دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

منگنی کے وعدے سے نکاح کا حکم

25422 نومبر، 202698
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ چند آدمی اپنی اولاد کی منگنی کرنے کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں اس مجلس میں عبدالقادر کہتا ہے کہ میں نے اپنی دو بیٹیاں رحیم بخش کے فلاں دو بیٹوں کے لیے دی ہیں اور رحیم بخش لینے کا اقرار کرتا ہے۔ 2 )۔رحیم بخش کہتا ہے کہ میں نے اپنی دو بیٹیاں کریم بخش کے فلاں دو بیٹوں کے لیے دی ہیں کریم بخش لینے کا اقرار کرتا ہے ۔ 3)۔اب رحیم بخش کہتا ہے کہ میں نے اپنی ایک بیٹی عبد القادر کے فلاں یٹے کیلئے دی ہے عبد القادر بھی لینے کا اقرار کرتا ہے 4)۔ کریم بخش کہتا ہے کہ میں نے اپنی ایک بیٹی عبدالقادر کے فلاں بیٹے کیلئے دی ہے عبد القادر بھی لینے کا اقرار کرتا ہے اور مجلس کے اختتام پر دعا کی جاتی ہے اور دعا کے بعد یہ بھی کہا جاتا ہے کہ صبح قاضی کو بلایا جائے گا اور وہ شرطیں پڑھائے گا یعنی ایجاب و قبول جن بچوں کا رشتہ طے کیا گیا ان میں تین بچے بالغ ہیں والدین نے ان بچوں سے نہیں پوچھا تھا جب انہیں معلوم ہوا،تو انہوں نے انکار کیا کہ ہمیں قبول نہیں ہے قرآن وحدیث کی روشنی میں وضاحت فرمائیں کہ نکاح ہوا یا منگنی اور طے کیے گئے رشتوں میں تبدیلی ہو سکتی ہے؟ بینوا توجروا! سائل حافظ عبد الرحمٰن سعیدی،راجن پور

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

مذکورہ صورت منگنی یعنی نکاح کے وعدہ کی ہے جیساکہ(سائل کا بیان اور) مجلس کے اختتام پر بولے گئے الفاظ " کہ صبح قاضی کو بلایا جائے گا اور وہ شرطیں پڑھائے گا یعنی ایجاب و قبول" دونوں چیزیں اس پر دلالت کر رہے ہیں ۔

اور اس کی تفصیل یہ ہے کہ منگنی،نکاح کا وعدہ ہے اور بغیر کسی عذر کے وعدہ توڑنا انتہائی ناپسندیدہ عمل ہے،اسلام میں بڑی تاکید کے ساتھ عہد پورا کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور عہد شکنی کی مذمت کی گئی ہے۔اپناعہد پورا کرنے والے کی قرآن میں تعریف کی گئی ہے ،اورعہد شکنی کو منافقت کی علامت بتایا، حدیث شریف میں ہے کہ اس شخص کا کوئی دین نہیں جس میں وعدہ کی پاس داری نہیں۔ البتہ اگر کوئی شرعی عذر ہو (جیساکہ لڑکا لڑکے ہم پلہ نہ ہو یا بالغ لڑکا لڑکی اس رشتہ پر بلکل راضی نہ ہو )یا وعدہ کی تکمیل محذورِ شرعی کے ارتکاب کے بغیر ممکن نہ ہو، تو اپنا عہد توڑنا جائز ہے۔

دُرِّ مختار مع تنویر الابصار میں ہے:

"(وينعقد) متلبسا (بإيجاب) من أحدهما (وقبول) من الآخر (وضعا للمضي) لأن الماضي أدل على التحقيق (كزوجت) نفسي أو بنتي أو موكلتي منك (و) يقول الآخر (تزوجت) ۔۔هل أعطيتنيها إن المجلس للنكاح، وإن للوعد فوعد"

وفی رد المحتار: قال في شرح الطحاوي: وقال هل أعطيتنيها فقال أعطيت إن كان المجلس للوعد فوعد، وإن كان للعقد فنكاح.

ترجمہ:عقدِ نکاح ایک فریق کے ایجاب اور دوسرے فریق کے قبول سے منعقد ہوتا ہے۔جو دونوں فولِ ماضی کے صیغے ہوں کیونکہ فعل ماضی کا صیغہ امر کے تحقق پر زیادہ دلالت کرتا ہے ،جس طرح میں نے اپنی یا اپنی بیٹی یا اپنی مؤکلہ کی کی تجھ سے شادی کردی اور دوسرا کہے میں نے شادی کردی یعنی میں نےاسے قبول کرلیا ۔۔اور کسی نے کہا:کیا تونے مجھے وہ عطا کردی ہے؟ اگر مجلس عقدِ نکاح کی ہے ،تو نکاح اور اگر منگنی کی ہے تو منگنی ہے۔۔

رد المحتار میں ہے:"شرح طحاوی میں ہے:کسی نے کہا یہ (لڑکی ) تونےمجھے دے دی ہے ؟ تو اس (وکیل یا ولی) نے کہا: میں نے دے دی ،تو اگر مجلس نکاح کی ہے تو نکاح ہوگا اور اگر مجلس منگنی کی ہے تو منگنی ہوگی ۔

(رد المحتار مع درِ مختار،ج:ص:82،مکتبہ رحمانیہ)۔

اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

وَ اَوْفُوْا بِالْعَهْدِۚ-اِنَّ الْعَهْدَ كَانَ مَسْـٴُـوْلًا

ترجمہ کنز الایمان: اور عہد پورا کرو بےشک عہد سے سوال ہونا ہے۔

(سورہ بنی اسرائیل،آیت:34)۔

اس کی تفسیر میں علّامہ آلوسی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

" والإيفاء بالعهد والوفاء به هو القيام بمقتضاه والمحافظة عليه وعدم نقضه"

ترجمہ:یعنی وعدہ پورا کرنا اور ایفاءِ عہد سے مراد ہے اس کی تقاضیٰ کے مطابق اس کو قائم رکھنا اور اس کی حفاظت کرنا اور اس کو نہ توڑنا۔

(تفسیر روح المعانی،ج:8،ص: 69، دار الكتب العلمية)۔

صحیح بخاری میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:

"عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: " آيَةُ المُنَافِقِ ثَلاَثٌ: إِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، وَإِذَا وَعَدَ أَخْلَفَ، وَإِذَا اؤْتُمِنَ خَانَ "

ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:منافق کی تین نشانیاں ہیں ،(1) جب بات کرے تو جھوٹ بولے(2)جب وعدہ کرے تو ڑدے (3) جب امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔

(صحیح بخاری،رقم الحدیث:33)۔

حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:

"وعدہ کا پورا کرنا ضروری ہے۔ مسلمان سے وَعدہ کرو یا کافر سے، عزیز سے وعدہ کرو یا غیر سے، اُستاذ، شیخ، نبی، اللّٰہ تعالٰی سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کرو۔ اگر وعدہ کرنے والا پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہو مگر کسی عُذر یا مجبوری کی وجہ سے پورا نہ کرسکے تو وہ گنہگار نہیں۔

(مراٰۃ المناجیح،ج6،ص:483،492،ملتقطاً)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

31/مئی/2024 ۔ 23ذوالقعدہ 1445ھ کو جاری کیا گیا

متعلقہ فتاویٰ

والدین کے طے کردہ رشتوں سے بالغ اولاد کا انکار اور منگنی توڑنے کا حکم سے متعلق مزید منتخب سوالات