سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ رضاعی والدین یا ساس اور سسر کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں ؟ بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
صورتِ مسئولہ میں حکمِ شرع یہ ہے کہ رضاعی والدین، رضاعی اولاد، اور سسرالی رشتے جیسے ساس، سسر، داماد اور بہو وغیرہ اگر شرعاً مستحقِ زکوٰۃ ہوں، یعنی فقیر ہوں اور ان میں کوئی مانعِ زکوٰۃ (مثلاً ہاشمی ہونا وغیرہ) موجود نہ ہو، تو انہیں زکوٰۃ اور دیگر صدقاتِ واجبہ (جیسے صدقۂ فطر، کفارات وغیرہ) دینا جائز ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ رضاعت اور مصاہرت کا اثر صرف حرمتِ نکاح کے باب میں ہوتا ہے، جبکہ دیگر مالی و معاشرتی احکام میں ان رشتوں کا حکم اجنبیوں کی طرح ہوتا ہے۔ چنانچہ رضاعی اور سسرالی رشتوں کے درمیان نہ تو وراثت ثابت ہوتی ہے، نہ نفقہ واجب ہوتا ہے اور نہ ہی دیگر مالی حقوق ثابت ہوتے ہیں، بلکہ فقہاء نے تصریح کی ہے کہ رضاعی والدین اور ساس و سسر کے حق میں گواہی بھی مقبول ہوتی ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ان رشتوں کا تعلق صرف حرمتِ نکاح تک محدود ہے، لہٰذا جب رضاعی والدین یا ساس اور سسر مستحقِ زکوٰۃ ہوں تو انہیں زکوٰۃ دینا جائز ہے۔
البتہ زکوٰۃ کے باب میں ایک اصولی قاعدہ یہ ہے کہ اپنے اصول و فروع کو زکوٰۃ دینا جائز نہیں۔اصول سے مراد وہ افراد ہیں جن کی طرف انسان ولادت کے ذریعے منسوب ہو جیسے:ماں، باپ، دادا، دادی، نانا اور نانی وغیرہ۔اور فروع سے مراد وہ افراد ہیں جو ولادت کے ذریعے اس کی طرف منسوب ہوں جیسے:بیٹا، بیٹی، پوتا، پوتی، نواسا اور نواسی وغیرہ۔ان کے علاوہ دیگر رشتہ داروں کو زکوٰۃ دینا جائز ہے، بشرطیکہ کوئی اور شرعی مانع موجود نہ ہو۔
فقہائے احناف نے تصریح کی ہے کہ رضاعت اور مصاہرت کا اثر صرف حرمتِ نکاح تک محدود ہے۔
چنانچہ المبسوط للسرخسی میں ہے:
"وَيَجُوزُ شَهَادَةُ الرَّجُلِ لِوَالِدِهِ مِنْ الرَّضَاعَةِ وَوَالِدَتِهِ؛ لِأَنَّ الرَّضَاعَ تَأْثِيرُهُ فِي الْحُرْمَةِ خَاصَّةً، وَفِيمَا وَرَاءَ ذَلِكَ كُلُّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا مِنْ صَاحِبِهِ كَالْأَجْنَبِيِّ.(أَلَا تَرَى) أَنَّهُ لَا يَتَعَلَّقُ بِهِ اسْتِحْقَاقُ الْإِرْثِ وَاسْتِحْقَاقُ النَّفَقَةِ حَالَةَ الْيَسَارِ وَالْعُسْرَةِ، وَبِهِ يُفَرَّقُ بَيْنَ الْإِخْوَةِ وَالْوِلَادِ فَالْإِخْوَةُ لَا يَتَعَلَّقُ بِهَا اسْتِحْقَاقُ النَّفَقَةِ عِنْدَ عَدَمِ الْيَسَارِ بِخِلَافِ الْوِلَادَةِ وَالزَّوْجِيَّةِ فَإِنَّهُ يَتَعَلَّقُ بِهِمَا اسْتِحْقَاقُ حَالَتَيْ الْيَسَارِ وَالْعُسْرَةِ، وَيَجُوزُ شَهَادَةُ الرَّجُلِ لِأُمِّ امْرَأَتِهِ وَلِزَوْجِ ابْنَتِهِ؛ لِأَنَّ الْمُصَاهَرَةَ الَّتِي بَيْنَهُمَا تَأْثِيرُهَا فِي حُرْمَةِ النِّكَاحِ فَقَطْ. فَأَمَّا مَا سِوَى ذَلِكَ لَا تَأْثِيرَ لِلْمُصَاهَرَةِ فَهِيَ بِمَنْزِلَةِ الرَّضَاعِ أَوْ دُونَهُ.
ترجمہ:آدمی کی اپنے رضاعی باپ اور رضاعی ماں کے حق میں گواہی دینا جائز ہے؛ کیونکہ رضاعت کا اثر صرف حرمتِ نکاح تک محدود ہوتا ہے، اور اس کے علاوہ دوسرے احکام میں دونوں ایک دوسرے کے لیے اجنبی کی طرح ہوتے ہیں۔کیا تم نہیں دیکھتے کہ رضاعت کی وجہ سے نہ تو وراثت کا استحقاق ثابت ہوتا ہے اور نہ نفقہ کا وجوب، خواہ خوشحالی کی حالت ہو یا تنگی کی۔ اسی بنیاد پر بھائیوں اور اولاد کے درمیان فرق کیا جاتا ہے؛ کیونکہ بھائیوں کے درمیان نفقہ کا استحقاق (عدمِ خوشحالی کی حالت میں) ثابت نہیں ہوتا، جبکہ ولادت اور زوجیت کی وجہ سے دونوں حالتوں (خوشحالی اور تنگی) میں نفقہ کا استحقاق ثابت ہو جاتا ہے۔اسی طرح آدمی کی اپنی بیوی کی ماں (ساس) اور اپنی بیٹی کے شوہر (داماد) کے حق میں گواہی دینا بھی جائز ہے؛ کیونکہ ان کے درمیان جو مصاہرت (سسرالی رشتہ) ہے اس کا اثر صرف حرمتِ نکاح تک محدود ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے احکام میں مصاہرت کا کوئی اثر نہیں ہوتا، بلکہ وہ رضاعت کے حکم کے برابر بلکہ اس سے بھی کم درجہ رکھتی ہے۔
(المبسوط،ج:16،ص:125، دار المعرفة – بيروت)
المحیط البرہانی میں ہے:
"وتجوز شهادة الرجل لمن أرضعته امرأته؛ لأن الرضاع تأثيره في الحرمة خاصة دون ما سواه من الأحكام، ألا ترى أنه لا يستحق بها النفقة والإرث، وكذلك حكم الشهادة، وحقيقة النفقة في ذلك أنه ليس لأحدهما تأويل ملك، ولا بسوطة يد في مال صاحبه، فلم تكن التهمة في هذه الشهادة فقبلت، كما في شهادة الأجانب"
ترجمہ:آدمی کی اس شخص کے حق میں گواہی دینا بھی جائز ہے جسے اس کی بیوی نے دودھ پلایا ہو؛ کیونکہ رضاعت کا اثر صرف حرمتِ نکاح تک محدود ہوتا ہے، اس کے علاوہ دوسرے احکام میں اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ کیا تم نہیں دیکھتے کہ رضاعت کی وجہ سے نہ نفقہ کا استحقاق ثابت ہوتا ہے اور نہ وراثت کا۔ اسی طرح گواہی کا حکم بھی ہے۔اور اس معاملے میں نفقہ کی حقیقت یہ ہے کہ ان دونوں میں سے کسی کو بھی دوسرے کے مال پر ملکیت کا کوئی حق یا اختیار و تصرف حاصل نہیں ہوتا، لہٰذا اس گواہی میں جانبداری یا تہمت کا احتمال نہیں رہتا؛ اسی وجہ سے اسے قبول کیا جاتا ہے، جیسے اجنبی شخص کی گواہی قبول کی جاتی ہے۔
(المحیط البرہانی،ج:8،ص:324، دار الكتب العلمية، بيروت)
فتح القدِر مع كنز الدقائق میں ہے:
" (وَلَا يَدْفَعُ الْمُزَكِّي زَكَاتَهُ إلَى أَبِيهِ وَجَدِّهِ وَإِنْ عَلَا، وَلَا إلَى وَلَدِهِ وَوَلَدِ وَلَدِهِ وَإِنْ سَفَلَ) لِأَنَّ مَنَافِعَ الْأَمْلَاكِ بَيْنَهُمْ مُتَّصِلَةٌ فَلَا يَتَحَقَّقُ التَّمْلِيكُ عَلَى الْكَمَالِ.الْأَصْلُ أَنَّ كُلَّ مَنْ انْتَسَبَ إلَى الْمُزَكِّي بِالْوِلَادِ أَوْ انْتَسَبَ هُوَ لَهُ بِهِ لَا يَجُوزُ صَرْفُهَا لَهُ، فَلَا يَجُوزُ لِأَبِيهِ وَأَجْدَادِهِ وَجَدَّاتِهِ مِنْ قِبَلِ الْأَبِ وَالْأُمِّ وَإِنْ عَلَوْا، وَلَا إلَى أَوْلَادِهِ وَأَوْلَادِهِمْ وَإِنْ سَفَلُوا "
ترجمہ: زکوٰۃ دینے والا اپنی زکوٰۃ اپنے باپ اور دادا کو نہیں دے سکتا، چاہے وہ نسب میں کتنے ہی اوپر ہوں، اور نہ ہی اپنے بیٹے اور اس کی اولاد کو دے سکتا ہے، چاہے وہ نسب میں کتنے ہی نیچے ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے درمیان املاک کے منافع آپس میں متصل ہوتے ہیں، اس لیے اس صورت میں کامل طور پر تملیک (مال کا مکمل طور پر دوسرے کی ملک میں منتقل ہونا) متحقق نہیں ہوتی۔اس مسئلہ کا اصولی قاعدہ یہ ہے کہ ہر وہ شخص جو ولادت کے ذریعے زکوٰۃ دینے والے کی طرف منسوب ہو، یا زکوٰۃ دینے والا ولادت کے ذریعے اس کی طرف منسوب ہو، اس کو زکوٰۃ دینا جائز نہیں۔ چنانچہ اپنے باپ، اور باپ یا ماں کی طرف سے جتنے بھی دادا، دادی، نانا اور نانی ہوں، خواہ وہ کتنے ہی اوپر کے درجے میں ہوں، انہیں زکوٰۃ دینا جائز نہیں۔ اسی طرح اپنی اولاد اور ان کی اولاد کو بھی زکوٰۃ دینا جائز نہیں، چاہے وہ نسب میں کتنے ہی نیچے ہوں۔
(فتح القدیر مع کنز الدقائق ،ج:2،ص:289،دار الفکر )
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب