دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

نابالغ یتیم بچیوں کے مال کی حفاظت

22821 نومبر، 202683
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے بہنوئی کا انتقال ہوا انہوں نے دو شادیاں کی تھی پہلی بیوی سے دو بچیاں ہیں دونوں جوان ہیں دونوں کی شادی ہوگئی اور پہلی بیوی بھی انتقال کر گئی ہیں جبکہ دوسری شادی سے تین بچیاں ہیں تینوں نا بالغ ہیں اور دوسری بیوی بھی حیات ہے اور بہنوئی کے دو بھائی تھے ان میں سے ایک بھائی بہنوئی سے پہلے انتقال کر گیا اور ایک بھائی حیات ہیں اور بہنوئی کی دو بہنیں بھی حیات ہیں اور جائداد میں بہنوئی نے 5 ایکڑ زمین چھوڑی اور سات لاکھ روپے بینک میں ہیں تو اب یہ وراثت تقسیم کیسے ہوگی اور وراثت کا حقدار کون کون ہیں؟ برائےکرم جواب عنایت فرما ئیں۔بینوا توجروا! سائل: غلام مصطفیٰ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے اور وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور ہیں تومرحوم کے کفن دفن کے اخراجات اور قرضوں کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لئے وصیت کی ہو تو اس کو مرحوم کے تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد تمام ترکہ (5 ایکڑ زمین اور سات لاکھ روپے وغیرہ)کے کل480 حصے کئے جائیں گے۔ جن میں سے60حصےمرحوم کی بیوی کو ملیں گے اور320حصےمرحوم کے بیٹیوں کو ملیں گے ،جن میں سے ہر ایک بیٹی کو 64 حصے ملیں گےاور 50 حصے مرحوم کے بھائی کو ملیں گے۔اورباقی 50حصے مرحوم کی بہنوں کو ملیں گےجن میں سے ہر ایک کو25 حصےملیں گے۔

دوسری شادی سے چونکہ مرحوم کی تین نا بالغ بیٹیاں ہیں،جن کے مرحوم والد کی وراثت میں کل 192 حصے بن رہے ہیں وہ حصےوالدہ یا دیانتدارکسی قریبی رشتہ دار (چچا وغیرہ)کے پاس امانتاً رکھے جائیں،اور بہتر یہ ہے کہ ایک اسٹامپ پیپر پر ان 192حصوں کی تفصیلی قیمت لکھ کر سب ورثاء کے دستخط کرواکر رکھ دیں تاکہ بعد میں نزاع کا باعث نا بنے ،اور یہ پیسے جب تینوں بیٹیاں بلوغت اور شعور کو پہنچ جائیں تو ان کے حوالے کردیے جائیں ۔

نیز مرحوم کی وراثت سے اس کی فوت شدہ بیوی اور بھائی وغیرہ کو ترکہ سے کچھ نہیں ملے گاکیونکہ ترکہ کے وارث وہی بن سکتے ہیں جو مورث کی وفات کے وقت زندہ ہوں ،پہلے فوت ہونے والا شخص بعد میں فوت ہونے والے کا وارث نہیں بن سکتا ،لہذا مذکورہ صورت میں مرحوم کی فوت شدہ بیوی اور بھائی کیلئے مرحوم کی جائیداد وغیرہ میں شریعت کی روشنی میں کوئی حصہ نہیں ،کیونکہ ان دونوں کا مرحوم سے پہلے انتقال ہوگیا ہے۔

السراجی فی المیراث میں ہے :

تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )۔

ورثاء میں سے بیٹیاں دو یا دو سے زائد ہو،اور بیٹے نہ ہو، تو ان کو کل ترکہ سے دو تہائی ملے گا،

اس کے متعلق فرمان باری تعالی ہے:

فَاِنۡ کُنَّ نِسَآءً فَوْقَ اثْنَتَیۡنِ فَلَہُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَکَ

ترجمہ کنز الایمان: پھر اگر(ورثاء میں سے) نری لڑکیاں ہوں اگرچہ دو سے اوپر تو ان کو ترکہ کی دو تہائی(ملے گا)۔

(النساء: آیت 11)۔

بہن بھائی کا قرآن پاک میں کوئی معین حصہ نہیں ہے اور ان کا شمار عصبات میں سے ہوتا ہے یعنی فرض حصے(جو قرآن پاک میں ورثا ء کے لیے معین ہیں) ورثاء کو دینے کے بعد ترکے میں جو بچے گا ان عصبہ کو دیا جائےگا جو قریب ہو اور مذکورہ مسئلے میں بہن بھائی کے علاوہ کوئی عصبہ نہیں اس لیے شوہر اور دو بیٹیوں کو دینے کے بعد جو بچے گا مرحومہ کے بہن بھائیوں کو ملے گا،لیکن ایک بھائی کو دبہنوں کے برابر (یعنی دگنا)حصہ ملتا ہے،

اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے:

لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ

ترجمہ:" لڑکے کا حصہ دولڑکیوں کے برابر ہے"

(النساء: آیت 11)۔

رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"وشروطه:ثلاثة:موت مورث حقيقة،أو حكما كمفقود،أو تقديرا كجنين"

ترجمہ:میراث کی تین شرائط ہیں:مورث کی موت حقیقتاً ہو یا حکماً جیسے مفقود یا تقدیرا ہو جیسے جنین۔

(ج:6،ص:758،دار الفکر بیروت)۔

الموسوعۃ الفقہیہ الکویتیہ میں ہے:

"وللارث شروط ثلاثۃ ۔۔۔ثانیہما تحقق حياة الوارث بعد موت المورث"

ترجمہ:اور وراثت کی تین شرائط ہیں : ان میں سے دوسری ہے وارث کی زندگی کا تحقق مورث کی موت کے بعد ۔

(ج:3،ص:22،دار السلاسل)۔

اللہ تعالیٰ سورہ نساء میں یتیموں کے مال کے متعلق ارشاد فرماتا ہے:

وَآتُوا الْيَتامى أَمْوالَهُمْ وَلا تَتَبَدَّلُوا الْخَبِيثَ بِالطَّيِّبِ وَلا تَأْكُلُوا أَمْوالَهُمْ إِلى أَمْوالِكُمْ إِنَّهُ كانَ حُوباً كَبِيراً

ترجمہ کنز الایمان:اور یتیموں کو( بلوغت کے بعد)ان کے اموال دو ،اور ستھرے کے بدل؛ے گندہ نہ لو اور ان کے مال اپنے مالوں میں ملا کر نہ کھا جاؤ،بیشک یہ بڑا گناہ ہے۔

(نساء،آیت:2)۔

اسی صورت میں آگے ارشاد فرمایا:

وَابْتَلُوا الْيَتامى حَتَّى إِذا بَلَغُوا النِّكاحَ فَإِنْ آنَسْتُمْ مِنْهُمْ رُشْداً فَادْفَعُوا إِلَيْهِمْ أَمْوالَهُمْ وَلا تَأْكُلُوها إِسْرافاً وَبِداراً أَنْ يَكْبَرُوا وَمَنْ كانَ غَنِيًّا فَلْيَسْتَعْفِفْ وَمَنْ كانَ فَقِيراً فَلْيَأْكُلْ بِالْمَعْرُوفِ فَإِذا دَفَعْتُمْ إِلَيْهِمْ أَمْوالَهُمْ فَأَشْهِدُوا عَلَيْهِمْ وَكَفى بِاللَّهِ حَسِيباً

ترجمہ کنز الایمان:اور یتیموں کو آزماتے رہو(کہ ان میں ہوشیاری یا معاملہ فہمی ہوئی یا نہیں)یہاں تک کہ جب وہ نکاح کے قابل ہوں اگر تم ان کی سمجھ ٹھیک دیکھو ،تو ان کے مال انہیں سپرد کردو اور انہیں نہ کھاؤ حد سے بڑھ کر اس جلدی میں کہ کہیں بڑے نہ ہوجائیں اور جسے حاجت نہ ہو وہ بچتا رہے اور جو حاجت مند ہو وہ بقدرِ مناسب کھائے پھر جب تم ان کے مال ان کے سپرد کردو ،تو ان پر گواہ کرلو اور اللہ کافی ہے حساب لینے کو۔

(نساء،آیت:6)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

22/مارچ/2024 ۔11 رمضان المبارک 1445ھ کو جاری کیا گیا