سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام در ایں مسئلہ کہ میں نے اپنی اہلیہ کو17 جولائی 2026 کو واٹسپ پر درج ذیل وائس میسج کیا :السلام علیکم!عائشہ میں آپ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتا ہوں اس لیے" میں محمد طارق آپکو طلاق دیتا ہوں"آپ کا جو بھی سامان میرے گھر میں موجود ہے وہ سب امانت ہے، اس کی فکر نہیں کرئیے گا،مجھے آپ سے کوئی شکایت نہیں ہے بس ہمارا ساتھ یہیں تک تھا۔ پھر میں نے اس کو قانونی شکل دینے کے لیے دو اسٹامپ پیپر بنائے۔ جس میں پہلا بغیر دستخط کے بھیج دیا تھا جس کا عنوان تھا "طلاق بائن " اور اس کا متن یہ ہے:"تمام حالات کے پیشِ نظر میں نے اپنی بیوی عائشہ طاہر کو طلاق بائن دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ،لہذا میں 2026۔07۔07 کو باہوش وحواس ،عقل بہ قائمی حواسِ خمسہ عائشہ طاہر کو مخاطب کرکے طلاق دے چکا ہوں اور یہ جملہ کہہ دیا " میں محمد طارق ولد وہاب الدین اپنی بیوی عائشہ طاہرکو طلق دیتا ہوں"۔۔۔۔حالاتِ کے پیشِ نظر میں یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوں ،اس لئے عائشہ طاہر مکمل طور پر میرے نکاح سے خارج ہوچکیں ہیں۔اس میں بائن کے الفاظ وکیل نے لکھے مجھے نہیں معلوم تھا کہ وائس میسج کے الفاظ سے کونسی طلاق واقع ہوتی ہے اور 17 جولائی کے بجائے 7 جولائی کمپوزنگ کی غلطی ہے۔ اس پر میں نے دستخط نہیں کیئے تھے اور اس میں جو طلاق کا ذکر ہے وہ وائس میسج پر دی گئی پچھلی طلاق کا ہے اور میں نے اپنی بیوی کو اس لیے بھیجا تھا کہ "پچھلی طلاق قانونی طور پر مکمل ہوجائے اور اس پر دستخط کردے"۔ دوسرے اسٹامپ پیپر کا عنوان تھا "طلاق نامہ" اس کا متن یہ ہے :"اس رشتے کو مزید رکھنا نہیں چاہتا،لہذا میں 2026۔07۔17 کو باہوش وحواس ،عقل بہ قائمی حواسِ خمسہ عائشہ کو مخاطب کرکے زبانی طلاق دے چکا ہوں"اور مورخہ 2026۔10۔14کو عدت کی میعاد بھی پوری ہوچکی ہے ،جس کے بعد سے عائشہ طاہر میری زوجیت سے بالکل آزاد ہے"اس طلاق کو قانونی شکل دینے کے لیے اس طلاق نامہ پر دستخط کرائے جارہے ہیں تاکہ شریعت کے ساتھ ساتھ قانونی رو سے بھی یہ طلاق واضح ہوسکے۔لہذا میں یہ اقرار کرتا ہوں کہ میں اپنی بیوی کو طلاق دے چکا ہوں اور بہ حوش وحواس میں نے اپنی بیوی کو مخاطب کرکے یہ جملہ کہہ چکا ہوں جسے میں دہراتا ہوں کہ:"میں محمد طارق ولد وہاب الدین اپنی بیوی عائشہ طاہر بنت محمد طاہر قریشی کو طلق دیتا ہوں،میری بیوی زوجیت سے آزاد ہے،وہ جہاں چاہے اور جیسے چاہے اپنی زندگی گذارے مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے،میرا آئندہ بیوی سے کوئی واسطہ یا تعلق نہیں ہوگااس طلاق کے بعد میرا بیوی سے رشتہ ازدواج رابطہ واسطہ ختم ہوچکا ہے ،میرا پنی بیوی سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے"اس اسٹامپ پیپر پر میں نے دستخط بھی کردیئے ہیں۔ میری بیوی کو پہلے حیض صحیح وقت پر آتا تھا اب لیٹ آتا ہے کبھی چھ یا آٹھ ماہ میں اور کبھی سال میں اور مذخورہ مسئلہ میں طلاق کا میسج کرنے کے بعد فقط ایک بار حیض آیا ہے۔ پھر عورت کے ایک حیض کے بعد یہ میسج کیا کہ "السلام علیکم!عائشہ آپ نے اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کیا تھا نا،اللہ نے آپ کی دعا پوری کردی ہے ،پ نے اپنا مقدمہ اچھے طریقے سے لڑا ہے آپ یہ مقدمہ جیت چکی ہیں اور اب آنے کی تیاری کرلو مجھے کسی سے کوئی شکوہ شکایت نہیں ہے میرا دل سب کی طرف سے صاف ہے آپ بھی میری طرف سے اپنا دل ودماغ صاف کرلو ہم جیسے زندگی گذار رہے تھے نا ہم ویسے ہی گذاریں گے آپکو بہت بہت مبارک ہو امّی کو بھی بہت بہت مبارک ہو، امّی کو بولیے گا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ان شاء اللہ تعالیٰ آگے طریقہ جو بھی ہوگا میں بتادونگا ان شاء اللہ تعالیٰ، سب کو بہت بہت مبارک ہو جشن کا انتظام کرو ۔ مذکورہ بالا تفصیل کی روشنی میں کتنی طلاق ہوئیں اور کیا ہم میاں بیوی رجوع کرسکتے ہیں؟ بینوا توجروا! مذکورہ سوال کے متعلق سائل سے دارالافتاء کی طرف سے دریافت کیئے گئے چند ضروری سوالات کے جوابات: 1) دونوں طلاق نامے ایک ہی وکیل سے بنوائے ہیں۔ 2) پہلا طلاق نامہ سے میرا مقصود پہلی طلاق کے نوٹیفکیشن کے طور پر تھا تاکہ قانونی طور پہلی طلاق مکمل ہوجائے اور اس پر دستخط کردیں تاکہ مجھے اطلاع ہوجائے کہ اس کو پہلی طلاق مکمل ہوچکی ہے۔دوسری کوئی نیت نہیں تھی۔ 3) دوسرا طلاق نامہ اس لیے بنوایا کہ پہلے والے پر انہوں نے دستخط بھی نہیں کیئے تھے،اس پر کوئی جواب نہیں دیا اپنے پاس رکھ دیا تھا ،کیونکہ یوسی کے ذریعے اس کو مکمل کرنا چاہ رہا تھا اس لیے دوسرا بنوایا تھا۔ 4) ہم نے 14 اکتوبر 2026 کو عدت ختم ہونے کا اس لیے لکھا کہ ہم نے عدت کا تین مہینہ کا انداز لگایا تھا۔ 5) نوے دن کے دوران اہلیہ کو فقط ایک بار حیض آیا ہے۔ 6) 24 اکتوبر 2026 کو اس کو رجوع کا میں نے میسج کیا تھا۔ نوٹ: سائل نے حلفیہ بیان دیا ہے کہ دونوں طلاق ناموں سے کوئی نئیں طلاق دینے کی نیت نہیں تھی بلکہ پچھلی کی قانونی تکمیل مراد تھی ۔اور سائل کی بیوی نے شوہر کے بیان کی تصدیق بھی کی ہے۔ سائل:محمد طارق،لیاقت آباد کراچی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا شرعی حکم یہ ہے کہ اگر سائل نے اس سے قبل اپنی بیوی کو کوئی طلاق نہیں دی تھی، تو اس کے مذکورہ وائس میسج کے ذریعے اس کی بیوی پر ایک طلاقِ رجعی واقع ہو گئی ہے، کیونکہ سائل کا اپنی بیوی کو مخاطب کرکے یہ کہنا کہ: "میں محمد طارق آپ کو طلاق دیتا ہوں"، طلاق کے صریح الفاظ ہیں، اور صریح الفاظ سے بلا نیت اور بغیر ارادہ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔ لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل کی بیوی پر ایک طلاقِ رجعی واقع ہوئی ہے۔طلاقِ رجعی کی صورت میں شوہر کو یہ حق حاصل ہوتا ہے کہ عدت کے دوران بغیر نئے نکاح کے اپنی بیوی سے رجوع کرلے۔ صورتِ مسئولہ میں چونکہ بیوی کی عدت ابھی جاری ہے اور شوہر نے اس دوران رجوع بھی کرلیا ہے، اس لیے دونوں کا بغیر تجدیدِ نکاح کے میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنا جائز ہے۔ البتہ شوہر کے لیے آئندہ صرف دو طلاقوں کا حق باقی ہے۔
