دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

نشہ آور/سکون آور کیپسول کی حالت میں طلاق کے الفاظ کہنے کا شرعی حکم

2323 نومبر، 2026191سوال کنندہ : عبداللہ
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ ایک عورت کا بیان ہے کہ اس کے شوہر نے جان بوجھ کر نشہ / سکون آور کیپسول کھایا ہوا تھا، اسی حالت میں لڑائی جھگڑا کیا، مارا پیٹا اور سرائیکی زبان میں کہا: " تیکوں طلاق" (یعنی تجھے طلاق)۔اس کے بعد کچھ دیر مزید جھگڑا کیا، گالیاں دیں، گھر والوں نے روکنے کی کوشش کی، چار پائی الٹ دی، کپڑے پھاڑنے لگا، پھر ایک طرف منہ کر کے بیٹھ کر تین مرتبہ کہا: "طلاق، طلاق، طلاق"۔ شوہر کا بیان ہے کہ میں نے سکون آور / نشہ آور کیپسول کھایا ہوا تھا اور اس حالت میں مجھے معلوم نہیں کہ میں نے کیا کہا، مجھے کچھ یاد نہیں۔اور عورت کہتی ہے کہ شوہر اس وقت اپنے ہوش و حواس میں نہ تھا۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ فقہ حنفی کی رو سے :پہلے جملہ "تیکوں طلاق" سے طلاق واقع ہو گی یا نہیں؟اور بعد میں صرف" طلاق طلاق طلاق " کہنے سے طلاق واقع ہو گی یا نہیں؟جبکہ بیوی کی طرف نسبت (اضافت) موجود نہیں،۔اس بارے حکم شرعی بیان فرمائیں۔بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں اگر شوہر نے اس سے پہلے اپنی بیوی کو کوئی طلاق نہیں دی،تو مذکورہ صورت میں ایک طلاق ِ رجعی واقع ہوچکی ہے،اس لیے کہ شوہرکا اپنی بیوی کو یہ کہناکہ"تیکوں طلاق ،یعنی تجھے طلاق"یہ صریح طلاق کے الفاط ہیں ، ان سے بلانیت اور بغیر ارادہِ طلاق کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔

مذہب مختار اور مفتی بہ قول کے مطابق حالت نشہ میں دی گئی طلاق ایک ہو یا زیادہ بہر حال واقع ہو جاتی ہیں۔ شرع مطہرہ نے یہ حکم زجرا قصد معصیت اور بتقاضہ حکمت و مصلحت کے قائم فرمایا کہ اوروں کو معلوم ہو جائے کہ ارادہ و قصد سے معصیت اختیار کرنے والے نشہ میں بدحواس شخص کی بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ نشے کی حالت میں بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے جبکہ بلا اکراہِ شرعی شراب وغیرہ نشہ آور اشیاء سے نشہ کیا ہو اور دوا کے طور پر بھی نہ ہو۔مذہب مختار اور مفتی بہ قول کے مطابق حالت نشہ میں دی گئی طلاق ایک ہو یا زیادہ بہر حال واقع ہو جاتی ہیں۔ شرع مطہرہ نے یہ حکم زجرا قصدِ معصیت اور بتقاضہ حکمت و مصلحت کے قائم فرمایا کہ اوروں کو معلوم ہو جائے کہ ارادہ و قصد سے معصیت اختیار کرنے والے نشہ میں بدحواس شخص کی بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔

نیز بابِ طلاق میں نصوص مطلق وارد ہوئی ہیں کہ غصے یا نشے والے کی طلاقکا استثنا نہیں، بلکہ ایسی حالت میںبھی طلاق واقع ہو جاتی ہے ،اور مذہبِ حنفی کی تمام کتبِ معتبرہ،متون ،شروح اور فتاویٰ میں اس بات کی تصریح ہے کہ نشے والےکی طلاق واقع ہو جاتی ہے، اس نشہ آور چیز کا تعلق شراب سے ہویا کسی اور چیز سے ،یہاں تککہ نبیذ وغیرہ اشیاء کے استعمال سےنشے کی صورت میں مفتی بہ قول کے مطابق وقوعِ طلاق کی تصریحات موجود ہیں ۔

طلاق رجعی کا حکم یہ ہے کہ شوہر کو عورت کی عدت یعنی جس ماہواری میں طلاق دی اس کے علاوہ تین ماہواریاں گزرنے سے پہلے پہلے رجوع کرنے کا اختیار ہے۔ اور رجوع یہ ہے کہ شوہر گواہوں کے سامنے کہے کہ میں نے اپنی بیوی کونکاح میں واپس کیا ،یا اپنی بیوی سے بوس و کنار اور جسمانی تعلق قائم کرلے تو رجوع ہو جائے گا۔ اور اگر عدت کے اندر رجوع نہیں کیاگیا ،تو طلاق بائنہ ہوجائے گی اور عورت کی رضامندی سے نئے حق مہر کے ساتھ شرعی گواہوں کی موجودگی میں نیا نکاح کرنا ضروری ہوگا ۔اور اب میاں بیوی دونوں کو بہت احتیاط سے رہنا ہوگا کہ اب شوہر کو صرف دو طلاق کا حق حاصل ہو گا خدانخواستہ اگر زندگی میں کبھی بھی مزید دو طلاق دے دی تو حرمت مغلظہ کے ساتھ اس کی بیوی اس پرحرام ہو جائے گی اورتحلیلِ شرعی کے علاوہ واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

البتہ جھگڑے کے بعد شوہر کا ایک طرف منہ کر کے بیٹھ کر بغیر بیوی کی طرف نسبت کرتے ہوئے تین مرتبہ یہ کہنا کہ :"طلاق ، طلاق ، طلاق "تو ان الفاظ سے مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ،کیونکہ کلام اضافت(لفظی و منعوی دونوں) سے خالی ہے،نیزشوہر کا یہ کہنا کہ "میں نے سکون آور / نشہ آور کیپسول کھایا ہوا تھا اور اس حالت میں مجھے معلوم نہیں کہ میں نے کیا کہا، مجھے کچھ یاد نہیں"عدمِ اضافت ِ معنوی کی واضح دلیل ہے،لہذا مذکورہ صورت میں کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی۔

علامہ علاؤالدین حصکفی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :

"صریحہ مالم یستعمل الا فیہ کطلقتک وانت طالق ومطلقہ"

ترجمہ:صریح وہ الفاظ جو طلاق دینے کے لئے استعمال ہوں جیسے میں نے تمہیں طلاق دی اور تم طلاق والی ہو اور مطلقہ ہو ۔

اس کے تحت علامہ شامی علیہ لرحمہ فرماتے ہیں:

"فمالا یستعمل فیھا الا فی الطلاق فھو صریح یقع بلا نیۃ"

ترجمہ:جس لفظ کا غالب استعمال طلاق میں ہو تا ہو تو وہ صریح ہے اور اس سے بغیر نیت طلاق کے بھی طلاق ہو جاتی ہے ۔

(درمختار مع ردالمحتار ،ج:4،ص:457،مکتبہ امدادیہ ملتان)

طلاقِ رجعی میں عدت کے اندر رجوع کے متعلق قرآن ِپاک میں اللہ تعالی فرماتا ہے :

"وَبُعُولَتُہُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّہِنَّ فِیْ ذَلِکَ إِنْ أَرَادُواْ إِصْلاَحاً "

ترجمہ کنزالایمان :اور ان کے شوہروں کو اس(عدت کی) مدت کے اندر ان کے پھیر لینے (رجوع کرنے)کا حق پہنچتا ہے اگر ملاپ چاہیں ۔

(سورۃ البقرۃ،پارہ:2،آیت:228)

عالمگیری میں ہے:

"اذا طلق الرجل تطلیقۃ رجعیۃ او تطلیقتین فلہ ان یراجعھا فی عدتھا رضیت بذک او لم ترض کذافی الھدایہ"

ترجمہ: جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے۔

(فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)

اسی میں رجعت کا طریقہ اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:

"الرجعۃ ابقا النکاح علی ماکا ن مادامت فی العدۃ کذا فی التبین و ھی علی ضربین سنی وبدعی فالسنی ان یراجعھا بالقول ویشھد علی رجعتھا شاھدین ویعلمھا بذلک فاذ اراجعھا بالقول نحو ان یقول لھا راجعتک او راجعت امراتی ولم یشھد علی ذلک او اشھد ولم یعلمھا بذلک فھو بدعی مخالف للسنۃ والر جعۃ صحیحۃ وان راجعھا بالفعل مثل ان یطاھا او یقبلھا بشھوۃ او ینظر الی فرجھا بشھوۃ فانہ یصیر مراجعا عندنا الا انہ ہ یکرہ لہ ذلک ویستحب ان یراجعھا بعد ذلک بالاشھاد کذا فی الجوھر ۃ النیرۃ"

ترجمہ: رجعت کا معنی یہ ہے کہ نکاح کو پہلے کی طرح باقی رکھناجب تک عورت عدت میں ہے ۔اسی طرح تبین میں ہے اور اس کی دو قسمیں ہیں ایک سنت طریقہ اورایک بدعی یعنی خلاف سنت طریقہ ،پس سنت طریقہ یہ ہے کہ عورت سے زبانی رجوع کرے اور اس رجوع پر دوگواہ بنائے اورعورت کو اس کی خبر دے پس جب زبانی رجوع کرنے لگے تو اس طرح کہے میں نے تجھ سے رجعت کی یا کہے میں نے اپنی عورت سے رجوع کیا اور گواہ نہ بنائے یا گواہ تو بنائے لیکن عورت کو اس کی خبر نہ کی تو یہ طریقہ بدعی خلاف سنت ہے لیکن رجعت صحیح ہے اور اگر بالفعل رجعت کی مثلا اپنی بیوی سے وطی کر لی یا شہوت سے بوسہ لیا یا شہوت سے اس کے فرج کی طرف نظر کی تو ہمارے نزدیک رجعت کرنے والا ہو جائے گا مگر یہ اس کے لیے مکروہ ہےاور مستحب یہ ہے کہ پہلے گواہ بنائے اور پھر رجوع کرے اسی طرح الجوہرۃالنیرہ میں ہے۔

(فتاوی عالمگیری :ج؛1 ؛ص:502؛مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی)

امام اہلِسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں:

(طلاق)رجعی کہ عدت کے اندر رجعت کا احتیا ردیا جائیگا‘مثلا اگر زبان سے کہہ لے کہ ’’میں نے تجھے اپنے نکاح میں پھیر لیا‘‘ توعورت نکاح سے نکلنے نہ پائے گی، بدستور زوجہ رہے گی اور حکم طلاق زائل نہ ہوگا۔

(فتاوی رضویہ : ج12؛ص:515،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

فتح القدیر جلد 3 صفحہ 348 ،فتاوی ہندیہ جلد 2 صفحہ 48،اور ردالمحتار میں ہے ، واللفظ لہ:

" وَفِي التَّتَارْخَانِيَّة: طَلَاقُ السَّكْرَانِ وَاْقِعٌ إذَا سَكِرَ مِنْ الْخَمْرِ أَوْ النَّبِيذِ وَهُوَ مَذْهَبُ أَصْحَابِنَا"

ترجمہ: فتاویٰ تاتارخانیہ میں ہے کہ نشہ والے کی طلاق واقع ہوجاتی ہے، جب نشہ خمر(شراب) یا نبیذ سے ہو،یہی مذہب ہمارے اصحاب کا ہے۔

(ردالمحتار، کتاب الطلاق، جلد4 صفحہ :434، مکتبہ رحمانیہ لاہور)

نیز اسی میں ہے:

" الْمُخْتَارُ فِي زَمَانِنَا لُزُومُ الْحَدِّ وَوُقُوعُ الطَّلَاقِ"

ترجمہ: ہمارے زمانے میں مختاریہ ہے کہ شرابی کوحدبھی لگائی جائے اوراس کی طلاق بھی واقع ہوجائے۔

(ردالمحتارمع الدرلمختار،مطلب فی تعریف السکران وحکمہ، جلد4، صفحہ :444 مکتبہ امددایہ ملتان)

اسی میں دوسرے مقامپر ہے:

" وَإِنْ لِلَّهْوِ وَإِدْخَالِ الْآفَةِ قَصْدًا فَيَنْبَغِي أَنْ لَا يَتَرَدَّدَ فِي الْوُقُوعِ. وَفِي تَصْحِيحِ الْقُدُورِيِّ عَنْ الْجَوَاهِرِ: وَفِي هَذَا الزَّمَانِ إذَا سَكِرَ مِنْ الْبَنْجِ وَالْأَفْيُونِ يَقَعُ زَجْرًا، وَعَلَيْهِ الْفَتْوَى"

ترجمہ:اگر نشہ آور چیز لہو کے طور پر یا جان بوجھ کر نشہ لانے کیلئےاستعمال کی تو پھر ایسے شخص کی طلاق کے واقع ہونے میں کوئی تردد نہیں(یعنی طلاق واقع ہو جائے گی) اور تصحیح القدوری میں جواہر سے ہےکہ:فی زمانہ اگر بھنگ اور افیون سے نشہ کیا ہو تو زجراً طلاق واقع ہو جائے گی،اسی پر فتوی ہے۔

(ردالمحتار کتاب الطلاق، جلد4 صفحہ 446،مطبوعہ مکتبہ امدادیہ ملتان)

بدائع الصنائع میں ہے:

"أما السكران إذا طلق امرأته فإن كان سكره بسبب محظور بأن شرب الخمر حتى سكر وزال عقله فطلاقه واقع عند عامة العلماء وعامة الصحابة رضی الله عنهم"

ترجمہ:نشہ کرنے والا جب اپنی بیوی کو طلاق دے تو اگر اس کا نشہ محظور شرعی کے سبب تھا اس طرح کہ اس نے شراب پی یہاں تک کہ اسے نشہ ہو گیا اور اسکی عقل زائل ہو گئی تو اکثر علماء کرام اور صحابہ رضی اللہ تعالی عنہ کے نزدیک اس کی طلاق واقع ہو جائے گی۔

(بدائع الصنائع ، ج: 4، ص: 213، مطبوعہ دار الکتب العلميه)

نشے کی تعریف کے متعلق علامہ شمس الدین محمد بن محمد ابن امیر حاج (المتوفی: 879ھ) فرماتے ہیں:

"أَنْ يَكُونَ غَالِبُ كَلَامِهِ هَذَيَانًا فَإِنْ كَانَ نِصْفُهُ مُسْتَقِيمًا فَلَيْسَ بِسَكْرَانَ فَيَكُونُ حُكْمُهُ حُكْمَ الصَّحَاةِ فِي إِقْرَارِهِ بِالْحُدُودِ وَغَيْرِ ذَلِكَ؛ لِأَنَّ السَّكْرَانَ فِي الْعُرْفِ مَنْ اخْتَلَطَ جِدُّهُ بِهَزْلِهِ فَلَا يَسْتَقِرُّ عَلَى شَيْءٍ وَإِلَيْهِ مَالَ أَكْثَرُ الْمَشَايِخِ وَاخْتَارُوهُ لِلْفَتْوَى؛ لِأَنَّ الْمُتَعَارَفَ إِذَا كَانَ يَهْذِي سُمِّيَ سَكْرَانًا وَتَأَيَّدَ بِقَوْلِ عَلِيِّ - رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ - وَإِذَا سَكِرَ هَذَى رَوَاهُ مَالِكٌ وَالشَّافِعِيُّ"

ترجمہ : نشی کا اکثر کلام فضول و نامعقول ہو (یعنی نشئی بہکی بہکی باتیں کرے) اگر نصف کلام درست ہو تو وہ نشئی نہیں اور وہ حدود وغیرہ کے اقرار میں ہوش مند شخص کے حکم میں ہے، کیونکہ عرفِ عام میں نئی وہ ہے جسکی سنجید گی میں اسکی نامعقولی کی آمیزش ہو جائے (یعنی سنجیدگی اور نا معقولی گڈ مڈ ہو جائے) اور وہ کسی ایک شئ پر قائم نہ ہو، اسی طرف اکثر مشائخ مائل ہوئے اور اسے مفتی بہ قرار دیا۔ کیونکہ یہ بات معلوم ہے کہ جب کوئی بہکی بہکی باتیں کرتا ہے تو اسے نشئی کہا جاتا ہے اور اس بات کی تایید حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کے اس فرمان سے ہوتی ہے : " اور جب نشہ کرے گا تو ہذیان بکے گا" اسے امام مالک اور امام شافعی رحمہما اللہ نے روایت کیا ہے۔

(التقرير والتحبیر علی تحریر الکمال بن الہام ،ج:2،ص: 194، 193،دار الکتب العلمیة بیروت)

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ بہار شریعت میں فرماتے ہیں:

نشہ والے نے طلاق دی تو واقع ہو جائے گی کہ یہ عاقل کے حکم میں ہے اور نشہ خواہ شراب پینے سے ہو یا بھنگ وغیرہ کسی اور چیز سے۔ افیون کی پینک میں طلاق دے دی جب بھی واقع ہو جائے گی۔

(بہار شریعت،ج: 2،ص: 111، مكتبة المدينة العلمية )

ہاں اگر کسی شخص کو مجبور کر کے نشہ پلا دیا گیا یا اضطراری حالت میں اس نے پیا کہ پیاس سے مر رہا تھا اور پانی نہ تھا ایسی حالت میں طلاق دی تو صحیح قول کے مطابق طلاق واقع نہیں ہو گی۔

فتح القدیر کے حوالے سے رد المحتار میں ہے :

"لِأَنَّ مُوجِبَ الْوُقُوعِ عِنْدَ زَوَالِ الْعَقْلِ لَيْسَ إِلَّا التَّسَبُّبَ فِي زَوَالِهِ بِسَبَبٍ مَحْظُورٍ وَهُوَ مُنْتَفٍ"

ترجمہ: عقل زائل ہونے کے وقت وقوع طلاق کا موجب، عقل کو ممنوع سبب کے زریعے زائل کرنے کا واسطہ اختیار کرنا ہے جو کہ یہاں نہیں پایا گیا (یعنی اکراہ میں معصیت کا سبب اختیار نہیں کیا گیا لہذا یہاں طلاق واقع نہیں ہو گی )۔

(رد المحتار،ج:3،ص: 240،دار الكتب العلمية بيروت )

لفظوں میں طلاق کو بیوی کی طرف منسوب کرنے کی تین صورتیں ہیں ۔

  1. طلاق کی نسبت بیوی کی طرف نام لیکر ہو یا اشارہ کے ذریعے ہو وغیرہ ،جیسے شوہر نے کہا میں نے "ہندہ کو طلاق دی" یا بیوی کی طرف اشارہ کرکے کہا میں نے "اسے طلاق دی " یا تجھے طلاق دی" وغیرہ
  2. شوہر کا کلام ایسے کلام کے جواب میں ہو جس میں اضافت مذکور تھی ،تو اس وجہ سے وہ اضافت جواباً طلاق کے الفاظ میں متحقق ہوگی ،کیونکہ جواب میں سوال کا اعادہ ہوتا ہے ۔
  3. شوہر کے کلام میں اضافت زوجہ کی طرف نہ ہو اور نہ ہی اس کا کلام جواب کے طور پر ہو،لیکن عرف میں وہ لفظ بیوی کو طلاق دینے کیلئے مختص کردیا گیا ہو کہ جب بھی وہ لفظ بولا جائے تو اس سے بیوی کو ہی طلاق دینا سمجھا جائے۔جسے شوہر کہے"طلاق مجھ پر لازم"یا"مجھ پر حرام ہے" وغیرہ۔

امامِ اہل ِ سنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ اضافت کی بحث کے متعلق لکھتے ہیں :

عبد ضعیف کو اللہ تعالیٰ لطف فرمانے والے جل وعلا کی توفیق سے جو حاصل ہوا ہے وہ یہ ہے کہ بیوی کو طلاق دینے میں اضافت ضروری ہے لفظوں میں ہو خواہ وہ نیت میں ہو، کیونکہ طلاق کا وقوع ایقاع پر موقوف ہے اور ایقاع کا وجود نہیں ہوتا تا وقتیکہ طلاق کو عورت سے متعلق نہ کی جائے ، اور یہ چیز ہے جس میں شک نہیں ہو سکتا، کیونکہ اگر طلاق کے عورت کی طرف منسوب کرنا اور اس کی طرف اضافت کرنا ضروری نہ ہو تو پھر طلاق یا طالق کا تلفظ کرنے والے ہر شخص کی بیوی کو طلاق لازم ہو جائے اگر چہ وہ اس پر کسی چیز کا اراد نہ کرے یا اپنی بیوی کو طلاق دینے کا لہذا طلاق کے وقوع کے لئے نسبت اور اضافت کے شرط ہونے میں کوئی شک نہیں ، ہاں اضافت کبھی لفظوں میں موجود ہوتی ہے تو اس وقت حکم کے لئے نیت کی ضرورت نہیں ہوتی اور کبھی لفظوں میں اضافت نہیں ہوتی اس وقت نیت کو ظاہر کی حاجت ہوتی ہے۔ (یا میں اضافت کا موجود ہونا فاقول: (تو میں کہتا ہوں) یہ تین طرح ہوتی ہے : اول یہ کہ خاوند کی کلام میں صراحت پائی جائے وہ یہ کہ جس کی مثال علامہ حلبی اور طحاوی نے یہ ذکر کی ہیں، مثلا تو طلاق والی ہے، میں نے تجھے طلاق دی، (بیوی کو اشارہ کرتے ہوئے کہا ) اِس کو، نام لے کر، زینب کو زید کی بیٹی کو ، عمرو کی ماں، بکر کی بہن کو، میری بیوی کو طلاق،دوسری صورت یہ کہ طلاق کے الفاظ کسی ایسی کلام کے جواب میں ذکر کئے جائیں جس میں اضافت مذکور تھی تو اس وجہ سے وہ اضافت جوابا طلاق کے الفاظ میں بھی متحقق ہوگی، کیونکہ جواب میں سوال کا اعادہ ہوتا ہے،اس کی مثالیں ہندیہ میں خلاصہ سے منقول ہیں، مثلا بیوی کہے "طلاق تیرے ہاتھ میں ہے مجھے طلاق دے۔" تو جواب میں خاوند کہے "میں نے طلاق دی" تین دفعہ تکرار کیا تو تین طلاقین بیوی کو پڑیں گی۔ ۔ ۔

مزید فرماتے ہیں:شیخ الاسلام فیقہ ابو نصر سے ایک نشے والے کے بارے میں سوال ہوا جس نے بیوی کو کہا کیا تو چاہتی ہے کہ میں تجھے طلاق دے دوں ؟ بیوی نے کہا ہاں چاہتی ہوں۔ تو اس خاوند نے بالفاظ فارسی یوں کہا اگر تو میری بیوی ہے ایک طلاق، دو طلاق، تین طلاق، میرے پاس سے اُٹھ اور نکل جا۔ اب خاوند کا خیال ہے کہ میں نے اس بات سے طلاق مراد نہیں لی، تو خاوند کی بات مقبول ہو گی اھ کہا اس لئے کہ خاوند نے طلاق کو بیوی کی طرف منسوب نہیں کیا اھ تو ان مذکورہ واقعات میں ان حضرات نے طلاق واقع ہونے کا حکم نہیں کیا حالانکہ تمام میں بیوی کے کلام میں اضافت موجود ہے۔ نجم الدین کے مسئلہ میں تو ظاہر ہے لیکن فقیہ ابونصر اور خانیہ کے مسئلہ میں تو ظاہر ہے لیکن فقیہ ابو نصر اور خانیہ کے مسئلوں میں اس لئے کہ بیوی نے جب ہاں کہا تو یہ خاوند کی بات " کیا تو چاہتی ہے کہ میں تجھے طلاق دے دوں " کا جواب ہے تو گویا بیوی نے کہا میں چاہتی ہوں کہ تو مجھے طلاق دے، قلت وباللہ التوفیق (میں کہتا ہوں اللہ تعالیٰ کی توفیق سے) کہ مخاطب شخص اپنے کلام میں جواب سےمخطب شخص اپنے کلام میں اجنبی کوئی بات کرے تو وہ جواب نہیں رہتا بلکہ نیا کلام متصور ہوتا ہے، تو مذکورہ دونوں مسئلوں میں جواب صرف اتنا تھا طلاق دی گئی یا ایک طلاق، دو طلاق، تین طلاق، اگر خاوند جواب میں اتنی بات ہی کہتا تو طلاق کے واقع ہونے کا حکم ہوتا اور نیت کی ضرورت نہ ہوتی، جیسا کہ پہلے گزرے مسائل میں اس کو ہم نے بیان کیا ہے۔ لیکن جب ان دونوں مسئلوں میں خاوند نے پہلے میں "جب تو جائے اور دوسرے میں اگر تُو میری عورت ہو "جواب سے زائد کردئے تو یہ بیوی کو جواب نہ ہوا بلکہ نیا کلام بن گیا جس سے سوال والی اضافت ختم ہو گئی۔اس قاعدہ کی علماء نے تصریح کی ہے۔ یہ بات اس . اس شخص پر مخفی نہیں جو علماء کے کلام کا خادم ہے۔ اسی قاعدہ پر ذخیرہ سے منقول ہے، ایک شخص نے دوسرے کو کہا آؤ میرے ساتھ ناشتہ کرو تو دوسرے نے جواب میں کہا خدا کی قسم میں ناشتہ نہیں کروں گا، یہ کہہ کر وہ اسی شخص کے گھر جا کر اس کے گھر والوں کے ساتھ ناشتہ کرتا ہے، تو قسم سوال کو جواب بنانا بھی ممکن ہے کیونکہ اس نے جواب پر کوئی حرف زیادہ نہیں کیا اس کے بر خلاف اگر ہو مستقل زائد کلام کرتے ہوئے یہ کہتا خدا کی قسم میں تجھ سے ناشتہ نہ کروں گا، تو پھر صرف جواب ہو نا ممکن نہیں لیکن یہاں صرف ناشتہ نہ کروں گا، کہا جو کہ صرف جواب کے طور پہر درست ہو سکتا ہے)۔ملخصًا ۔

(فتاویٰ رضویہ،ج:12،ص:344 تا 348،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

21مئی 2026 ء/4ذی الحجّۃ ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا