سوال
کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میں اپنے ایک دوست سے دو لاکھ روپےایک سال کی مدت تک کاروبار کےلئے اس شرط پر لے رہا ہوں کہ پیسے ان کے ہوں گے اور کام میرا ہوگا اور ایک سال بعد وہ دولاکھ روپے اور کاروبار میں جونفع حاصل ہوگا اس نفع کا پانچ فیصد بھی ان کو دوں گا ، اور باقی پچانوے فیصد نفع میراہوگااور اگر نقصان ہوا تو یہ نقصان میرا شمار ہوگا اور میں ان کو دولاکھ واپس کروں گا،عرض یہ ہے کہ کیا یہ طریقہ شریعت میں جائز ہے یا نہیں ؟ اگر میں دوست سے کاروبار کےلئے دولاکھ روپے اس شرط پر لیتاہوں کہ ایک سال تک نفع کا پچاس فیصد اس کو دیتارہوں اورنفع کا فیصد زیادہ ہونے کی وجہ سے دولاکھ اسے کبھی واپس نہیں دوں گا بلکہ اس کو اپنی ملکیت شمار کرلوں گا اور نقصان ہوا تو وہ میرے دوست کا ہوگا لہذا اس صورت میں شرعی حکم کیا ہے رہنمائی فرما دیں ؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرع یہ ہے کہ مذکورہ صورتوں میں سےپہلی صورت میں مضارب پر نقصان کی شرط باطل ہے اور عقدِ مضاربہ صحیح رہے گا البتہ اگرمضارب کی کوتاہی یا غفلت یا معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے نقصان ہوا تو مضارب اس کا ضمان دے گا ورنہ نقصان کی صورت میں مضارب(Worker) ضامن نہیں ہوگا لہذاراس المال (Capital)نکالنے کے بعد اگر کچھ بچ جائےتونفع سے مقررکردہ فیصد کی مقدار کے مطابق دونوں اس میں شریک ہوں گے اور اگر نقصان ہواتو مذکورہ تین چیزوں(کوتاہی،غفلت اور معاہدےکی خلاف ورزی )کے علاوہ مکمل نقصان رب المال (Invester)کا ہوگا ۔دوسری صورت ناجائز ہے اگر دوسری صورت کے مطابق مضارب(Worker) نے رب المال(Invester) سے پیسے لئے اور ابھی تک کام نہیں کیا تودونوں پر اس کو ختم کرنا لازم ہے اور مضارب کو کچھ نہیں ملے گااوراگر کام کر لیا توخواہ نفع ہویا نہ ہو مضارب کو طے شدہ نفع اور اجرتِ مثل (اس کام کی مثل جو بازار میں اجرت ہو)میں سے جو کم ہوگاوہ دیا جائے گا ۔
اس کی تفصیل یہ ہےکہ یہ دونوں صورتیں عقدِ مضاربہ کی ہیں اور عقدِ مضاربہ یہ ہے کہ ایک شخص کی رقم ہو اور دوسرا اس سے کاروبار کرے اور اصل رقم باقی رکھتے ہوئے دونوں فیصد کے اعتبار سے نفع میں شریک ہوں یعنی نصف نصف یا ایک تہائی ایک کے لئے اور دوتہائی دوسرے کے لئے یعنی جتنے پر دونوں راضی ہوجائیں ۔عقدِ مضاربہ کی صحت کی چند شرائط ہیں راس المال ثمن ہو،اس کی مقدار عاقدین کو معلوم ہو،عین ہو دین نہ ہو،راس المال مضارب کے سپرد کر دیا جائے ،نفع دونوں کے مابین مشترک ہو،عقد کے وقت فیصد کے اعتبار سے نفع متعین ہو،عقد کے وقت رب المال پر کام کرنے کی شرط نہ ہو،فیصد کی تیعین نفع سے ہو راس المال سے نہ ہو اگر مضارب نے راس المال سےیا راس المال اور نفع دونوں سے اپنےلئے شرط لگائی یا عقد میں ایسی شرط ذکر کردی جس سے نفع میں جہالت پیداہویا نفع میں شرکت ختم ہوجائے تو عقد فاسد ہوجائےگا ورنہ شرط باطل ہوجائے گی اور عقد صحیح رہے گا۔
لہذاپہلی صورت جائز ہے کیونکہ اس میں صحتِ مضاربہ کی تمام شرائط موجود ہیں البتہ اس میں ایسی شرطِ فاسد (مضارب پر ضمان) ذکر کی گئی ہے جس کی وجہ سے نفع میں جہالت یا نفع میں شرکت ختم نہیں ہورہی لہذا یہ شرط باطل ہوجائے گی اور عقد صحیح رہے گا اور فیصد کے اعتبار سے مقرر کردہ مقدار کے مطابق دونوں فریق نفع میں شریک ہوں گےالبتہ اگر مضارب (Worker)کی غفلت یاتعدی یامعاہدے کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے نقصان ہوا تو مضارب پر نقصان کا ضمان ہوگا ۔
اور دوسری صورت جائز نہیں ہےکیونکہ مضاربہ کی شرائطِ صحت میں سے ہے کہ مضارب نے اپنا حصہ نفع سے مقرر کیا ہواگر مضارب نے راس المال سےیا راس المال اور نفع دونوں سے اپنے لئے شرط لگائی تو عقدِ مضاربہ فاسد ہوجاتاہے چونکہ دوسری صورت میں مضارب نے راس المال اور نفع دونوں کی اپنے لئے شرط لگائی ہے لہذا یہ عقدِمضاربہ فاسد ہے اور اگر اس صورت کے مطابق مضارب (Worker)نے رب المال (Invester)سے راس المال(Capital) لیا اور ابھی تک کام نہ کیا ہوتو دونوں پر اس کو ختم کرنا لازم ہے اور اگر مضارب نے کام کر لیا ہو تو یہ اجارہِ فاسدہ کے حکم میں ہے لہذامضارب کو اجرتِ مثل اور نفع سے مقررکی گئی مقدار میں سے جو کم ہوگاوہ دیا جائے گا۔
اس کا جائز طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے دوست سےدولاکھ روپے کاروبار کےلئے اس شرط پر لیں کہ راس المال ان کا اور کام آپ کا ہوگا اور فیصد کے اعتبار سےنفع میں شرکت ( جتنے پہ آپ راضی ہوں )طےکرلیں لہذا راس المال نكالنے کے بعداگر کچھ بچ جائےتو نفع سے مقررکردہفیصد کی مقدار کے مطابق دونوں اس میں شریک ہوں گے اور اگر نقصان ہوا اور تو کل نقصان رب المال کا ہوگا مضارب اس کا ضمان نہیں دےگا اور مضارب کی صرف محنت ضائع ہوجائے گی ۔
تنویرالابصار مع الدرالمختار میں ہے :
"(هي)۔۔۔(عقد شركة في الربح بمال من جانب )رب المال( وعمل من جانب) المضارب (واجارة فاسدة ان فسدت فلا ربح) للمضارب (حينئذ بل له اجر) مثل (عمله) ربح اولا۔۔۔ بلا زیادۃ علی المشروط ۔۔۔(وشرطها) امور سبعة (كون راس المال من الاثمان) ۔۔۔وهو معلوم للعاقدين ۔۔۔(وكون راس المال عينا لا دينا )۔۔۔(وكونه مسلما الى المضارب ليمكنه التصرف) ۔۔۔(وكون الربح بينهما شائعا) فلو عين قدرا فسدت ۔۔۔(وكون نصيب كل منهما معلوما )عند العقد و من شروطھا کون نصیب المضارب من الربح حتی لو شرط لہ من راس المال او منہ و من الربح فسدت و کل شرط یوجب جھالۃ فی الربح او یقطع الشرکۃ فیہ یفسدھا والابطل الشرط وصح العقد اعتباراً للوکالۃ "(ملتقطا)
ترجمہ:مضاربت نفع میں شرکت کا عقد ہے اس طور پر کہ ایک کا مال اور دوسرے کا عمل ہو ، اگر کسی شرط فاسد سے مضاربہ فاسد ہو جائے تو یہ اجارہ فاسدہ میں تبدیل ہو جاتا ہے فاسد ہونے کی صورت میں مضارب کےلئے نفع سے کوئی حصہ نہیں ہوگا بلکہ خواہ نفع ہویا نہ ہواس کو اجرت مثل اور مشروط میں سے جو کم ہوگا وہ دیا جائے گا ،اور مضاربت کی شرائط سات ہیں راس المال ثمن ہو ،راس المال کی مقدار معلوم ہو ،راس المال عین ہو دین نہ ہو ،راس المال مضارب کے سپرد کر دیا جائے تاکہ اس میں تصرف کرنا ممکن ہو ، نفع دونوں کے درمیان مشترک ہو ،اگر کسی نے نفع کی کوئی مقدار معین کر دی تو مضاربت فاسد ہو جائے گی ،عقد کے وقت نفع میں سے ہر ایک کا حصہ فیصد کے اعتبار سے معلوم ہو ،اس کی شرائط میں سے ہے کہ مضارب کا حصہ نفع سے ہو اگر مضارب نے راس المال سے یا راس المال اور نفع دونوں سے شرط لگائی تو مضاربت فاسد ہو جائے گی ،ہر وہ شرط جو نفع میں جہالت کو واجب کرے یا نفع میں شرکت کو ختم کر دے تو اس سے عقدِ مضاربہ فاسد ہوجائے گا ورنہ وکالت کا اعتبار کرتے ہوئےشرط باطل ہوگی اور عقد صحیح رہےگا۔
(تنویرالابصار مع الدرالمختار،کتاب المضاربۃ ،ج،8،ص،498تا 501،مکتبہ رحمانیہ )
اس کے تحت ردالمحتار میں ہے :
"قوله : (إیداع ابتداء)۔۔ فالمراد في حكم عدم الضمان بالهلاك وفي أحكام مخصوصة لا في كل حكم ۔۔۔ (قولہ بطل الشرط) کشرط الخسران علی المضارب " ملتقطا
ترجمہ: (ماتن کا قول ابتداءًودیعت ہے ) سے مراد ہلاک ہونے کی وجہ سے ضمان نہ ہونےکےحکم اور بعض مخصوص احکام میں ودیعت کی طرح ہے تمام احکام میں ودیعت کی طرح نہیں ہے ،(شارح علیہ الرحمہ کا قول ورنہ شرط باطل ہوگی )جیساکہ نقصان کی مضارب پر شرط لگانا ۔
(ردالمحتار علی الدرالمختار ،کتاب المضاربۃ ،ج،8،ص،498/502،مکتبہ رحمانیہ )
تبیین الحقائق میں ہے :
" ( هي شركة بمال من جانب وعمل من جانب ) يعني المضاربة عقد شركة بمال من أحد الشريكين وعمل من الآخر هذا في الشرع والمراد بالشركة الشركة في الربح ۔۔۔ ( ويكون الربح بينهما مشاعاً ) أي لا تصح المضاربة إلا إذا كان الربح بينهما مشاعاً لأن الشركة تتحقق به حتى لو شرطا لأحدهما دراهم مسماة تبطل المضاربة " ملتقطا
ترجمہ: مضاربہ ایک جانب سے مال اور دوسری جانب سے کام میں شرکت ہے یعنی مضاربہ شریعت میں دوشریکوں میں سے ایک کی طرف سے مال اور ددسرے کی طرف سے کام میں شرکت کا عقد ہے اور نفع ان دونوں کے درمیان مشترک ہو یعنی مضاربہ صحیح نہیں ہوتی مگر جب نفع ان دونوں کے درمیان مشترک ہو کیونکہ شرکت اسی صورت میں متحقق ہو گی یہاں تک کہ اگر ان دونوں نے کسی ایک کےلئے معین دراہم کی شرط لگا دی تو عقدِ مضاربہ باطل ہوجائے گا ۔
(تبیین الحقائق،کتاب المضاربہ،ج،5،ص،414تا 418،مکتبہ اشرفیہ )
اس کے تحت حاشیۃ الشلبی میں ہے :
" قوله : (والمراد بالشركة الشركة في الربح) أي لأن المضارب لا شركة له في رأس المال"
ترجمہ:شارح علیہ الرحمہ کا قول کہ شرکت سے مراد نفع میں شرکت ہے کیونکہ مضارب راس المال میں شریک نہیں ہوتا ۔
(حاشیۃ الشلبی مع تبیین الحقائق،کتاب المضاربہ،ج،5،ص،414،مکتبہ اشرفیہ )
امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن اسی طرح کے سوال کےجوا ب میں ارشاد فرماتے ہیں :
" اور یہ کہ دس فیصدی یا آنہ روپیہ دینا اگر اس سے ۔۔۔مراد کہ جو نفع ہو اس میں سے دسواں یا سولھواں حصہ دینا ، تو یہ حلال ہے۔"
(فتاوٰی رضویہ ،کتاب االمضاربہ ،ج،19،ص،151،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
اسی میں مضارب پر نقصان کے ضمان اورمضاربۃ فاسدہ کےبارے میں ہے:
مضارب کے ذمہ نقصان کی شرط باطل ہے وہ اپنی تعدی و دست درازی و تضییع کے سوا کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں جو نقصان واقع ہو سب صاحب مال کی طرف رہے گا۔۔۔مضاربت فاسد ہوجائے تو اجارہِ فاسدہ بن جاتاہے اس صورت میں مضارب نفع کا حقدار نہ ہوگا بلکہ اپنے عمل کے مطابق اجرت کا حقدار ہوگا ۔
(فتاوٰی رضویہ ،کتاب المضاربہ ،ج،19،ص،131تا132،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
خلاصہ :
مذکورہ صورتوں میں سےپہلی صورت میں مضارب پر نقصان کی شرط باطل ہے اور عقدِ مضاربہ صحیح رہے گا اگر مضارب کی کوتاہی یا غفلت یا معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے نقصان ہوا تو مضارب اس کا ضمان دے گا ورنہ نقصان کی صورت میں مضارب(Worker) ضامن نہیں ہوگا لہذاراس المال (Capital)نکالنے کے بعد اگر کچھ بچ جائےتونفع سے مقررکردہ فیصد کی مقدار کے مطابق دونوں اس میں شریک ہوں گے اور اگر نقصان ہواتو مذکورہ تین صورتوں کے علاوہ مکمل نقصان رب المال (Invester)کا ہوگا ۔ ۔ دوسری صورت ناجائز ہے اگر دوسری صورت کے مطابق مضارب(Worker) نے رب المال(Invester) سے پیسے لئے اور ابھی تک کام نہیں کیا تودونوں پر اس کو ختم کرنا لازم ہے اور مضارب کو کچھ نہیں ملے گااوراگر کام کر لیا توخواہ نفع ہویا نہ ہو مضارب کو طے شدہ نفع اور اجرتِ مثل (اس کام کی مثل جو بازار میں اجرت ہو)میں سے جو کم ہوگاوہ دیا جائے گا ۔
واللہ اعلم بالصواب