دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

موت کے بعد حق مہر کی ادائیگی اور وراثت کی تقسیم کا شرعی حکم

19022 نومبر، 2026139
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص کا انتقال ہو گیا ہے جسکے ورثاء میں تین بیٹیاں اور ایک بیوی موجود ہے (ایک بھائی اور والدین کا اس سے پہلے انتقال ہو گیا تھا ) اور شوہر نے حق مہر (50000 )بھی ادا نہیں کیا تھا جو کہ نکاح فارم پر لکھا ہوا ہے اور مہر کی اس رقم میں شوہر کے ورثاء کو اختلاف نہیں ہے ،شوہر نے ایک مکان ترکہ میں چھوڑا ہے ، وہ بیچنے کے بعد تین بیٹیوں اور بیوی کا کتنا حصہ ہوگا اور حق مہر کا کیا حکم ہے؟بینوتوجروا سائل :محمد رونق،کراچی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے تو پوچھی گئی صورت کاحکمِ شرع یہ ہے کہ تمام تر کہ (مکان اور اس کے علاوہ کوئی اور جائیداد ہو تو اس) کو بیچ کر سب سے پہلے تجہیز و تکفین کے اخراجات پورے کیے جائیں گےاس کے بعد اس کی بیوی کو حق مہر (50000 ) دیا جائے گا کیونکہ حق مہر شوہر کی موت سے ساقط نہیں ہوتا بلکہ موت سے مؤکد ہو جاتا ہے ۔اور اس کے بعد اگر غیر وارث کیلئے کوئی وصیت کی ہے تو اس کو تہائی ما ل سے پورا کرنے کے بعد کل مال کے 24 حصے کیے جائیں گے جن میں سے اسکی بیوی کو مہر ادا کرنے کے بعد بطور وراثت 3 حصے دیے جائیں گے ،اور تین بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 7 حصے دیے جائیں گے ۔ اور میت کے والدین اور بھائی چونکہ میت کی موت کے وقت زندہ نہیں تھے ا س لیے ان کیلئے میت کے ترکہ سے کچھ حصہ نہیں ہے ۔

و راثت کی تقسیم اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے:

بیٹیوں کے حصے کے متعلق ارشاد فرمایا :

فَاِنْ كُنَّ نِسَآءً فَوْقَ اثْنَتَیْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ

ترجمہ کنز الایمان : پھر اگر نری لڑکیاں ہوں اگرچہ دو سے اوپر تو ان کو ترکہ کی دو تہائی۔

(پارہ :4 ،سورۃالنساء : آیت نمبر :12)

بیویوں کےحصے کے متعلق ارشاد فرمایا

"وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ "

ترجمہ کنز الایمان : اور تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو، پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں ۔

(پارہ :4 ،سورۃالنساء : آیت نمبر :12)

سنن الترمذی میں ہے :

"عَنِ النَّبِيِّ ﷺ أَنَّهُ قَالَ: نَفْسُ الْمُؤْمِنِ مُعَلَّقَةٌ بِدَيْنِهِ حَتَّى يُقْضَى عَنْهُ"

ترجمہ : حضور علیہ السلام نے فرمایا :مومن کی جان اپنے قرض(ادا نہ کرنے ) کی وجہ سے معلق رہتی ہے یہاں تک کہ قرضہ ادا کر دیا جائے ۔

(سنن الترمذی،رقم الحدیث:1078)

السراجیہ فی المیراث میں ہے :

"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کےقرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاءکےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجیہ فی المیراث ،ص:11-12 ،مکتبۃ المدینہ )

تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے :

"(ثم الرد) على ذوي الفروض النسبية بقدر حقوقهم"

ترجمہ : پھر ذوی الفروض نسبیہ کو باقی مال لوٹایا جائے گا ان کے مقررہ حصوں کے مطابق ۔

اسکے تحت ردالمحتار میں ہے :

"(قوله ثم الرد) أي عند عدم من تقدم ذكره من العصبات يرد الباقي من أصحاب الفروض على ذوي الفروض النسبية، واحترز به عن ذوي الفروض السببية كالزوجين، لأن سبب الرد هو القرابة الباقية بعد أخذ الفرض، وقرابة الزوجية حكمية لا تبقى بعد أخذ الفرض فلا رد لانتفاء سببه"

ترجمہ : مصنف کا قول "پھر رد کیا جائے گا"یعنی مذکورہ عصبات میں سے کوئی موجود نہ ہو تو جو مال ذوی الفروض کو دینے کے بعد بچ جائے، وہ ذوی الفروض نسبیہ ہی کو واپس دیا جائے گا۔اور ذوی الفروض نسبیہ کہہ کر ذوی الفروضِ سببیہ (یعنی شوہر اور بیوی) کو اس حکم سے خارج کیا گیا ہے۔کیونکہ رد کا سبب یہ ہے کہ مقررہ حصہ لینے کے بعد بھی قرابت (رشتہ داری) باقی ہو۔اور میاں بیوی کی قرابت حکمی ہے، جو مقررہ حصہ لینے کے بعد باقی نہیں رہتی لہٰذا شوہر اور بیوی کو رد نہیں دیا جائے گا، کیونکہ رد کا سبب یعنی باقی رہنے والی نسبی قرابت ان میں موجود نہیں۔

(رد المحتار علی الدرالمختار،ج:10 ،ص:535 ،مکتبہ رحمانیہ )

رد المحتار علی الدرالمختار میں ہے:

"المهر دين في ذمة الزوج "

ترجمہ :حق مہر شوہر کے ذمہ میں قرض ہے ۔

( رد المحتار علی الدرالمختار،ج:4 ،ص:296 ،مکتبہ رحمانیہ )

اسی میں ہے :

"و شروطه ثلاثة: موت مورث حقيقة أو حكما ...و وجود وارثه عند موته حياً حقيقة او تقديرا… والعلم بجهة ارثه" (ملتقطا)

ترجمہ: علم فرائض ( وراثت) کی تین شرائط ہیںپہلی یہ ہے کہ مورث کا حقیقتا یا حکماً انتقال ہو جائے ، دوسری یہ ہے کہ مورث کی موت کے وقت وارث حقیقتا یا تقدیر ًازندہ ہو ،اور تیسری شرط یہ ہے کہ جہت ارث کا علم ہو ۔

(رد المحتار على الدر المختار ، كتاب الفرائض ، ج: 10،ص : 525 ، مکتبہ رحمانیہ )

شرح الو قایہ میں ہے :

"فالمسمى عند الوطي او موت احدهما"

ترجمہ : (زوجین کے مابین جو) مہر معین ہوا وہ وطی سے یا ان دونوں میں سے ایک کی موت سے( مؤکد ہو جاتا )ہے۔

(شرح الو قایہ،ج:1 ،ا لجزء الثالث،ص:27 ،الوراق للناشر)

الہدایہ میں ہے :

"بالموت ينتهي النكاح نهاية، والشيء بانتهائه يتقرر ويتأكد فيتقرر بجميع مواجبه"

ترجمہ : نکاح موت سے اپنی نہایت کو پہنچ گیا اور چیز اپنی انتہا پر مقرر اور موکد ہوا کرتی ہے۔لہذا اپنے تمام لوازمات کے سات متقدر ہوگی ۔

(الہدایہ مع فتح القدیر،ج:3 ،ص:311 ،مکتبہ اشرفیہ )

امام احمد رضا خاں قادری علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں :

''اور ادائے دین مہرمثل سائردیون ووصایا تقسیم ترکہ پربلاریب مقدم ہے ،ھو مصرح بہ فی کتب الفقہ (کتب فقہ میں اس کی تصریح کر دی گئی ہے ) "

(فتاوی رضویہ،ج:26 ،ص:62 ،رضا فاؤنڈیشن)

خلاصہ: میت کے ترکہ سے مہر کی ادائیگی کے بعد نیز کل رقم کی تقسیم کا طریقہ یہ ہے کہ کل رقم کو مبلغ یعنی 24میں تقسیم(divide) کریں جو جواب آئے اسے محفوظ کرلیں ،پھر اس محفوظ عدد کو ہر وارث کے حصے میں ضرب دے دیں جو جواب آئے وہ رقم کی صورت میں وارث کا حصہ ہوگا۔

واللہ اعلم باالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمدعلی رضا قادری رضوی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

20جولائی2026ءبمطابق 05 صفر المظفر 1448ھ کو جاری کیا گیا