اس کی تفصیلِ یہ ہے کہ:سائل نے پہلا طلاق نامہ اس غرض سے تیار کروایا تھا کہ وائس میسج کے ذریعے پہلے سے دی گئی طلاق کی قانونی کارروائی مکمل ہو جائے۔ اسی مقصد کے تحت اس نے مذکورہ طلاق نامہ اپنی بیوی کو بھیجا تھا، تاکہ وہ اس پر دستخط کردے اور قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔ اس صورت میں پہلے طلاق نامے سے کوئی دوسری طلاق واقع نہیں ہوئی۔اس کی دو وجوہ ہیں:
اولاً: سائل نے پہلے طلاق نامے پر دستخط نہیں کیے تھے، لہٰذا یہ تحریر طلاقِ غیر مرسومہ کے حکم میں ہے، اور چونکہ سائل کی اس تحریر سے مزید طلاق دینے کی نیت بھی نہیں تھی، اس لیے اس سے کوئی مزید طلاق واقع نہیں ہوئی۔
ثانیاً: اگر بالفرض اس تحریر کو معتبر بھی تسلیم کرلیا جائے، تب بھی اس کے مندرجات سابقہ طلاق ہی کی قانونی تکمیل پر دلالت کرتے ہیں،کیونکہ اس میں سائل نے واضح طور پر یہ لکھا ہے کہ"میں مورخہ 2026ء۔07۔07 کو بہوش وحواس، عقل کی سلامتی اور حواسِ خمسہ کی درست حالت میں عائشہ طاہر کو مخاطب کرکے طلاق دے چکا ہوں" اس عبارت سے صاف ظاہر ہے کہ سائل کسی نئی طلاق کا اظہار نہیں کر رہا، بلکہ پہلے سے واقع شدہ طلاق کا ذکر اور اس کی قانونی توثیق کر رہا ہے۔ لہٰذا اس پہلے طلاق نامے سے بھی مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی۔
اسی طرح دوسرے طلاق نامے میں درج ذیل الفاظ"میں مورخہ 2026ء۔07۔17 کو بہوش وحواس، عقل کی سلامتی اور حواسِ خمسہ کی درست حالت میں عائشہ کو مخاطب کرکے زبانی طلاق دے چکا ہوں، اور مورخہ 2026ء۔10۔14 کو عدت کی مدت بھی پوری ہو چکی ہے، جس کے بعد سے عائشہ طاہر میری زوجیت سے بالکل آزاد ہیں۔ اس طلاق کو قانونی شکل دینے کے لیے اس طلاق نامے پر دستخط کرائے جا رہے ہیں، تاکہ شرعی اور قانونی اعتبار سے طلاق کی حیثیت واضح ہو سکے"اور اس کے بعد سابقہ طلاق کے اقرار و تکرار پر مشتمل عبارت بھی اس امر پر واضح دلالت کرتی ہے کہ سائل کا مقصد کسی نئی طلاق کا انشاء کرنا نہیں تھا، بلکہ وائس میسج کے ذریعے پہلے سے دی گئی طلاق ہی کا اقرار اور اس کی قانونی تکمیل مقصود تھی۔ لہٰذا دوسرے طلاق نامے سے بھی کوئی مزید طلاق واقع نہیں ہوئی۔
نیز یہ بات بھی واضح رہے کہ طلاق کے صریح الفاظ جب شوہر اپنی بیوی کی طرف منسوب کرتے ہوئے استعمال کرے تو ان سے طلاق واقع ہوجاتی ہے، خواہ بیوی سامنے موجود ہو یا غائب، اور خواہ یہ الفاظ براہِ راست کہے جائیں یا فون کال، وائس میسج یا کسی دوسرے ذریعے سے ،بہر صورت طلاق واقع ہوجائے گی۔اسی طرح طلاقِ رجعی کی صورت میں، جب تک تین طلاقیں واقع نہ ہوئی ہوں، شوہر کو عدت کے دوران بغیر نئے نکاح کے رجوع کا حق حاصل ہوتا ہے۔ رجوع کے لیے بیوی کی رضامندی شرط نہیں، اور نہ ہی رجوع کے لیے مخصوص الفاظ کا استعمال یا باقاعدہ ازدواجی زندگی کا آغاز ضروری ہے، بلکہ ایسے الفاظ سے بھی رجوع ہوجاتا ہے جو بیوی کو واپس لینے اور ازدواجی تعلق بحال کرنے پر دلالت کرتے ہوں۔ البتہ رجوع پر دو گواہ مقرر کرنا مستحب ہے۔
آخر میں یہ بھی واضح رہے کہ جس عورت کو حیض آتا ہو، اس کی عدت تین حیض ہے، خواہ دو حیضوں کے درمیان کئی ماہ کا وقفہ ہی کیوں نہ ہو۔ لہٰذا محض تین ماہ یا نوے دن گزر جانے سے اس کی عدت مکمل نہیں ہوگی، بلکہ عدت کی تکمیل کے لیے تین حیض کا آنا ضروری ہے۔
چنانچہ علامہ علاؤالدین حصکفی در مختار میں صریح کی تعریف کے متعلق فرماتے ہیں:
"صریحہ مالم یستعمل الا فیہ کطلقتک وانت طالق ومطلقہ"
ترجمہ:صریح وہ الفاظ جو طلاق دینے کے لئے استعمال ہوں جیسے میں نے تمہیں طلاق دی اور تم طلاق والی ہو اور مطلقہ ہو "
اس کے تحت علامہ شامی علیہ لرحمہ فرماتے ہیں:
"فمالا یستعمل فیھا الا فی الطلاق فھو صریح یقع بلا نیۃ"
ترجمہ:جس لفظ کا غالب استعمال طلاق میں ہو تا ہو تو وہ صریح ہے اور اس سے بغیر نیت طلاق کے بھی طلاق ہو جاتی ہے ۔
(درمختار مع ردالمحتار ،ج:4،ص:457،مکتبہ امدادیہ ملتان)
طلاقِ رجعی میں عدت کے اندر رجوع کے متعلق قرآن ِپاک میں اللہ تعالی فرماتا ہے:
"وَبُعُولَتُہُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّہِنَّ فِیْ ذَلِکَ إِنْ أَرَادُواْ إِصْلاَحاً "
ترجمہ کنزالایمان:اور ان کے شوہروں کو اس(عدت کی) مدت کے اندر ان کے پھیر لینے (رجوع کرنے)کا حق پہنچتا ہے اگر ملاپ چاہیں ۔
(پارہ 2،سورۃ البقرہ،آیت:228)
فتاویٰ عالمگیری میں ہے :
"اذا طلق الرجل تطلیقة رجعية او تطلیقتین فله ان یراجعها فی عدتها رضیت بذک او لم ترض کذافی الهداية"
ترجمہ:" جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے"۔
(فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)
اور اسی میں رجعت کا طریقہ اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:
"الرجعۃ ابقا النکاح علی ماکا ن مادامت فی العدۃ کذا فی التبیین و ھی علی ضربین سنی وبدعی فالسنی ان یراجعھا بالقول ویشھد علی رجعتھا شاھدین ویعلمھا بذلک فاذ اراجعھا بالقول نحو ان یقول لھا راجعتک او راجعت امراتی ولم یشھد علی ذلک او اشھد ولم یعلمھا بذلک فھو بدعی مخالف للسنۃ والر جعۃ صحیحۃ وان راجعھا بالفعل مثل ان یطاھا او یقبلھا بشھوۃ او ینظر الی فرجھا بشھوۃ فانہ یصیر مراجعا عندنا الا انہ ہ یکرہ لہ ذلک ویستحب ان یراجعھا بعد ذلک بالاشھاد کذا فی الجوھر ۃ النیرۃ "
ترجمہ: رجعت کا معنی یہ ہے کہ نکاح کو پہلے کی طرح باقی رکھناجب تک عورت عدت میں ہے ۔اسی طرح تبیین میں ہے اور اس کی دو قسمیں ہیں ایک سنت طریقہ اورایک بدعی یعنی خلاف سنت طریقہ ،پس سنت طریقہ یہ ہے کہ عورت سے زبانی رجوع کرے اور اس رجوع پر دوگواہ بنائے اورعورت کو اس کی خبر دے پس جب زبانی رجوع کرنے لگے تو اس طرح کہے میں نے تجھ سے رجعت کی یا کہے میں نے اپنی عورت سے رجوع کیا اور گواہ نہ بنائے یا گواہ تو بنائے لیکن عورت کو اس کی خبر نہ کی تو یہ طریقہ بدعی خلاف سنت ہے لیکن رجعت صحیح ہے اور اگر بالفعل رجعت کی مثلا اپنی بیوی سے وطی کر لی یا شہوت سے بوسہ لیا یا شہوت سے اس کے فرج کی طرف نظر کی تو ہمارے نزدیک رجعت کرنے والا ہو جائے گا مگر یہ اس کے لیے مکروہ ہےاور مستحب یہ ہے کہ پہلے گواہ بنائے اور پھر رجوع کرے اسی طرح الجوہرۃالنیرہ میں ہے۔
(فتاوی عالمگیری :ج؛1 ؛ص:502؛مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)
امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن رجوع کے متعلق فرماتے ہیں:"(طلاق)رجعی کہ عدت کے اندر رجعت کا احتیا ردیا جائیگا،مثلا اگر زبان سے کہہ لے کہ "میں نے تجھے اپنے نکاح میں پھیر لیا" توعورت نکاح سے نکلنے نہ پائے گی، بدستور زوجہ رہے گی اور حکم طلاق زائل نہ ہوگا "
(فتاوی رضویہ : ج12؛ص:515،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
جن عورتوں کو حیض آتا ہے ان کی طلاق عدت کے متعلق فرمان باری تعالیٰ ہے:
وَالْمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصْنَ بِاَنۡفُسِہِنَّ ثَلٰثَۃَ قُرُوۡٓءٍ ؕ وَلَا یَحِلُّ لَہُنَّ اَنۡ یَّکْتُمْنَ مَا خَلَقَ اللہُ فِیۡٓ اَرْحَامِہِنَّ اِنۡ کُنَّ یُؤْمِنَّ بِاللہِ وَالْیَوْمِ الۡاٰخِر
ترجمہ: طلاق والیاں اپنے کو تین حیض تک روکے رہیں اور اُنھیں یہ حلال نہیں کہ جو کچھ خدا نے ان کے پیٹوں میں پیدا کیا اُسے چھپائیں، اگر وہ اﷲ (عزوجل) اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہوں۔
(پارہ:2،سورۃالبقرہ،آیت:228)
عدت کے متعلق فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"إنْ كَانَتْ آيِسَةً فَاعْتَدَّتْ بِالشُّهُورِ،ثُمَّ رَأَتْ الدَّمَ انْتَقَضَ مَا مَضَى مِنْ عِدَّتِهَا،وَعَلَيْهَا أَنْ تَسْتَأْنِفَ الْعِدَّةَ بِالْحَيْضِ وَمَعْنَاهُ إذَا رَأَتْ الدَّمَ عَلَى الْعَادَةِ؛ لِأَنَّ عَوْدَهَا يُبْطِلُ الْإِيَاسَ هُوَ الصَّحِيحُ كَذَا فِي الْهِدَايَةِ.
ترجمہ:اگر کوئی عورت سنِ ایاس کو پہنچ چکی ہو اور اس نے مہینوں کے حساب سے عدت گزار لی ہو، پھر اسے حیض کا خون آجائے، تو اس کی عدت کا جو حصہ پہلے گزر چکا تھا وہ کالعدم ہوجائے گا، اور اب اس پر لازم ہوگا کہ وہ حیض کے اعتبار سے ازسرِنو عدت شروع کرے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے اپنی سابقہ عادت کے مطابق حیض کا خون آئے، کیونکہ حیض کا دوبارہ آجانا اس کے سنِ ایاس کے حکم کو ختم کردیتا ہے۔ یہی صحیح قول ہے، جیسا کہ ہدایہ میں مذکور ہے۔
(ہندیہ،ج:1،ص:554،قدیمی کتب خانہ)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب