دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

سادہ کاغذ پر تحریر،مفتی صاحب کے فتوی اور الفاظ کنایہ سے طلاق کا حکم

423 نومبر، 2026240سوال کنندہ : محمدعبداللہ، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرع متین اس مسئلہ کے متعلق کہ میں نے سادہ کاغذ پر تحریر لکھی کہ میں ایک طلاق دے چکا ہوں باقی دو۔۔۔ دیتا ہوں اور زوجہ کو کہا کہ اگر تمہیں طلاق چاہئے ہو تو اس خانہ میں لفظِ طلاق لکھ دینا لیکن اس کے گھر والوں نے وہ تحریر پھاڑ دی اور اس کے بعد میں نے سمجھا کہ تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں ،پھر لفظ کہہ دیا کہ ہمارا رشتہ ختم اور میں اس بات کا حلفاً اقرار کرتاہوں کہ اس میں میری طلاق کی کوئی نیت نہیں تھی تو اس صورت میں کیا حکم ہو گا ؟ زوجہ کا بیان :میں اس بات کی حلفاً تصدیق کرتی ہوں ۔ نوٹ: شوہر نے یہ بذریعہ واٹسایپ بیان کیا کہ میں اپنے دوست کے سوال (تو نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی )کے جواب میں سر کے ذریعے ہاں کااشارہ کیا تھا اور جب طلاق کا علم ہوا تو میں نے اس سے رجوع کر لیا تھا اور پھر ایک دن ہم میاں ،بیوی بیٹھے تھے کہ لڑائی جگھڑا ختم کریں تو میں نے مذکورہ بالاتحریر لکھی اور "ہمارا رشتہ ختم کہا " اور اس مکمل تحریر و تقریر کے بعد میں نے ایک مفتی صاحب سے زبانی یہ مسئلہ پوچھا تو انہوں نے کہا کہ مذاکرہ طلاق ہونے کی وجہ سے تین طلاقیں ہو گئیں تو میں نے اپنی بیوی کو کہا کہ مفتی صاحب نے کہا ہے تین طلاقیں ہو گئیں اور "ہمارا رشتہ ختم "لہذا اپنے بھائی کو کہو کہ وہ آپ کو لےجائے ،اور میں حلفاً اس بات کا اقرار کرتاہوں کہ اول سے آخر تک میری طلاق کی کوئی نیت نہیں تھی ۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں حکم شرعی یہ ہےکہ شوہر کی تحریر " باقی دو ۔۔۔ دیتاہوں سے لفظِ طلاق لکھ دینا تک "تفویضِ طلاق اور تعلیق طلاق نہیں ہے بلکہ اظہارِ امر اور سادہ کاغذپر طلاق کی تحریر ہے اور سادہ کاغذ پر تحر یر سے طلاق واقع ہونے کےلئے ضروری ہے کہ شوہر اس سے طلاق کی نیت کرے یا طلاق کے واقع کرنے پر کوئی قرینہ(مذاکرہِ طلاق) پایا جائے لہذا نیتِ طلاق اور قرینہ نہ ہونے کی وجہ سے اس تحریر سے طلاق واقع نہیں ہوگی ،اور مفتی صاحب سے مسئلہ پوچھنے کے بعد بیوی کو کہنا کہ "مفتی صاحب نے کہا ہے کہ تین طلاقیں ہو گئیں لہذا ہمارا رشتہ ختم " یہ نہ ہی انشاء طلاق اور نہ ہی اقرار طلاقہے بلکہ یہ مفتی صاحب کے قول کی حکایت ہے اور اس سے طلاق کی نیت بھی نہیں کی تو ان سےکوئی طلاق واقع نہیں ہوئی البتہ پہلے جس طلاق کے دینے کا اقرار کیا ہے وہ طلاق ہو گئی تھی چونکہ اس طلاق کے بعد رجوع کر لیا تھا اور رجوع کے بعد کوئی طلاق نہیں ہوئی لہذا آپ دونوں کا نکاح باقی ہے اور شوہر کےلئےدو طلاقوں کا حق باقی ہے ۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ تحریری طلاق کی اولاً دو صورتیں بنتی ہیںیاتو مستبینہ (جس کو پڑھا جاسکے ) ہوگی یا غیرِ مستبینہ(جس کو نہ پڑھا جائے ) ہوگی جیسے ہوا یا پانی وغیرہ پر لکھنا اگر غیرِ مستبینہ ہوتو اگر چہ نیت بھی کر لے طلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ طلاق کےلئے حقیقتاً یا حکماً لفظ شرط ہے اور غیرمستبینہ نہ حقیقتاً لفظ ہے اور نہ ہی حکماً لفظ ہے اور اگر مستبینہ (جس کو پڑھا جاسکے) ہے تو اس کی دو صورتیں بنتی ہیں یا تو مرسومہ ہوگی یا غیرِ مرسومہ ہوگی اگر مستبینہ مرسومہ (جس کو پڑھا جائے ،عرف کے مطابق ) ہو تو یہ صریح کے حکم میں ہے اس کے لئے نیت ضروری نہیں ہوتی اورا گر مستبینہ غیرِ مرسومہ ( پڑھی جانے والی ،عرف کے خلاف)ہو تو یہ کنایہ کے حکم میں ہے اس کےلئے نیت کا ہونا ضروری ہے اگر نیت کرے گا تو طلاق واقع ہوگی اور اگر نیت نہیں کرے گا تو طلاق واقع نہیں ہوگی۔

چونکہ ہمارے عرف میں تحریرجب اسٹامپ پیپر (Stemp Paper) پر ہو اور اس پر دستخط(Signature) بھی موجود ہوں تب وہطلاق کےلئے کامل تحریر مانی جاتی ہےورنہ وہ طلاق کےلئے کامل تحریر نہیں مانی جاتی ،لہذا اگر سادہ پیپر پر طلاق کی تحریر لکھی تھی لیکن طلاق کی نیت نہیں کی اور طلاق کے واقع کرنے پر کوئی دلالتِ حال (قرینہ ) بھی نہیں ہے تو طلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ یہ غیر مرسومہ ( عرف کے خلاف) اور کنایہ کے حکم میں ہے لہذا اس سے طلاق کے واقع ہونے کے لئے نیت یا قرینہ کا ہونا ضروری ہے ۔

مفتی صاحب سے مسئلہ پوچھنے کے بعد یہ کہنا کہ "مفتی صاحب نے کہا ہے کہ تین طلاقیں واقع ہو گئیں اور ہمارا رشتہ ختم "یہ انشاء طلاق بھی نہیں ہے اور اقرار طلاق بھی نہیں ہے بلکہ یہ مفتی صاحب کے قول کی حکایت ہے کیونکہ اس میں طلاق واقع کرنےکی نسبت مفتی صاحب کی طرف ہے اور شوہر نے حلفاً اقرار کیا ہے کہ میری اس سے طلاق کی نیت نہیں تھی اور مفتی صاحب کے فتویٰ سے طلاق کے واقع ہونے کےلئے ضروری ہے کہ وہ مفتی صاحب کے فتویٰ سے طلاق کا گمان کرتے ہوئے طلاق کا اقرار(مفتی صاحب نے کہا کہ طلاق ہوگئی اور میں بھی اس کو مانتا ہوں ) کرے لیکن شوہر نے اقرار نہیں کیا بلکہ یہ محض حکایت ہے اس لئے اس سے طلاق واقع نہیں ہوئی ۔

تحریر لکھنے کے بعد طلاق کے وقوع کے گمان سے بیوی کو " ہمارا رشتہ ختم "کہنا یہ طلاق کےلئے الفاظ کنایہ میں سے ہے اور الفاظ کنایہ سے طلاق کے واقع ہو نے کےلئے ضروری ہے کہ شوہر نے ان سے طلاق کی نیت کی ہو یا مذاکرہ طلاق پایا جائے اور یہ مذاکرہ طلاق بھی نہیں ہے کیونکہ بیوی نے طلاق کا مطالبہ نہیں کیا ،اور اس سے پہلے طلاق کی کوئی بات بھی نہیں ہو رہی تھی اور شوہر کی اس سے طلاق کی کوئی نیت بھی نہیں کی کیونکہ شوہر اس بات کا حلفاً اقرار کر رہا ہے کہ استمام میں شروع سے آخر تک میری طلاق دینے کی کوئی نیت نہیں تھی اور شوہر جب الفاظ کنایہ میں نیتِ طلاق کاانکار کرے تو قسم کے ساتھ اس کی بات تسلیم کر لی جاتی ہے لہذ ااس تمام سے تو بیوی کو کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی البتہ جب شوہر نے دوستوں میں بیٹھ کر طلاق کا اقرار کیا تھا تو اس سے ایک طلاق واقع ہو گئی تھی چونکہ اس کے بعد شوہر نے رجوع کر لیا تھا اور اس کے بعد کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی لہذا ان دونوں کا نکاح باقی ہے اور شوہر کو دو طلاق کا حق باقی ہے ۔

الدر المختار میں ہے:

"كتب الطلاق، إن مستبيناً على نحو لوح وقع إن نوى، وقيل مطلقا،ولو على نحو الماء فلا مطلقاً "

ترجمہ:آدمی نے طلاق کو لکھا اگر وہ مستبینہ (نظر آنے والی ) ہے جیسے تختہ ،کاغذ،زمین وغیرہ پر لکھا تو طلاق واقع ہوجائے گی اگر نیت کرے اور بعض نے کہا ہے کہ مطلقا طلاق واقع ہوجائے گی( نیت کرے یا نہ کرے ) اور اگر پانی وغیرہ پر لکھا ہے تو مطلقا طلاق واقع نہیں ہوگی ۔

( الدر المختار ،کتاب الطلاق،ج،4،ص،442،مکتبہ رشیدیہ )

اس کے تحت ردالمحتار میں ہے:

"قوله : (كتب الطلاق إلخ) قال في الهندية : الكتابة على نوعين: مرسومة، وغير مرسومة. ونعني بالمرسومة أن يكون مصدراً ومعنوناً مثل ما يكتب إلى الغائب، وغير المرسومة أن لا يكون مصدراً ومعنوناً، وهو على وجهين مستبينة، وغير مستبينة فالمستبينة ما يكتب على الصحيفة والحائط والأرض على وجه يمكن فهمه وقراءته، وغير المستبينة ما يكتب على الهواء والماء وشيء لا يمكن فهمه وقراءته. ففي غير المستبينة لا يقع الطلاق وإن نوى، وإن كانت مستبينة لكنها غير مرسومة إن نوى الطلاق يقع، وإلا لا، وإن كانت مرسومة يقع الطلاق نوى أو لم ينو ۔۔۔ قوله : طلقت بوصول الكتاب) أي إليها، ولا يحتاج إلى النية في المستبين المرسوم، ولا يصدق في القضاء أنه عنى تجربة الخط. بحر ومفهومه أنه يصدق ديانة في المرسوم " (ملتقطا)

ترجمہ:(شارح کا قول کہ اس نے طلاق کو لکھا ) فتاوٰی ہندیہ میں کہا ہے کہ کتابت دو اقسام پر ہے مرسومہ اور غیر مرسومہ ،مرسومہ سے مراد وہ ہے جس کے شروع میں عنوان وغیرہ ڈالا جاتا (جس کا عرف ہو)ہو جیسے کسی غائب کو خط لکھا جاتا ہے ،اور غیر مرسومہ وہ ہے جس کے شروع میں عنوان وغیرہ نہ ڈالا جاتا ہو(عرف نہ ہو) اور وہ دو قسم پر ہے یا تو مستبینہ (نظر آنے والی ) ہوگی یا غیر مستبینہ (نہ نظر آنے والی) ہوگی مستبینہ وہ ہے جس کو کاغذ ، دیوار ،یا زمین پر ایسے طریقہ سے لکھا جائے کہ اس کا پڑھنا اور سمجھنا ممکن ہو اور غیرمستبینہ وہ ہے جس کو ہوا ،پانی یا کسی ایسی چیز پر لکھا جاتا ہو جس کا سمجھنا یا پڑھنا ممکن نہ ہو غیر مستبینہ میں اگر چہ نیت بھی کرلے طلاق واقع نہیں ہوگی اور مستبینہ غیرمرسومہ میں اگر طلاق کی نیت کرے گا تو طلاق واقع ہوگی ورنہ طلاق واقع نہیں ہوگی اور اگر مستبینہ مرسومہ ہے تو اگر چہ نیت کرے یا نیت نہ کرے طلاق واقع ہوجائے گی،(شارح کا قول مطلقاً) اس سے مراد دونوں صورتوں میں خواہ نیت کرے یا نیت نہ کرے طلاق واقع نہیں ہوگی ، (شارح کا قول خط کہ پہنچتے ہی طلاق واقع ہوجائے گی ) یعنی عورت کی طرف اور مستبینہ جو عرف کے مطابق ہو اس میں نیت کی ضرورت نہیں ہوتی اگر وہ یہ کہے کہ میں تو صرف لکھائی چیک کرنے کےلئے لکھا ہے تو اس کی قضاءً تصدیق نہیں کی جائے گی اور اس کا مفہومِ مخالف یہ ہے کہ اس کی دیانۃً تصدیق کی جائے گی ۔

(ردالمحتار علی الدر المختار ،کتاب الطلاق،ج،4،ص،442،مکتبہ رشیدیہ )

الدرالمختار میں ہے :

"(كنايته) عند الفقهاء (ما لم يوضع له) أي الطلاق( واحتمله) وغيره ( ف)ا لکنایات (لا تطلق بها) قضاء (إلا بنية أو دلالة الحال) وهي حالة مذاكرة الطلاق أو الغضب "

ترجمہ:فقہاء کے نزدیک کنایہ وہ لفظ ہے جو طلاق کےلئے وضع نہ کیا گیا ہو اور طلاق اور غیر طلاق دونوں کا احتمال رکھتاہو،پس الفاظِ کنایہ کے ذریعے صرف نیت یا دلالتِ حال کے پائے جانے کے وقت طلاق ہو تی ہےاور مذاکرہ طلاق یا غصہ کی حالت دلالتِ حال ہے ۔

(الدرالمختار ،کتاب الطلاق،باب الکنایہ ،ج،4،ص،514تا516،مکتبہ رحمانیہ )

الدرالمختار میں ہے :

"أنواعه ثلاثة: تفويض، وتوكيل، ورسالة. وألفاظ التفويض ثلاثة: تخيير، وأمر بيد، ومشيئة) "

ترجمہ: غیر کے طلاق دینے کی تین اقسام ہیں تفویض طلاق،توکیل طلاقاور رسالت ،اور تفویضِ طلاق کے تین الفاظ ہیں تخییر،امر بالیداور مشیئت ۔

(ردالمحتارعلی الدرالمختار،کتاب الطلاق،باب تفویض الطلاق،ج،4،ص،540،مکتبہ رحمانیہ )

کنزالدقائق میں ہے :

"لا تطلق بھا الا بنیۃ او دلالۃ الحال "

کنایہ کے الفاظ سے صرف نیت اور دلالت حال سے طلاق واقع ہو تی ہے ۔

(کنزالدقائق مع البحر الرائق ،کتاب الطلاق ،باب الکنایا ت ،ج،3،ص،518،مکتبہ دارالکتاب )

اس کے تحت البحرالرائق میں ہے :

"قوله : (لا تطلق بها إلا بنية أو دلالة الحال) أي لا تطلق بالكنايات قضاء إلا بإحدى هذين لأنها غير موضوعة للطلاق بل موضوعة لما هو أعم منه ۔۔۔ والمراد بدلالة الحال الحالة الظاهرة المفيدة لمقصوده۔۔۔قيدنا بالقضاء لأنه لا يقع ديانة إلا بالنية ولا عبرة بدلالة الحال ۔۔۔ وفي المجتبى عن صدر القضاء في شرح الجامع الصغير : إذا قال لم أنو الطلاق فعليه اليمين إن ادعت الطلاق، وإن لم تدع يحلف أيضاً حقاً لله تعالى قال أبو نصر قلت لمحمد بن سلمة : يحلفه الحاكم أم هي تحلفه؟ قال : يكتفى بتحليفها إياه من منزله فإذا حلفته فحلف فهي امرأته "

ترجمہ: (ماتن کا قول کہ سے صرف نیت اور دلالت حال سے طلاق واقع ہو تی ہے)یعنی الفاظِ کنایہ کے سے قضاءً طلاق صرف ان دو کہ وجہ سے واقع ہو تی ہےکیونکہ ان کی وضع طلاق کےلئے نہیں ہوئی بلکہ ان کی وضع اس کےلئے ہے جو عام ہے اور دلالتِ حال سے مراد وہ ظاہری حالت ہے جو طلاق کے مقصود ہونے کا فائدہ دے ،قضاءً کی قید اس لئے لگائی کیونکہ دیانۃً صرف نیت سے طلاق ہوتی ہے دلالتِ حال کا اعتبار نہیں ہوتا ،المجتبیٰ میں صدرالقضاء کے حوالہ سے شرح جامع الصغیر میں ہے کہ جب شوہر نے کہا کہ میں نے طلاق کی نیت نہیں کی تھی خواہ عورت طلاق کا دعوی کرے یا طلاق کا دعوی نہ کرے حق اللہ کی وجہ سے اس پر قسم ہو گی ابو نصر فرمات ہیں کہ میں نے محمد بن سلمہ سے عرض کی کہ اس سے کون قسم لے گا حاکم یا عورت؟عورت کا شوہر سے اپنے گھر میں قسم لینا کافی ہے جب عورت نے اس سے حلف لیا اور شوہر نے حلف دے دیا تو وہ اس کی بیوی ہی ہو گی ۔

(البحر الرائق ،کتاب الطلاق ،باب الکنایا ت فی الطلاق ،ج،3،ص،519،مکتبہ دارالکتاب )

البحرالرائق میں ہے :

"ولو قال لھاطلقی نفسک ان شئت فقال قد شئت ان اطلق نفسی کان باطلا"

ترجمہ: اگر اپنی بیوی کو کہا کہ اگر تو چاہتی ہے تو اپنے آپ کو طلاق دے بیوی نے کہا کہ میں اپنے آپ کو طلاق دینا چاہتی ہوں یہ باطل ہے (یعنی طلاق نہیں ہوگی )۔

(البحرالرائق،کتاب الطلاق،فصل فی المشیئۃ ،ج،3،ص،571،مکتبہ دارالکتاب )

الاشباہ والنظائر میں ہے :

"ولو أقر بطلاق زوجته ظانا الوقوع بإفتاء المفتي فتبين عدمه لم يقع "

ترجمہ: اگر کسی آدمی نے مفتی کے فتوی کی وجہ سے طلاق کے وقوع کا گمان کرتے ہوئے بیوی کی طلاق کا اقرار کیا بعد میں ظاہر ہوا کہ طلاق نہیں ہوئی تھی تو طلاق واقع نہیں ہو گی ۔

اس کے تحت غمز عیون البصائر میں ہے :

"قوله ولو أقر بطلاق زوجته ظانا الوقوع إلى قوله لم يقع إلخ أي ديانة أما قضاء فيقع كما في القنية لإقراره به"

ترجمہ: (صاحب بحر کا قول کہ اگر اپنی بیوی کی طلاق کا اقرار کیا طلاق واقع نہ ہو نے تک ) یعنی دیانۃ ً نہیں ہوتی بہر حال قضاءً طلاق واقع ہو جاتی ہے ۔

(غمز عیون البصائر شرح الاشباہ والنظائر،ج،1،ص،461،مطبوعہ تراث )

ردالمحتار میں ہے :

"ظن أنه وقع الثلاث على امرأته بإفتاء من لم يكن أهلاً للفتوى وكلف الحاكم كتابتها في الصك فكتبت، ثم استفتى ممن هو أهل للفتوى فأفتى بأنه لا تقع والتطليقات الثلاث مكتوبة في الصك بالظن فله أن يعود إليها ديانة ولكن لا يصدق في الحكم"

ترجمہ: نااہل مفتی کے فتوی کی وجہ سے گمان کیا کہ تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں اورقاضی نے اس کو کہا کہ اس کو تحریر میں لکھ دیا جائے پس وہ تحریر میں لکھ دی گئیں پھر اس نے اہل مفتی سے فتویٰ لیا تو اس نے فتویدیا کہ طلاق واقع نہیں ہوئی حالانکہ اس کے گمان کی وجہ سے تین طلاقیں تحریر میں لکھی جاچکی ہیں تو اس کےلئے دیانۃً بیوی کی طرف رجوع کرنا جائز ہے لیکن حکم میں تصدیق نہیں کی جائی گی ۔

(ردالمحتار علی الدر المختار،کتاب الطلاق ،ج،4،ص،436،مکتبہ رحمانیہ )

اس کی وضاحت میں مفتی وسیم اختر المدنی صاحب لکھتے ہیں :

" ای اذا لم یثبتھا عندالقاضی "

ترجمہ:یعنی جب شوہر اس فتویٰ کو قاضی کے پاس غلط ثابت نہ کر سکے ۔

بہارِ شریعت میں ہے:

" کنایہ سے طلاق واقع ہونے میں یہ شرط ہے کہ نیت طلاق ہو یا حالت بتاتی ہو کہ طلاق مراد ہے یعنی پیشتر طلاق کا ذکر تھا یا غصہ میں کہا۔"

(بہارِ شریعت ،حصہ ہشتم ،کنایہ کا بیان ،ص،128تا 129،مکتبۃ المدینہ )

خلاصہ :

شوہر کی تحریر" باقی دو ۔۔۔ دیتاہوں سے لفظِ طلاق لکھ دینا تک "تفویضِ طلاق اور تملیک طلاق نہیں ہے بلکہ اظہارِ امر اورسادہ پیپر پر طلاق کی تحریر ہے اور سادہ کاغذ پر تحر یر سے طلاق واقع ہونے کےلئے ضروری ہے کہ شوہر اس سے طلاق کی نیت کرے یا طلاق کے واقع کرنے پر کوئی قرینہ(مذاکرہِ طلاق) پایا جائے لہذا نیتِ طلاق اور قرینہ نہ ہونے کی وجہ سے اس تحریر سے طلاق واقع نہیں ہوگی ،اور مفتی صاحب سے مسئلہ پوچھنے کے بعد بیوی کو کہنا کہ "مفتی صاحب نے کہا ہے کہ تین طلاقیں ہو گئیں لہذا ہمارا رشتہ ختم " یہ نہ ہی انشاء طلاق اور نہ ہی اقرار طلاقہے بلکہ یہ مفتی صاحب کے قول کی حکایت ہے اور اس سے طلاق کی نیت بھی نہیں کی تو ان سےکوئی طلاق واقع نہیں ہوئی البتہ پہلے جس طلاق کے دینے کا اقرار کیا ہے وہ طلاق ہو گئی تھی چونکہ اس طلاق کے بعد رجوع کر لیا تھا اور رجوع کے بعد کوئی طلاق نہیں ہوئی لہذا آپ دونوں کا نکاح باقی ہے اور شوہر کےلئےدو طلاقوں کا حق باقی ہے ۔

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد الطاف چشتی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

12مئی 2026ءبمطابق 24ذوالقعدہ 1447ھ کو جاری کیا گیا