سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ عمیر وحید نے اپنی بیوی کو طلاق نامہ پر تحریری طلاق دی لہذا شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں کہ یہ طلاق واقع ہوئی یا نہیں؟ اور اگرطلاق واقع ہوگئی تو کتنی واقع ہوں گی؟ بینوا توجروا! سائل: محمد اختر نوٹ: طلاق نامہ اسٹامپ پیپر پر ہےاور اس میں تین طلاقیں مذکور ہیں ۔نیز اس پر دستخط بھی موجود ہیں اور شوہر اس بات کا اقرار کر رہا ہے کہ یہ دستخط میرے ہیں۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم ِشرع یہ ہےکہ عمیر وحید کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہوچکی ہیں اور بیوی تین طلاقِ مغلظہ کےساتھ شوہر پر حرام ہوچکی ہے اور اور اب بغیر حلالہ شرعیہ کے ان کا ایک ساتھ رہنا ناجائز و سخت گناہ اور حرام ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ تحریری طلاق کی اولاً دو صورتیں بنتی ہیں :1)مستبینہ (جس کو پڑھا جاسکے ) 2)غیرِ مستبینہ(جس کو نہ پڑھا جائے ) جیسے ہوا یا پانی وغیرہ پر لکھنا اگر غیرِ مستبینہ ہوتو اگر چہ نیت بھی کر لے طلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ طلاق کےلئے حقیقتاً یا حکماً لفظ شرط ہے اور غیرمستبینہ نہ حقیقتاً لفظ ہے اور نہ ہی حکماً لفظ ہے اور اگر مستبینہ (جس کو پڑھا جاسکے) ہے تو اس کی بھی دو صورتیں بنتی ہیں :1)مرسومہ 2)غیرِ مرسومہ ۔اگر مستبینہ مرسومہ (جس کو پڑھا جائے ،عرف کے مطابق ) ہو تو یہ صریح کے حکم میں ہے اس کے لئے نیت ضروری نہیں ہوتی اورا گر مستبینہ غیرِ مرسومہ ( پڑھی جانے والی ،عرف کے خلاف)ہو تو یہ کنایہ کے حکم میں ہے اس کےلئے نیت کا ہونا ضروری ہے اگر نیت کرے گا تو طلاق واقع ہوگی اور اگر نیت نہیں کرے گا تو طلاق واقع نہیں ہوگی۔
چونکہ ہمارے عرف میں جب تحریر اسٹامپ پیپر (Stemp Paper) پر ہو اور اس پر دستخط(Signature) بھی موجود ہوں تب طلاق کےلئے کامل تحریر مانی جاتی ہے ورنہ وہ طلاق کےلئے کامل تحریر نہیں مانی جاتی ،چونکہ شوہر کا اسٹامپ پیپر پر تحریرِطلاق اور اس پر دستخط کرناصریح طلاق کے حکم میں ہے۔مزید یہ کہ اس تحریر میں تین طلاقوں کی صراحت بھی موجود ہے،لہذا اس سے تین طلاقیں واقع ہوگئیں اور بیوی شوہر پر تین طلاقِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی اور اب بغیر حلالہِ شرعیہ کےشوہر کےلئے حلال نہیں ہوگی ۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ
ترجمہِ کنزالایمان: پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے۔
(البقرہ،آیت :229)
الدر المختار میں ہے:
"كتب الطلاق، إن مستبيناً على نحو لوح وقع إن نوى، وقيل مطلقا، ولو على نحو الماء فلا مطلقاً "
ترجمہ:آدمی نے طلاق کو لکھا اگر وہ مستبینہ (نظر آنے والی ) ہے جیسے تختہ ،کاغذ،زمین وغیرہ پر لکھا تو طلاق واقع ہوجائے گی اگر نیت کرے اور بعض نے کہا ہے کہ مطلقا طلاق واقع ہوجائے گی( نیت کرے یا نہ کرے ) اور اگر پانی وغیرہ پر لکھا ہے تو مطلقا طلاق واقع نہیں ہوگی ۔
( الدر المختار ،کتاب الطلاق،ج،4،ص،442،مکتبہ رحمانیہ )
فتاوٰی قاضی خان،کتاب الطلاق،فصل فی الطلاق بالکتابت،ج،1،ص،415قدیمی کتب خانہ اور مدرجہ بالا قول الدر المختار کے تحت حاشیۃ الطحطاوی،کتاب الطلاق،ج،2،ص،111مکتبہ رشیدیہ اور ردالمحتار میں ہے: (واللفظ لہ )
"قوله : (كتب الطلاق إلخ) قال في الهندية : الكتابة على نوعين: مرسومة، وغير مرسومة. ونعني بالمرسومة أن يكون مصدراً ومعنوناً مثل ما يكتب إلى الغائب، وغير المرسومة أن لا يكون مصدراً ومعنوناً، وهو على وجهين مستبينة، وغير مستبينة فالمستبينة ما يكتب على الصحيفة والحائط والأرض على وجه يمكن فهمه وقراءته، وغير المستبينة ما يكتب على الهواء والماء وشيء لا يمكن فهمه وقراءته. ففي غير المستبينة لا يقع الطلاق وإن نوى، وإن كانت مستبينة لكنها غير مرسومة إن نوى الطلاق يقع، وإلا لا، وإن كانت مرسومة يقع الطلاق نوى أو لم ينو ۔۔۔ قوله : طلقت بوصول الكتاب) أي إليها، ولا يحتاج إلى النية في المستبين المرسوم، ولا يصدق في القضاء أنه عنى تجربة الخط. بحر ومفهومه أنه يصدق ديانة في المرسوم " ملتقطا
ترجمہ:(شارح کا قول کہ اس نے طلاق کو لکھا ) فتاوٰی ہندیہ میں کہا ہے کہ کتابت دو اقسام پر ہے مرسومہ اور غیر مرسومہ ،مرسومہ سے مراد وہ ہے جس کے شروع میں عنوان وغیرہ ڈالا جاتا (جس کا عرف )ہو جیسے کسی غائب کو خط لکھا جاتا ہے ،اور غیر مرسومہ وہ ہے جس کے شروع میں عنوان وغیرہ نہ ڈالا جاتا ہو(عرف نہ ہو) اور وہ دو قسم پر ہے یا تو مستبینہ (نظر آنے والی ) ہوگی یا غیر مستبینہ (نہ نظر آنے والی) ہوگی مستبینہ وہ ہے جس کو کاغذ ، دیوار ،یا زمین پر ایسے طریقہ سے لکھا جائے کہ اس کا پڑھنا اور سمجھنا ممکن ہو اور غیرمستبینہ وہ ہے جس کو ہوا ،پانی یا کسی ایسی چیز پر لکھا جائے جس کا سمجھنا یا پڑھنا ممکن نہ ہو غیر مستبینہ میں اگر چہ نیت بھی کرلے طلاق واقع نہیں ہوگی اور مستبینہ غیرمرسومہ میں اگر طلاق کی نیت کرے گا تو طلاق واقع ہوگی ورنہ طلاق واقع نہیں ہوگی اور اگر مستبینہ مرسومہ ہے تو اگر چہ نیت کرے یا نیت نہ کرے طلاق واقع ہوجائے گی،(شارح کا قول مطلقاً) اس سے مراد دونوں صورتوں میں خواہ نیت کرے یا نیت نہ کرے طلاق واقع نہیں ہوگی ، (شارح کا قول خط کہ پہنچتے ہی طلاق واقع ہوجائے گی ) یعنی عورت کی طرف اور مستبینہ جو عرف کے مطابق ہو اس میں نیت کی ضرورت نہیں ہوتی اگر وہ یہ کہے کہ میں تو صرف لکھائی چیک کرنے کےلئے لکھا ہے تو اس کی قضاءً تصدیق نہیں کی جائے گی اور اس کا مفہومِ مخالف یہ ہے کہ اس کی دیانۃً تصدیق کی جائے گی ۔
(ردالمحتار علی الدر المختار ،کتاب الطلاق،ج،4،ص،442،مکتبہ رحمانیہ )
مجمع الانہر،کتاب الخنثیٰ،مسائلِ شتیٰ ،ج،4،ص،474تا 475 مکتبۃ المناراورتبیین الحقائق میں ہے: (واللفظ لہ )
" ثم الكتاب على ثلاث مراتب مستبين مرسوم وهو أن يكون معنوناً اي مصدراً بالعنوان، وهو أن يكتب في صدره من فلان إلى فلان على ما جرت به العادة في تسيير الكتاب فيكون هذا كالنطق فلزم حجة، ومستبين غير مرسوم كالكتابة على الجدران وأوراق الأشجار أو على الكاغد لا على وجه الرسم فإن هذا يكون لغواً لأنه لا عرف في إظهار الأمر بهذا الطريق فلا يكون حجة إلا بانضمام شيء آخر إليه كالنية والإشهاد عليه والإملاء على الغير، حتى يكتبه لأن الكتابة قد تكون للتجربة، وقد تكون للتحقيق وبهذه الاشياء تتعين الجهة ۔۔۔ وغير مستبين كالكتابة على الهواء أو الماء وهو بمنزلة كلام غير مسموع ولا يثبت به شيء من الأحكام وإن نوى "ملتقطا
ترجمہ: پھر تحریر کے تین مراتب ہیں ،مستبینہ مرسومہ اور وہ یہ ہے کہ اس کے شروع میں عنوان لکھا ہوا ہو ،اور وہ یہ ہے کہ اس کے شروع میں لکھے کہ یہ تحریر فلاں بن فلاں سے فلانہ بنت فلا ں کی طرف اس طریقہ پر جس پر تحریر لکھنے کی عادت جاری ہو لہذا یہ بولنے کی طرح ہےاور حجت کے طور پر لازم ہے اور مستبینہ غیر مرسومہ جیسے دیوار،درختوں کے پتوں یا کاغذ پر عرف کے مطابق لکھنا کیونکہ یہ ( عرف کے خلاف لکھنا)لغو ہے اس لیے کہ اس طریقہ سے اس معاملہ کو ظاہر کرنے پر کوئی عرف نہیں ہے لہذا یہ حجت نہیں ہوگا البتہ یہ کہ اس کے ساتھ کوئی دوسری چیز مل جائے جیسے نیت کرنا ، گواہ بنانا یا کسی دوسرے کو یہ عبارت املا ء کروانا اور وہ اسے تحریر کر لے کیونکہ تحریر کبھی مشق کے لئے ہوتی ہے اور کبھی تحقیق کیلئے بھی ہوتی ہے اور ان اشیاء کی وجہ سے جہت متعین ہوجائے گی اور غیر مستبینہ جیسے ہواء یا پانی پر لکھنا یہ نہ سنے ہوئے کلام کی طرح ہے لہذا اگر چہ نیت بھی کر لے اس سے کوئی چیز ثابت نہیں ہوگی ۔
(تبیین الحقائق،مسائلِ شتیٰ،کتاب الخنثیٰ،ج،7،ص،448مکتبہ اشرفیہ )
تحریری طلاق کے متعلق امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں :
خطوط سے ثبوت طلاق دو امر پر موقوف یا تو شوہر اقرار کرے کہ واقعی میں نے یہ خط لکھا تھا یہ دو مرد خواہ ایک مرد،دو عورتیں ثقہ عادل شہادت شرعیہ دیں کہ ہمارے سامنے شوہر نے خط مذکور لکھا۔
(فتاوٰ ی رضویہ ،کتاب الطلاق،ج،12،ص،424،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
بہارِ شریعت میں ہے:
زبان سے الفاظ طلاق نہ کہے مگر کسی ایسی چیز پر لکھے کہ حروف ممتاز نہ ہوتے ہوں مثلاًپانی یا ہوا پر تو طلاق نہ ہوگی اور اگر ایسی چیز پر لکھے کہ حروف ممتاز ہوتے ہوں مثلاً کاغذ یا تختہ وغیرہ پر اور طلاق کی نیت سے لکھے تو ہو جائے گی اور اگرلکھ کر بھیجا یعنی اُس طرح لکھا جس طرح خطوط لکھے جاتے ہیں کہ معمولی القاب و آداب کے بعد اپنا مطلب لکھتے ہیں جب بھی ہو گئی بلکہ اگر نہ بھی بھیجے جب بھی اس صورت میں ہو جائے گی۔
(بہارِ شریعت،حصہ ہشتم،طلاق کا بیان ،مسائلِ طلاق بذریعہ تحریر،ج،2،ص،113،مکتبۃ المدینہ العلمیہ )
خلاصہ:
عمیر وحید کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہوچکی ہیں اور بیوی تین طلاقِ مغلظہ کےساتھ شوہر پر حرام ہوچکی ہے اور اور اب بغیر حلالہ شرعیہ کے ان کا ایک ساتھ رہنا ناجائز و سخت گناہ اور حرام ہے۔