سوال
کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ رضا نے عادل کو پیسے دئیے اور کہا کہ تم میری طرف سے سو کلو مونگ دال خرید لو اور عادل نے اس کے پیسوں سے دال خرید لی لیکن اس معاہدہ کے ساتھ دوسرا معاہدہ متصل تھا کہ وکیل بنانے کے بعد عادل نے رضاسےکہاجب تم(عادل )یہ خرید لو گے تو خریدنے کے بعدمیں( رضا )اس کی اصل قیمت پر کچھ نفع رکھ کر یہ سامان آپ (عادل )کو ایک مہینے کی ادھار پر بیچ دوں گا شرعی اعتبار سے رہنمائی فرما ئیں کہ کیا ایسا کرنا جائز ہے ؟بینواتوجروا! نوٹ: دونوں (وکیل، مؤکل ) الگ الگ شہر میں ہوتے ہیں اور وکیل کے خریدنے کے بعد مؤکل کو رسید سینڈ کر دیتا ہے اور موکل اس پر قبضہ کرنے سے پہلے یا اتنا ٹائم گزرنے سے پہلے کہ اس پر قبضہ ہو سکے وکیل کو بیچ دیتا ہے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکم شرع یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں عادل رضا کا وکیل ہے اور مؤکل کا وکیل کو یہ" جب تم خرید لوگے تو یہ تمہیں ادھار پر بیچ دوں گا " کہنامحض وعدہِ بیع ہے اور فقہاء کے نزدیک وعدہ بیع جائز ہے البتہ عقد وکالت کے ساتھ متصل وعدہِ بیع کو بطور شرط ( اس شرط پر وکیل بناتا ہوں کہ جب خرید لوگے تویہ تمہیں بیچ دوں گا) ذکر نہ کیا جائے اور وکیل کے خریدنے کے فوری بعد مؤکل کا وکیل کو بیچ دینا بھی جائز ہے بیع قبل القبض نہیں لہذا اس طرح خرید و فروخت اور اس کا معاہدہ کرناجائز ہے۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ " رضا کا عادل کو دال خریدنے کا کہنااور رقم عادل کے سپرد کر دینا" عقد وکالت ہے اور یہ جائز ہے اور اس کے ساتھ اس معاہدہ " جب تم خرید لو گے تو میں ادھار پر تمہیں بیچ دوں گا " کا متصل ہونا صفقتان في صفقہ واحدۃ ( ایک ہی عقد میں دو عقد کرنا) نہیں ہے کیونکہ صفقہ در صفقہ کےلئے ضروری ہے کہ ایک عقد میں دو عقد ہوں اور ان کو شرط کے ساتھ ذکر کیا جائےیعنی ایک عقد دوسرے پر موقوف ہواور عقد کے لئے ایجاب و قبول دونوں کا ماضی یا حال یا ایک ماضی اور ایک حال کا صیغہ ہونا ضروری ہے جبکہ "پیچ دوں گا " کا استعمال مستقبل کے لئے خاص ہے، اور اس کو عقد وکالت کے ساتھ متصل بطور شرط ذکر بھی نہیں کیا لہذا یہ صفقہ در صفقہ نہیں بلکہ محض وعدہ بیع ہے اور لوگوں کی ضرورت کے پیش نظر اس کو پورا کر ناضروری ہے۔
مؤکل اور وکیل کا الگ الگ شہر میں ہونا اور وکیل کے خرید کر قبضہ کرنے کے فوری بعد مؤکل کا وکیل کو بیچ دینا بیع قبل القبض نہیں ہے کیونکہ وکیل کے خریدنے سے مؤکل کی ملکیت ثابت ہو گئی تھی اور وکیل کا قبضہ مؤکل کا قبضہ ہوتا ہے لہذا یہ اپنی ملکیت میں موجود چیز کی قبضہ کے بعد بیع ہے اور یہ جائز ہے اس سے کوئی خرابی لازم نہیں آئے گی ۔
رد المحتار میں ہے :
" فهى اقامة الانسان غیره مقام نفسه في تصرف معلوم"
ترجمہ : عقد وکالت یہ ہے کہ معلوم تصرف میں انسان کسی دوسرے شخص کو اپنی جگہ مقرر کرے۔
(رد المحتار على الدر المختار ، كتاب الوكالة ، ج 11، ص 338، مکتبہ رحمانیہ)
الدر المختار میں ہے :
" ولو بعده على وجه الميعاد جاز و لزم الوفاء به لان المواعيد قد تكون لازمة لحاجة الناس "
ترجمہ : اگر عقد کے بعد کوئی شرط بطور وعدہ ذکر کی تو جائز ہے اور اس کو پورا کر نالازم ہے کیونکہ کبھی وعدہ لوگوں کی ضرورت کی وجہ سے لازم ہوتا ہے۔
(الدر المختار، کتاب البیوع ، باب الصرف، ج ، 7 ، ص ، 572، مکتبہ رحمانیہ )
المبسوط للسرخسی میں ہے:
"قبض الوكيل في حق المؤكل كقبضه بنفسه"
ترجمہ : مؤکل کے حق میں وکیل کا قبضہ خود مؤکل کے قبضہ کی طرح ہے۔
(المبسوط ، كتاب الوكالة، باب الوكالة في الدم والصلح، ج ، 19 ، ص ، 176 ، مکتبہ رشیدیہ )
فتاوی رضویہ میں ہے:
لیں گے "صرف وعدہ ہے اور وعدہ کوئی عقد نہیں ، نہ وفائے وعدہ پر خود وعدہ کرنے والے کو جبر کیا جاسکتا ہے۔
(فتاوی رضویہ ، کتاب البیوع، ج 17، ص، 95، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
بہار شریعت میں ہے :
دونوں کے الفاظ ماضی ہوں جیسے خرید ایچا یا دونوں حال ہوں جیسے خریدتا ہوں بچتا ہوں یا ایک ماضی اور ایک حال ہو مثلاً ایک نے کہا بچتا ہوں دوسرے نے کہا خریدا۔ مستقبل کے صیغہ سے بیچ نہیں ہو سکتی دونوں کے لفظ مستقبل کے ہوں یا ایک کا مثلاًخرید و نگا بیچوں گا کہ مستقبل کا لفظ آئندہ عقد صادر کرنے کے ارادہ پر دلالت کرتا ہے فی الحال عقد کا اثبات نہیں کرتا۔
(بہار شریعت، خرید و فروخت کا بیان، گیار ہواں حصہ ، ج 2، ص 618، مكتبة المدینہ العلمیہ)
اسی میں ہے: وکیل کا قبضہ موکل کا قبضہ ہوتا ہے۔
(بہار شریعت ، ج 3 ، چودھواں حصہ ، ص 180، مکتبۃ المدینہ کراچی)
خلاصہ: مذکورہ صورت میں عادل رضا کا وکیل ہے اور مؤکل کا وکیل کو یہ" جب تم خرید لوگے تو یہ تمہیں ادھار پر بیچ دوں گا " کہنامحض وعدہِ بیع ہے اور فقہاء کے نزدیک وعدہ بیع جائز ہے البتہ عقد وکالت کے ساتھ متصل وعدہِ بیع کو بطور شرط ذکر نہ کیا جائے اور وکیل کے خریدنے کے فوری بعد مؤکل کا وکیل کو بیچ دینا بھی جائز ہے بیع قبل القبض نہیں لہذا اس طرح خرید و فروخت اور اس کا معاہدہ کرناجائز ہے۔
واللہ اعلم بالصواب