سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میری بڑی بہن کا انتقال ہو گیا ہے اور ان کا کچھ سامان میرے پاس ہے زیورات کی صورت میں بہن نے انتقال سے پہلے مجھ سے کہا کہ یہ میرے زیورات اور جو پیسے ہیں یہ تم رکھ لو جیسے بندہ اپنے قریبی با اعتماد شخص کے پاس سامان وغیرہ رکھواتا ہے ،پھر وہ جب بہت زیادہ بیمار ہوئیں )اسی بیماری میں انتقال ہوا( تو میں نے ان سے کنفرم کرنے کے لیے پوچھا کہ اس سامان کا کیا کرنا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ آپ خود رکھو اور اپنے بچوں کو بھی دے دینا مگر اپنے سسر والوں کو دینے سے منع کیا،لہذا ان زیورات اور پیسوں وغیرہ کا کیا حکم شرع ہے؟ اس میں کس کا حق ہے بہن کے ورثا میں ہم تین بھائی،دو بہنیں،والدہ اور ایک چچا ہے جبکہ بہن کی کوئی اولاد نہیں تھی اور والد اور شوہر کا انتقال ہو چکا ہے۔بینوا توجروا!
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ بیماری کی حالت میں بہن کا اپنے زیورات وغیرہ کے متعلق یہ کہنا کہ آپ خودرکھو اور اپنے بچوں کو بھی بانٹ دینا تو یہ الفاظ شرعاً ہبہ (Gift) کے صریح الفاظ میں شمار ہوتے ہیں، کیونکہ یہ تملیک پر دلالت کرتے ہیں،لہٰذا اس صورت میں بہن کی جانب سے اپنے زیورات وغیرہ اپنے بھائی (سائل) اور ان کے بچوں کو ہبہ کرنا ثابت ہوتا ہے۔
اور ہبہ کی شرائط میں سے ہے کہ واہب(ہبہ کرنے والے) کی زندگی میں موہوب لہ(جس کو ہبہ کیا جارہا ہو) کااپنی موہوب (جو چیز ہبہ کی جارہی ہو) چیز پر قبضہ کرنا ضروری ہے۔اور اگر وہ مشاع اور قابلِ تقسیم چیز ہے ،تو جب تک باقاعدہ تقسیم کرکے واہب یا اس کےوکیل کاتصرف ختم کرکے جسے ہبہ کیا جارہا ہو اس کا مکمل طور پر قبضہ نہ ہو جائے اس وقت تک ہبہ تام و مکمل نہیں ہوتا،چونکہ مذکورہ صورت میں وہ زیورات پہلے سے ہی موہوب لہ ( بھائی کےاصالۃً ) کےقبضہ میں تھے ،لیکن ہبہ مرض الموت (وہ بیماری جس میں موت واقع ہو جس کا دورانیہ علماء نے ایک سال شمار کیا ہے)میں واقع ہوا اور اسی حالت میں ہبہ حکماً وصیت ہوتا ہے اور وصیت کل مال کے ایک تہائی حصہ میں نافذ ہوتی ہےاور موصی لہ(جس کے لیے وصیت کی گئی ہو)میں سے بھائی (سائل) ورثاء میں شامل ہے اور ورثاء کے لیے وصیت جائز نہیں۔
اسی طرح بھائی کے بچوں کے لیے بھی ہبہ مکمل و تام نہیں ہوا کیونکہ قابلِ تقسیم (زیور اور پیسے قابلِ تقسیم ہیں) چیز مشاع ہبہ کرنے کی صورت میں ہبہ کےتام ہونے کے لیے ضروری ہے کہ واہب کی زندگی ہی میں موہوب لہ تقسیم کرکے جس کو ہبہ کیا جارہا ہے اس کو باقاعدہ قبضہ حقیقی و حکمی اصالۃ ً یا قائم مقام قبضہ دینا ضروری ہے،مذکورہ صورت میں زیورات وغیرہ الگ کرکے بچوں میں(زیور خود یا اس کی قیمت) تقسیم نہیں کیئے گئے ۔اور اگر بچے نابالغ بھی ہیں کہ بچوں کے والد(سرپرست) کا قبضہ بچوں کے قبضہ کے قائم مقام شمار ہوتا ہے، پھر بھی ہبہ میں قابلِ تقسیم چیز کوتقسیم کرکے دینے کی شرط مفقود ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہوا۔لہذا یہ تمام زیوراتوغیرہ بھی مرحومہ کے ترکہ میں شامل ہوکر تمام ورثاء کے مابین ان کے شرعی حصص کے مطابق تقسیم ہونگے (جس کی تفصیل مندرجہ ذیل میں آرہی ہے)۔
مذکورہ تفصیل کی روشنی کے مطابق اگر سائل اپنے بیان میں سچا ہے اور مرحومہ کے وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور ہیں تومرحومہ کے کفن دفن کے اخراجات نکالنے اور اگر مرحومہ کے اوپر قرض ہے تو اس کو ادا کرنے کے بعد مرحومہ کےزیورات اور اس کے علاوہ اگرمرحومہ کی ملکیت میں کوئی اور سامان یا جائداد وغیرہ یا کیش پیسے ہیں تو ان سب کے کل 48 حصے کیئے جائیں گے ، جن میں سے 8حصے مرحومہ کی والدہ کو ملیں گے۔اور 30 حصے مرحومہ کےتینوں بھائیوں کو ملیں گے جن میں سے ہر ایک بھائیکو 10 حصے ملیں اور بقیہ 10 حصے مرحومہ کی دونوں بہنوں کو ملیں گے جن میں سے ہر ایک بہن کو 5حصے ملیں گے ۔اور چچا کو کچھ بھینہیں ملے گا۔
السراجی فی المیراث میں ہے :
"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجی فی المیراث :ص:5،مکتبہ لدھیانوی )
ایک بھائی کو دوبہنوں کے برابر حصہ ملتا ہے ۔ اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :
"لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ"
ترجمہ:مرد کا حصہ دو عورتوں کے برابر ہے۔
(النساء: آیت 11)
اگر ورثاء میں ایک سے زائد بھائی ہوں ،تو ماں کو چھٹا حصہ ملے گا۔ اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے :
"فَاِنْ كَانَ لَهٗۤ اِخْوَةٌ فَلِاُمِّهِ السُّدُسُ"
ترجمہ: پھر اگر اس کے کئی بہن بھائی توماں کا چھٹا(حصہ ہے)۔
(النساء: آیت 11)
وصیت وارث کے لیے جائز نہیں ہے کیونکہ نبی ﷺ کا فرمان ہے:
"إنَّ اللَّهَ قد أعطى كلَّ ذي حقٍّ حقَّهُ ألا لا وصيَّةَ لوارِثٍ"
ترجمہ: اللہ تعالیٰ نے ہر حق والے کو اس کا حق دے دیا ہے، لہٰذا وارث کے لیے کوئی وصیت نہیں۔
(صحيح ابن ماجه،رقم الحدیث:2211)
تنویر الابصار مع الدر المختار ہے:
"وشرائط صحتھا فی الواھب:العقل والبلوغ والملک وشرائط صحتھا فی الموھوب ان یکون مقبوضاغیر مشاع ممیزا غیر مشغول ورکنھا ھو الایجاب والقبول. وَتَتِمُّ الْهِبَةُ بِالْقَبْضِ الْكَامِلِ "ملخصا"
ترجمہ:ہبہ صحیح ہونے کی چند شرائط ہیں :واہب(ہبہ کرنے والا)عاقل ،بالغ اور شے کا مالک ہو اور جو چیز ہبہ کی جارہی ہے ،قبضہ میں ہو،مشاع نہ ہو ،ممیز ہومشغول نہ ہو اور ہبہ کے ارکان ایجاب و قبول ہیں.اور قبضہ کاملہ کے ساتھ ہبہ تمام ہو جاتا ہے۔
(تنویر الابصار،مع در مختار،ج:8،ص:568،مکتبہ رحمانیہ)
اسی میں ہے:
"(وهبته ووقفه وضمانه) كل ذلك حكمه (ك) حكم (وصية فيعتبر من الثلث)"
ترجمہ: اس(مریض) کا ہبہ کرنا، وقف کرنا اور ضمان دینایہ سب کے سب وصیت کے حکم میں ہیں ، لہٰذا ثلث (ایک تہائی مال) میں معتبر ہونگے ۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"وهب المريض لوارثه شيئا، ثم مات إنه يعتبر كونه وارثا له وقت الموت لا وقت الهبة؛ لأن هبة المريض في معنى الوصية حتى تعتبر من الثلث."
ترجمہ: اگر مریض اپنے وارث کو کوئی چیز ہبہ کرے، پھر وہ مر جائے، تو اس ہبہ میں وارث ہونا موت کے وقت کے اعتبار سے دیکھا جائے گا، نہ کہ ہبہ کے وقت کے اعتبار سے؛ کیونکہ مریض کا ہبہ وصیت کے معنی میں ہوتا ہے، یہاں تک کہ ثلث (ایک تہائی مال)معتبر ہوگا۔
(بدائع الصنائع ،ج:7،ص:337،دار الکتب العلمیۃ)
المحیط البرہانی میں ہے:
"يجب أن يعلم بأن هبة المريض هبة عقد وليست بوصية واعتبارها من الثلث ما كانت؛ لأنها وصية، ولكن لأن حق الورثة يتعلق بمال المريض وقد تبرع بالهبة فيلزم تبرعه بقدر ما جعل الشرع له وهو الثلث"
ترجمہ:یہ بات معلوم ہونا واجب ہے کہ مریض کا ہبہ، عقد کے اعتبار سے ہبہ ہی ہوتیاہے، وصیت نہیں ہوتی۔ اسے ثلث میں شمار کرنے کی وجہ یہ نہیں کہ وہ وصیت ہے، بلکہ اس لیے کہ مریض کے مال کے ساتھ ورثہ کا حق متعلق ہو جاتا ہے، اور مریض نے ہبہ کے ذریعے تبرع کیا ہے، لہٰذا اس کا تبرع اسی مقدار تک لازم کیا جائے گا جو شریعت نے اس کے لیے مقرر کی ہےاور وہ ثلث(ایک تہائی مال) ہے۔
(المحیط البرہانی ،6،ص:259، دار الکتب العلمیۃ)
شرح المجلہ میں ہے:
" تنعقد الهبة بالإيجاب والقبول وتتم بالقبض .واعلم ان المراد بالقبض الذی تتم به الهبة هو القبض الکامل ،وهو فی المنقو ل مايناسبه وفی العقار مايناسبه فقبض مفتاح الدار قبض لها والقبض الكامل فيما يحتمل القسمة بالقسمة حتي يقع القبض علي الموهوب بالاصالةمن غير ان يكون بتبعية قبض الكل وفيما لا يحتمل القسمة بتبعية الكل"
ترجمہ: ہبہ کا انعقاد ایجاب و قبول کے ذریعے ہوتا ہے اور قبضہ سے مکمل ہوتا ہے۔ اور جان لو کہ قبضہ کا جو مفہوم ہے جس سے ہبہ مکمل ہوتا ہے، وہ مکمل قبضہ ہے، اور یہ منتقل شدہ اشیاء میں ان کے مطابق ہوتا ہے، اور جائیداد میں ان کے مطابق ہوتا ہے۔ تو گھر کی چابی کا قبضہ اس کے قبضے کے مترادف ہے، اور مکمل قبضہ قابلِ تقسیم اشیاء میں تقسیم کے ذریعے ہوتا ہے یہاں تک کہ اصالۃً موہوب چیز پر قبضہ ہوجائے ، بغیر اس کے کہ پورے مال کے قبضے کے تابع ہو کر قبضہ نہ ہو، اور جو چیز تقسیم کی صلاحیت نہیں رکھتی، اس میں قبضہ پورے مال کے تابع ہو کر معتبر ہے۔
(شرح المجلہ للاتاسی،المادۃ:837،ج:3،ص:343)
النتف فی الفتاویٰ میں ہے:
"هبة الْمَرِيض للصحيح فجائزة اذا كَانَت تخرج من الثُّلُث وان لم تخرج من الثُّلُث فَهِيَ مِمَّا بَقِي وان كَانَ الصَّحِيح وَارِثا للْوَاهِب فَلَا تصح لانها تكون حِينَئِذٍ من وَصيته وَلَا وَصِيَّة للْوَارِث"
ترجمہ: مریض کا کسی تندرست شخص کو ہبہ کرنا جائز ہے، اگر وہ ثلث (ایک تہائی مال) کے اندر سے ہو۔ اگر وہ ثلث سے زائد ہو تو وہ صرف اسی قدر معتبر ہوگا جو (ثلث میں سے) باقی بچے۔ اور اگر وہ تندرست شخص ہبہ لینے والا، ہبہ کرنے والے کا وارث ہو، تو یہ ہبہ درست نہیں ہوگا، کیونکہ اس صورت میں وہ وصیت کے حکم میں ہوگا، اور وارث کے لیے وصیت جائز نہیں۔
(النتف فی الفتاویٰ،ج:،ص:520،دار الفرقان بیروت)
امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ رحمۃ الرحمٰن مریض کے ہبہ کے متعلق لکھتے ہیں :
" صورت مسئولہ میں اگر قبضہ مال موہوب پر قبل موت واہب کے ہوگیا تو ہبہ تمام ہے مگر ثلث مال میں صحیح ہوگا کہ ہبہ مرض موت میں ہوا پس ثلث مال موہوب لہا کو ملے گا اور دو ثلث ورثہ کو، اور اگر قبضہ بعد موت واہب کے ہوا تو ہبہ باطل ہے کل مال ورثہ واہب کو ملے گا۔ قال فی العالمگیرية قال فی الاصل ولاتجوز هبة المریض ولاصدقته الامقبوضة فاذا قبضت فجازت من الثلث واذا مات الواهب قبل التسلیم بطلت"عالمگیری میں فرمایا کہ مبسوط میں ہے کہ مریض کا ہبہ اور اس کا صدقہ جائز نہیں الایہ کہ موہوب لہ کو وہ قبضہ دے دے، اگرقبضہ دیا تو تہائی مال سے شمار ہوگا اور اگر یہ واہب مریض قبضہ دینے سے قبل فوت ہوگیا تو ہبہ باطل ہوجائیگا۔
(فتاویٰ رضویہ،ج:19،ص:230،رضا فانڈیشن لاہور)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب