دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مختلف مقدار میں سونا رکھنے والی دو بیویوں پر زکوٰۃ اور قربانی کا حکم

2422 نومبر، 2026159سوال کنندہ : محمد اسامہ، لیہ پنجاب
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میری دو بیویاں ہیں۔ ان میں سے ایک بیوی کے پاس تقریباً ڈیڑھ تولہ سونا موجود ہے اور اس کے پاس چاندی یا دیگر کوئی قابلِ زکوٰۃ مال نہیں ہے۔ جبکہ دوسری بیوی کے پاس تقریباً دو سے اڑھائی تولہ سونا ہے، اور اس کے پاس بھی چاندی یا اس کے علاوہ کوئی اور مال موجود نہیں۔ اب آپ سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں یہ رہنمائی فرما دیں کہ: 1:۔ کیا میری دونوں بیویوں پر ان کے سونے کی بنیاد پر زکوٰۃ واجب ہے یا نہیں؟ 2:۔ اسی طرح کیا ان دونوں پر قربانی واجب ہوگی یا نہیں؟ براہِ کرم اس مسئلے کی تفصیل کے ساتھ وضاحت فرما دیں! بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ آپ کی دونوں بیویوں پر زکوٰۃ و قربانی دونوں فرض و واجب نہیں، زکوٰۃ اس لیے فرض نہیں کہ سونے میں زکوٰۃ کا نصاب (ساڑھے سات تولہ: 7.5 تولہ) پورا نہیں۔ اور قربانی اس لیے واجب نہیں کہ مفتیٰ بہ قول کے مطابق عینِ نصاب (ساڑھے سات تولہ: 7.5 تولہ) مکمل نہیں۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ زکوٰۃ اُس شخص پر فرض ہوتی ہے جو مالِ نامی میں سے نصابِ شرعی کا مالک ہو، مثلاً ساڑھے سات تولہ سونا، یا ساڑھے باون تولہ چاندی، یا دو سو درہم کی مالیت کے بقدر مالِ تجارت، یا حیواناتِ سائمہ کی مخصوص مقدار، یا اموالِ زکوٰۃ میں سے ایسی متفرق اشیاء جن کی مجموعی مالیت نصاب کے برابر ہو۔

اور قربانی مخصوص ایام میں مخصوص جانور کو بہ نیتِ تقرب ذبح کرنے کا نام ہے، اور اس کے وجوب کے لیے مالداری یعنی مالکِ نصاب ہونا شرط ہے۔ البتہ یہاں اُس مالداری سے مراد وہ نصاب ہے جس سے صدقۂ فطر واجب ہوتا ہے، نہ وہ نصاب جس سے زکوٰۃ واجب ہوتی ہے۔

لہٰذا صورت مسئولہ میں جبکہ دونوں خواتین کے پاس صرف مذکورہ مقدار میں سونا موجود ہے، اور اس کے ساتھ چاندی، نقدی، مالِ تجارت یا دیگر حاجتِ اصلیہ سے زائد اموال موجود نہیں، تو اُن پر زکوٰۃ و قربانی دونوں واجب نہیں ہوں گی۔

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :

"فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَ انْحَرْ"

ترجمہ: تم اپنے رب کے لیے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔(سورۃ الکوثر،آیت: 2)

حدیث پاک میں ہے :

" «مَنْ كَانَ لَهُ سَعَةٌ، وَلَمْ يُضَحِّ، فَلَا يَقْرَبَنَّ مُصَلَّانَا»"

ترجمہ:جس میں وسعت ہو اور قربانی نہ کرے وہ ہماری عیدگاہ کے قریب نہ آئے۔

(سنن ابن ماجۃ،کتاب الأضاحی،رقم الحدیث:3123 )

علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :

" (ذَبْحُ حَيَوَانٍ مَخْصُوصٍ بِنِيَّةِ الْقُرْبَةِ فِي وَقْتٍ مَخْصُوصٍ. وَشَرَائِطُهَا: الْإِسْلَامُ وَالْإِقَامَةُ وَالْيَسَارُ الَّذِي يَتَعَلَّقُ بِهِ) وُجُوبُ (صَدَقَةِ الْفِطْرِ)"

ترجمہ:قربانی مخصوص جانور کا قربت کی نیت سے مخصوص وقت میں ذبح کرنے کا نام ہے ، اور اسکے واجب ہونے کی شرائط یہ ہیں :اسلام اور اقامت اور وہ تونگری جس سے صدقہ فطر کا وجوب متعلق ہے ۔

(رد المحتار علی الدر المختار،ج:9، ص:520، مکتبہ رحمانیہ )

نصاب کی اقسام

نصاب کی تین اقسام ہیں :۔

1:۔ وہ نصاب جس سے زکوۃ واجب ہوتی ہے ،اس سے مراد مال نامی سے نصاب کا مالک ہونا ہے ۔ جو حاجت اصلیہ سے فاضل ہو ۔

2:۔وہ نصاب جس سے زکوۃ واجب نہیں ہوتی اور اس کے ہوتے ہوئے صدقہ لینا اور قبول کرنا حرام ہے ، اس سے مراد کسی شخص کا اموال میں سے اتنےفاضل مال کا مالک ہونا ہے جسکی قیمت دوسو درھم کے برابر ہو ۔ مثلاً ضرورت سے زیادہ کپڑے، بستر، مکانات، دکانیں، سواری کے جانور اور خادم وغیرہ، جو استعمال اور ضرورت کے لیے ہوں، تجارت یا افزائشِ مال کے لیے نہ ہوں۔

اس نصابکے ہوتے ہوئے چار احکام واجب ہیں :1۔ صدقہ لینا یا قبول کرنا حرام ۔2۔قربانی واجب ہے ۔3۔ صدقہ فطر واجب ہے ۔ 4۔ اقارب کا نفقہ واجب ہے ۔

3:۔وہ نصاب جس کے ہوتے ہوئے سوال حرام ہے اور صدقہ لینا حلال ہے اس سے مراد کسی شخص کا اتنے مال کا مالک ہونا ہے جو اسکی ضرورت کے مطابق ہویعنی کم از کم اس کے پاس ایک دن کی غذا ہو ۔

علامہ علاؤالدین ابی بکر بن سعود الکاسانی الحنفی فرماتے ہیں :

" ثُمَّ لَا بُدَّ مِنْ مَعْرِفَةِ حَدِّ الْغِنَى فَنَقُولُ الْغِنَى أَنْوَاعٌ ثَلَاثَةٌ: غِنًى تَجِبُ بِهِ الزَّكَاةُ، وَغِنًى يَحْرُمُ بِهِ أَخْذُ الصَّدَقَةِ وَقَبُولُهَا وَلَا تَجِبُ بِهِ الزَّكَاةُ، وَغِنًى يَحْرُمُ بِهِ السُّؤَالُ وَلَا يَحْرُمُ بِهِ الْأَخْذُ أَمَّا الْغِنَى الَّذِي تَجِبُ بِهِ الزَّكَاةُ فَهُوَ أَنْ يَمْلِكَ نِصَابًا مِنْ الْمَالِ النَّامِي الْفَاضِلِ عَنْ الْحَاجَةِ الْأَصْلِيَّةِ.

وَأَمَّا الْغِنَى الَّذِي يَحْرُمُ بِهِ أَخْذُ الصَّدَقَةِ وَقَبُولُهَا فَهُوَ الَّذِي تَجِبُ بِهِ صَدَقَةُ الْفِطْرِ وَالْأُضْحِيَّةِ وَهُوَ أَنْ يَمْلِكَ مِنْ الْأَمْوَالِ الَّتِي لَا تَجِبُ فِيهَا الزَّكَاةُ مَا يَفْضُلُ عَنْ حَاجَتِهِ وَتَبْلُغُ قِيمَةُ الْفَاضِلِ مِائَتَيْ دِرْهَم من الثياب والفرش والدور والحوانيت والدواب والخدم زيادة على ما يحتاج إليه كل ذلك للابتذال والاستعمال لا للتجارة والإسامة، فإذا فضل من ذلك ما يبلغ قيمته مائتي درهم وجب عليه صدقة الفطر والأضحية وحرم عليه أخذ الصدقة ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وَأَمَّا الْغِنَى الَّذِي يَحْرُمُ بِهِ السُّؤَالُ فَهُوَ أَنْ يَكُونَ لَهُ سَدَادُ عَيْشٍ بِأَنْ كَانَ لَهُ قُوتُ يَوْمِهِ لِمَا رُوِيَ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - أَنَّهُ قَالَ «مَنْ سَأَلَ النَّاسَ عَنْ ظَهْرِ غِنًى فَإِنَّمَا يَسْتَكْثِرُ مِنْ جَمْرِ جَهَنَّمَ قِيلَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، وَمَا ظَهْرُ الْغِنَى؟ قَالَ: أَنْ يَعْلَمَ أَنَّ عِنْدَهُ مَا يُغَدِّيهِمْ أَوْ مَا يُعَشِّيهِمْ» فَإِنْ لَمْ يَكُنْ لَهُ قُوتُ يَوْمِهِ وَلَا مَا يَسْتُرُ بِهِ عَوْرَتَهُ يَحِلُّ لَهُ أَنْ يَسْأَلَ؛ لِأَنَّ الْحَالَ حَالُ الضَّرُورَةِ وَقَدْ قَالَ اللَّهُ تَعَالَى: {وَلا تُلْقُوا بِأَيْدِيكُمْ إِلَى التَّهْلُكَةِ} [البقرة: 195] ، وَتَرْكُ السُّؤَالِ فِي هَذَا الْحَالِ إلْقَاءُ النَّفْسِ فِي التَّهْلُكَةِ وَإِنَّهُ حَرَامٌ فَكَانَ لَهُ أَنْ يَسْأَلَ بَلْ يَجِبُ عَلَيْهِ ذَلِكَ"ملخصا"

