سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ ایک بور ( ٹیوب ویل کا زمین کے اندر والا پائپ اور فلٹر وغیرہ والا حصہ) جس کی لاگت موجودہ دور کے حساب سے 140,000 روپے ہے اور آج سے دس سال پہلے تقریباً 40,000 روپے تھی۔جس کے چار بندے حصہ دار ہیں، جنھوں نے حصہ داری پر آج سے تقریباً 10 سال پہلے بور کروایا تھا اب آپس کی ناچاکی کی وجہ سے جس شخص کی زمین پر بور ہے وہ ایک بندے کو اس حصہ داری سے علیحدہ کر رہا ہے۔بور اور پانی کی نالی وغیرہ کرواتے وقت فی بندہ 16000 روپے کا حصہ دار ٹھہرا تھا ۔ اب جسے علیحدہ کیا جا رہا ہے اس نے اپنا ذاتی بور کروانے کیلئے موجودہ دور کا ریٹ پوچھا تو اس پر تقریباً 140،000 روپے کا خرچ آتا ہے ذاتی پانی کی نالی کی کھدائی کا مزید خرچہ آئے گا۔ اب اس کی ڈیمانڈ ہے کہ مجھے (4÷140000) کے حساب سے 35000 روپے دیا جائے تاکہ میں ذاتی بور کروا سکوں اور میں پرانے بور سے علیحدگی اختیار کر سکوں۔لیکن دیگر حصہ دار کہتے ہیں کہ آپ نے وہ 10 سال استعمال بھی کیا اور اب آپ کو وہی 16000 ہی واپس کریں گے لیکن علیحدہ ہونے والا نہیں مان رہا کہ موجودہ دور کے حساب سے یہ رقم میرے نقصان میں ہے ۔اب کوئی چیز ظاہری موجود ہوتی ہے تو اس کی کسی بیوپاری وغیرہ سے قیمت لگوا کر اس کا موجودہ دور کے حساب سے بٹوارا کر دیا جاتا ہے جس سے تمام فریق متفق ہوتے ہیں مگر اس معاملہ میں زیر زمیں بور کی قیمت نہیں لگائی جا سکتی اور نا ہی فریق خود کسی قیمت پر رضا مندی کر سکتے ہیں ۔چوں کہ فریقین کے درمیان ناچاکی آپس میں زمین کے مسائل جھگڑا وغیرہ سے بور جس کی زمین پر ہے وہ اسے حصہ داری سے ختم کر کے اسے جبراً علیحدہ کیا جا رہا ہے۔ محترم شرعی حوالہ سے اس نوعیت پر حصہ داری کا بہترین بٹوارا کیسے ممکن ہے؟ یا علیحدہ ہونے والا شخص غلط ڈیمانڈ رکھ رہا ہے کہ مجھے 16000 کی بجائے زیادہ رقم دی جائے ؟ جبراً علیحدگی پر شراکت داری سے علیحدگی پر کیا حکم ہے؟ یا بٹوارا کے اصولِ شرعی ایک ہی ہوں گے چاہے جبری ہو یا صلحی ہو؟ علیحدگی کے بعد باقی فریقوں کی اس بات کے ذمہ دار تو نہیں کہ وہ شخص اور بور کروائے یا نا کروائے ، پانی کی نالی جس طرز کی بنوائے یا نا بنوائے ، تو موجود حصہ داری پر علیحدگی کی کیا شرعی صورت ہے؟بینواتوجروا! سائل:محمد فاروق احمد
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پو چھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ چار افراد کا باہمی اشتراک سے بور کروانے اور پانی کی نالی بنوانے کے بعد ایک شریک کو زبردستی شرکت سے نکالنا اور اسے 10 سال پہلے کی قیمت دینا جائز نہیں بلکہ موجودہ وقت کی لاگت کا اعتبار کرتے ہوئے اسے حصہ دیا جائے ۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ چار افراد کا باہمی اشتراک سے بور کروانا اور پانی کی نالی بنوانا شرعاً "شرکتِ ملک" ہے۔ شرکتِ ملک میں ہر شریک دوسرے کے حصے سے اجنبی ہوتا ہے، لہٰذا کسی شریک کو دوسرے کی اجازت کے بغیر اس کے حصے میں تصرف کا حق نہیں اور کسی شریک کو اس کی رضامندی کے بغیر شراکت سے نکالنا ظلم اور ناجائز ہے لہٰذا جس شریک کی زمین میں بور موجود ہے وہ دوسرے شریک کو زبردستی شراکت سے خارج نہیں کرسکتا جب تک دوسرا شریک اپنی رضا مندی سے علیحدہ نہ ہو جائے ۔ نیز چونکہ بور ایسی مشترکہ چیز ہے جس کی حقیقی تقسیم ممکن نہیں کہ اس تقسیم سے مقصود فوت ہو جائے گا ، اس لیے اس میں تقسیمِ جبری بھی نہیں ہوسکتی۔ لہٰذا شراکت کے خاتمے یا تصفیے کی صورت صرف باہمی رضامندی سے ہی ممکن ہے۔باقی شرکاء کا یہ کہنا کہ "آپ نے دس سال اسے استعمال کیا ہے اس لیے صرف 16000 روپے لیں گے" شرعاً درست نہیں ہے کیونکہ وہ شخص اس بور کا مالک تھا، کرایہ دار نہیں تھا اور ایک مالک اپنی چیز استعمال کرنے کا پورا حق رکھتا ہے اور اس استعمال کے عوض اس کی اصل رقم یا ملکیت سے کٹوتی نہیں کی جا سکتی۔ اور آج اس مشترکہ بور اور پانی کی نالی کی تفصیل ( لمبائی ،چوڑائی ،وغیرہ ) بتا کر بازار میں کسی بیوپاری وغیرہ سے اس کی قیمت لگائی جا سکتی ہے اور جو موجودہ قیمت معلوم ہو اس اعتبار سے علیحدہ کیے جانے والے شخص کو اس کا حصہ دیا جائے اور جو 35,000 روپے کا مطالبہ کر رہا ہے اگر واقعی اس بور و کھالہ کی موجودہ لاگت,000 , 140ہے تو اسے ( موجودہ لاگت 140,000 کا چوتھائی حصہ ) 35000 دیا جائے گا کیونکہ مشترک مال میں جو بھی اضافہ پیدا ہو تا ہے وہ ان شرکاء کے درمیان ان کی ملکیت کے اعتبار سے مشترک ہوتا ہے ،اور باقی شرکاء اس بات کے ذمہ دار نہیں کہ وہ شخص نیا بور کہاں اور کیسے کرواتا ہے، ان کے ذمہ صرف اس کے موجودہ حق کی قیمت ادا کرنا ہے جو کہ موجودہ مالیت کی قیمت ہے ۔
اللہ تعالٰی نے ارشاد فرمایا :
"یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوْۤا اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ"
ترجمہ کنزالایمان :اے ایمان والو آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق نہ کھاؤ۔
(پارہ :05 ،سورۃ النساء :آیت نمبر :29 )
مشکاۃ المصابیح میں ہے:
"قال رسول الله ﷺ "ألا لا تظلموا، ألا لا يحل مال امرئ إلا بطيب نفس منه"
ترجمہ : رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ،خبر دار ! ظلم نہ کرو، سن لو! کسی شخص کا مال حلال نہیں ہے مگر اس کی دلی خوشی اور رضامندی کے ساتھ ۔
(مشکاۃ المصابیح :رقم الحدیث:2946)
کتاب المبسوط میں ہے :
"(ثم) الشركة نوعان: شركة الملك وشركة العقد. (فشركة الملك) أن يشترك رجلان في ملك مال، وذلك نوعان: ثابت بغير فعلهما كالميراث، وثابت بفعلهما، وذلك بقبول الشراء،۔۔۔۔والحكم واحد وهو ان ما يتولد من الزياده يكون مشتركا بينهما بقدر الملك"
ترجمہ:پھر شرکت کی دو قسمیں ہیں: شرکتِ ملک اور شرکتِ عقد۔اور شرکتِ ملک: یہ کہ دو آدمی شریک ہو ں مال کی ملک میں ،اور شرکت ملک کی دو قسمیں ہیں ایک وہ جو دونوں کے فعل کے بغیر ثابت ہو، جیسے میراث (کے ذریعے ملکیت حاصل ہونا)اور دوسری وہ جو دونوں کے فعل سے ثابت ہواور وہ خریداری کو قبول کرنے سے ہوتی ہے( یعنی دونوں مل کر کسی چیز کو خریدیں) اور دونوں صورتوں کا حکم ایک ہے۔اور وہ حکم یہ ہے کہ مال میں جو بھی اضافہ پیدا ہو، وہ دونوں کے درمیان ان کی ملکیت کے اعتبار سے مشترک ہوگا۔
(کتاب المبسوط،ج:11،ص:162،مکتبہ رشیدیہ )
الہدایہ مع فتح القدیر میں ہے :
"فشركة الأملاك العين يرثها رجلان أو يشتريانها فلا يجوز لأحدهما أن يتصرف في نصيب الآخر إلا بإذنه وكل منهما في نصيب صاحبه كالأجنبي"
ترجمہ : پس شرکتِ املاک یہ ہے کہ دو شخص کسی عین شے کے وارث (مالک) ہو جائیں یا اسے خریدیں، لہٰذا نہیں ہے جائز تصرف کرنا ان دونوں میں سے کسی ایک کے لیے دوسرے کے حصے میں بغیر اس کی اجازت کے ۔ اور ان دونوں میں سے ہر ایک، دوسرے کے حصے میں اجنبی شخص کی طرح ہے۔
(الہدایہ مع فتح القدیر،ج:6،ص:144،مکتبہ اشرفیہ)
دررالحکام شرح مجلۃ الاحکام میں ہے:
"ليس لأحد الشريكين أن يجبر الشريك الآخر....لأن الرضاء شرط في هذه التصرفات"
ترجمہ : شریکوں میں سے کسی ایک کے لیے جائز نہیں ہے یہ کہ مجبور کرے دوسرے شریک کو کیونکہ ان تصرفات میں (تمام کی ) رضا مندی شرط ہے ۔
(دررالحکام شرح مجلۃ الاحکام،ج:3،ص:25،دار عالم الکتب)
اسی میں ہے :
"لا تجري قسمة في العين المشتركة التي يضر تفريقها وتبعيضها بكل واحد من الشركاء. ۔۔۔ أما بالتراضي فتقسم" ملتقطا
ترجمہ :نہیں جاری ہوتی تقسیم اس عین مشترکہ کے درمیان کہ اس کے حصے کرنے سے شرکاء میں سے ہر ایک کو نقصان دے، بہر حال باہمی رضا مندی کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا ۔
(دررالحکام شرح مجلۃ الاحکام،ج:1،ص:142،دار عالم الکتب )
مجلۃ الاحکام العدلیہ میں ہے:
"تقسم حاصلاتھا بين أصحابھا علی قدر حصصهم فإذا شرط احد الشریکین فی الحيوان المشترك شیئا زئدا علی حصتہ من لبن ذلک الحیوان أو نتاجه فلا يصح"
ترجمہ : تقسیم کیا جائے گا اس شے کے منافع کو اس کے مالکوں کے درمیان (جو اس کے مالک ہیں ) ان کے حصوں کے مطابق پس جب شریکین میں سے کوئی ایک حیوان مشترک میں کسی ایسی چیز کی شرط لگائے جو کہ زائد ہو اس کے حصے پر یعنی اس حیوان کے دوددھ یا اس کی اولاد میں ، تو یہ صحیح نہیں ہے ۔
(مجلۃ الاحکام العدلیہ،ص: 300-301 ،دار ابن حزم )
اسی میں ہے:
"إذاكان في تقسيم الدار أبنية إحدى الحصتين أغلى ثمنا من الحصة الأخرى فإن أمكن تعديلها بإعطاء مقدار من العرصة فبها وإلا فتعدل بالنقود"
ترجمہ : "جب مکان کی تقسیم میں دو حصوں میں سے ایک حصے میں عمارتیں ہوں جسکی وجہ سے اس حصے کی قیمت دوسرے حصے سے زیادہ ہو، تو اگر ممکن ہو اسکی برابری مکان کا کچھ حصہ دے کر تو ایسا کیا جائے، اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو رقم کے ذریعے دونوں حصوں کی قیمت برابر کی جائے۔"
(مجلۃ الاحکام العدلیہ،ص:319،دار ابن حزم )
بہار شریعت میں ہے :
شرکت دو قسم ہے ،شرکت ملک ،شرکت عقد ،شرکت ملک کی تعریف یہ ہے چند شخص ایک شے کے مالک ہوں اور باہم عقد شرکت نہ ہوا ہو ۔۔۔شرکت ملک دو قسم ہے جبری اور اختیاری،اختیاری یہ کہ ان کے فعل و اختیار سے شرکت ہوئی ہو مثلا دونوں نے شرکت کے طور پر کسی چیز کو خریدا۔
(بہار شریعت،حصہ:10،ص:489،مکتبۃالمدینہ)
واللہ تعالی اعلم بالصواب