِیۡمَا حُدُوۡدَ اللہِؕ وَ تِلْکَ حُدُوۡدُ اللہِ یُبَیِّنُہَا لِقَوْمٍ یَّعْلَمُوۡنَ

ترجمہ کنز الایمان :پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے۔پھر وہ دوسرا اگر اسے طلاق دے دے تو ان دونوں پر گناہ نہیں کہ پھر آپس میں مل جائیں ۔ اگر سمجھتے ہوں کہ اللہ کی حدیں نباہیں گے اوریہ اللہ کی حدیں ہیں جنہیں بیان کرتا ہے دانش مندوں کے لئے ۔

(پارہ،2،سورۃالبقرۃ،آیت:230)

اس آیت کر یمہ کے تحت تفسیر روح المعانی میں علامہ سید محمود آلوسی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"فان طلقھا بعد الثنتین (فَلَا تَحِلُّ لَہٗ مِنۡۢ بَعْدُ)ای من بعد التطلیق(حَتّٰی تَنۡکِحَ زَوْجًا غَیۡرَہ)ای تتزوج زوجاً غیرہ ،ویجامعھا فلا تکفی مجرد العقد"

ترجمہ: پس اگر شوہر دو طلاقوں کے بعد تیسری طلاق دے دے تو وہ عورت اس کے لئے حلال نہیں ہو گی حتی کہ دوسرے مرد سے نکاح کر ے اور وہ دوسرا مرد اس سے جماع بھی کر ے محض نکاح کافی نہیں ۔

(تفسیرروح المعانی،ج: 2،ص:729،مکتبہ ،رشیدیہ ،کوئٹہ )

اس آیت کی تفسیر خود حضور ﷺ نے بھی فرمادی کہ جس طرح بخاری شریف میں پانچ مقامات پر (رقم الحدیث:2639۔5260،5317۔5792۔6084)،اور صحیح مسلم شریف (رقم الحدیث:112)،مشکوٰۃ شریف(رقم الحدیث:3295)اور ترمذی شریف میں بھی ہے ۔"واللفظ له"

"عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ:جَاءَتْ امْرَأَةُ رِفَاعَةَ القُرَظِيِّ إِلَى رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَتْ:إِنِّي كُنْتُ عِنْدَ رِفَاعَةَ فَطَلَّقَنِي،فَبَتَّ طَلاَقِي،فَتَزَوَّجْتُ عَبْدَ الرَّحْمَنِ بْنَ الزَّبِيرِ وَمَا مَعَهُ إِلاَّ مِثْلُ هُدْبَةِ الثَّوْبِ، فَقَالَ:أَتُرِيدِينَ أَنْ تَرْجِعِي إِلَى رِفَاعَةَ؟لاَ،حَتَّى تَذُوقِي عُسَيْلَتَهُ وَيَذُوقَ عُسَيْلَتَكِ.

ترجمہ:حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سےروایت ہے:آپ فرماتی ہیں،حضرت رفاعہ قرظی رضی اللہ عنہ کی عورت رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئی اور عرض کی کہ میں حضرت رفاعہ کے پاس تھی آپ نے مجھے تین طلاقیں دے دیں پھر میں نے حضرت عبد الرحمن بن زبیر رضی اللہ عنہ سے نکاح کیااور ان کو میں نے کپڑے کے پھندنے کی طرح پایا ،تو حضور ﷺ نے فرمایا کیا تو حضرت رفاعہ کی طرف واپس جانا چاہتی ہے؟ تو یہ جائز نہیں حتی کہ تو اس کاذائقہ چکھے اور وہ تیراذائقہ چکھے(یعنی جب تک جماع نہیں ہوتا اس وقت تک واپس نہیں جا سکتی ) ۔

(تر مذی شریف ،رقم الحدیث:1118)

عدت کے متعلق فرمانِ باری تعالیٰ ہے:

وَ الْمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ ثَلٰثَةَ قُرُوْٓءٍ

ترجمہ کنز الایمان : اور طلاق والیاں اپنی جانوں کو روکے رہیں تین حیض تک۔

(پارہ،2،سورۃالبقرۃ،آیت:230)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

30اکتوبر 2026 ء/١٨جمادی الاُولیٰ ١٤٤٨ ھ کو جاری کیا گیا