ترجمہ:پھر غنٰی کی تعریف کی معرفت ضروری ہے ،پس ہم کہتے ہیں غنٰی کی تین قسمیں ہیں ۔(1)وہ غنٰی جس کے سببزکوۃ واجب ہوتی ہے (2)وہ غنٰی جس کے سبب صدقہ لینا اور قبول کرنا حرام ہے اور زکوۃ واجب نہیں ہوتی (3) وہ غنی جس کے سبب سوال کرنا حرام ہے لیکن صدقہ لینا حرام نہیں ۔

(1) وہ غنی جس کےسبب زکوۃ واجب ہے پس وہ کسی شخص کا مال نامی میں سے نصاب کا مالک ہونا ہے جو حاجت اصلیہ سے فاضل ہو ۔(2) وہ غنی جس کے سبب صدقہ لینا اور قبول کرنا حرام ہے ، پس وہ وہی ہے جس کے ساتھ صدقہ فطر اور قربانی واجب ہوتی ہے ،اور وہ کسی شخص کا ایسے اموال میں سے اتنے کا مالک ہونا ہے جس میں زکوۃ واجب نہیں ہوتی اور وہ مال حاجت اصلیہ سے فاضل ہواتنے کا مالک ہو کہ اس فاضل مال کی قیمت دو سو درھم کو پہنچتی ہو مثلاً ضرورت سے زیادہ کپڑے، بستر، مکانات، دکانیں، سواری کے جانور اور خادم وغیرہ، جو استعمال اور ضرورت کے لیے ہوں، تجارت یا افزائشِ مال کے لیے نہ ہوں۔ پھر اگر ان زائد چیزوں کی قیمت دو سو درہم کے برابر ہوجائے تو اس شخص پر صدقۂ فطر اور قربانی واجب ہوجاتی ہے، اور اس کے لیے صدقہ لینا حرام ہوجاتا ہے۔۔۔۔۔۔۔(3)وہ غنی جس کے سبب سوال حرام ہوتا ہے پس وہ کسی شخص کے پاس ضروریات زندگی کا ہونا ہے بایں طور کہ اس کے پاس ایک دن کی غذا ہو ،کیونکہ رسول اللہ ﷺ سے روایت کیا گیا بے شک آپ ﷺ نے فرمایا :جس نے لوگوں سے غنی ہوتے ہوئے سوال کیا پس بے شک اس نے جہنم کی آگ کو زیادہ کیا عرض کیا گیا :یا رسول اللہ ﷺ اور غنی ہونا کیا ہے ؟فرمایا :یہ کہ وہ جانتا ہو کہ اس کے پاس اتنا مال ہے جس سے اس کا صبح اور شام کا کھانا ہو جائے گا پس اگر اس کے پاس ایک دن کی غذا بھی نہ ہوا اور نہ ہی اتنا لباس ہو جس سے وہ اپنی شرمگاہ کو چھپائے تو اس کے لیے سوال کرنا حلال ہے ، کیونکہ اسکی یہ حالت ضرورت کی حالت ہے اور تحقیق اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ( اور اپنے آپکو ہلاکت میں مت ڈالو)اور اس حالت میں سوال نہ کرنا اپنے نفس کو ہلاکت میں ڈالنا ہے اور بے شک یہ حرام ہے پس جائز ہے اس کے لیے کہ وہ سوال کرے بلکہ اس پر اس حال میں واجب ہے "ملخصا"

(بدائع الصنائع،ج:2،ص:158۔161، مکتبہ رشیدہ کوئٹہ لاہور)

علّامہ سید احمد بن محمد طحطاوی حنفی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

" اعلم أن النصب ثلاثة نصاب يشترط فيه النماء وتتعلق به الزكاة وسائر الأحكام المتعلقة بالمال النامي ونصاب تجب به أحكام أربعة حرمة الصدقة ووجوب الأضحية وصدقة الفطر ونفقة الأقارب ولا يشترط فيه النمو بالتجارة ولا حولان الحول ونصاب تثبت به حرمة السؤال وهو ما إذا كان عنده قوت يومه عند بعض وقال بعضهم هو أن يملك خمسين درهما ذكره العلامة نوح"

ترجمہ:"جان لو نصاب تین قسم کے ہوتے ہیں (1) جس میں نماء یعنی (مال کانامی ہونا ) شرط ہے اس سے زکوۃ متعلق ہے اور وہ سارے احکام جو مال نامی کے ساتھ متعلق ہیں (2) وہ نصاب جس سے چار احکام واجب ہوتے ہیں صدقہ لینےکی حرمت ، قربانی کا وجوب اور صدقہ فطر کا وجوب اور اقارب کا نفقہ اور اس میں مال کا تجارت کےسبب نامی ہونا شرط نہیں اور نہ ہی سال کا گزرناشرط ہے ۔ (3) وہ نصاب جس سے سوال کی حرمت ثابت ہوتی ہے اس سے مراد بعض کے نزدیک ایک دن کی غذا ہونا ہے اور بعض نے کہا پچاس درھم کا مالک ہونا، اسے علامہ نوح نے ذکر کیا ۔

(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح ،ص:723،قدیمی کتب خانہ)

مندرجہ بالا سطور میں صورتِ مسئولہ کا حکمِ شرع اور نصاب کی مکمل تفصیل بیان کرنے کے بعد، اب ہم اصل مسئلہ کے جواب کی طرف آتے ہیں۔ فقہائے کرام علیہم الرضوان کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اموالِ زکات تین قسم کے ہیں: نقدین (سونا اور چاندی)، مالِ تجارت، اور حیواناتِ سائمہ۔ ان اموال میں وجوبِ زکوٰۃ کے لیے مال کا نامی ہونا اور حیواناتِ سائمہ میں نصاب کا عین معتبر ہونا ضروری ہے۔اسی طرح قربانی اور صدقۂ فطر کے نصاب میں بھی یہی اموال شامل ہوتے ہیں، البتہ یہاں اموال کا نامی ہونا شرط نہیں۔ یعنی اگر کوئی شخص ان تین اموال کے علاوہ بھی حاجتِ اصلیہ سے زائد کسی ایسی چیز کا مالک ہو جس کی قیمت دو سو درہم تک پہنچتی ہو، تو اس پر قربانی اور صدقۂ فطر واجب ہوگا۔ لہٰذا معلوم ہوا کہ زکوٰۃ اور قربانی کے نصاب میں بنیادی فرق مال کے نامی اور غیر نامی ہونے کا ہے۔تاہم قربانی اور صدقۂ فطر کے وجوب کے سلسلے میں یہ مسئلہ اختلافی ہے کہ نقدین اور حیواناتِ سائمہ میں نصاب کا عین معتبر ہوگا یا ان کی قیمت،کیونکہ زکوٰۃ کے نصاب میں نقدین اور حیواناتِ سائمہ کے بارے میں بالاتفاق عین کا اعتبار کیا جاتا ہے، جبکہ قربانی اور صدقۂ فطر کے نصاب میں عین یا قیمت کے اعتبار کے متعلق فقہائے کرام کے درمیان اختلاف موجود ہے۔

اس اختلاف کی اصل بنیاد امام محمد بن حسن الشیبانی رحمۃ اللہ علیہ سے غنی کی تعریف کے متعلق دو مختلف روایات منقول ہیں کہ نقدین اور حیواناتِ سائمہ میں قیمت کا اعتبار ہوگا یا عین کا۔ اگر قیمت کا اعتبار کیا جائے تو مذکورہ شخص جس کے پاس صرف ایک یا دو تولہ سونا ہے غنی شمار ہوگا اور اس پر قربانی واجب ہوگی،کیونکہ اس کی ملکیت میں موجود سونے کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت سے زائد ہے۔ لیکن اگر عین کا اعتبار کیا جائے تو چونکہ سونے کا وزن ساڑھے سات تولہ سے کم ہے، جو سونے کا نصاب ہے، اس لیے اس صورت میں مذکورہ شخص پر قربانی واجب نہیں ہوگی۔

الغرض امام محمد علیہ الرحمۃ سے مروی دونوں روایتوں میں سے وزن والی روایت کو ترجیح حاصل ہے، اور اس کے راجح ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے زمانے میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بہت زیادہ تفاوت پیدا ہو چکا ہے،یہاں تک کہ ایک تولہ سونے کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت سے بہت زیادہ ہو گئی ہے۔ اگر قیمت والی روایت کو راجح قرار دے کر ایک یا دو تولہ سونا رکھنے والے شخص پر قربانی کے وجوب کا قول کیا جائے تو اس میں حرجِ عظیم لازم آتا ہے، کیونکہ بسا اوقات غریب آدمی کے پاس بھی اتنا سونا موجود ہوتا ہے، بالخصوص خواتین کے پاس استعمال کے لیے تھوڑا بہت سونا ضرور ہوتا ہے،بعض علاقوں (تھرپارکر وغیرہ) میں شادی کے وقت عورت کے والدین کی طرف سے تقریباً ایک تولہ سونا تحفہ دیا جاتا ہے،جس کی مالیت چاندی کے نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی) سے زیادہ ہوتی ہے جبکہ ان کے شوہروں کی آمدنی اس قدر قلیل ہوتی ہے کہ ان کا گزر بسر بھی دشواری سے ہو رہا ہوتا ہے۔ دوسری جانب قربانی کے جانوروں کی قیمتیں بھی بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں، جنہیں خریدنا غریب اور نادار طبقے کے لیے نہایت مشکل امر ہے۔

لہٰذا وزن والی روایت ہی ہمارے زمانے کے لوگوں کے زیادہ موافق ہے اور اسی میں ان کے لیے زیادہ آسانی پائی جاتی ہے۔ چنانچہ فقہاء نے بھی تصریح فرمائی ہے:جب کسی مسئلہ میں دو متعارض اقوال ہوں اور ان میں سے ایک اہلِ زمانہ کے زیادہ موافق ہو، تو وہ قول جو لوگوں کے عرف کے زیادہ مناسب ہو اور جس میں ان پر زیادہ آسانی ہو، وہی زیادہ معتمد علیہ ہوتا ہے۔

ردالمحتار میں ہے :

" وَالْحَاصِلُ أَنَّ النِّصَابَ قِسْمَانِ: مُوجِبٌ لِلزَّكَاةِ وَهُوَ النَّامِي الْخَالِي عَنْ الدَّيْنِ. وَغَيْرُ مُوجِبٍ لَهَا وَهُوَ غَيْرُهُ، فَإِنْ كَانَ مُسْتَغْرِقًا بِالْحَاجَةِ لِمَالِكِهِ أَبَاحَ أَخْذَهُمَا وَإِلَّا حَرَّمَهُ وَأَوْجَبَ غَيْرَهُمَا مِنْ صَدَقَةِ الْفِطْرِ وَالْأُضْحِيَّةِ وَنَفَقَةِ الْقَرِيبِ الْمَحْرَمِ كَمَا فِي الْبَحْرِ وَغَيْرِهِ."

ترجمہ:اور حاصل کلام یہ ہے کہ نصاب کی دو قسمیں ہیں ایک موجب زکوۃ اور وہ مال نامی کا نصاب ہے ، جو دین سے خالی ہوتا ہے اور دوسرا نصاب جو زکوۃ کو واجب نہ کرے وہ نصاب مال نامی کے نصاب کا غیر ہے اگر وہ مال مالک کی حاجت میں مستغرق ہو اسے زکوۃ لینا مباح ہے اگر حاجت سے زائد مال کا نصاب بنتا ہے تو اسے زکوٰۃ لینا حرام ہے اور وہ نصاب واجب کرتا ہے زکوۃ کے غیر صدقہ فطر اور قربانی کو اور قریبی محرم کےنفقہ کو جیسا کہ بحر الرائق اور اس کے غیر میں مذکورہے ۔

(رد المحتار،ج:3: ص: 334، مکتبہ رحمانیہ)

امام اہل سنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں :

زکوٰۃ صرف تین۳ چیزوں پر ہے:سونا ، چاندی کیسے ہی ہوں، پہننے کے ہوں یا برتنے کے ، سکّہ ہو یا ورق۔ دوسرے چرائی پر چھوٹے جانور۔ تیسرے تجارت کا مال۔ باقی کسی چیز پر نہیں۔ واﷲتعالیٰ اعلم"

(فتاوی رضویہ،ج:10، ص:161، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

امام علاء الدین ابی بکر بن سعود الکاسانی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں :

" فَلَا بُدَّ مِنْ اعْتِبَارِ الْغِنَى وَهُوَ أَنْ يَكُونَ فِي مِلْكِهِ مِائَتَا دِرْهَمٍ أَوْ عِشْرُونَ دِينَارًا أَوْ شَيْءٌ تَبْلُغُ قِيمَتُهُ ذَلِكَ سِوَى مَسْكَنِهِ وَمَا يَتَأَثَّثُ بِهِ وَكِسْوَتِهِ وَخَادِمِهِ وَفَرَسِهِ وَسِلَاحِهِ وَمَا لَا يَسْتَغْنِي عَنْهُ وَهُوَ نِصَابُ صَدَقَةِ الْفِطْرِ"

ترجمہ : اور قربانی میں غنا کا اعتبار ضروری ہے ، اور وہ یہ ہے کہ کسی کی ملیکیت میں دوسو درھم یا بیس دینا ر یا رہائش،خانہ داری کے سامان ،کپڑے ،خادم گھوڑا ، ہتھیار اور وہ اشیاء جن کے بغیر گزارہ نہ ہو ان سب کے علاوہ کوئی ایسی چیز ہو جو(دوسو درھم ) کی قیمت کو پہنچتی ہو اور یہی صدقۃ الفطر کا نصاب ہے ۔

( بدائع الصنائع،ج:4،ص: 196،مکتبہ رشیدیہ)

مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

جو شخص دو سو درہم یا بیس دینار کا مالک ہو یا حاجت کے سوا کسی ایسی چیز کا مالک ہو جس کی قیمت دوسو درہم ہو وہ غنی ہے اوس پر قربانی واجب ہے۔ حاجت سے مراد رہنے کا مکان اور خانہ داری کے سامان جن کی حاجت ہو اور سواری کا جانور اور خادم اور پہننے کے کپڑے ان کے سوا جو چیزیں ہوں وہ حاجت سے زائد ہیں۔

(بہار شریعت،ج:3،ص:333،مکتبۃ المدینہ کراچی)

رد المحتار میں ہے :

" رُوِيَ عَنْ مُحَمَّدٍ رِوَايَتَانِ فِي النِّصَابِ الْمُحَرِّمِ لِلزَّكَاةِ هَلْ الْمُعْتَبَرُ فِيهِ الْقِيمَةُ أَوْ الْوَزْنُ؟ فَفِي الْمُحِيطِ عَنْهُ الْأَوَّلُ، وَفِي الظَّهِيرِيَّةِ عَنْهُ الثَّانِي"

ترجمہ :امام محمد علیہ الرحمۃ سے دو روایتیں مروی ہیں اس نصاب کے بارے میں جو زکوۃ لینے کو حرام قرار دینے والا ہے کہا اس میں قیمت معتبر ہو گی یا وزن ؟محیط میںان سے پہلی روایت کو لیا اور ظہیریہ میں ان سے دوسری روایت کولیا۔

(رد الحتار، ج:3، ص: 348، مکتبہ رحمانیہ)

اسی اختلاف کی بناء پر فقہاء کے مابین یہ عجیب صورت پیش آئی کہ جس شخص کی ملک میں صرف پانچ سائمہ اونٹ ہیں ، اور انکی قیمت دوسو درھم سے کم ہو ، تو اایسے آدمی پر زکوۃ دینا واجب ہے ، کیونکہ اونٹوں کا نصاب موجود ہے ،مگر ایسا شخص زکوۃ لےبھی سکتا ہے یا نہیں؟ اس بارے میں دو قول ہیں ، ایک قول یہ ہے کہ ایسا شخص اونٹوں کا نصاب ہونے کے باوجود فقیر ہے کیونکہ اسکی ملک میں دوسو درھم کی مقدار مالیت نہیں ہے،لہٰذا یہ شخص زکوۃ ادا بھی کرے گا اور زکوۃ لے بھی سکتا ہے ۔

اور دوسرا قول یہ ہے کہ ایسا شخص زکوۃ نہیں لے سکتا ، کیونکہ پانچ سائمہ اونٹ میں عین ( عدد) کا اعتبار ہو گا نہ کہ قیمت کا ، جب یہ شخص کامل نصا ب کا مالک ہے تو اس کے لیے زکوۃ لینا حرام ہے ۔

منحۃ الخالق میں ہے :

" وَالسِّرَاجِ والوهبانية وَشَرْحِهَا لِلْمُصَنِّفِ وَلِابْنِ الشِّحْنَةِ وَالذَّخَائِرِ الْأَشْرَفِيَّةِ، وَفِي الْجَوْهَرَةِ قَالَ الْمَرْغِينَانِيُّ إذَا كَانَ لَهُ خَمْسٌ مِنْ الْإِبِلِ قِيمَتُهَا أَقَلُّ مِنْ مِائَتَيْ دِرْهَمٍ تَحِلُّ لَهُ الزَّكَاةُ وَتَجِبُ عَلَيْهِ،۔۔۔۔۔۔ أَمَّا الْمَعْدُودُ كَالسَّائِمَةِ فَيُعْتَبَرُ فِيهِ الْعَدَدُ بَدَلَ الْوَزْنِ فَمَا فِي الْبَحْرِ وَالنَّهْرِ وَالْمِنَحِ مُرُورٌ عَلَى مَا فِي الظَّهِيرِيَّةِ وَمَا فِي الشرنبلالية عَلَى مَا فِي الْمُحِيطِ"

