دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

جامعہ میں زکوۃ کے استعمال کا شرعی حکم

722 نومبر، 2026849سوال کنندہ : محمد عابد، ناظم آباد کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ ہمارے محلے کی مسجد میں ایک مدرسہ لگتا ہے۔اس میں تین کلاس لگتی ہیں دو ناظرہ قرآن کی اورایک حفظ قرآن کی اور اس میں محلے کے غیر رہائشی بچے زیر تعلیم ہیں،ان سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ مدرسہ کا پورا نظام فطرہ، زکوۃ اور دیگر عطیات سے چلایا جاتا ہے۔ مدرسہ کے اخراجات پورے کرنے کے لئے دیگر کوئی وسائل موجود نہیں ہیں ۔ہم جو بھی فطرہ و زکوٰۃ کی رقم لیتے ہیں اس کا حیلہ کر کے مدرسہ کے اخراجات پورے کرتے ہیں ۔لہذا ہم زکوۃ و فطرہ کی رقم مدرسے کا نظام چلانے کیلئے وصول کر سکتے ہیں یا نہیں؟اس کی شرعی رہنمائی فرمائیں عین نوازش ہوگی۔ بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا شرعی حکم یہ ہے کہ اگر کسی مقامی اور غیر رہائشی مدرسہ کے انتظام و انصرام کے لیے کوئی مستقل آمدن یا دیگر مالی وسائل موجود نہ ہوں، تو ایسے مدرسہ کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے زکوٰۃ، صدقۂ فطر اور دیگر صدقاتِ واجبہ وصول کرنا، اور شرعی طریقۂ تملیک (حیلۂ شرعیہ) کے ذریعے ان رقوم کو مدرسہ کے اخراجات میں صرف کرنا شرعاً جائز ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ موجودہ دور میں مساجد کے ساتھ محلہ کی سطح پر قائم حفظ و ناظرہ کے چھوٹے مدارس ایک اہم دینی ضرورت کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ یہی وہ ابتدائی تعلیمی مراکز ہیں جہاں بچوں کی قرآنِ کریم سے وابستگی کی بنیاد رکھی جاتی ہے اور جہاں سے طلبہ آگے چل کر علومِ دینیہ، بالخصوص درسِ نظامی کی باقاعدہ تعلیم کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ درحقیقت بڑے دینی مدارس میں داخل ہونے والے طلبہ کی ایک قابلِ لحاظ تعداد انہی ابتدائی مدارس سے تربیت پا کر آتی ہے۔

لہٰذا محلہ کی سطح پر ایسے مدارس کا قیام اور ان کا تسلسل برقرار رکھنا محض تعلیمی ضرورت ہی نہیں بلکہ ایک اہم دینی و اجتماعی تقاضا بھی ہے۔ اس بنا پر اگر دیگر ذرائع میسر نہ ہوں تو زکوٰۃ اور دیگر صدقاتِ واجبہ کو شرعی ضوابط کے ساتھ استعمال کر کے ان مدارس کے اخراجات پورے کرنا جائز اور بسا اوقات ضرورت کے درجے میں داخل ہو جاتا ہے، تاکہ قرآن و علومِ دینیہ کی تعلیم کا مبارک سلسلہ منقطع نہ ہونے پائے۔

البتہ یہ امر ملحوظ رہنا چاہیے کہ صدقاتِ واجبہ کی ادائیگی میں شرعاً تملیکِ فقیر (کسی مستحق کو مال کا مالک بنانا) شرط ہے۔ لہٰذا جہاں حقیقی ضرورت موجود ہو وہاں شرعی اصولوں کی رعایت کے ساتھ حیلۂ شرعی اختیار کیا جا سکتا ہے، جیسا کہ اوپر مذکور صورت میں بیان کیا گیا۔

لیکن جہاں ایسی ضرورت موجود نہ ہو، وہاں محض سہولت یا مصلحت کے نام پر غیر ضروری و غیر شرعی حیلے اختیار کرنا درست نہیں۔ اس طرح کے غیر ضروری یا غیر شرعی حیلے درحقیقت مقاصدِ شریعت کے منافی ہوتے ہیں اور صدقاتِ واجبہ کے اصل مقصد کو فوت کر دیتے ہیں۔ فقہاء نے اس قسم کے حیلوں کو مکروہِ تحریمی اور گناہ قرار دیا ہے، کیونکہ اس میں شریعت کے مقرر کردہ ضابطۂ تملیک کو محض ظاہری صورت کے ذریعے بے اثر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

فتح الباری شرح صحیح البخاری میں ایک مقام پرغیر ضروری حیلہ کے متعلق ہے:

" أن الإهلاك ليس من الحيل بل هو من إضاعة المال فإن الحيلة إنما هي لدفع ضرر أو جلب منفعة وليس كل واحد منهما موجودا في ذلك"

ترجمہ: کیونکہ محض ہلاک کر دینا درحقیقت حیلوں میں شمار نہیں ہوتا بلکہ یہ تو مال کو ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ اس لیے کہ حیلہ دراصل کسی ضرر کو دور کرنے یا کسی منفعت کو حاصل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے، جبکہ اس صورت میں ان دونوں میں سے کوئی بات موجود نہیں۔

(فتح الباری،ج:12،ص:332، دار المعرفة – بيروت)

رد المحتار علی المختار میں ہے:

"وإذا فعله حيلة لدفع الوجوب كأن استبدل نصاب السائمة بآخر أو أخرجه عن ملكه ثم أدخله فيه، قال أبو يوسف لا يكره؛ لأنه امتناع عن الوجوب لا إبطال حق الغير.وفي المحيط أنه الأصح.وقال محمد: يكره، واختاره الشيخ حميد الدين الضرير؛ لأن فيه إضرارا بالفقراء وإبطال حقهم مآلا"

ترجمہ:اگر کوئی شخص وجوب (زکوٰۃ لازم ہونے) سے بچنے کے لیے حیلہ اختیار کرے، مثلاً یہ کہ چرنے والے جانوروں کے نصاب کو دوسرے جانوروں سے بدل دے یا انہیں اپنی ملکیت سے نکال دے پھر دوبارہ اپنی ملکیت میں لے آئے، تو اس بارے میں امام ابو یوسف علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ یہ مکروہ نہیں ہے؛ کیونکہ یہ دراصل وجوب کو روکنا ہے، کسی دوسرے کے حق کو باطل کرنا نہیں۔اور محیط میں ذکر ہے کہ یہی قول زیادہ صحیح ہے۔جبکہ امام محمد علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ یہ مکروہ ہے، اور شیخ حمید الدین الضریر نے بھی اسی قول کو اختیار کیا ہے؛ کیونکہ اس میں فقراء کو نقصان پہنچتا ہے اور انجام کے اعتبار سے ان کے حق کو باطل کرنا پایا جاتا ہے۔

(رد المحتار،ج:2،ص:284، دار الفكر-بيروت)

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"وَكَذَلِكَ فِي جَمِيعِ أَبْوَابِ الْبِرِّ الَّتِي لَا يَقَعُ بِهَا التَّمْلِيكُ كَعِمَارَةِ الْمَسَاجِدِ وَبِنَاءِ الْقَنَاطِرِ وَالرِّبَاطَاتِ لَا يَجُوزُ صَرْفُ الزَّكَاةِ إلَى هَذِهِ الْوُجُوهِ.(وَالْحِيلَةُ أَنْ يَتَصَدَّقَ بِمِقْدَارِ زَكَاتِهِ) عَلَى فَقِيرٍ، ثُمَّ يَأْمُرَهُ بَعْدَ ذَلِكَ بِالصَّرْفِ إلَى هَذِهِ الْوُجُوهِ فَيَكُونَ لِلْمُتَصَدِّقِ ثَوَابُ الصَّدَقَةِ وَلِذَلِكَ الْفَقِيرِ ثَوَابُ بِنَاءِ الْمَسْجِدِ وَالْقَنْطَرَةِ"

ترجمہ: اسی طرح نیکی کے وہ تمام کام جن میں کسی شخص کو مالک بنانا (تملیک) نہیں پایا جاتا، جیسے مساجد کی تعمیر، پل بنانا اور رباطات (مسافروں یا مجاہدین کے قیام کی جگہیں) بنانا، ان کاموں میں زکوٰۃ کی رقم خرچ کرنا جائز نہیں ہے۔البتہ اس کی ایک صورت (حیلہ) یہ ہے کہ آدمی اپنی زکوٰۃ کے برابر رقم کسی فقیر کو صدقہ کر دے، پھر اس کے بعد اس فقیر سے کہے کہ وہ اس رقم کو ان کاموں میں خرچ کر دے۔اس طرح زکوٰۃ دینے والے کو صدقہ کرنے کا ثواب ملے گا اور اس فقیر کو مسجد یا پل بنانے کا ثواب حاصل ہوگا۔

(الفتاوى الهندية (6/ 392، دار الفكر)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

6مارچ2026 ء/16رمضان المبارک ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا