دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

سجدۂ سہو میں ایک سجدہ رہ جانے اور اس میں شک کا شرعی حکم

22223 نومبر، 202667
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید پر نماز میں کسی واجب کے چھوٹ جانے سے سجدہ سہو واجب تھا، لیکن زید نے سجدہ سہو کا صرف ایک سجدہ کیا تو کیا اس صورت میں نماز ہوجائے گی یا نہیں؟نیز اگرزید کو سجدہ سہو میں شک ہوا کہ اس نے ایک سجدہ کیا ہے یا دو ، تو وہ اس صورت میں کیا کرے ؟ جواب مدلل مطلوب ہے۔بینوا توجروا! سائل:محمد یعقوب حنفی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ کسی شخص کا نماز میں کوئی واجب بھول کر چھوٹ جائے یا پھر فرض و واجب میں ایک رکن(تین بار سبحان اللہ کہنے) کی مقدار تاخیر ہوجائے ،تو اس شخص پر سجدہ سہو کرنا واجب ہے، اور سجدہ سہو حدیثِ مبارکہ اور صحابہ کرام (علیھم الرضوان) کے عمل سے دو سجدے ہی ثابت ہیں،لہذا اگر کسی کو نماز میں سہو لاحق ہوا ، لیکن اس نے بھول کر دوسجدوں کے بجائے ایک ہی سجدہ کرلیا اورقعدہ کے بعد سلام پھیردیا مگر فوراً یاد آگیا کہ میرا ایک سجدہ باقی ہے ،تو اگر اس نے کوئی ایسا کام نہیں کیا ، جو نماز کے منافی ہو(مثلاً:قہقہہ لگایا، گفتگو کی یا مسجد سے باہر چلا گیا وغیرہ)، تو اُسی وقت دوبارہ قعدہ کے انداز میں بیٹھ کر ایک بقیہ سجدہ کرے (یعنی صرف وہی سجدہ کرنا ہو گا جو رِہ گیا تھا)، تشہد وغیرہ پڑھے اورسلام سے نماز مکمل کر لے۔

البتہ اگر نمازی نے منافیِ نماز عمل (مثلاً قہقہہ لگایا، گفتگو کی یا مسجد سے باہر چلا گیا وغیرہ)کر لیا تھا ، تو اِس صورت میں نماز دوبارہ پڑھنا ضروری ہے،کیونکہ جونماز واجبات ِ نماز وغیرہ کے بھول جانے کی صورت میں ناقِص طور پر ادا ہوئی اور اس نقص کی تلافی کیلئے کامل طور پرسجدہ سہو نہیں کیا ،لہذا اب اِس نماز کااعادہ کرنا واجب ہے ۔

نیز اگر سجدہ سہو کی ادائیگی میں شک پیدا ہوجائے ،تو تَحرِّی کرنے کا حکم ہے ،یعنی جس کو شک واقع ہو، وہ غوروفکرکرے ،جس طرف اس کا دل جمے وہی صورت اختیارکرے ،یعنی اگراس کا غالب گمان یہ ہو کہ اس نے سجدہ سہو کا ایک سجدہ کیا ہے، تو اب دوسرا سجدہ بھی کرلے اور اگرغالب گمان ہو کہ وہ دونوں سجدے کرچکا ہے،تو اب مزید کوئی سجدہ نہ کرے ،بلکہ اگرتیسرے سجدے میں جاکرغالب گمان ہوگیا کہ پہلے دوسجدے کرچکا ہے، تو اب فورا سجدے کو ختم کرکے تشہد کی طرف لوٹ آئے۔نیزسجدہ سہو میں اس بھول کی وجہ سے مزید کوئی سجدہ سہو لازم نہیں ہوگا، بلکہ وہی پہلے والے دو سجدے ہی اس بھول کے ازالے کے لیے بھی کافی ہیں،کیونکہ ایک نماز میں سجدہ سہو میں تکرار نہیں ہوتی۔

سنن ابنِِ ماجہ اور سنن ابو داؤد میں ہے "

واللَّفظُ لہ":عَنْ ثَوْبَانَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «لِكُلِّ سَهْوٍ سَجْدَتَانِ بَعْدَ مَا يُسَلِّمُ»

ترجمہ:حضرت ثوبان (رضی اللہ عنہ) سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا:ہر سہو کیلئے دو سجدے ہیں(پہلا) سلام پھیرنے کے بعد۔

(سنن ابو داؤد،رقم الحدیث:1038،سنن ابنِ ماجہ،رقم الحدیث:1219)۔

سنن ابو داؤد اور جامع الترمذی میں ہے "

واللَّفظُ لہ":عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَّى بِهِمْ فَسَهَا، فَسَجَدَ سَجْدَتَيْنِ، ثُمَّ تَشَهَّدَ، ثُمَّ سَلَّمَ عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَّى بِهِمْ فَسَهَا، فَسَجَدَ سَجْدَتَيْنِ، ثُمَّ تَشَهَّدَ، ثُمَّ سَلَّم“

ترجمہ:حضرت عمران بن حصین (رضی اللہ عنہ) سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺ نےصحابہ کرام (علیھم الرضوان)کے ساتھ نماز پڑھی، تو آپ کو دورانِ نماز سَہْو ہوا، پس آپ نے دو سجدے کئے پھر دوبارہ تشہد پڑھی اور سلام پھیرا۔

(جامع الترمذی،رقم الحدیث:995،سنن ابو داؤد،رقم الحدیث:1039)۔

نور الایضاح مع مراقی الفلاح میں ہے:

”يجب سجدتان بتشهد وتسليم لترك واجب سهوا وإن تكرر۔۔۔ لأنه صلى الله عليه وسلم، سجد سجدتين للسهو وهو جالس بعد التسليم وعمل به الأكابر من الصحابة والتابعين“

ترجمہ:(سجدہ سہو میں) دو سجدے واجب ہیں ایک سلام اور تشہد کے ساتھ ،بھول کر واجب ترک کرنے کی وجہ سے اگرچہ تکرار کے ساتھ (واجبات کا ترک ہو)کیونکہ نبی اکرمﷺنے بیٹھے بیٹھے سلام پھیرنے کے بعد سجدہ سَہْو کے طور پر دو سجدے کیے اور اِسی پر اکابِر صحابہ اور تابعین(رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُم) کا عمل ہے۔

(مراقی الفلاح شرح نور الایضاح،باب سجود السھو ، ص:178،مکتبۃ العصریہ)۔

دُرِّ مختار میں ہے:

”ولو نسي السهو أو سجدة صلبية أو تلاوية يلزمه ذلك ما دام في المسجد“

ترجمہ:اگر نمازی سجدہ سَہْو، نماز کا فرض سجدہ یا سجدہ تلاوت بھول جائے تو جب تک مسجد میں ہے (اور کوئی منافی نماز کام بھی نہ کیا ہو) تو اُس پر وہ سجدہ کرنا لازم ہے۔

(درمختار،ج:2، باب سجود السھو، ص:674، مطبوعہ رحمانیہ)۔

اس کے تحت ردالمحتار علی الدر المختار میں ہے:

”(قوله ما دام في المسجد) أي وإن تحول عن القبلة استحسانا لأن المسجد كله في حكم مكان واحد۔۔۔إذا فعل فعلا يمنعه من البناء بأن تكلم أو قهقه أو أحدث عمدا أو خرج من المسجد أو صرف وجهه عن القبلة وهو ذاكر له “

ترجمہ:(شارح کا قول:جب تک وہ مسجد میں رہے) یعنی اگرچہ اُس کا رُخ قبلہ سے پھر جائے۔ یہ مسئلہ استحسان کی بنیاد پر ہے۔(استحسان کی وجہ یہ ہے کہ )مسجد اپنی تمام جہات سمیت ایک مکان کے حکم میں ہے۔جب نمازی کوئی ایسا کام کر لے جو بناء کرنے سے مانِع ہو، یعنی گفتگو کرے، قہقہہ لگائے، جان بوجھ کر بے وضو ہو، مسجد سے باہر چلا جائے یا اپنے چہرے کو قبلہ سے پھیر لے،اس حال میں کہ اُسے وہ سجدہ چھوٹ جانا یاد بھی ہو۔(تو اِن سب صورتوں میں بِنا نہیں کر سکتا۔)

(المرجع السابق)۔

فتاویٰ عالَمگیری میں ہے:

”السهو في سجود السهو لا يوجب السهو“

ترجمہ:سَہْو کے دو سجدوں میں بھول واقع ہونا، دوبارہ سجدہ سَہْو کو واجب نہیں کرتا۔

(الفتاوى الھندیۃ، ج:1،ص:130،مطبوعہ کوئٹہ)۔

دُرِّمختار میں ہے:

”کل صلاۃ ادیت مع کراھۃِ التحریم تجب اعادتھا“

ترجمہ:ہر وہ نماز جو کراہتِ تحریمی کے ساتھ اداکی جائے،اُس کو دوبارہ پڑھنا واجب ہے ۔

(درمختار،ج:2،ص:182۔183، مطبوعہ رحمانیہ)۔

کتاب الاصل میں امام محمد رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"قلت أرأيت رجلا صلى فسها فی صلاته فلما فرغ من صلاته سجد لسهوه فشك فلم يدر أسجد لسهوه واحدة أو اثنتين قال يتحرى الصواب فان كان أكثر رأيه أنه سجد سجدة واحدة سجد أخرى وان كان أكثر رأيه أنه سجد سجدتين لسهوه تشهد وسلم"

ترجمہ: میں نے عرض کی کہ آپ کیا فرماتے ہیں اس بارے میں کہ ایک شخص نماز میں بھول گیا ،جب اس نے تمام ارکان ادا کرلیے تو سجدہ سہو کیا ،پھر اسے شک ہوگیا کہ معلوم نہیں اس نےایک سجدہ کیا ہے یا دو؟ امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ نے فرمایا:وہ تحری (یعنی سوچ و بیچار)کرے ،اگراس کا غالب گمان یہ ہو کہ اس نے ایک سجدہ کیا ہے، تو دوسرا سجدہ بھی کرے اور اگر اس کا غالب گمان ہو کہ اس نے دونوں سجدے کرلیے ہیں، تو تشہد پڑھ کرسلام پھیردے۔

(کتاب الاصل ،ج:1،ص:200،مطبوعہ بیروت)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

8/مارچ/2024 ۔26 شعبان المعظَّم 1445ھ کو جاری کیا گیا