ترجمہ :اور سراج ، وہبانیہ ، اسکی شرح مصنف اور ابن شحنہ کی ،ذخائر الاشرفیہ اور جوہرۃ میں ہے مرغینانی نے کہا : جب کسی شخص کے پاس پانچ اونٹ ہوں جنکی قیمت دو سو درھم سے کم ہو تو اس کے لیے زکوۃ لینا حلال ہے اور اس پر زکوۃ واجب ہے۔۔۔۔۔بہر حال معدود جیسے سائمہ تو ان میں وزن کی جگہ عدد کا اعتبار کیا جائے گا ، پس وہ جو بحر ، نہر ، اور منح میں ہے وہ اس پر ہے جو ظہیریہ میں گذرا ، اور جو شرنبلالیہ میں ہے وہ اس پر ہے جو محیط میں ہے۔

(منحۃ الخالق : ج،2،ص،264،دار الكتاب الإسلامي )

اسی طرح اگر کسی شخص کی ملک میں سونے کے انیس دینا ر موجود ہیں جوکہ سونے کے نصاب بیس دینا ر سے ایک دینار کم ہیں ، مگران کی قیمت تین سودرھم بنتی ہو تو ایسے شخص پر زکوۃ دینا واجب نہیں کیونکہ سونے کا نصاب مکمل نہیں ، مگر کیا ایسا شخص زکوۃ لے سکتا ہے یا نہیں ؟ اگر قیمت والے قول کا اعتبار کیا جائے تو یہ شخص غنی ہے ،کہ اسکی ملک میں دو سودرھم سے زیادہ مالیت موجود ہے ،اور اگر وزن کا اعتبار کیا جائے تو یہ شخص فقیر ہے ، کہ یہ مکمل نصاب کا مالک نہیں ہے ۔

رد المحتار میں ہے :

" وَتَظْهَرُ الثَّمَرَةُ فِيمَنْ لَهُ تِسْعَةَ عَشَرَ دِينَارًا قِيمَتُهَا ثَلَثُمِائَةِ دِرْهَمٍ مَثَلًا فَيَحْرُمُ أَخْذُ الزَّكَاةِ عَلَى الْأَوَّلِ لَا عَلَى الثَّانِي.

ترجمہ :اور ثمرہ اختلاف اس شخص کے بارے میں ظاہر ہوگا جس کے پاس انیس دینار ہیں جنکی قیمت تین سو درھم ہے پہلی روایت کی بنا ء پر اس کا زکوۃ لینا حرام ہو گا نہ کہ دوسری روایت کی بنا ء پر ۔

(رد المحتار ، ج:3، ص: 348، مکتبہ رحمانیہ )

البحر الرائق میں ہے:

"لو كان تسعة عشر دينارا تساوي ثلاثمائة درهم لا تحل له الزكاة كذا في المحيط عن محمد، وفي الفتاوى الظهيرية خلافه قال: وقال هشام: سألت محمدا عن رجل له تسعة عشر دينارا تساوي ثلاثمائة درهم هل يسعه أن يأخذ قال نعم، ولا يجب عليه صدقة فطره"

ترجمہ:اگر کسی شخص کے پاس انیس دینار ہوں جن کی قیمت تین سو درہم کے برابر ہو، تو اس کے لیے زکوٰۃ لینا جائز نہیں۔ اسی طرح کتاب المحيط میں امام محمد سے منقول ہے۔ لیکن فتاویٰ ظہیریہ میں اس کے خلاف قول مذکور ہے۔ہشام کہتے ہیں: میں نے محمد بن حسن الشيباني سے ایک ایسے شخص کے بارے میں پوچھا جس کے پاس انیس دینار ہوں جو تین سو درہم کے برابر قیمت رکھتے ہوں، کیا اس کے لیے زکوٰۃ لینا جائز ہے؟ تو انہوں نے فرمایا: ہاں، جائز ہے، اور اس پر صدقۂ فطر بھی واجب نہیں۔

(البحر الرائق،ج:2،ص:263،دار الکتاب الاسلامی)

محیطِ برہانی میں ہے:

"وفيه قال هشام: سألت محمداً عن رجل له تسعة عشر ديناراً تساوي ثلثمائة درهم، هل يسعه أن يأخذ الزكاة؟ قال: نعم، ولا يجب عليه صدقة رأسه، أشار إلى أن الغنى إنما يثبت في يده، والمالية ليست في يده، وإنما في يده العين، وبالعين لا يثبت الغنى شرعاً"

ترجمہ:اور اسی یعنی منتقیٰ میں ہے ہشام نے کہا: میں نے امام محمد بن حسن الشيباني سے ایک ایسے شخص کے بارے میں پوچھا جس کے پاس انیس دینار ہوں جن کی قیمت تین سو درہم کے برابر ہو، کیا اس کے لیے زکوٰۃ لینا جائز ہے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں، جائز ہے، اور اس پر صدقۂ فطر بھی واجب نہیں۔اس سے اشارہ مقصود یہ ہے کہ مالداری (غِنا) اسی چیز سے ثابت ہوتی ہے جو حقیقتاً اس کے قبضے میں ہو، جبکہ قیمت اور مالیت اس کے قبضے میں نہیں ہوتی، بلکہ اس کے ہاتھ میں صرف عین(یعنی دینار) ہوتے ہیں، اور صرف عینِ مال کی بنیاد پر شرعاً غنی ہونا ثابت نہیں ہوتا۔

(المحیط البرہانی،ج:2،ص:289،دار الکتب العلمیہ بیروت)

الغرض امام محمد علیہ الرحمۃ سے مروی دونوں روایتوں میں سے وزن والی روایت کو ترجیح حاصل ہے ،اور اس کے راجح ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے زمانے میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بہت زیادہ تفاوت ہے کہ ایک تولہ سونا کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کیقیمت سے زیادہ ہے ، اگر قیمت والی روایت کو راجح قرار دیکر ایک یا دو تولہ سونا پر قربانی کے وجوب کا قول کیا جائے تو اس میں حرج عظیم ہے ، کیونکہ غریب آ دمی کے پاس بھی اتنا سونا ہوتا ہے بالخصوص خواتین کے پاس تو تھوڑا بہت سونا استعمال کے لیے تو ہوتا ہی ہے ، جبکہ ان کے شوہروں کی آمدنی اتنی قلیل ہوتی ہے کہ انکا گزر بسر بمشکل ہو رہا ہو تا ہے ، اور دوسری طرف جانوروں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں ، جنہیں خریدنا غریب و نادار طبقہ کے لیے بہت مشکل ہے ، لہٰذا وزن والی روایت ہی ہمارے زمانے کے لوگوں کے زیادہ موافق اور اسی میں ان کے لیے زیادہ آسانی ہے ۔

علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ اسباب ترجیح کو ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :

"التاسع: ما اذا کان احدھما اوفق لا ھل الزمان فان ما کان اوفق لعرفھم او اھل علیھم فھو اولی بالاعتماد علیہ "

ترجمہ:(جب کسی مسئلہ میں دو متعارض قول ہوں ) ان میں سے ایک اہلِ زمانہ کے زیادہ موافق ہو ، پس وہ جو لوگوں کے عرف کے زیادہ موافق ہو ، اور اس میں ان پر زیادہ آسانی ہو ، تو و ہ زیادہ معتمد علیہ ہے ۔

( شر ح المنظومہ المسماۃ بعقود رسم المفتی،ص:197،دار النور)

اور امام اہل سنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن نے فتاوی رضویہ کتاب الاضحیہ میں امام محمد علیہ الرحمۃ سے مروی دونوں روایتوں پر دو فتوے دیئے ہیں ، جن میں سے مؤخر الذکر فتوی وزن والیکی روایت کے راجح اور مفتی بہ ہونے پر ہے ۔

چنانچہ امام ِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں :

ہاں شوہر پر صدقہ واضحیہ بھی نہیں، اگر چہ زیورمذکور بھی اسی کی ملک ہو کہ تمام کا قرض محیط ہے۔ مگر ان علماء کے نزدیک کہ ایجاب صدقہ واضحیہ میں قیمت جائداد کا اعتبار کرتے ہیں اور راجح ومفتی بہ اول ہے ۔واللہ تعالٰی اعلم۔

(فتاوی رضویہ، ج:20، ص:367، رضافاؤنڈیشن لاہور )

لہٰذ امامِ اہلسنت علیہ الرحمۃ کے نزدیک بھی وزن والی روایت پر فتوی ہے ، کیونکہ جب کسی امام سے کسی مسئلہ کے بارے میں دوقول ہوں تو ان میں سے متاخر قول کی طرف اس امام کا رجوع مانا جاتا ہے ۔

شرح عقود رسم المفتی میں ہے :

"انہ لا یصح فی مسالۃ لمجتھد قولان للتناقض ، فان عرف المتاخر منھما تعین کون ذالک رجوعا "

ترجمہ :بے شک مسئلہ میں کسی مجتہد کے دو متضاد قول صحیح نہیں ، پس اگر ان میں سے متاخر معلوم ہو تو وہ متعین ہو جائے گا ، کہ اسکا یہ رجوع ہے ۔

(شرح عقو د رسم المفتی ،ص:110، دار النور )

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

11مئی 2026 ء/23ذیقعدہ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا