دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

بھینسوں کی مرابحہ خرید و فروخت، قرض پر منافع اور کاروباری سرمایہ کاری کے مختلف شرعی احکام

10422 نومبر، 2026460سوال کنندہ : معاذ علہی، نارتھ کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسائل کے متعلق کہ 1:۔میں نے مولا بخش نامی بندہ سے ایک معاملہ کیا کہ آپ مجھے 300 بھینسیں دیں گے اور ہم نے ہر ایک بھینس پر 70000 منافع رکھا اس کی صورت یہ ہوگی کہ پہلے وہ اپنے لیئے بھینس خریدے گا پھر وہ مجھے قیمتِ خرید بتائے گا ،اس کے بعد طے کردہ منافع پر مجھے وہ بھینسیں ادھار بیچ دے گا، اور اس کی قسطیں اور ادائیگی کی مدت معاہدے کے وقت مقرر کی جائی گی۔ آیا یہ معاملہ شرعاً جائز ہے یا نہیں؟ 2:۔ ایک بندے نے مجھے مال کا راشن دیا تھا، اس کی رقم میرے ذمہ ہے،حالات کچھ ایسے ہیں کہ مجھ سے اس کی ادائیگی نہیں ہوپارہی تو اس بندے نے کہا کہ میرے جو پیسے آپ پر قرض ہے،آپ ماہانہ اس کا مجھے منافع دیتے رہو،لیکن میرا جو اصل قرض ہے،وہ آپ کے ذمہ باقی رہے گا تو اس معاملہ کی شرعی کیا حیثیت ہے ؟ میں اس کے کہنے پر کچھ منافع بھی ادا کر چکا ہوں۔ 3:۔ میرے اوپر میرے کزن کا 45 لاکھ روپے اُدھار تھا جو مجھ سے اتر نہیں رہا تھا پھر اس نے بولا یہ پیسے کاروبار میں لگا لواور مزید پیسے بھی اس نے دیئے اور کہا کہ یہ بھی کاروبار میں لگالو اور مجھے پر افٹ دیتے رہو۔دراصل ہمارا بھینسوں کا کاروبار ہے کہ ان سے دودھ نکال کر بیچتے ہیں اور منافع کماتے ہیں۔ ہم نے اس کے تمام پیسے کاروبار میں لگا دیئے اور اس کو متعین نفع 90000 دیتے رہے،آیا ایسا معاملہ کرنا جائز تھا یا نہیں؟ 4:۔ ایک بندہ ہے اس سے میں اُدھار پر بھینس لیتا ہوں،لیکن اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ وہ بندہ ہمارے ساتھ منڈی جاتا ہے اور جانور خریدتا ہے،وہ اپنی طرف سے متعین رقم ملاتا ہے،اور زائد رقم ہمیں ملانی پڑتی ہے،پھر جب جانور خرید لیا جاتا ہے،تو وہ ہر جانور پر متعین نفع رکھ کر ہمیں ادھار بیچ دیتا ہے،اور بطور ضمانت کوئی چیز مثل گھر کی پراپرٹی وہ اپنے پاس رکھ لیتا ہے۔ آیا یہ معاملہ شرعاًدرست ہے یا نہیں؟برائے کرم مندرجہ بالا تما م سوالات کے جوابات قرآن و سنت کی روشنی عطا فرمائیں ! بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

تمام سوالات کے جواب بالترتیب ملاحظہ ہو۔

1:۔مذکورہ معاملہ مروجہ مرابحہ (قسطوں پر خریداری) کے تحت جائز ہے ۔اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے ایک شخص کوئی چیز خود مارکیٹ سے خرید کر اپنی ملکیت اور قبضے میں لیگا۔ جب وہ چیز اس کی ملکیت میں آ جائے گی، تب وہ کسی دوسرے شخص سے ایک اور معاہدہ کرے کہ یہ چیز میں نے اتنے میں خریدی ہے، اور پھر اس کو نقد یا قسطوں پر (اپنا منافع شامل کر کے) فروخت کردے۔

تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے:

"(المرابحة)۔۔۔وشرعا(بيع ما ملكه) من العروض۔۔۔۔ (بما قام عليه وبفضل)۔۔۔ (وشرط صحتهما كون العوض مثليا أو) قيميا (مملوكا للمشتري و) كون (الربح شيئا معلوما) ولو قيميا مشارا إليه كهذا الثوب لانتفاء الجهالة۔۔۔(ويضم) البائع (إلى رأس المال) (أجر القصار والصبغ) بأي لون كان (والطراز) بالكسر علم الثوب (والفتل وحمل الطعام) وسوق الغنم وأجرة الغسل والخياطة۔۔۔(المشروطة في العقد) على ما جزم به في الدرر ورجح في البحر الإطلاق وضابطه كل ما يزيد في المبيع أو في قيمته يضم" ملخصا۔

ترجمہ:مرابحہ شرعاً اس چیز کو کہتے ہیں جس کا آدمی مالک بن چکا ہو، اسے اس کی اصل لاگت بتا کر اس پر معلوم نفع کے ساتھ فروخت کرنا۔مرابحہ اور تولیہ کی صحت کے لیے شرط ہے کہ اصل قیمت مثلی یا قیمی مال ہو جو خریدار کی ملکیت میں آ چکا ہو، اور نفع بھی معلوم ہو، خواہ وہ کوئی متعین قیمی چیز ہی کیوں نہ ہو۔فروخت کرنے والا اصل قیمت میں ان اخراجات کو بھی شامل کر سکتا ہے جو مال یا اس کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوں، جیسے کپڑا دھلوانے، رنگنے، نقش و نگار، سوت بٹنے، سامان ڈھلائی، مویشی ہانکنے، دھلائی اور سلائی وغیرہ کی اجرت۔ ضابطہ یہ ہے کہ ہر وہ خرچ جو مبیع یا اس کی قیمت میں اضافہ کرے، اسے اصل لاگت میں شامل کیا جا سکتا ہے۔"ملخص"

(تنویر الابصار مع الدر المختار،ج:7،ص:360 تا 365،مکتبہ رحمانیہ)

شرح المجلہ میں ہے:

"البیع مع تأجیل الثمن وتقسیطه صحیح…یلزم أن تکون المدۃ معلومۃ في البیع بالتأجیل والتقسیط"

ترجمہ:ادھار قیمت پر یا قسطوں میں فروخت کرنا درست ہے۔ البتہ ادھار یا قسطوں پر فروخت کرتے وقت یہ ضروری ہے کہ ادائیگی کی مدت واضح اور متعین ہو، تاکہ کسی قسم کا ابہام یا اختلاف باقی نہ رہے۔

( شرح المجلہ،ج:2،ص:166،مکتبہ رشیدیہ)

2:۔قرض کی رقم پر ماہانہ منافع (Interest) لینا یا دینا، چاہے اصل رقم اپنی جگہ پر برقرار ہی کیوں نہ رہے، قرآن و سنت کی روشنی میں قطعی طور پر حرام گناہِ کبیرہ اور اللہ اور اس کے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ کے مترادف ہے۔لہذا جو رقم آپ منافع کی مد میں ادا کر چکے ہیں ،اس کو قرض کی رقم سے منہا کیا جائے اور بقیہ رقم کو اپنی استطاعت کے مطابق یک مشت یا تھوڑا تھوڑا کرکے ادا کیا جائے۔ یاد رہے کہ قرض مقررہ وقت پر ادا نہ کرنا اور باوجودِ استطاعت قرض ادا کرنے میں ٹال مٹول کرنا شرعاً ناجائز اور گناہ ہے؛ کیونکہ صاحبِ استطاعت مقروض کی بلاعذر ادائیگی میں تاخیر ظلم ہے۔

صحیح بخاری میں سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:

"أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَطْلُ الْغَنِيِّ ظُلْمٌ"

ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : " مالدار کا (اپنا قرض ادا کرنے میں) ٹال مٹول کرنا ظلم ہے ۔

(صحیح بخاری، رقم الحدیث:2287)

سود کو قرآنِ کریم میں اتنا بڑا گناہ قرار دیا گیا ہے کہ شراب نوشی، خنزیر کھانے اور زنا کاری کے لیے قرآن کریم میں وہ لفظ استعمال نہیں کیے گئے جو سود کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ نے استعمال کیے ہیں۔

چنانچہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"یَا اَیُّھَا الَّذِینَ آمَنُوا اتَّقُوا اللہَ وَذَرُوْا مَا بَقِیَ مِنَ الرِّبٰوا اِنْ کُنْتُمْ مُوٴمِنِیْنَ۔ فَاِن لَّمْ تَفْعَلُوا فَاْذَنُوا بِحَرْبٍ مِّنَ اللہِ وَرَسُوْلِہِ"

ترجمہ:اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور جو سود باقی رہ گیا ہے وہ چھوڑدو، اگر تم سچ مچ ایمان والے ہو۔ اور اگر ایسا نہیں کرتے تو تم اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول سے لڑنے کے لیے تیار ہوجاوٴ!۔

(سورہٴ البقرہ،پارہ:3،آیت:278۔279)۔

سود کھانے والوں کے لیے اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے اعلانِ جنگ ہے اور یہ ایسی سخت وعید ہے جو کسی اور بڑے گناہ، مثلاً زنا کرنے، شراب پینے کے ارتکاب پر نہیں دی گئی۔

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا :

"من عامل بالربا يستتاب فإن تاب وإلا ضرب عنقه"

ترجمہ:جو شخص سود چھوڑنے پر تیار نہ ہو تو خلیفہٴ وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے توبہ کرائے اور باز نہ آنے کی صورت میں اس کی گردن اڑادے۔

(تفسیر ابن کثیر،ج:7،ص:84،دار إحياء التراث العربي بيروت)

سود کھانے والوں کے لیے قیامت کے دن کی رسوائی وذلّت ہے۔

اللہ تبارک وتعالیٰ نے سود کھانے والوں کے لیے کل قیامت کے دن جو رسوائی وذلت رکھی ہے اس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام میں کچھ اس طرح فرمایا:

"اَلَّذِیْنَ یَاْکُلُونَ الرِّبٰوا لَا یَقُوْمُونَ اِلَّا کَمَا یَقُومُ الَّذِیْ یَتَخَبَّطُہُ الشَّیْطَانُ مِنَ الْمَسِّ ذَلِکَ بِاَنَّھُمْ قَالُوا اِنَّمَا الْبَیْعُ مِثْلُ الرِّبٰوا وَ اَحَلَّ اللّٰهُ الْبَیْعَ وَ حَرَّمَ الرِّبٰواؕ فَمَنْ جَآئَہُ مَوْعِظَةٌ مِّن رَّبِّہِ فَانْتَھیٰ فَلَہ مَاسَلَفَ، وَاَمْرُہٗ اِلَی اللہِ، وَمَنْ عَادَ فَاُولٓئِکَ اَصْحَابُ النَّارِ، ھُمْ فِیْھَا خَالِدُونَ"

ترجمہ: جولوگ سود کھاتے ہیں وہ (قیامت میں) اٹھیں گے تو اس شخص کی طرح اٹھیں گے جسے شیطان نے چھوکر پاگل بنادیا ہو۔یہ ذلت آمیز عذاب اس لیے ہوگا کہ انھوں نے کہا تھا کہ بیع بھی تو سود کی طرح ہوتی ہے؛ حالانکہ اللہ تعالیٰ نے بیع یعنی خرید وفروخت کو حلال کیا ہے اور سود کو حرام قرار دیا ہے۔ جس شخص کے پاس اس کے پروردگار کی طرف سے نصیحت آگئی اور وہ (سودی معاملات سے) باز آگیا تو ماضی میں جو کچھ ہوا وہ اسی کا ہے اور اس کی (باطنی کیفیت) کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے حوالہ ہے۔ اور جس شخص نے لوٹ کر پھر وہی کام کیاتو ایسے لوگ دوزخی ہیں، وہ ہمیشہ اس میں رہیں گے۔

(سورہٴ البقرہ،پارہ:3،آیت:275)

غرضیکہ سورہٴ بقرہ کی ان آیات میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسان کو ہلاک کرنے والے گناہ سے سخت الفاظ کے ساتھ بچنے کی تعلیم دی ہے اور فرمایاکہ سود لینے اور دینے والے اگر توبہ نہیں کرتے ہیں، تو وہ اللہ اور اس کے رسول سے لڑنے کے لیے تیار ہوجائیں، نیز فرمایا کہ سود لینے اور دینے والوں کو کل قیامت کے دن ذلیل ورسوا کیا جائے گا اور وہ جہنم میں ڈالے جائیں گے۔ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی سود سے بچنے کی بہت تاکید فرمائی ہے اور سود لینے اور دینے والوں کے لیے سخت وعیدیں سنائی ہیں ۔

نبیِّ کریم ﷺ نے سود لینے اور دینے پر لعنت فرمائی اور سب کو گناہ میں برابر قرار دیا، چنانچہ صحیح مسلم میں حضرت جابر رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ سے مروی، فرماتے ہیں:

"لَعَنَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ وسلَّم اٰکِلَ الرِّبَا وَمُوکِلَہُ وَکَاتِبَہُ وَشَاھِدَیْہِ، وَقَالَ :ھُمْ سَوَاءٌ"

ترجمہ:رسول اللہﷺ نے سود لینے والے، دینے والے، اسے لکھنے والے اور اس پر گواہ بننے والوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا: یہ سب (گناہ میں) برابر ہیں۔

(صحیح مسلم،رقم الحدیث:4093)

حدیث پاک میں ہے:

"الرِّبَا سَبْعُونَ حُوبًا،أَدْنَاهَا فَجْرَةً مِنْهُ مِثْلُ أَنْ يَضْطَجِعَ الرَّجُلُ مَعَ أُمِّهِ"

ترجمہ سود کے ستر گناہ ہیں جن میں سے سب سے ہلکا گناہ یہ ہے کہ مرد اپنی ماں کے ساتھ ہمبستر ہو۔

(شعب الایمان،رقم الحدیث:5129)۔

امام اہلسنت امام احمد رضا خان حنفی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں:" جو شخص سود کا ایک پیسہ لینا چاہے اگر رسول اللہ ﷺکا ارشاد مانتا ہے تو ذرا گریباں میں منہ ڈال کر پہلے سوچ لے کہ اس پیسہ کا نہ ملنا قبول ہے یا اپنی ماں سے ستر ستر بار زناکرنا"۔

( فتاوی رضویہ، ج:17، ص:307، رضا فائونڈیشن لاہور)

3:۔مذکورہ صورت میں یہ معاملہ کرنا جائز نہیں،اس کی تفصیل یہ ہے کہ شرعی اعتبار سے یہ معاملہ مضاربت ہے، جس کے جائز ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ راس المال عین(کیش) ہو دین(ذمہ میں) نہ ہو۔جو پیسے آپ کو کیش دیئے اس میں مضاربت تو درست لیکن اس کیلئےشرط ہے کہ حاصل شدہ نفع کو رب المال (جس کا سرمایہ ہے) اور مضارب (محنت کرنے والے) کے درمیان فیصد کے اعتبار سے مقرر کرنا ضروری ہے، اگر عقدِمضاربت میں ایک مخصوص رقم منافع کے طور پر طے کر دی جائے تو یہ عقد فاسد ہوجاتا ہے،اور اس کو ختم کرنا ضروری ہوتا ہے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں مذکورہ عقدِ مضاربت کرتے وقت جب یہ شرط لگائی کہ متعین نفع 90000 بطور نفع دینے ہونگے یا کچھ طے نہیں پایا درست نہیں تھا،اور اس کی وجہ سے یہ عقد بھی فاسد ہوگیا تھا،اس کو ختم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اس عقد سے حاصل ہونے والے کل منافع رب المال ( سرمایہ دار) کے ہیں، مضارب (محنت کرنے والے/آپ ) کو اجرتِ مثل (اس جیسے کام پر جتنی اجرت دینے کا رواج ہے) ملے گی۔اب اگر اس معاملے کو جاری رکھنا چاہیں تو گذشتہ معاہدہ میں طے پانے والی شرطِ فاسد (متعین نفع 90000)ختم کرکے ازسرنو معاہدہ کریں اور حاصل شدہ نفع کی تقسیم فیصد کے تناسب سے مقرر کریں۔

شرح المجلہ میں مضاربہ کی شرعی و اصطلاحی تعریف اور مضاربہ میں استعمال ہونے والی ا صطلاحات کے متعلق لکھتے ہیں:

"المضاربۃنوع شرکۃ علی انْ راس المال من طرف والسعی والعمل من طرف آخر ویقال لصاحب راس المال رب المال وللعامل مضارب"

ترجمہ:یعنی عقدِ مضاربت یہ شراکت کی ایک قسم ہے،اس شرط پر کہ ایک فریق کا راس المال(سرمایہ) ہو اور دوسرے فریق کی محنت و جدوجہد شامل ہو ،راس المال(سرمایہ) ، فراہم کرنے والے فریق کو "رب المال "اور عامل کو "مضارب " کہتے ہیں ۔

(شرح المجلہ،ج:4،ص:327،مکتبہ رشیدیہ)

علامہ علاؤ الدین حصکفی (علیہ الرحمہ) مضاربت کی شرائط بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں :

"و کون الربح بینھما شائعا فلو عُینَ قدرا فسدت وکون نصیب منھما معلوماعند العقد"

ترجمہ:فریقین کے درمیان نفع کا تناسب معلوم ہو،اگر " رب المال" کے لیے منافع کی کوئی رقم مقرر کرلی جائے تو عقدِ مضاربت فاسد ہوجائے گا(اس کے جواز کی صورت یہ ہے کہ )کاروبار کے منافع میں سے عقد کے وقت فریقین میں سے ہر ایک کا حصہ معلوم ہو(یعنی دونوں کو نصف نصف ملے یا ایک کو ساٹھ فیصد اور دوسرے کو چالیس فیصد یا جو بھی تناسب ان دونوں کے درمیان طے پائے)۔

(رد المحتار علی الد ر المختار،ج:8،ص:501،مکتہ رشیدیہ)

اسی میں ہے:

"رجل دفع لآخرامتعۃ وقال بعھا واشترھا وماربحت فبیننا نصفین فخسر فلا خسران علی العامل"

ترجمہ:ایک شخص (رب المال)نے دوسرے شخص (مضارب)کوکچھ سامان دیا اور کہا: اس سے خرید وفروخت(کاروبار) کرو اور جو نفع ہوگا،وہ ہمارے درمیان نصف نصف تقسیم ہوگااسے (کاروبار میں) نقصان ہوگیا،تو عامل(مضارب) کے ذمے نقصان میں سے کچھ نہیں ہوگا(بس اسے صرف محنت کا اجر نہیں ملے گا)۔

(رد المحتار علی الد ر المختار،ج:8،ص:499،مکتبہ رحمانیہ)

در مختار مع تنویر و رد المحتار میں ہے:

"وأما المضاربة بدين فإن على المضارب لم يجز، وإن على ثالث جاز وكره (وكون رأس المال عينا لا دينا) أي معينا وليس المراد بالعين العرض"

ترجمہ: رہا قرض کو مضاربت کا سرمایہ بنانا، تو اگر وہ قرض خود مضارب کے ذمے ہو تو ایسی مضاربت جائز نہیں۔ البتہ اگر وہ قرض کسی تیسرے شخص کے ذمے ہو تو مضاربت جائز ہے، مگر مکروہ ہے۔ نیز مضاربت کے سرمایہ کا عین ہونا شرط ہے، قرض نہ ہو۔ یہاں عین سے مراد متعین اور موجود مال ہے، اور اس سے عرض (سامانِ تجارت) مراد نہیں۔

(در مختار مع تنویر الابصار و رد المحتار ،کتاب المضاربہ،ج:8،ص:500۔501،مکتبہ رحمانیہ)

درر الحکام شرح غرر الاحکام میں ہے:

"(وَ) الثَّانِي (كَوْنُهُ عَيْنًا لَا دَيْنًا) لِأَنَّ الْمُضَارِبَ أَمِينٌ ابْتِدَاءً وَلَا يَتَصَوَّرُ كَوْنُهُ أَمِينًا فِيمَا عَلَيْهِ مِنْ الدَّيْنِ (فَلَوْ قَالَ اعْمَلْ بِالدَّيْنِ الَّذِي فِي ذِمَّتِك مُضَارَبَةً بِالنِّصْفِ لَمْ يَجُزْ بِخِلَافِ مَا لَوْ كَانَ لَهُ دَيْنٌ عَلَى ثَالِثٍ فَقَالَ اقْبِضْ مَالِي عَلَى فُلَانٍ وَاعْمَلْ بِهِ مُضَارَبَةً) حَيْثُ يَجُوزُ لِأَنَّهُ أَضَافَ الْمُضَارَبَةَ إلَى زَمَانِ الْقَبْضِ وَالدَّيْنُ فِيهِ يَصِيرُ عَيْنًا وَهُوَ يَصْلُحُ أَنْ يَكُونَ رَأْسَ الْمَالِ"

ترجمہ:دوسری شرط یہ ہے کہ مضاربت کا سرمایہ عین (موجود مال) ہو، قرض نہ ہو؛ کیونکہ مضارب ابتدا ہی سے امین ہوتا ہے، اور جو قرض خود اس کے ذمے ہو، اس کے بارے میں اس کا امین ہونا متصور نہیں۔ لہٰذا اگر مالک کہے: "جو قرض تمہارے ذمے میرا ہے، اسی سے مضاربت کرو، منافع نصف نصف ہوگا"، تو یہ جائز نہیں۔ بخلاف اس صورت کے کہ اس کا کسی تیسرے شخص پر قرض ہو اور وہ کہے: "فلاں کے ذمے میرا جو مال ہے، اسے وصول کر کے اس سے مضاربت کرو، تو یہ جائز ہے؛ کیونکہ اس نے مضاربت کو قبضہ (وصولی) کے وقت سے متعلق کیا ہے، اور قبضہ کے بعد وہ قرض عین (موجود مال) بن جاتا ہے، جو مضاربت کا سرمایہ بننے کے قابل ہے۔

(درر الحکام شرح غرر الاحکام،کتاب المضاربہ،ج:4،ص:251،اولوالباب)

البحر الرائق میں ہے:

"الرابع أن يكون الربح بينهما شائعا كالنصف والثلث لا سهما معينا يقطع الشركة كمائة درهم أو مع النصف عشرة الخامس أن يكون نصيب كل منهما معلوما فكل شرط يؤدي إلى جهالة الربح فهي فاسدة وما لا فلا مثل أن يشترط أن تكون الوضيعة على المضارب أو عليها فهي صحيحة وهو باطل ۔۔۔وحكمها أنه أمين بعد دفع المال إليه ووكيل عند العمل وشريك عند الربح وأجير عند الفساد فله أجر مثله والربح كله لرب المال"

ترجمہ: چوتھی شرط یہ ہے کہ منافع دونوں کے درمیان مشاع (تناسب کے طور پر) مقرر ہو، جیسے نصف یا ایک تہائی، نہ کہ کوئی متعین رقم جو شرکت کو ختم کر دے، مثلاً سو درہم، یا نصف منافع کے ساتھ دس درہم۔پانچویں شرط یہ ہے کہ دونوں میں سے ہر ایک کا حصہ معلوم ہو۔ پس ہر وہ شرط جو منافع کو مجہول بنا دے، مضاربت کو فاسد کر دیتی ہے، اور جو ایسی نہ ہو، وہ فاسد نہیں کرتی۔ مثلاً یہ شرط لگائی جائے کہ نقصان صرف مضارب پر ہوگا، یا دونوں پر ہوگا، تو مضاربت صحیح ہوگی، لیکن یہ شرط باطل ہوگی۔ضاربت کا حکم یہ ہے کہ سرمایہ مضارب کے حوالے کرنے کے بعد وہ امین ہوتا ہے، کام شروع کرنے کے بعد وکیل ہوتا ہے، منافع حاصل ہونے کی صورت میں شریک ہوتا ہے، اور اگر مضاربت فاسد ہو تو وہ اجیر شمار ہوتا ہے، لہٰذا اسے اس جیسی خدمت کی اجرت ملے گی، جبکہ سارا منافع سرمایہ کے مالک کا ہوگا۔

(البحر الرائق،كتاب المضاربة،ج:7،ص؛264،دارالكتاب الإسلامي بيروت)

بنایہ شرح الہدایہ میں ہے:

"وقال الولوالجي رَحِمَهُ اللَّهُ في فتاواه: امرأة أعطت بذر القز وهو بذر الغليق بالنصف امرأة فقامت عليه حتى أدرك، فالغليق لصاحبة البذر لأنه حدث من بذرها ولها على صاحبة البذر قيمة الأوراق وأجرة مثلها، وعلى هذا إذا دفع البقرة إلى إنسان بالعلف ليكون الحادث بينهما بالنصف فالحادث كله لصاحب البقرة وله على صاحب البقرة ثمن العلف وأجرة المثل، وكذلك إذا دفع الدجاجة ليكون البيض بالنصف"

ترجمہ:ولوالجی نے اپنی فتاویٰ میں لکھا ہے:اگر ایک عورت نے ریشم کے کیڑوں کا بیج (جسے بذرِ فیلق بھی کہا جاتا ہے) اس شرط پر دوسرے کو دیا کہ جو پیداوار ہوگی وہ آدھی آدھی تقسیم ہوگی، پھر دوسری عورت نے اس بیج کی پرورش کی یہاں تک کہ ریشم کے کیڑے تیار ہوگئے، تو تمام کیڑے اسی عورت کے ہوں گے جس کا بیج تھا، کیونکہ پیداوار اسی کے بیج سے ہوئی ہے۔ البتہ جس عورت نے ان کی پرورش کی، وہ بیج والی عورت سے ان پتوں کی قیمت وصول کرے گی جو اس نے کیڑوں کو کھلائے، اور اپنی محنت کی مناسب اجرت بھی لے گی۔اسی اصول پر اگر کوئی شخص اپنے مویشی کسی دوسرے کو اس شرط پر دے کہ وہ انہیں چارہ کھلائے گا اور ان سے ہونے والی پیداوار (مثلاً دودھ یا بچے) دونوں کے درمیان نصف نصف ہوگی، تو پیدا ہونے والی تمام پیداوار اصل مالکِ مویشی ہی کی ہوگی۔ البتہ مویشی پالنے والے کو چارے کی قیمت اور اپنی محنت کی مناسب اجرت ملے گی۔اسی طرح اگر کوئی شخص اپنی مرغی اس شرط پر دے کہ انڈے آدھے آدھے تقسیم ہوں گے، تو تمام انڈے مرغی کے اصل مالک ہی کے شمار ہوں گے، جبکہ مرغی کی دیکھ بھال کرنے والے کو صرف اپنی خدمت کی اجرت ملے گی۔

(بنایہ شرح الہدایہ ،ج:8،ص:162،دار الکتب العلمیہ)

امام اہلِ سنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن اس سے ملتے جلتے ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں:

"جو طبعیت میں آئے دینا،ناجائز ہے کہ تعین نہ ہوا ،اور یہ کہ دس فیصدی یا آنا روپیہ دینا،اگر اس سے مراد ہے کہ جتنے روپے اس کو تجارت کے لئے دئے ہیں ان پر فیصدی دس یا فی روپیہ ایک آنا مانگتا ہےتو حرام قطعی اور سود ہے ،اور اگر یہ مراد کہ جو نفع ہوا اس میں سے دسواں یا سولھواں حصہ دینا،تو یہ حلال ہے۔

(فتاوی رضویہ، ج:19، ص:151، مکتبہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

4:۔مذکورہ معاملہ بطور شرکتِ ملک جائز ہے۔

شرکتِ ملک یہ ہے کہ ہر ایک اپنے حصہ ميں تَصَرُّف کرسکتا ہے اور اپنا حصہ اپنے شریک یا کسی دوسرے کو بیع کرسکتا ہے ۔

تنویر الابصار میں شرکت کی تعریف متعلق ہے:

"(هي)۔۔۔ وشرعا (عبارة عن عقد بين المتشاركين في الأصل والربح"

ترجمہ: شرکت شرعاً ایسے عقد (معاہدے) کو کہتے ہیں جو دو یا زیادہ ایسے افراد کے درمیان ہو جو اصل سرمایہ اور منافع، دونوں میں شریک ہوں۔

(تنویر الابصار ،ج:6،ص:459،مکتبہ رحمانیہ)

تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے:

"(شركة ملك، وهي أن يملك متعدد) اثنان فأكثر (عينا) أو حفظا كثوب هبه الريح في دارهما فإنهما شريكان في الحفظ"

ترجمہ:شرکتِ ملک یہ ہے کہ دو یا دو سے زیادہ افراد کسی ایک چیز کے مالک ہوں، خواہ خود اس چیز کے (عین) میں شریک ہوں یا صرف اس کی حفاظت میں شریک ہوں۔ مثال کے طور پر اگر ہوا کسی کا کپڑا اڑا کر ان دونوں کے گھر میں ڈال دے، تو وہ دونوں اس کپڑے کی حفاظت کے حق میں شریک شمار ہوں گے۔

(در مختار مع تنویر الابصار ،کتاب المشارکہ،ج:6،ص:460،مکتبہ رحمانیہ)

بہارِ شریعت میں ہے:

" شرکتِ ملک ميں ہر ایک اپنے حصہ ميں تَصَرُّف کرسکتا ہے اور دوسرے کے حصہ ميں بمنزلہ اجنبی ہے، لہٰذا اپنا حصہ بیع کرسکتا ہے اس ميں شریک سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں اُسے اختيار ہے شریک کے ہاتھ بیع کرے یا دوسرے کے ہاتھ ۔

(بہارِ شریعت،ج:2،حصہ ہشتم،ص:499،مکتبۃ المدینہ)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

6جولائی 2026 ء/20محرّم الحرام ١٤٤٨ ھ کو جاری کیا گیا