سوال
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ جامع مسجد باغ رضا سیکٹر 51 سی کورنگی نمبر 6 کراچی کی مسجد کی انتظامیہ نے مسجد کے محراب کے سامنے باہر میت رکھنے کے لیے جگہ تیار کی تاکہ جنازہ ادا کیا جا سکے نمازی مسجد میں ہوں گے امام اور چند ورثا محراب میں ہوں گے جبکہ میت مسجد کے باہر محراب کے سامنے ہوگی لہذارہنمائی فرمائیں کہ اس طرح نماز جنازہ کی ادائیگی کا حکم شرع کیا ہے؟ بینوا توجروا! سائل: محمد احمد( جامع مسجد باغ رضا) نوٹ: مسجد کے برابر میں گلی کے ساتھ گراؤنڈ ہے اور پہلے جنازہ گراؤنڈ میں ہوتاتھا اور پھر صفائی کے معاملات کی اور کے ایم سی کی وجوہات کی وجہ سے ایک سال تک گلی (لوگ اس کا متبادل راستہ استعمال کر سکتے ہیں )میں نماز جنازہ اد ا کیاجاتا رہا اور پھر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ نمازِ جنازہ مسجد میں ادا کی جائے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہےکہ مذکورہ صورت کے مطابق اس مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کرنا جائز ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ ظاہرُ الروایہ کے مطابق میت مسجد کے اندر ہو یا باہر، اور تمام نمازی مسجد کے اندر ہوں یا بعض اندر اور بعض باہر، ہر صورت میں مسجد کے اندر نمازِ جنازہ ادا کرنا مکروہِ تحریمی ہے۔البتہ اگر جنازہ گاہ یا مناسب گراؤنڈ میسر نہ ہو یا عام راستے میں نمازِ جنازہ ادا کرنے سے لوگوں کی آمد ورفت میں حرج اور دشواری پیدا ہوتی ہو، تو ضرورت ورفعِ حرج کی بنا پر ظاہرُ الروایہ سے عدول جائز ہوتاہے۔ لہذا ضرورت و حرج کی بناء پر مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کرنا بلا کراہت جائز ہوگا ۔
چونکہ مذکورہ صورت میں ضرورت متحقق ہےکیونکہ گراؤنڈ میں صفائی اور کے ایم سی(KMC) سے متعلق انتظامی مسائل بھی درپیش ہیں اور راستے میں نمازِ جنازہ ادا کرنے سے ممنوعیت ہے کیونکہ راستہ لوگو ں کی آمد ورفت کےلئے ہے ۔ لہٰذا ضرورت ورفعِ حرج کی بنا پر مذکورہ مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کرنا جائز ہوگا۔ تاہم بہتر اور اولیٰ یہ ہے کہ میت کو مسجد سے باہر رکھا جائے اور نمازی مسجد کے اندر کھڑے ہوکر نمازِ جنازہ ادا کریں، تاکہ مسجد کی تلویث کا احتمال بھی نہ رہے۔
شیخ الاسلام برہان الدین علی بن ابی بکرالمرغینانی ہدایہ میں فرماتے ہیں ہیں:
" لَا يُصَلَّى عَلَى مَيِّتٍ فِي مَسْجِدٍ جَمَاعَةً) لِقَوْلِهِ علیہ السلام:« مَنْ صَلَّى عَلَى جِنَازَةٍ فِي الْمَسْجِدِ فَلَا أَجْرَ لَهُ». وَلِأَنَّهُ بُنِيَ لِأَدَاءِ الْمَكْتُوبَاتِ، وَلِأَنَّهُ يُحْتَمَلُ تَلْوِيثُ الْمَسْجِدِ، وَفِيمَا إذَا كَانَ الْمَيِّتُ خَارِجَ الْمَسْجِدِ اخْتِلَافُ الْمَشَايِخِ".
ترجمہ: جماعت والی مسجد میں نماز جنازہ نہ پڑھی جائے اس لئے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جوشخص مسجد میں نماز جنازہ پڑھے اس کیلئے کوئی ثواب نہیں، اس لئے کہ مسجدفرض نمازوں کی ادائیگی کیلئے بنی ہے اور اس میں مسجد کی آلودگی کااحتمال ہے، جب میت مسجدسے باہر تو اس میں مشائخ کااختلاف ہے۔
(ہدایۃ مع فتح القدیر، کتاب الصلاۃ، فصل فی الصلاۃ علی المیت، ج:2، ص:132، مکتبہ رشیدیہ، کوئٹہ)
خلاصۃ الفتاوی میں ہے:
" صَلَاْةُ الْجَنَاْزَةِ فِيْ الْمَسْجِدِ الَّذِيْ يُقَاْمُ فِيْهِ الْجَمَاْعَةُ مَكْرُوْهٌ سَوَاْءٌ كَاْنَ الْمَيِّتُ وَالْقَوْمُ فِيْ الْمَسْجِدِ أَوْ كَاْنَ الْإِمَاْمُ مَعَ بَعْضِ الْقَوْمِ خَاْرِجَ الْمَسْجِدِ وَالْقَوْمُ الْبَاْقِيْ فِيْ الْمَسْجِدِ أَوِ الْمَيِّتُ فِيْ الْمَسْجِدِ وَالْإِمَاْمُ وَالْقَوْمُ خَاْرِجُ الْمَسْجِدِ هَذَا فِيْ الْفَتَاْوَى الصُّغْرَى".
ترجمہ: ایسی مسجد میں نماز جنازہ پڑھنا جس میں جماعت قائم کی جاتی ہو مکروہ ہے، برابر ہے میت اورقوم مسجد میں ہوں یامیت مسجد سے باہر ہو اورلوگ مسجد میں ہوں یاامام اورکچھ لوگ مسجد سے باہر ہوں اورباقی لوگ مسجد میں ہوں یا میت مسجد میں ہو امام اور لوگ مسجد سے باہر ہوں( تو ان سب صورتوں میں مکروہ ہے) یہ فتاوی صغریٰ میں ہے۔
(خلاصۃ الفتاوی، کتاب الصلوٰۃ، الفصل الخامس والعشرون فی الجنائز، فی صلوۃالجنائز فی المسجد، الجزء الاول، ص222، مکتبہ رشیدیہ، کوئٹہ)
ردالمحتار میں ہے:
"مطلقا ای فی جمیع الصور المتقدمة کما فی الفتح عن الخلاصہ۔ وفی مختارات النوازل سواء کان المیت فیہ او خارجہ ہو ظاہر الروایہ۔ وفی روایۃ: لا یکرہ اذا کان المیت خارج المسجد. "
ترجمہ: گزشتہ تمام صورتوں میں, جیساکہ فتح القدیرمیں خلاصہ سے منقول ہے اورمختارات النوازل میں ہے کہ خواہ میت مسجد کے اندر ہو یاباہر، یہی ظاہرالروایۃہےاور ایک روایت یہ ہے کہ جب میت مسجد سے باہر ہوتو مسجد میں نمازِ جنازہ مکروہ نہیں ہے۔
(ردالمحتار، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃالجنازۃ، ج:3، ص:148، مکتبہ رحمانیہ)
یہاں تک کہ علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ مزید لکھتے ہیں:
" كَمَا تُكْرَهُ الصَّلَاةُ عَلَيْهَا فِي الْمَسْجِدِ يُكْرَهُ إدْخَالُهَا فِيهِ".
ترجمہ: جیسا کہ مسجد میں نماز جنازہ پڑھنا مکروہ ہے، جنازہ کا مسجدمیں داخل کرنا بھی مکروہ ہے۔[ایضاً] ۔
امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں:
" ظاہرالروایۃ میں ہمارے ائمہ ثلاثہ رضی اللہ عنھم کے نزدیک مسجد میں جنازہ مطلقاً مکروہ ہے اگرچہ میت بیرون مسجد ہو یہی ارجح واصح ومختاروماخوذہے"۔
(فتاوی رضویہ، ج: 9،ص: 260،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
مذکورہ عبارات سے معلوم ہواکہ مسجدمیں نمازجنازہ پڑھنامطلقاً مکروہ ہے۔ سخت سردی اورتیز دھوپ کیوجہ سے بھی اجازت نہیں۔
اسی میں ہے:
" نمازجنازہ بہت ہلکی اورجلد ہوجانے والی چیز ہے اتنی دیردھوپ کی تکلیف ایسی نہیں کہ اس کیلئے مکروہ تحریمی گوارہ کیا جائے اورمسجد کی بے حرمتی روا رکھیں۔ رہی نماز وہ ادا ہوجائیگی( یعنی) فرض اتر جائیگا اورمخالفت حکم کا گناہ اور نفس نماز کاثواب اللہ عزوجل کے ہاتھ"۔
(فتاوی رضویہ، ج: 9،ص: 263، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
مسجد میں نماز جنازہ پڑھنے کی کراہیت کا حکم اس وقت ہے کہ بلا عذر شرعی ہو۔ عذرشرعی کی وجہ سے مسجد میں نماز جنازہ کےجواز کے متعلق ردالمحتار میں ہے:
" إنَّمَا تُكْرَهُ فِي الْمَسْجِدِ بِلَا عُذْرٍ، فَإِنْ كَانَ فَلَا، وَمِنْ الْأَعْذَارِ الْمَطَرُ كَمَا فِي الْخَانِيَّةِ".
ترجمہ: بلاعذرمسجدمیں جنازہ پڑھنا مکروہ ہے وگرنہ نہیں اور ان اعذار میں سے بارش بھی ہے جیساکہ خانیہ میں ہے۔
( ردالمحتارعلی الدرالمختار، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ج: 3، ص: 151، مکتبہ رحمانیہ)
عذرِ شرعی کے متعلق علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
" إنَّ مِنْ الْعُذْرِ مَا جَرَتْ بِهِ الْعَادَةُ فِي بِلَادِنَا مِنْ الصَّلَاةِ عَلَيْهَا فِي الْمَسْجِدِ لِتَعَذُّرِ غَيْرِهِ أَوْ تَعَسُّرِهِ بِسَبَبِ انْدِرَاسِ الْمَوَاضِعِ الَّتِي كَانَ يُصَلِّي عَلَيْهَا فِيهَا، فَمَنْ حَضَرَهَا فِي الْمَسْجِدِ إنْ لَمْ يُصَلِّ عَلَيْهَا مَعَ النَّاسِ لَا يُمْكِنُهُ الصَّلَاةُ عَلَيْهَا فِي غَيْرِهِ، وَلَزِمَ أَنْ لَا يُصَلِّيَ فِي عُمُرِهِ عَلَى جِنَازَةٍ، نَعَمْ قَدْ تُوضَعُ فِي بَعْضِ الْمَوَاضِعِ خَارِجَ الْمَسْجِدِ فِي الشَّارِعِ فَيُصَلَّى عَلَيْهَا، وَيَلْزَمُ مِنْهُ فَسَادُهَا مِنْ كَثِيرٍ مِنْ الْمُصَلِّينَ لِعُمُومِ النَّجَاسَةِ وَعَدَمِ خَلْعِهِمْ نِعَالَهُمْ الْمُتَنَجِّسَةَ مَعَ أَنَّا قَدَّمْنَا كَرَاهَتَهَا فِي الشَّارِعِ. وَإِذَا ضَاقَ الْأَمْرُ اتَّسَعَ، فَيَنْبَغِي الْإِفْتَاءُ بِالْقَوْلِ بِكَرَاهَةِ التَّنْزِيهِ الَّذِي هُوَ خِلَافُ الْأَوْلَى كَمَا اخْتَارَهُ الْمُحَقِّقُ ابْنُ الْهُمَامِ، وَإِذَا كَانَ مَا ذَكَرْنَاهُ عُذْرًا فَلَا كَرَاهَةَ أَصْلًا".
ترجمہ: بے شک عذ رمیں سے ہے جس کا ہمارے شہروں میں رواج ہو چکا ہے کہ وہ مسجد میں جنازہ ادا کرتے ہیں دوسری جگہ جنازہ پڑھنے کے متعذَّر یادشوار ہونے کے سبب کیونکہ جنازہ پڑھنے کی جگہیں ختم ہو چکی ہیں ۔ جو مسجد میں جنازہ کے ساتھ حاضر ہوااگر لوگوں کے ساتھ مل کر نمازجنازہ نہ پڑھے تو اس کے لئے غیر مسجد میں نماز جنازہ پڑھنا ممکن ہی نہیں ہوگا( کیونکہ لوگ تومسجد میں نماز جنازہ پڑھتے ہیں) تو اس سے یہ لازم آیا کہ وہ اپنی عمر میں کسی جنازہ پر نماز نہ پڑھ سکے۔ہاں بعض جگہوں پر مسجد سے باہر میت کو راستے پر رکھ کر نماز جنازہ پڑھی جاتی ہے اور اس سے بہت سارے نمازیوں کی نمازجنازہ کا فاسد ہونا لازم آتا ہے، کیونکہ عام طورپر راستے میں نجاست ہوتی ہے اور وہ اپنی ناپاک چپلیں بھی نہیں اتارتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ کہ ہم عام راستے میں نمازجنازہ کے مکروہ ہونے کا ذکر کر چکے ہیں ۔ اور جب کسی شرعی معاملے میں تنگی آجائے تو اس میں وسعت آجاتی ہے، پس مناسب یہ ہے کہ مسجد میں نمازجنازہ کے بارے میں کراہت تنزیہی یعنی خلاف اولی کا قول کیا جائے ، جیسا کہ اس کو علامہ محقق ابن الھمام علیہ الرحمہ نے اختیار فرمایا۔ اورجوتفصیل ہم نے بیان کی اگر وہ عذر ہے تو اصلاً کراہت بھی نہیں ہوگی۔
(ردالمحتار،کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ج: 3، ص: 151، مکتبہ رحمانیہ)
فتح القدیر میں ہے :
"ثم ھی کراھۃ تحریم او تنزیہ ؟روایتان و یظھر لی ان الاولی کونھا تنزیھیۃ اذ الحدیث لیس ھو نہیا غیر مصروف "
ترجمہ :پھر یہ کراہت، تحریمی ہے یا تنزیہی؟ اس بارے میں دو روایتیں ہیں۔ اور جو میرے لئے ظاہر ہوا ہے وہ یہ ہے کہ یہ کراہت تنزیہی ہے کیونکہ مذکورہ حدیث ایسی نہی پر مشتمل نہیں ہے جس کی تاویل نہ کی جاسکے ۔
(فتح القدیر ،کتاب الصلاۃ ، باب الجنائز،فصل فی الصلاۃ علی المیت ،ج،2،ص،132،مکتبہ اشرفیہ )
خلاصہ:
مذکورہ صورت کے مطابق اس مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کرنا جائز ہے۔
واللہ تعالی اعلم