دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

شوہر کے انکار کی صورت میں سابقہ اور موجودہ طلاقوں کی شرعی حیثیت

2821 نومبر، 2026186سوال کنندہ : مہرین، محمودآباد کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے میں کہ میرے شوہر میاں وحید اکرم قریشی نے آج سے تقریبا 14 سال پہلے نشے کی حالت میں دورانِ حمل دو طلاقیں دی تھی ،جوکہ مجھے الفاظ یاد نہیں ہیں ،لیکن عدت کے دوران رجوع ہوگیا تھا۔اب بینک سے پیسے نکلوانے کے معاملے پر جھگڑا ہورہا تھا اور مجھے واضح الفاظ میں طلاق دی ہے ،وہ الفاظ یہ ہیں "میں میاں وحید تمہیں طلاق دیتا ہوں " ۔ طلاق کے بعد میری ساس اور سسر نے مقامی مفتی صاحب کے پاس بھیجا ،تو ہم نے مفتی صاحب سے مسئلہ بیان کیا ،جس میں وحید اکرم نے مفتی صاحب سے کہا میں نے پہلے ایک طلاق دی تھی ،جبکہ میں نے یہ بیان کیا کہ پہلے میرے شوہر نے دو طلاق دی تھی،اب ایک اور طلاق دے دی ہے ،تو کل تین طلاق ہوگئیں۔ تو اس بیان پر مفتی صاحب نے بولا مرد اپنا گھر بچانے کے لیے غلط بیانی کر رہا ہے ،لہذا تین طلاق واقع ہوگئیں۔ اب وحید اکرم کا کہنا ہے کہ دورانِ حمل نشے کی حالت میں طلاق ہوتی ہی نہیں اور جو اس نے تحریری فتویٰ لیا ہے اس میں ابھی والی طلاق جو چار محرم کو دی تھی ،اس طلاق کا بالکل ہی انکار کر رہا ہے ،جبکہ مجھے یقین ہے کہ اس نے پہلے دو طلاق دی تھیں اور اب ایک اور دی ہے ۔ اب بتائیے کہ مذکورہ مسئلے میں تین طلاق واقع ہوگئیں یا نہیں؟ شریعت کی روشنی ہماری رہنمائی فرمائیے! شوہر کاحلفیہ بیان: آج سے چودہ سال پہلے میں نے طلاق نہیں دی تھی بلکہ یہ الفاظ کہے تھے "میں تمہیں طلاق دے دونگا" یہ الفاظ ایک مرتبہ کہے تھے اور ابھی چار محرم کو میں نے یہ کہا کہ" میرا دل کر رہا ہے کہ میں تمہیں طلاق دے دوں" باقی مفتی صاحب نے فتوے میں جو ایک طلاق کا لکھا ہے وہ اس بنیاد پر کہ میں نے سمجھا کہ "طلاق دے دونگا " سے طلاق ہوجاتی ہے اس لیے مفتی صاحب کو بولا کہ میں نے ایک طلاق دی ہے۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

مفتی کا کام ہے پوچھی گئی صورت کا حکم شرع بیان کرنا باقی واقع کی تحقیق و تفتیش مفتی کا کام نہیں ،لہذا اگر میاں وحید اکرم قریشی اپنے مذکورہ تمام بیان میں سچا ہے، تو قضاء ً اس کی بیوی پر کوئی طلاق نہیں،اس لیے کہ سائلہ طلاق کی مدعیہ (دعویٰ کرنے والی)ہے کہ چودہ سال پہلے دو طلاق دی تھی اس پر اس کے پاس نہ گواہ موجود ہیں نہ ہی وہ کہے گئے الفاظ یاد ہیں ، اور ابھی چار محرم کو ایک طلاق دی ہے ،اس پر بھی اس کے پاس کوئی گواہ نہیں ،اور شوہر مذکورہ تمام بیان کا منکر(انکاری) ہے ۔

شرعی اصول ہے کہ ہر دعویٰ کرنے والے پر پہلے اپنی دعویٰ پر دوعادل مرد گواہ لانا لازم ہے، اگر گواہ نہیں لاسکتا ،تو منکر یعنی جس پر دعویٰ کی جارہی ہے ،کواپنے پر کی گئی دعویٰ کا قسم کے ساتھ انکار کرنا ہوگا۔

مدّعی کے پاس گواہ کی موجودگی میں فیصلہ اس کے حق میں ہوگا،اورمدّعی کے پاس گواہنہ ہونے کی صورت میں مُنکِر کو قسم اٹھانےکا کہا جائے گا قسم اٹھانے کی صورت میں فیصلہ اس کے حق میں دیا جائے گا۔لہذا مذکورہ اصول کے مطابق لڑکی مدعی ہے ،اس کے پاس اپنی دعویٰ پر کوئی گواہ موجود نہیں ،اور اس کے شوہر منکِر ہیں وہ اپنے پرکی گئی دعویٰ کاقسم کے ساتھ انکار کر رہے ہیں،لہذا قضاء ً (کیونکہ اس کی حقیقت کا پتا اللہ ہی کو ہے)فیصلہ شوہر کے حق ہی میں ہوگا کہ اس پر کوئی طلاق واقع نہیں ۔

امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن اس طرح کے سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں :

اگر واقع میں تین طلاقیں دی ہیں عند اللہ عورت اس پر حرام ہو گئی بے حلالہ اس کے نکاح میں نہیں آسکتی ۔اور اس کا انکار اللہ تعالی کے یہاں کچھ نفع نہ دے گا ان گواہوں پر فرض ہے کہ گواہی دیں ان میں دومرد یا ایک مرد دوعورتیں ثقہ عادل شرعی ہوں طلاق ثابت ہو جائے گی اور اس کا انکاردنیا میں بھی نہیں سنا جائے گا۔

(فتاوی رضویہ ،ج:12،ص:423،رضافاؤنڈیشن ،لاہور)

بیان تبدیل کر کےکسی بھی مفتی سے فتوی حاصل کر لینے سے حقیقت واقعہ تبدیل نہیں ہوگی بلکہ شرعی حکم اپنی جگہ برقرار رہے گاکہ مفتی کا فتوی کسی حرام کو حلال نہیں کرتا بلکہ مفتی ظاہری بیان کے مطابق جواب دینے کا پابند ہے،لہذاجھوٹ بول کر جو فتوی لیا گیا ہو اس پر عمل کرناحرام حرام اورجہنم میں لے جانے والا کام ہے۔اس فتوی کی بنیاد پر میاں بیوی میں جتنی مرتبہ قربت ہو گی خالص زنا قرار پائے گی ۔

چرب زبانی یا سامنے والے کے پاس گواہ نہ ہونے کی وجہ سے اپنے حق میں فیصلہ دلوانے سے وہچیز جائز نہیں ہوجاتی بلکہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک حقیقت نہیں چھپ سکتی آخرتمیں اس کا جواب دینا ہوگا۔

صحیح بخاری میں ہے :

"عنْ أُمِّ سَلَمَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا: أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: «إِنَّمَا أَنَا بَشَرٌ وَإِنَّكُمْ تَخْتَصِمُونَ إِلَيَّ، وَلَعَلَّ بَعْضَكُمْ أَنْ يَكُونَ أَلْحَنَ بِحُجَّتِهِ مِنْ بَعْضٍ، فَأَقْضِي عَلَى نَحْوِ مَا أَسْمَعُ، فَمَنْ قَضَيْتُ لَهُ مِنْ حَقِّ أَخِيهِ شَيْئًا، فَلاَ يَأْخُذْهُ فَإِنَّمَا أَقْطَعُ لَهُ قِطْعَةً مِنَ النَّارِ»

ترجمہ:حضرت امّ سلمہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا " بلاشبہ میں ایک انسان ہوں ، تم میرے پاس اپنے جھگڑے لاتے ہو ممکن ہے تم میں سے بعض اپنے مقدمہ کو پیش کرنے میں فریق ثانی کے مقابلہ میں زیادہ چرب زبان ہو اور میں تمہاری بات سن کر فیصلہ کر دوں تو جس شخص کے لیے میں اس کے بھائی (فریق مخالف) کا کوئی حق دلا دوں ، چاہئے کہ وہ اسے نہ لے کیونکہ یہ آگ کا ایک ٹکڑا ہے جو میں اسے دیتا ہوں ۔

( صحیح بخاری،رقم الحدیث:7168)

قضاءً یعنی دینی احکام کے اعتبار سے ثبوت طلاق کے دو طریقے ہیں: ایک یہ کہ شوہر خود طلاق کا اقرار کرے، دوسرا یہ کہ طلاق پر دو گواہ موجود ہوں، اور اگر عورت طلاق کی مدّعیّہ ہے مگر شوہر منکر ہے، تو عدالت اسے قسم دے گی، کیونکہ رسول اللهﷺ کا ارشاد ہے کہ:" أَنَّ البَيِّنَةَ عَلَى الْمُدَّعِي، وَاليَمِينَ عَلَى الْمُدَّعَى عَلَيْهِ"

ترجمہ: کسی بھی دعوے کے ثبوت کے لئے مدّعی پرلازم ہےکہ وہ گواہ پیش کرے (ورنہ گواہ نہ ہونے کی صورت میں) مدی علیه اگر قبولِ دعوی کا انکار کرتا ہے تو اسے قسم لی جائے گی۔

(سنن ترمذی، رقم الحدیث:1342)

یعنی کسی بھی دعوے کے ثبوت کے لئے مدّعی پر لازم ہے کہ وہ دو عادل مرد بطور گواہ پیش کرے (ورنہ گواہ نہ ہونے کی صورت میں ) مدعی علیہ اگر قبول دعوی کا انکار کرتا ہے، تو اسے قسم دی جائے گی شوہر کی قسم کے بعد فیصلہ ہوگا اور اس طرح قضاءً نکاح قائم رہے گا، کیونکہ اسلامی احکام کی طرح دنیا کی کوئی بھی عدالت محض دعوائے مدّعی پر اس کے حق میں فیصلہ نہیں دیتی۔ اگر شوہر جھوٹی قسم کھاتا ہے، تو وہ گنہگار ہے، اور آخرت میں الله تعالی کی عدالت میں حقیقتِ واقعہ کے مطابق فیصلہ ہوگا، اور اس کی ساری زندگی گناہ میں گزرے گی۔

امامِ اہلسنت امام احمد رضا قدس سرہ العزیز لکھتے ہیں:

بحالت اختلاف، طلاق کا ثبوت گواہوں سے ہو گا اور دو گواہ عادل شرعی شہادت بروجه شرع ادا کریں کہ اس شخص نے اپنی زوج کو طلاق دی ، طلاق ثابت ہو جائیگی ، پھر اگر شوہرنفی کے گواہ دے گایا اس بات کے کہ مطلقہ بعد طلاق اس سے بولی کچھ اصلا مسموع نہ ہوگا، ہاں! اگرعورت گواہ بروجہ شرعی نہ دے سکے تو شوہر پر حلف رکھا جائیگا اگر حلف سے کہہ دے گا کہ اس نے طلاق نہ دی ، طلاق ثابت نہ ہوگی اور اگر حاکم شرعی کے سامنے حلف سے انکار کرے گا تو طلاق ثابت مانی جائےگی ۔

( فتاوی رضویہ جلد: 12 صفحہ 453 ، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن، لاہور )

اگر شوہر تین طلاقیں دے کر منکر ہو جا تا ہے اور طلاق کے وقت کوئی گواہ موجودنہیں تھے اور اس کے بعد بدستور اسی مطلقہ عورت کے ساتھ ازدواجی زندگی گزارتا ہے تو شرعا حرام اور زنا کی زندگی ہے، کیونک خلق کو تو دھوکہ دیا جاسکتا ہے، خالق کو دھونہیں دیا جاسکتا۔

مذکورہ صورت میں سائلہ تین طلاق کی مدّعیّہ ہے اور شوہر اس سے منکر ہے اور بربیان مدّعیہ اس کے پاس اپنے دعوی کے ثبوت کے لئے دو عادل مرد گواہوں کا موجود ہونا ضروری ہے لیکن اس کے پاس مذکورہ نصاب نہیں ، ایسی صورت میں بیوی کو چاہئے کہ وہ اپنے شوہر کو قائل کریں کہ اللہ تعالی کی ناراضگی اور آخرت کے عذاب سے ڈرو، اور وہ تین طلاق جو آپ زبانی دے کر منکر ہو گئے ہیں، ان کا اقرار کر لیں اور لکھ کر دےدیں، اگر انہیں خوف خدا آجائے تو شریعت پر عمل کریں ۔ اور اگر خدانخواستہ وہ بدستور انکار پر ڈٹے رہیں، تو ان کے انکار اور گواہوں کے نہ ہونے کی وجہ سے قضاءً حرمت اور تفریق کا حکم نہیں لگایا جاسکتا، لہذا بظاہر حکما نکاح قائم رہے گا، اگر چه دیانتاً اور الله تعالی کے ہاں آخرت میں جوابدہی کے اعتبار سے وہ نکاح باقی نہیں ہے، دنیا میں احکام شرعی کا اطلاق ظاہر حال، قرائن اور شہادتوں یا اقراروانکار پر ہوتا ہے لیکن اللہ تعالی کی عدالت میں حقیقت حال کے مطابق فیصلے ہوں گے، لیکن ظاہر حال کے مطابق دنیوی عدالتوں سے جو فیصلے جاری ہوتے ہیں اور نافذ ہوجاتے ہیں، وہ حقیقت حال کو تبدیل نہیں کرتے۔

اگر آپ اپنے ذاتی یقینی علم سے جانتی ہے کہ میاں وحید اکرم نے تین طلاقیں دی ہیں تو آپ کو اس کے ساتھ رہنا جائز نہ ہوگا ناچار اپنا مہر یا مال دے کر جس طرح ممکن ہوطلاق بائن لے لیں اور یہ بھی ناممکن ہوتو اس سے دُور بھاگو یا پھر ان حالات میں آپ کے لئے جائز شرعی اور قانونی راستہ یہ ہے کہ آپ عدالت سے رجوع کریں اور عدالت کے زریعے فسخ نکاح کرائیں، چونکہ جائز شرعی وجوہ موجود ہیں، اس لئے یہ فسخِ نکاح شرعا و قانونا معتبر ہوگا۔ اور یہ بھی ناممکن ہوتو وبال زید پر ہے جب تک کہ آپ اس کے ساتھ رہنے میں راضی نہ ہو۔

رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"والمرأة كالقاضي إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل لها تمكينه۔۔۔ بل تفدي نفسها بمال أو تهرب، وفي البزازية عن الأوزجندي أنها ترفع الأمر للقاضي، فإنه حلف ولا بينة لها فالإثم عليه."ملخصا"

ترجمہ:یعنیعورت قاضی کی مثل ہے جب وہ طلاق کے الفاظ خود سنے یا کوئی عادل شخص اس کی خبر دے ،تو اس کیلئے اپنے اوپر شوہر کو قدرت دینا جائز نہیں بلکہ مال وغیرہ دیکرگلو خلاصی کرائے اور بزازیہ میں ہے کہ یہ معاملہ قاضی کے پاس پیش کرے اگر اس کے پاس گواہ نہیں اور وہ قسم اٹھالیتا ہے ،تواس کا وبال اس پر ہے (نہ کہ اس پر )۔

(ردالمحتار علی الد المختار ،ج:4،ص:449، مکتبہ رحمانیہ)

امام اہل سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ اس سے ملتے جلتے سوال کے جواب میں فرماتے ہیں:

ایسی صورت میں ہندہ کے گواہ معتبر ہیں جبکہ قابلِ قبول شرع ہوں اور زید کی قسم پر کچھ لحاظ نہ ہوگا ہاں اگر گواہ ناقابلِ قبول ہوں تو زید کی قسم معتبر ہوگی پھر اگر ہندہ اپنے ذاتی یقینی علم سے جانتی ہے کہ زید نے اسے تین طلاقیں دی ہیں تو اسے جائز نہ ہوگا کہ زید کے ساتھ رہے ناچار اپنا مہر یا مال دے کر جس طرح ممکن ہوطلاق بائن لے اور یہ بھی ناممکن ہوتو زید سے دُور بھاگے اور یہ بھی ناممکن ہوتو وبال زید پر ہے جب تک کہ ہندہ راضی نہ ہو۔

(فتاوی رضویہ ،ج:12،ص: 396،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

9ستمبر2021ء01صفر المظفر1443ھ کو جاری کیا گیا