سوال
کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ مرحوم پطن صاحب کا انتقال2016 ء میں ہوا ا ورثاء میں 5 بیٹے (عزیز، نصیر ،ظہیر،یونس ،یوسف) ایک بیٹی (عزیز جہاں )اور ایک بیوی (مقبولن)چھوڑے ،والد کے انتقال کے بعد انکے بیٹے عزیز کا انتقال ہوا اور ورثاء میں والدہ (مقبولن ) تین بیٹے (عظیم ،حارث،عاصم )دو بیٹیاں (رخسار،رباب)اور ایک بیوی(صغریٰ )چھوڑ ،پھر عزیز کی زوجہ صغریٰ کا انتقال ہو گیا ۔نیز والد کے انتقال کے وقت تمام بیتے اور بیٹیاں شادی شدہ تھے ،والد نے ترکہ میں ایک مکان چھوڑا جسکی قیمت تقریباً( 700000) روپے ہے اور (200000 ) نقدی اور 20 گرام سونا بھی تھا ،نیز والد کی ملکیت میں ایک دکان بھی تھی مگر وہ انہوں نے (کاغذات) میں اپنی بیوی کے نام پر کی ہوئی تھی تا کہ میرے وصال کے بعد میرا کل ترکہ بچوں میں شریعت کی رو سے تقسیم ہو جائے اور کوئی دھوکا دہی نہ کر سکے ۔بذریعہ کال معلوم ہوا کہ وہ دکان والدہ کے نام پر کروانے کے بعد بھی ان کے بیٹے نصیر کے پاس رہی اور وہ اس دکان کا کرایہ بھی والد صاحب کو دیتے رہے۔ مگر شوہر کے وصال کے بعد والدہ نے دیگر ورثاء کے علم میں لائے بغیر وہ دکان اپنی مرضی سے چھوٹے بیٹے (یوسف ) کے نام پہ یہ کہہ کر کر دی کہ یہ دکان میرے شوہر نے مجھے دی تھی ۔ مفتی صاحب کی بارگاہ میں عرض ہے کہ والد صاحب کی وراثت کو تمام ورثاء کے درمیان شریعت کے مطابق تقسیم فرما دیجیئے ،نیز والدہ کا یہ عمل درست ہے یا نہیں شریعت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں ۔ نوٹ: مرحوم (پطن ) نے نصیر کی بیوی کا 3 تولہ سونا اپنی زندگی میں بطور قرض لیا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ میں بنوا دوں گا ،لیکن اپنی زندگی میں نہیں دیا تھا اور وہ سونا ابھی ترکہ میں موجود ہے آیا یہ انکی وراثت میں سے ادا کیا جائے گا یا نہیں ؟ سائل :نصیر احمد ،کراچی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ جو دکان مرحوم نے بیوی کے نام کی لیکن اپنی زندگی میں کوئی قبضہ وغیرہ نہیں دیا بلکہ اپنی نگرانی میں اپنے بیٹے کے تصرف کے تحت رکھا اور اس کا کرایہ بھی خود لیتے رہے لہذا یہ دکان بدستور والد مرحوم کی ہی ملک پر باقی ہے کیونکہ یہ ایک ہبہ کی ممکنہ صورت ہے اور ہبہ کے مکمل و تام ہونے کے لیے ضروری ہے کہ موہوب لہ( جس کو تحفہ دیا گیا اس )کا واہب (تحفہ دینے والے) کی زندگی میں موہوبہ یعنی جو چیز تحفہ دی گئی اس چیز پر حقیقتاًیا حکماً قبضہ ضروری ہے ۔لہذا بیوہ کا اس دوکان کوآگے بیٹے کے نام ملکیت سمجھ کرکرنے سے ملکیت تبدیل نہیں ہوگی لہذا تمام ترکہ کے ساتھ یہ دکان بھی شامل ہو کر تمام ورثاء میں تقسیم ہو گی۔
اور مرحوم نے جو نصیر کی بیوی سے قرضہ لیا تھا وہ اس کے ذمے دین ہے جس کو ادا کرنا ضروری ہے چونکہ مرحوم نے سونا قرض لیا تھا اس لیے ادائیگی بھی اتنی مقدار سونے سے کی جائے گی ،سونے کے ریٹ کے کم زیادہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا لہذا وراثت کی تقسیم سے پہلے قرض ادا کرنا ضروری ہے تو میت کی تجہیز و تکفین کے بعد میت کے قرضہ کی ادائیگی کی جائے گی۔
اور اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے تو تمام تر کہ ( نقدی ،مکان،سونا ، اور اس کے علاوہ کوئی جائیداد ہو تو ان) تمام کا مارکیٹ ریٹ(Rate (نکال کر سب سے پہلے تجہیز و تکفین کے اخراجات پورے کیے جائیں گےاس کے بعد نصیر کی بیوی سے جو تین تولے سونا بطور قرض لیا تھا اسے وہ سونا واپس کیا جائے ۔اور اس کے بعد اگر غیر وارث کیلئے کوئی وصیت کی ہے تو اس کو تہائی ما ل سے پورا کرنے کے بعد کل مال کے 8448 حصے کیے جائیں گے جن میں سے مقبولن کو 1280 حصےدیے جائیں گے، اور عزیز جہاں کو 672 حصے دیے جائیں گے، اور نصیر کو 1344 حصے دیے جائیں گے ،اور ظہیر کو 1344 حصے دیے جائیں گے، اور یونس کو 1344 حصے دیے جائیں گے،اور یوسف کو 1344 حصے دیے جائیں گے،اور عظیم کو 282 حصے دیے جائیں گے ، اور حارث کو 282 حصے دیے جائیں گے ، اور عاصم کو 282 حصے دیے جائیں گے ،اور رخسار کو 140 حصے دیے جائیں گے، اور رباب کو 140 حصے دیے جائیں گے ۔
و راثت کی تقسیم اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے:
بیٹے اور بیٹیوں کے متعلق ارشاد فرمایا :
" یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ"
ترجمہ :کنز الایمان : اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔
(پارہ :4 ،سورۃالنساء : آیت نمبر :11)
والدین کے حصے متعلق ارشاد فرمایا :
"وَ لِاَبَوَیْهِ لِكُلِّ وَاحِدٍ مِّنْهُمَا السُّدُسُ مِمَّا تَرَكَ اِنْ كَانَ لَهٗ وَلَدٌۚ-فَاِنْ لَّمْ یَكُنْ لَّهٗ وَلَدٌ وَّ وَرِثَهٗ اَبَوٰهُ فَلِاُمِّهِ الثُّلُثُ"
ترجمہ: اور میت کے ماں باپ کو ہر ایک کو اس کے ترکہ سے چھٹا اگر میت کے اولاد ہو پھر اگر اس کی اولاد نہ ہو اور ماں باپ چھوڑے تو ماں کا تہا ئی۔۔
(پارہ :4 ، سورۃ النساء : آیت نمبر :11)
بیویوں کےحصے کے متعلق ارشاد فرمایا ۔
قال اللہ تعالیٰ: "وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ "
ترجمہ: کنز الایمان : اور تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو، پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں ۔
(پارہ :4 ،سورۃ النساء : آیت نمبر :12)
سنن الترمذی میں ہے :
"عَنِ النَّبِيِّ ﷺ أَنَّهُ قَالَ: نَفْسُ الْمُؤْمِنِ مُعَلَّقَةٌ بِدَيْنِهِ حَتَّى يُقْضَى عَنْهُ"
ترجمہ : حضور علیہ السلام نے فرمایا :مومن کی جان اپنے قرض(ادا نہ کرنے ) کی وجہ سے معلق رہتی ہے یہاں تک کہ قرضہ ادا کر دیا جائے ۔
(سنن الترمذی،رقم الحدیث:1078)
السراجیہ فی المیراث میں ہے :
"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کےقرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاءکےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجیہ فی المیراث ،ص:11/12 ،مکتبۃ المدینہ )
الاختیار لتعلیل المختار میں ہے :
"وَإِنْ كَانَ عَلَى الْمَيِّتِ دَيْنٌ لَا يُصَالِحُونَ وَلَا يُقَسِّمُونَ حَتَّى يَقْضُوا دَيْنَهُ لِتَقَدُّمِ حَاجَتِهِ"
ترجمہ: اور اگر میت پر قرض ہو تو ورثاء کے لیے نہ آپس میں صلح کرنا جائز ہے اور نہ ہی (ترکہ) تقسیم کرنا یہاں تک کہ وہ میت کا قرض ادا کر دیں، کیونکہ قرض کی ادائیگی (تقسیمِ وراثت پر) مقدم ہے۔
( الاختیار لتعلیل المختار،ج:3 ،ص:12 ،قدیمی کتب خانہ )
العقود الدریہ فی تنقیح الفتا وی الحامدیہ میں ہے :
"(سئل) في رجل استقرض من آخر مبلغا من الدراهم وتصرف بها ثم غلا سعرها فهل عليه رد مثلها؟
(الجواب): نعم ولا ينظر إلى غلاء الدراهم ورخصها "
ترجمہ : سوال کیا گیا :ایسے شخص کےبارے میں جس نے دوسرے شخص سے دراہم قرض لیے اور ان کو استعمال کر لیا، پھر ان درہموں کی قیمت (مارکیٹ ویلیو) بڑھ گئی،تو کیا اس پر انہی درہموں کی مثل واپس کرنا لازم ہوگا؟
جواب دیا گیا :کہجی ہاں (اس پر انہی درہموں کی مثل واپس کرنا لازم ہے) اور درہموں کے مہنگا یا سستا ہونے کا اعتبار نہیں کیا جائے گا۔
( العقود الدریہ فی تنقیح الفتا وی الحامدیہ،ج:1 ،ص:500 ،قدیمی کتب خانہ )
کسی کو کوئی چیز ہبہ کی جائے تو جب تک وہ اس پر قبضہ نہ کر لے اس وقت تک وہ اس کا مالک نہیں ہوتا جیسا کہ
تحفۃ الفقہاء میں ہے :
"أما شرائط الصحة فمنها القبض حتى لا يثبت الملك للموهوب له قبل القبض "
ترجمہ :ہبہ کے صحیح ہونے کیلئے شرائط ہیں جن میں سے ایک شرط قبضہ بھی ہے یہاں تک کہ جس کو چیز ہبہ کی گئی اس پر قبضہ کرنے سے پہلے اس کیلئے ملکیت ثابت نہیں ہوگی۔
(تحفۃ الفقہاء،ص:471 ،دار الفکر بیروت )
درر الحکام فی شرح مجلۃ الاحکام میں ہے :
"(يشترط أن يكون الموهوب مال الواهب بناء عليه لو وهب أحد مال غيره بلا إذنه لا تصح إلا أنه لو أجازها صاحب المال بعد الهبة تصح) يشترط في نفاذ الهبة كون الموهوب مال الواهب. كما هو شرط في البيع وعليه فلا نصح الهبة. إذا لم يكن الموهوب مال الواهب"
ترجمہ :(ہبہ میں ) شرط ہے کہ موہوب (ہبہ کی گئی چیز) واہب (ہبہ کرنے والی )کی ملکیت ہو، اس بنیاد پر اگر کسی نے دوسرے کا مال اس کی اجازت کے بغیر ہبہ کر دیا تو وہ صحیح نہیں ہوگا، البتہ اگر مال کے اصل مالک نے ہبہ کے بعد اس کی اجازت دے دی تو وہ ہبہ صحیح ہو جائے گا ۔ہبہ کے نافذ ہونے میں یہ شرط ہے کہ ہبہ کی گئی چیز ہبہ کرنے والے کا مال ہو جیسا کہ وہ بیع میں شرط ہے اسی پر فرمایا کہ ہبہ صحیح نہیں ہے جب ہبہ کی گئی چیز ہبہ کرنے والےکا مال نہ ہو ۔
( درر الحکام فی شرح مجلۃ الاحکام،ج:2 ،ص:438 ،دار عالم الکتب )
اسی طرح کے سوال کے جواب میں :
فقیہ ملت مفتی جلال الدیناحمد امجدی علیہ الرحمہ صاحب فرماتے ہیں :
اور اگر زمین کا مالک بیوی کو نہیں بنایا تھا بلکہ صرف کسی مصلحت سے اس کے نام رجسٹری کرادی تھی اور مالک خود ہی تھا تو اس صورت میں وہ زمینبھی جملہ ورثاء میں تقسیم ہوگی ۔
( فتاوی فیض الرسول،ج:2 ،ص:729 ،مکتبہ شبیر برادرز )
خلاصہ: میت کے کل ترکہ سےقرض کی ادائیگی کے بعد نیز کل رقم کی تقسیم کا طریقہ یہ ہے کہ کل رقم کو مبلغ یعنی 8448میں تقسیم(divide) کریں جو جواب آئے اسے محفوظ کرلیں ،پھر اس محفوظ عدد کو ہر وارث کے حصے میں ضرب دے دیں جو جواب آئے وہ رقم کی صورت میں وارث کا حصہ ہوگا۔
واللہ اعلم باالصواب