سوال
بخدمت جناب مفتی صاحب !! کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین ان مسائل کے متعلق کہ 1۔ پگڑی پر مکان/فلیٹ بیچے جاتے ہیں کیا کتبِ فقہ میں اس بیع کا ذکر ہے؟ 2۔پگڑی کیا ہے؟ 3۔پگڑی بیع کا کوئی فائدہ ہے؟ 4۔ کیا پگڑی ناجائز و حرام ہے؟ اور کیا یہ قرض پر نفع لینا ہے ؟ اسی طرح اگر اپنی دکان یا مکان کا سودا کرچکا ہے،تو کیا کرے ؟ 5۔اگر وراثت میں پگڑی کی دگان ہے،تو وراثت کیسے تقسیم ہوگی ؟ پگڑی کی دوکان یا مکان میں رسید کی تبدیلی کے لیے دس پرسنٹ دینا پڑتا ہے،اور پگڑی کی دکان یا مکان وغیرہ میں قبضہ اصل میں کرایہ دارکا ہوتا ہے ،مثلا:اگر دس لاکھ کی دکان لی ہے ،اور جب وہ پندرہ کی بیچتا ہے،تو اس مکان کا اصل مالک دس پرسنٹ وصول کرتا ہے ،تو اس کا یہ پیسے لینا جائز ہے؟۔۔ 6۔پگڑی کی زمین کی زکوٰۃ کون ادا کرے گا بائع یا مشتری؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
1۔4۔5۔پگڑی کی بیع( خرید وفروخت) جو درحقیقت حقِ قبضہ کی خریدوفروخت ہے ،اسکے جائز یا ناجائز ہونے میں دورِ حاضر کے مفتیانِ کرام کے مابین علمی وفقہی اختلاف ہے ،بعض مفتیان ِ کرام اس کو اس بناء پر ناجائز قرار دیتے ہیں کہ یہ قبضے کا حق ہے اور "حق" مال نہیں ہے اور خرید وفرخت کے لیے مال ہونا ضروری ہے ،لہذا پگڑی اس دکان یا مکان کے بجائے فقط اس پر "قبضہ کے حق" کی بیع ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے ۔
جبکہ بعض مفتیان کرام اور خود ہمارے نزدیک بھی پگڑی کی خرید وفروخت جائز ہے ۔لہذا جس نے پگڑی پر دوکان خریدی وہ قبضہ کا مالک ہے اگر اس کا انتقال ہو جائے توپگڑی کی موجودہ مالیت اس کے ورثاء میں شرعی اصولوں کے مطابق تقسیم ہوگی ۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ حق دو طرح کے ہوتے ہیں ۔
1)۔وہ حق جو کسی سے ضرر (یعنی نقصان یا تکلیف)دور کرنے کے لیے شریعت کی طرف سے اسے دیا جائے جیسے:"حقِ شفعہ" (یعنی کوئی شخص اگر اپنی زمین کسی کو بیچ رہا ہو ،تو وہ زمین اُتنی ہی قیمت میں خریدنے کا حق ،شریعت نے اس کے پڑوسی کو دیا ہے ) ۔
یہ حق شریعتِ مطہرہ نے پڑوسی کو اس لیے دیا ہے تاکہ نئے آنے والے ممکنہ برے پڑوسی کا ضرر اس سے دور کیا جاسکے ۔ ایسے حق کا عوض لینا اور اس عوض کے بدلے اس حق سے دستبردار ہونا جائز نہیں ہے۔لہذا اگر کوئی شخصایسے حق کے عوض کسی سے مال لے کر دستبردار ہوگیا ،تو اس کا وہ حق ختم ہوجائے گا ،اور وہ اس معاہدہ کے مطابق ملنے والےمال سے بھی محروم ہوجائے گا ۔اسی طرح بیوی کے لیے باری کا حق بھی اس سے سوتن کا ضرر دور کرنے کے لیے اسے دیا گیا ہے ۔
2)۔ دوسرا وہ حق جو اصالۃً ثابت ہو یعنی محض ضرر دور کرنے کے لیے نہ ہو بلکہ کسی اور سبب کی وجہ سے ثابت ہو۔ جیسے:"قاتل سے قصاص لینے کا حق "نکاح کو قائم رکھنے کا حق" ان حقوق سے کسی عوض کے بدلے دستبردار ہونا بالکل جائز ہے۔ جیسا کہ اگر شوہر کسی عوض کے بدلے اپنی زوجہ کو خلع دے کر حقِ نکاح سے دستبردارہوجائے ،تو یہ جائز اور خلع نافذ ہوگی اور اس کا عوض لینا بالکل درست ہوگا۔ قرآن ِ پاک میں سورہ بقرہ کی آیت :229 میں اللہ تعالیٰ نے اس کی اجازت عطا فرمائی ہے۔ اسی طرح قصاص کے بدلے عوض لینا بھی بالکل جائز ہے ،جیسا کہ سورہ بقرہ کی آیت:178 میں ہے۔
ردالمحتار علی الدالمختار میں علامہ ابنِ عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"وحاصله:أن ثبوت حق الشفعة للشفيع، وحق القسم للزوجة وكذا حق الخيار في النكاح للمخيرة إنما هو لدفع الضرر عن الشفيع والمرأة، وما ثبت لذلك لا يصح الصلح عنه؛ لأن صاحب الحق لما رضي علم أنه لا يتضرر بذلك فلا يستحق شيئا أما حق الموصى له بالخدمة، فليس كذلك بل ثبت له على وجه البر والصلة فيكون ثابتا له أصالة فيصح الصلح عنه إذا نزل عنه لغيره، ومثله ما مر عن الأشباه من حق القصاص والنكاح والرق وحيث صح الاعتياض عنه؛ لأنه ثابت لصاحبه أصالة لا على وجه رفع الضرر عن صاحبه"
ترجمہ:فقہاء کرام کی بحث کا حاصلِ کلام یہ ہے کہ شفیع کے لیے حق شفعہ ،اور زوجہ کے لیے باری کا حق اور نکاح میں مخیرہ کے لیے اختیار کا حق ،محض شفیع اورعورت سے ضرر دور کرنے کے لیے ہے،اور جو حق اس لیے (یعنی ضرر دور کرنے کے لیے) ثابت ہو،تو اس کے بدلے عوض لینا جائز نہیں،کیونکہ جب صاحبِ اپنے حق سے دستبردار ہوگیا ،تو معلوم ہوا کہ اسے کوئی ضرر نہیں تھالہذا وہ کسی چیز کا مستحق نہیں ۔لیکن اگر کسی شخص نے اپنے غلام کے بارے میں یہ وصیت کی کہ میرے مرنے کے بعد میرا یہ غلام فلاں شخص کی خدمت کرے گا ،تو اب اس کا یہ حق اس سے دفعِ ضرر کے لیے نہیں ہے بلکہ حسنِ سلوک اور بھلائی کے طور پر ثابت ہے لہذا یہ حق اس کے لیے اصالۃ ثابت ہے ۔اس شخص کا اپنے اس حق کے بدلے عوض لے کر دستبردار ہوجانا جائز ہے،اور اسی کی مثل ہے وہ جو "الاشباہ والنظائر " کے حوالے سے گزرا قصاص ،نکاح اور غلام پر ملکیت کا حق وغیرہ میں سے کہ ان کا عوضلینا(اور اس حق سے دستبردار ہونا) جائز ہے،کیونکہ یہ صاحبِ حق کے لیے اصالۃ ً ثابت ہیں ،نہ کہ صاحبِ حق سے دفعِ کے لیے ثابت ہیں۔
(ردالمحتار ، مطلب فی النزول عن الوظائف ج:7،ص:36،مکتبہ امدادیہ ملتان )
حقوق کی بیع کے متعلق امام اہل ِ سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"اب یہ کلام مسئلہ اعتیاض عن الوظائف کے طرف مجر ہوگا وہاں ہر چند علماء کواختلاف ہےاوریہ مبحث معرکۃ الآراء ہے مگر مرضی جماہیر فحول ونحاریر عدول صحت وقبول ہے اور وہی ہنگام اعتبار وملاحظہ نظائر ان شاء اﷲ تعالٰی اظہر، اگرچہ دوسرا پلہ بھی بہت ثقیل وگراں ہے،فی الدالمختار من الاشباہ المذہب عدم اعتبار العرف الخاص لکن افتٰی کثیر باعتبارہ وعلیہ فیفتی بجواز النزول من الوظائف بمال ۔۔۔ الخ قال العلامۃ السید احمد الطحطاوی فی حاشیتہ وقد تعارف ذٰلک الفقہاء عرفا قدیما رضیہ العلماء والحکام الی ان قال عن ابی السعود عن السید احمد الحموی من بعض الفضلاء عن العلامۃ بدرالدین العینی ان النزول عن الوظائف صحیح قیاسا علی ترک المرأۃ قسمہا لصاحبتہا لان کل منہما مجرد اسقاط" ترجمہ:درمختار میں بحوالہ اشباہ مذکور ہے کہ مذہب کہ عرف خاص کے عدم اعتبار کا ہے لیکن کثیر علماء نے اس کے اعتبار کرنے کا فتوٰی دیا اسی بنیاد پر مال کے بدلے وظائف سے دستبرداری کے جواز کا فتوٰی دیا گیا الخ علامہ سید احمد طحطاوی نے اپنے حاشیہ میں کہا کہ فقہاء نے اس کو عرف قدیم سمجھا اور علماء وحکام نے اس کو پسند کیا یہاں تک کہ علامہ طحطاوی نے کہا کہ ابوسعود نے بعض فضلاء کا قول بحوالہ علامہ بدرالدین عینی سید احمد حموی سے نقل کیا کہ وظائف سے دستبرداری صحیح ہے قیاس کرتے ہوئے عورت کے اپنی باری اپنی سوکن کے لئے چھوڑ دینے پر، کیونکہ ان دونوں میں سے ہر ایک محض اسقاط ہے۔ علامہ سید احمد حموی غمز عیون البصائر میں علامہ نورالدین علی مقدسی سے بعض فروع مبسوط سرخسی پر اس مسئلہ کا اعتبار اور صحت کا استظہار نقل کرکے فرماتے ہیں : فلیحفظ فانہ نفیس جدا (اس کو یادرکھنا چاہئے کیونکہ یہ بہت عمدہ ہے۔) خاتم المحققین علامہ ابن عابدین شامی ردالمحتار میں کلام علامہ بیری شارح اشباہ سے اس کی تائید نقل اور حقوق موصی لہ بالخدمہ وقصاص ونکاح ورق کا حقوق شفعہ وقسم زوجہ وخیار مخیرہ فی النکاح سے بدیں وجہ کہ صور اولٰی میں حق اصالۃ ثابت ہے تو ان سے اعتیاض جائز بخلاف اخیرہ کے کہ وہاں ثبوت حق صرف بربنائے ضرر ہے جب صاحب حق اعتیاض پر راضی ہو ا معلوم ہوا مستضررنہ تھا راسا حق باطل ہوا یہ عوض کیسا ؟فرق بیان کرکے فرماتے ہیں:ولایخفی ان صاحب الوظیفۃ ثبت لہ الحق فیہ بتقریر القاضی علی وجہ الاصالۃ لاعلی رفع الضرر (ینقل الی ماقال) و ان کان الاظہر فیہا ماقلنا" ترجمہ:اورمخفی نہ ر ہے کہ بیشک صاحب وظیفہ کے لئے حق قاضی کی تقریر سے بطور اصل ثابت ہوانہ کہ رفع ضرر کے طورپر (نقل کرتے ہوئے یہاں تک کہا) اگرچہ اس میں زیادہ ظاہر وہی ہے جوہم نے کہا۔"
(فتاویٰ رضویہ ،ج:17،ص:11تا 112،رضا فاؤنڈیشن لاہور)
ان تمام ابحاث کو سامنے رکھتے ہوئے ہم یہ کہتے ہیں کہ دکان یا مکان پر قبضے کا حق مالک کے لیے اصالۃً ثابت ہے کہ اس زمین کا مالک ہونے کی وجہ سے یہ حق اس کے لیے ضمناً ثابت ہوا تاکہ اسے کسی قسم کا ضرر لاحق ہونے سے بچایا جاسکے ،لہذا اس کے لیے کسی عوض کے بدلے اپنے اس حق سے دستبردار ہونا بالکل اسی طرح جائز ہے،جس طرح قصاص کے بدلے صلح میں مال لینا، اور خلع کے بدلے مال لینا جائز ہے۔
الدُرّالمختار میں علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمۃپگڑی کے جواز کے بارے میں فر ماتے ہیں:
"وبلزوم خلو الحوانیت، فلیس لرب الحانوت إخراجہ ولا إجارتہا لغیرہ ولو وقفا انتہی " ملخصا
ترجمہ:اور دکانوں کی پگڑی کے لازم ہوجانے پر فتویٰ ہے،پس دکان کے مالک کے لیے اُسے وہاں سے نکالنے کا حق نہیں ہے اور نہ ہی کسی د وسرے کوکرائے پر دینا جائز اگرچہ وہ دکان وقف ہی کی ہو ۔
اس کے تحت ردالمحتار میں علامہ شامی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں:
"( قَوْلُہُ : وَبِلُزُومِ خُلُوِّ الْحَوَانِیتِ )عِبَارَۃُ الْأَشْبَاہِ : أَقُولُ عَلَی اعْتِبَارِہِ أَیْ اعْتِبَارِ الْعُرْفِ الْخَاصِّ : یَنْبَغِی أَنْ یُفْتَی بِأَنَّ مَا یَقَعُ فِی بَعْضِ أَسْوَاقِ الْقَاہِرَۃِ مِنْ خُلُوِّ الْحَوَانِیتِ لَازِمٌ ، وَیَصِیرُ الْخُلُوُّ فِی الْحَانُوتِ حَقًّا لَہُ فَلَا یَمْلِکُ صَاحِبُ الْحَانُوتِ إخْرَاجَہُ مِنْہَا وَلَا إجَارَتَہَا لِغَیْرِہِ ، وَلَوْ کَانَتْ وَقْفًا."
ترجمہ: ان کاقول’’ وَبِلُزُومِ خُلُوِّ الْحَوَانِیت‘‘ الاشباہ والنظائرکی عبارت یوں ہے:عرفِ خا ص کا اعتبار کرتے ہوئے میں کہتا ہوں: قاہرہ کے بعض بازاروں میں جودکانوں کو پگڑی پر دینے کا معاملہ ہوا ہے ،مناسب یہی ہے کہ اس کے لازم ہونے کا فتویٰ دیا جائے ،اور دکان کی پگڑی اُس کا حق تسلیم کیاجائے اور مالکِ دُکان کے پاس اُس کو وہاں سے نکالنے اور کسی دوسرے کو کرایے پر دینے کا ختیار نہ ہو ،اگرچہ کہ دُکان وقف کی کیوں نہ ہو ۔
(ردالمحتار ، مطلب فی النزول عن الوظائف ج:7،ص:37،مکتبہ امدادیہ ملتان )
خلاصہ کلام : یہ کہ فقہاءِ کرام کی مذکورہ عبارات کی روشنی میں حکمِ شرعی یہ ہے کہ دکانوں او مکانوں کو پگڑی پر دینا بالکل جائز ہے۔
پگڑی کی دکان یا مکانمیں رسید کی تبدیلی کے لیے دس پرسنٹیا اس سے اوپر نیچے کچھ رقم دینے اور لینے کا حکم شرع۔
صاحب الخلو(پگڑی پر لینے والا) جب آگے کسی اور کو پگڑی بیچتا ہے، تو اس کا عوض لیتا ہے، لیکن ساتھ میں رسید بدلنے والا بھی رسید پلٹائی کے پیسے لیتاہے ،اس کی دو صورتیں ہیں کہ؛
1)۔ وہ دوکان یا مکان کسی مسجد، مدرسہ یا کسی وقف شدہ ہسپتال یا فلاحی ادارے کی ہوگی ۔
2)۔ کسی کی ذاتی ہوگی۔
صورتِ اول میں وقف کے متولی یا نگران کے لیے رسید پلٹائی کی رقم طلب کرنا جائز ہے کیونکہ اس میں وقف کافائدہ ہے لہٰذا وہ اس سے رقم وصول کر کے اس مسجدیا ادارے کے فنڈ میں جمع کروا دے گا ۔
لیکن دوسری صور ت میں کہ جب وہ دکان کسی کی ذاتی ملکیت ہے تواُس کے لیے یہ پیسے لینا جائز نہیں ہے اور اگر وہ رقم لئے بغیررسید پلٹائی کے لیے راضی نہ ہو جس کے سبب اُسے رقم دینی ہی پڑے تویہ رشوت ہے جو دینے والے کے لیے تو جائز ہے لیکن لینے والے کے لیے سراسر حرام ہے۔
ردالمحتار میں ہے :
" وکذا إذا مات صاحب الخلو أو نزل عن خلوہ لغیرہ یأخذ الناظر من الوارث أو المنزول لہ دراہم تسمی تصدیقا، فہذہ تحسب من الاجرۃ أیضا، ویجب علی الناظر صرفہا إلی جہۃ الوقف کما قدمناہ فی کتاب الوقف فی مسألۃ العوائد العرفیۃ واللہ سبحانہ وتعالی أعلم"
ترجمہ:جب صاحب الخلو(پگڑی والا)مر جائے یا دوسرے کو دینے کے لیے پگڑی سے دستبردار ہوجائے تو وقف کا نگران (متولی)مرنے والے صاحبِ الخلوکے وارث یا نئے امیدوار سے ایک مناسب رقم لے گا جس کا نام تصدیق رکھا گیا ہے (فی زمانہ اسے رسید پلٹائی کی رقم کہتے ہیں)اس رقم کو بھی اس دُکان کی اُجرت میں شمار کیا جائے گا،اور نگران پر لازم ہے کہ اس رقم کو وقف ہی کے استعمال میں لائے جیساکہ ہم نے ’’کتاب الوقف‘‘ کے مسئلہ ’’العوائد العرفیۃ ‘‘میں لکھا ہے اور اللہ سبحانہ وتعالٰی سب سے بڑا عالم ہے ۔
( ردالمحتار ، مطلب فی النزول عن الوظائف ج:7،ص:41،مکتبہ امدادیہ ملتان )
خلاصہ کلام یہ ہے کہ پگڑی کی دوکان اور مکان کی خرید وفروخت شرعاً جائز ہے اور پگڑی کی دوکان کے مالک کا انتقال ہو جائے تو پگڑی کی مالیت ورثاء میں شرعی اصول کے مطابق تقسیم ہوگی اس کا طریقہ یہ ہے کہ یا تو اس دوکان کی پگڑی کو بیچ کر مالیت تقسیم کر لی جائے یا ورثاء میں کوئی ایک دوکان رکھنا چاہتا ہے تو وہ دیگر ورثاء کا حصہ ادا کر دے اور دوکان اپنے پاس رکھ لے۔اور مرحوم کا ترکہ اس طرح تقسیم ہوگا ۔
2۔ دوکان یا مکان پر قبضے کا حق مالک کے لیے جو اصالۃً ثابت ہے (کہ اس زمین کا مالک ہونے کی وجہ سے یہ حق اس کے لیے ضمناً ثابت ہوا کسی قسم کا ضرر دور کرنے کے لیے ) کسی عوض کے بدلے اس حق سے دستبردار ہونے کو "پگڑی "کہتے ہیں۔
پگڑی کا فائدہ یہ ہے کہ عام طور جو دوکان یا مکان کرایہ پر لیا جاتا ہے،مالکِ دوکان و مکان جب چاہتا ہے خالی کروا دیتا ہے اس سے کاروبار وغیرہ پر کافی اثر پڑتا ہے کہ جلدی میں متبادل و مناسب دوکان ملتی نہیں یا اس جیسی جگہ پر دوسری دکان کا ملنا مشکل ہوتا ہے ،لیکن جو پگڑی پر دوکان لی جاتی ہے ،تو اس کو مالکِ دوکان آگے کرایہ پر دے سکتا ہے نہ ہی آگے بیچ سکتا ہے ،بلکہ اس کے برعکس پگڑی پر لینے والے کو یہ اجازت ہے کہ آگے بیچ بھی سکتا ہے ۔
الدُرّالمختار میں علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمۃ فر ماتے ہیں:
"وبلزوم خلو الحوانیت، فلیس لرب الحانوت إخراجہ ولا إجارتہا لغیرہ ولو وقفا انتہی " ملخصا
ترجمہ:اور دکانوں کی پگڑی کے لازم ہوجانے پر فتویٰ ہے،پس دکان کے مالک کے لیے اُسے وہاں سے نکالنے کا حق نہیں ہے اور نہ ہی کسی د وسرے کوکرائے پر دینا جائز اگرچہ وہ دکان وقف ہی کی ہو ۔
(درمختار ، ج:7،ص:37،مکتبہ امدادیہ ملتان )
6۔ پگڑی پر دی ہوئی دوکان یا مکان کی بلڈنگ اور زمین پر زکوٰۃ نہیں ہوگی بلکہ اس کی آمدنی یعنی کرایہ پر اسصورت میں ہوگی کہ وہ ضروریات میں خرچ نہ ہوتا ہو بلکہ بچت میں ہو،تو اس پر سال گزرنے سے زکوٰۃ واجب ہوگی۔اور دکان میں موجود مال چونکہ پگڑی پر لینے والے کا ہوتا ہے ،تو پیشے کے آلات جیسے مشین ،میز ٹیبل وغیرہ کے علاوہ جو سامان بیچنے کے لیے ہو اس سامان پر دوکاندارکو زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی،کیونکہ وہ مالِ تجارت ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب