دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

سابقہ مماتی عقائد سے تائب خاتون کی توبہ اور اس سے نکاح کا حکم

11823 نومبر، 2026177سوال کنندہ : محمد عرفان، ملتان
تمام فتاویٰ

سوال

ایک شخص ایک ایسی خاتون سے نکاح کرنا چاہتا ہے جس کا سابقہ تعلق مماتی مسلک سے رہا ہے۔ مذکورہ خاتون اب حلفاً اپنے سابقہ مماتی عقائد سے براءت کا اظہار کرتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ ان عقائد کو درست نہیں سمجھتی، بلکہ اہلِ سنت والجماعت کے عقائد کو حق سمجھتی ہےکیا ایسی خاتون سے نکاح کرنا شرعاً جائز ہے؟ کیا سابقہ مماتی نسبت کی وجہ سے نکاح میں کوئی شرعی ممانعت باقی رہتی ہے، یا موجودہ صحیح عقیدہ اور سابقہ عقائد سے براءت معتبر ہوگی؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پو چھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ ایسی خاتون ( جو تین مرد اور دو عورتوں کے سامنے سابقہ مسلک (مماتی) سے براءتاظہار کرتی ہے اور عورت کا یہ موجودہ حال ان تمام پر واضح ہو چکا ہے جو پہلے اس کو مسلک( مماتی) کی حیثیت سے جانتے تھے اور یہ عورت عادی مجرم بھی نہیں ہے اس) سے نکاح کرنا شرعاً جائز ہے کیونکہ نکاح کے انعقاد میں سابقہ نسبت کی وجہ سے کوئی شرعی رکاوٹ باقی نہیں ۔

اسکی تفصیل یہ ہے کہ شریعت کا یہ مسلمہ قاعدہ ہے کہ جب کوئی شخص کفر یا گمراہی سے توبہ کر کے اسلام اور عقیدہ حقہ (اہلِ سنت وجماعت) کو قبول کر لیتا ہے اور اپنے سابقہ باطل عقائد سے برأت کا اعلان کر دیتا ہے اور آئندہ اس فعل (جس سے توبہ کی ہے ) کو نہ کرنے کا عہد کر لیتا ہے ، تو اس کا ظاہری اقرار اور توبہ معتبر مانی جاتی ہے چونکہ توبہ سے سابقہ تمام گناہ اور باطل نظریات کا اثر ختم ہو جاتا ہے۔مزید برآں، جب کوئی شخص اپنے عقائدِ باطلہ سے توبہ کر لے تو اس پر کفر کا حکم لگانا یا اسے بدمذہب کہنا سخت ممنوع ہے۔

بندوں کی توبہ اللہ قبول فرماتا ہے ،جیسا کہ قرآن پاک میں ہے

اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

"وَ هُوَ الَّذِیْ یَقْبَلُ التَّوْبَةَ عَنْ عِبَادِهٖ وَ یَعْفُوْا عَنِ السَّیِّاٰتِ وَ یَعْلَمُ مَا تَفْعَلُوْنَۙ "

ترجمہ کنزالایمان: اور وہی ہے جو اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتا اور گناہوں سے درگزر فرماتا ہے اور جانتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔

(الشورى،آیت : 25)

مشکاۃ المصابیح میں ہے :

"وعن عائشة رضي الله عنها قالت: قال رسول الله ﷺ: إن العبد إذا اعترف ثم تاب ،تاب الله عليه"

ترجمہ : روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ بندہ جب اقرار گناہ کر لیتا ہے پھر توبہ کرتا ہے تو اللہ اس کی توبہ قبول کر لیتا ہے۔

(مشکاۃ المصابیح،رقم الحدیث :2330)

اسی میں ہے :

"قال رسول الله صلى الله عليه وسلم :التائب من الذنب كمن لا ذنب له"

ترجمہ : رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : گناہوں سے توبہ کرنے والا شخص ایسا ہے جیسے اس نے کوئی گناہ کیا ہی نہیں ۔

(مشکاۃ المصابیح،رقم الحدیث :2363)

اس حدیث مبارکہ کے تحت ملاعلی قاری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :

"ای :في عدم المؤاخذة، بل قد يزيد عليه بأن ذنوب التائب تبدل حسنات"

ترجمہ : یعنی پکڑ نہ ہونے میں بلکہ کبھی توتوبہ کرنے والا اس سے بھی بڑھ سکتا ہے بایں طور کہ توبہ کرنے والے کے گناہوں کو نیکیوں میں بدل دیا جاتا ہے۔

(مرقاۃ المفاتیح شرح مشکاۃ المصابیح ، ج :5، ص:269، مکتبہ رشیدیہ )

امام اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الر حمن فرماتے ہیں:

سچی توبہ اللہ عزوجل نے وہ نفیس شے بنائی ہے کہ ہر گناہ کے ازالے کو کافی ووافی ہے، کوئی گناہ ایسا نہیں کہ سچی توبہ کے بعد باقی رہے یہاں تک کہ شرک وکفر۔ سچی توبہ کے یہ معنی ہیں کہ گناہ پراس لیے کہ وہ اس کے رب عزوجل کی نافرمانی تھی،نادِم وپریشان ہو کر‏فوراً چھوڑ دے اور آئندہ کبھی اس گُناہ کے پاس نہ جانے کا سچے دِل سے پُورا عزم کرے، جو چارۂ کار اس کی تلافی کا اپنے ہاتھ میں ہوبجا لائے۔

(فتاوی رضویہ، ج :21،ص: 121، رضا فاؤنڈیشن)

مزید آپ علیہ الر حمہ فرماتے ہیں :

اگر وہ عورت خود دل سے عقائد کفریہ سے توبہ کرچکی ہے اور بری ہوچکی ہے تو نکاح صحیح ہے ۔۔۔ا ور اگر وہ عورت موجودہ عام ۔۔۔کفریہ عقیدے رکھتی ہو تو اس سے نکاح باطل محض ہے ۔

(فتاوی رضویہ، ج :1 1،ص: 336،رضا فاؤنڈیشن )

مزید آپ علیہ الر حمہ فرماتے ہیں :

بندوں کے معاملے تین قسم ہیں. ایك یہ کہ گناہ کی اس کو سزا دی جائے ۔۔۔دوسرے یہ کہ اس کے ارتباط واختلاط سے تحفظ وتحرز کیا جائے۔۔۔تیسرے یہ کہ اس کی تعظیم وتکریم مثل قبول شہادت و اقتدائے نماز وغیرہ سے احتراز کریں۔۔۔فاسق و بدمذہب کے اظہار توبہ کرنے سے قسم اول تو فوراً موقوف ہوجاتی ہے( الا في بعض صور مستثنيات مذكورة في الدر وغيره) مگر دو قسم باقی ہنوز باقی رہتی ہیں یہاں تك کہ اس کی صلاح حال ظاہر ہو اور مسلمان کو اس کے صدق توبہ پر اطمینان حاصل ہو۔۔۔پھر صحت توبہ پر اطمینان کتنی مدت میں حاصل ہوتا ہے صحیح یہ کہ اس کے لیے کوئی مدت متعین نہیں کر سکتے جب اس شخص کی حالت کے لحاظ سے اطمینان ہو جائے کہ اب اس کی اصلاح ہو گئی اس وقت اس سے دو قسم اخیر کے معاملات بر طرف ہوں گے۔۔۔۔۔اور دروغ گو مکار کی توبہ کا اعتبار نہ کریں گے اگرچہ ہزار مجمع میں تائب ہو۔

(فتاویٰ رضویہ،ج:21،ص:146سے149،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

خلاصہ :خاتون کا موجودہ صحیح عقیدہ اختیار کرنا اور سابقہ عقائد سے حلفاً براءت کا اظہار کرنا شرعاً معتبر ہے، اور اس سے نکاح کرنا بالکل جائز و صحیح ہے۔

واللہ اعلم باالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمدعلی رضا قادری رضوی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

24 اگست 2026ءبمطابق 09ربیع الاو ل 1448ھ کو جاری کیا گیا