دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

عقیقہ کا شرعی حکم، سنت طریقہ اور عقیقہ کے گوشت کا حکم

13022 نومبر، 2026146سوال کنندہ : جمشید، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

میرے تین بچے ہیں، ایک بیٹی اور دو بیٹے میں ان تینوں کا ایک ساتھ عقیقہ کرنا چاہتا ہوں اور عقیقہ میں بیل ذبح کرنا ہے۔ میرا سوال تین بنیادی اجزاء پر مشتمل ہے قرآن و سنت کی روشنی میں جواب عنایت فرما کر رہنمائی فرمائیں 1. عقیقہ سنت ہے یا نفلی عبادت ہے اور نہ کرنے پہ گناہ ملے گا ؟ 2. ہم نے سنا ہے کہ جب عقیقہ کیا جائے تو اسکی دعوت میں الگ سے گوشت ملانا ضروری ہے تاکہ والدین بھی کھا سکے ؟ 3. کیا والدین عقیقہ کا گوشت کھا سکتے ہیں بشمول سری پائے کلیجہ وغیرہ عقیقہ کے گوشت کا کیا حکم ہے؟ 4۔ عقیقہ کا مکمل طریقہ بھی بتا دیجیے ۔؟ بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ ہمارے نزدیک عقیقہ کرنا سنت و مستحب ہےکیونکہ خود نبی کریم ﷺ نے حسنین کریمین رضی اللہ عنہما کاعقیقہ کیاتھا۔اور اگر کوئی شخص عقیقہ نہیں کرسکتاتوگناہ گار نہیں ہوگا ۔عقیقہ کاگوشت والدین وغیرہ سب کھاسکتے ہیں ،الگ سے گوشت ملانےکی کوئی قید نہیں ہے۔

اس کی تفصیل اور عقیقہ کاسنت طریقہ یہ ہے کہ اولاد جیسی عظیم نعمت کے حصول پر بطورِ شکرانہ عقیقہ کیا جاتا ہے، جو فقہِ حنفی میں سنت و مستحب ہے، اور استطاعت کے باوجود اس کے ترک کرنے پر کوئی گناہ نہیں۔ اس میں افضل یہ ہےکہ بچے کی پیدائش کے ساتویں دن عقیقہ کیاجائے،ورنہ چودھویں دن ،ورنہ اکیسویں دن،اور اگر اکیسویں دن نہ کرسکیں توزندگی میں جب چاہیں کرسکتے ہیں ،سنت ادا ہوجائے گی ۔

عقیقہ میں مستحب یہ ہے کہ بیٹے کی طرف سے دو بکرے اور بیٹی کی طرف سے ایک بکری ذبح کی جائے۔ تاہم اس کے برعکس کرنے سے بھی عقیقہ ادا ہوجائے گا ۔ اورگائے، بیل وغیرہ میں بیٹے کی طرف سے دو حصے اور بیٹی کی طرف سے ایک حصہ کافی ہوجاتا ہے۔ چونکہ آپ بیل ذبح کرنا چاہتے ہیں، لہذا اس میں دو حصے بیٹے کےاور ایک حصہ بیٹی کا مقرر کرنے سے ان دونوں (بیٹے اور بیٹی) کی طرف سے عقیقہ ادا ہوجائے گا ۔البتہ عقیقہ کے جانور کا حکم قربانی کے جانور کی طرح ہے،یعنی عقیقہ کے جانور میں ان تمام شرائط کا پایا جانا ضروری ہے جو قربانی کے جانور میں معتبر ہیں،جیسے عمر پور ی ہو،عیب سے محفوظ ہو وغیرہ ۔

عقیقہ کے جانور کے گوشت کوتقسیم کرنے کامستحب طریقہ یہ ہے کہ جانور کی ایک ران دایہ کو دی جائے اور باقی گوشت کو قربانی کے گوشت کی طرح تین حصوں میں تقسیم کیا جائے: ایک حصہ فقراء و مساکین کے لیے، ایک حصہ عزیز و اقارب کے لیے اور ایک حصہ گھر والوں کے لیے،خواہ پکا کر کھلایاجائے یا کچا تقسیم کیاجائے البتہ پکا کر کھلانا افضل ہے۔ تاہم یہ تقسیم لازم نہیں، لہٰذا اگر تمام گوشت فقراء و مساکین میں تقسیم کردیا جائے، یا عزیز و اقارب کو کھلادیا جائے، یا گھر والے کھالیں ،تو شرعاً اس میں کوئی حرج نہیں۔

عقیقہ کےمتعلق حدیث مبارکہ میں ہے:

"عن سمرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: "كل غلام مرتهن بعقيقته، تذبح عنه يوم السابع، ويحلق رأسه ويسمى".

ترجمہ:حضرت سمرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر لڑکا اپنے عقیقہ میں گروی ہے، اس کی طرف سے ساتویں دن عقیقہ کیا جائے، اس کا سر مونڈا جائے، اور نام رکھا جائے۔

(سنن ابن ماجہ ،رقم الحدیث:3165)

ردالمحتار میں ہے:

" يستحب لمن ولد له ولد أن يسميه يوم أسبوعه ويحلق رأسه ويتصدق عند الأئمة الثلاثة بزنة شعره فضة أو ذهباً ثم يعق عند الحلق عقيقة إباحة على ما في الجامع المحبوبي، أو تطوّعاً على ما في شرح الطحاوي، وهي شاة تصلح للأضحية تذبح للذكر والأنثى، سواء فرق لحمها نيئاً أو طبخه، بحموضة أو بدونها. مع كسر عظمها أو لا، واتخاذ دعوة أو لا، وبه قال مالك."

ترجمہ: جس شخص کے ہاں بچہ پیدا ہو، اس کے لیے مستحب ہے کہ پیدائش کےساتویں دن بچے کا نام رکھےاور اس کے سر کے بال منڈوائے ، اور ائمۂ ثلاثہ کے نزدیک بالوں کے وزن کے برابر چاندی یا سونا صدقہ کرے۔ الجامع المحبوبی کی روایت کےمطابق بال منڈواتے وقت عقیقہ کرنا مباح ہےاورشرح الطحاوی کی روایت کے مطابق مستحب ہے۔ اور وہ بکری مذکر اور مؤنث کی طرف سے عقیقہ کےلئے ذبح کی جائے۔ جوبکری قربانی کےلئے ذبح کی جاسکتی ہو۔ اس کے گوشت کو خواہ کچا تقسیم کیا جائے یا پکا کر، خواہ شوربے کے ساتھ یا شوربے کےبغیر، اور خواہ ہڈی توڑ کر پکایا جائے یا ہڈی نہ توڑی جائے، خواہ عقیقے کی دعوت کی جائے یا نہ کی جائے، ہر صورت جائز ہے۔ امام مالک علیہ الرحمہ کا بھی یہی قول ہے۔

(ردالمحتارعلی الدرالمختار،کتاب الاضحیہ،ج،9،ص،554،مکتبہ رحمانیہ )

اس کے تحت جد الممتار میں ہے:

" قولہ:أو تطوّعاً على ما في "شرح الطحاوي" و ھوا لصحیح "

ترجمہ:علامہ شامی علیہ الرحمہ کا قول کہ شرح الطحاوی کی روایت کے مطابق مستحب ہے ،یہی صحیح ہے۔

(جد الممتار،کتاب الاضحیہ،ج،7،ص،57،مکتبہ دارِ اہل السنۃ)

امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن عقیقہ کےمتعلق فرماتے ہیں:

" ان امور میں احکام عقیقہ مثل قربانی ہیں ، اعضا سلامت ہوں ، بکرا بکری ایک سال سے کم کی جائز نہیں ، بھیڑ، مینڈھا چھ مہینہ کا بھی ہو سکتا ہے جبکہ اتنا تازہ و فربہ ہو کہ سال بھر والوں میں ملا دیں تو دور سے متمیز نہ ہو ۔گوشت بھی مثل قربانی تین حصے کرنا مستحب ہے ، ایک اپنا ، ایک اقارب ، ایک مساکین کا۔ اور چاہے تو سب کھالے خواہ سب بانٹ دے ، جیسے قربانی ۔ اور پکا کر کھلانا کی تقسیم کرنے سے افضل ہے۔حصہ ضروری کسی کا بھی نہیں استحبابی حصہ میں تہائی اپنا رکھا گیا ہے ،والدین کھا سکتے ہیں،اس کی ممانعت جو مشہور ہے،صحیح نہیں۔دائی یعنی جنائی کو ایک ران دی جائے جبکہ وہ مسمان ہو ۔۔۔عقیقہ ساتویں دن افضل ہے نہ ہوسکے تو چودھویں دن ،ورنہ اکیسویں ورنہ زندگی بھر میں جب کبھی ہو۔۔۔کم سے کم ایک تو ہےہی،اور پسر کےلئے دو افضل ہیں ،استطاعت نہ ہوتو ایک بھی کافی ہے۔"

(فتاوٰی رضویہ ،ج،20،ص،584تا 586،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

صدرالشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ عقیقہ کےمتعلق فرماتےہیں:

بچہ پیدا ہونے کے شکریہ میں جو جانور ذبح کیا جاتا ہے اوس کو عقیقہ کہتے ہیں ۔ حنفیہ کے نزدیک عقیقہ مباح و مستحب ہے۔ یہ جو بعض کتابوں میں مذکور ہے کہ عقیقہ سنت نہیں اس سے مراد یہ ہے کہ سنت مؤکدہ نہیں ورنہ جب خود حضور اقدس صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلم کے فعل سے اس کا ثبوت موجود ہے تو مطلقاً اس کی سنیت سے انکار صحیح نہیں۔

(بہارِ شریعت،حصہ پانزدہم،عقیقہ کا بیان،ص،355،مکتبۃ المدینۃ )

اسی میں ہے:

لڑکے کے عقیقہ میں دو بکرے اور لڑکی میں ایک بکری ذبح کی جائے یعنی لڑکے میں نر جانور اور لڑکی میں مادہ مناسب ہے۔ اور لڑکے کے عقیقہ میں بکریاں اور لڑکی میں بکرا کیا جب بھی حرج نہیں ۔ اور عقیقہ میں گائے ذبح کی جائے تو لڑکے کے لیے دو حصے اور لڑکی کے لیے ایک حصہ کافی ہے یعنی سات حصوں میں دو حصے یا ایک حصہ۔

(بہارِ شریعت،حصہ پانزدہم،عقیقہ کا بیان،ص،357،مکتبۃ المدینۃ )

اسی میں ہے:

عوام میں یہ بہت مشہور ہے کہ عقیقہ کا گوشت بچہ کے ماں باپ اور دادا دادی، نانا نانی نہ کھائیں یہ محض غلط ہے اس کا کوئی ثبوت نہیں ۔

(بہارِ شریعت،حصہ پانزدہم،عقیقہ کا بیان،ص،357،مکتبۃ المدینۃ )

خلاصہ:

ہمارے نزدیک عقیقہ کرنا سنت و مستحب ہےکیونکہ خود نبی کریم ﷺ نے حسنین کریمین رضی اللہ عنہما کاعقیقہ کیاتھا۔اور اگر کوئی شخص عقیقہ نہیں کرسکتاتوگناہ گار نہیں ہوگا ۔عقیقہ کاگوشت والدین وغیرہ سب کھاسکتے ہیں ،الگ سے گوشت ملانےکی کوئی قید نہیں ہے۔

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد الطاف چشتی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

23 ستمبر 2026 بمطابق 10 ربیع الثانی 1448ھ کو جاری کیا گیا