دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

عورت کو شادی پر ملنے والے جہیز اور تحائف کا حکم

11522 نومبر، 2026824سوال کنندہ : نذیر احمد، ملتان
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و شرعِ متین اس مسئلہ کے متعلق کہ دلہن کو شادی کے موقع پر دولھا اور میکے والوں کی طرف سے جو تحائف اور زیورات ملتے ہیں اس کا مالک کون ہے اور اگر دولھااس کو باہمی رضا مندی سے کاروبار میں خرچ کر دے تو طلاق کے بعد اس کے واپس کرنے کے بارے میں کیا حکم ہے،جبکہ یہ سونا مہر کے طور پر نہ تھا قرآن وحدیث اور فقہ حنفی کی رو سے اس کا جواب عنایت فرمائیں؟ بینوا توجروا!

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ عورت کو میکے کی طرف سے ملنے والا جہیز عورت کی ملکیت ہے کیونکہ ہمارے عرف میں میکے کی طرف سے ملنے والے جہیز کو عورت کی ملکیت شمار کیاجاتاہے البتہ جو دولھے والوں کی طرف سے دلہن کومنہ دکھائی یا تحائف وغیرہ دئیے جاتے ہیں اس کی تین صورتیں بنتی ہیں ۔

1۔جیولری دینے والے نے ملکیت یا عدم ملکیت کی صراحت کی ہو یعنی واضح طور پر مالک کر دیا ہومثلاً کہہ دیا ہو کہ میں نے آپ کی ملک کیا ،آپ کو تحفہ میں دیا یا واضح طور پر کہا ہوکہ یہ بطور عاریت ہے ۔

2۔جیولری دینے والے نے کچھ نہ کہا ہو مگر وہاں کا عرف یہ ہو کہ اس قسم کا جو بھی تحفہ دیاجاتاہو وہ اس ہی کی ملکیت سمجھاجاتاہو تو اس صورت میں بھی وہ چیز دلہن ہی کی ہے کیونکہ یہ ہبہ مانا جائےگااور اگر وہاں کا عرف اس کے بر خلاف ہو کہ وہاں اس کو عورت کی ملک تسلیم نہ کیاجاتاہوتو وہ عورت کی ملک نہیں ہوگا اس کو بطورِ عاریت شمار کیاجائے گااور طلب کرنے پر وہ اس کو واپس دیاجائےگا ۔

3۔جیولری دینے والے نےکوئی صراحت نہ کی ہواور وہاں تملیک یا عدمِ تملیک کا کوئی عرف بھی نہ ہو تو قاعدہِ فقہیہ (القول قول الدافع) کی وجہ سے قسم کے ساتھ دینے والے کا قول تسلیم کیاجائے گا۔

لہذا شوہر اور شوہر کے والدین(سسرال) کی طرف سے دئیے جانے والےتحائف اور منہ دکھائی کے بارے میں اگر صراحتاً عدمِ ملکیت کا قول کیا تھا تو یہ دینےوالےکی ملکیت ہوں گےاور دلہن پر ان کو واپس کرنا لازم ہوگا، ورنہ وہ دلہن کی ملکیت ہوں گے کیونکہ شوہر اور اس کے گھر والوں کی طرف سےدئیےجانے والے تحائف کے بارے میں ہمارا عرف یہ ہے کہ وہ دینےوالے کی طرف سے ہبہ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان تحائف کو واپس لینے کو سخت معیوب اور موجبِ طعن سمجھا جاتاہے، کیونکہ لوگ طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں کہ صرف دکھانے کےلئے دیاتھاجب دلہن آگئی تو واپس لےلیا یعنی رسم معہود کے خلاف سمجھا جاتاہےاور قبضہ سے ہبہ تام ہوجاتاہے ۔

اور محض باہمی رضامندی سے زیور استعمال کرنے کی وجہ سے شوہر اس کا مالک نہیں ہوگا البتہ اگر حقیقت میں عورت نے شوہر کی ملک کر دیا تھاتوشوہر اس کا مالک ہےوہ واپس نہیں لوٹائے گااور اگر ملکیت اور عدمِ ملکیت میں اختلاف ہوجائے یعنی عورت کہے کہ بطورِ قرض دئیے تھے اور شوہر کہے بطورِ ہبہ دئیے تھے تواگر شوہر کے پاس ملکیت کے دعویٰ پر دو عادل مرد یا ایک مرد اور دو عورتیں گواہ موجود ہوں تو شوہر کی بات مانی جائے گی۔ورنہ قسم کےساتھ عورت کی بات تسلیم کی جائے گی اور استعمال شدہ زیورات کی قیمت دی جائےگی اور اگر عورت حلف اٹھانے سے انکار کر دے تو(قضاء بالنکول)کی وجہ سےشوہر کی بات تسلیم کی جائے گی اور استعمال شدہ زیورات کی قیمت عورت کو واپس نہیں کی جائے گی۔

ردالمحتار میں ہے:

"فان كل أحد يعلم أن الجهاز ملك المرأة، وأنه إذ طلقها تأخذه كله، وإذا ماتت يورث عنها ولا يختص بشيء منه"

ترجمہ:ہر کوئی جانتا ہے کہ جہیز عورت کی ملک ہوتا ہے، اور جب مرد طلاق دے گا تو عورت سب کا سب جہیز لے گی،اور جب عورت مرجائے تو شوہر اس کا وارث ہوگا ،شوہر کے لئے خاص اس جہیز میں سے کوئی حصہ نہیں۔

(رد المحتار علی الدر المختار ،ج:5 ،ص:302، مکتبہ رحمانیہ)

ہبہ میں عرف کی وجہ سےملکیت کے حوالہ سے تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے:

"جهز ابنته بما يجهز به مثلها ثم قال : كنت أعرتها الأمتعة إن العرف مستمراً) بين الناس أن الأب يدفع ذلك الجهاز ( ملكاً لا إعارة لا يقبل قوله) إنه إعارة، لأن الظاهر يكذبه"

ترجمہ:بیٹی کو جہیز دیا جس کی مثل ان کو(عرف میں) جہیز دیاجاتاہےپھر کہا کہ میں نے یہ بطورِ عاریت دیاہے اور لوگوں کے درمیان عرف یہ ہے کہ باپ جہیز بطورِ ملکیت دیتاہے تو باپ کا قول کہ میں نے عاریۃً دیاہے قبول نہیں کیاجائے گا کیونکہ ظاہر اس کے خلاف ہے۔

(تنویر الابصار مع الدرالمختار،کتاب العاریۃ،ج،8،ص،562،مکتبہ رحمانیہ )

ہبہ تام ہونے کے حوالہ سے تنویرالابصار مع الدر المختار میں ہے :

"(و) شرائط صحتها (في الموهوب: أن يكون مقبوضا، غير مشاع، مميزا غير مشغول)"

ترجمہ:ہبہ کی گئی چیز میں اس کے صحیح ہونے کی شرائط یہ ہیں کہ وہ چیز اس کے قبضہ میں موجود ہو ،مشترک نہ ہو ،الگ (متعین ) ہو ، مشغول نہ ہو (کسی دوسرے کا اس میں تصرف نہ ہو )۔

( الدرالمختار،کتاب الہبہ ، ،ج،12،ص،538تا 541،مکتبہ رحمانیہ )

اختلاف کی صورت میں کس قول کا اعتبار کیا جائے گا اس حوالہ سے بدائع الصنائع میں ہے:

"فالبينة حجة المدعي واليمين حجة المدعى عليه؛ لقوله عليه الصلاة والسلام : (البَيْنَةُ عَلَى المُدْعِي، وَاليَمِينُ عَلَى الْمُدْعَى عَلَيْهِ) جَعَلَ عليه الصلاة والسلام البينة حجة المدعي واليمين حجة المدعى عليه "

ترجمہ:گواہ مدعی کی حجت اور قسم مدعی علیہ کی حجت ہے، آپ ﷺ کے اس فرمان کی بناء پر :گواہ مدعی پر اور قسم مدعی علیہ پر ہے۔ تو آپ ﷺ نے گواہ کو مدعی کی حجت اور قسم کو مدعی علیہ کی حجت قرار دیا۔

(البدائع الصنائع فی ترتیب الشرائع ج:8 ص:418 مکتبہ رشیدیہ)

شرح عقود رسم المفتی میں ہے:

"وکذا مسئلۃ دعوی الاب عدم تملیکہ البنت الجھازفقد بنوھا علی العرف"

ترجمہ: اور اسی طرح باپ کا یہ دعوی کرنے کا مسئلہ ہے کہ اس نے بیٹی کو جہیز کی چیزوں کا مالک نہیں بنایا تھا تحقیق فقہاء نے اس مسئلے کی بنیاد عرف پر رکھی ہے۔

(شرح عقود رسم المفتی ،مبحث فی ان العرف،ص،266،مکتبہ دارِ اہل السنۃ)

الاشباہ والنظائر میں ہے:

"اذا اختلف الدافع والقابض فی الجہۃ فالقول قول الدافع"

ترجمہ: جب سپرد کرنے والے اور قبضہ کرنے والے کا جہت میں اختلاف ہوجائے تو دینے والے کا قول تسلیم کیا جائے گا۔

(الاشباہ والنظائرللسیوطی،ج،1،ص،500،مکتبہ دارالکتب العلمیہ)

امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن اسی طرح کےسوال کے جواب میں ارشاد فرماتےہیں:

"جہیز ہمارے بلاد کےعرفِ عام شائع سے خاص ملکِ زوجہ ہوتاہے جس میں شوہر کا کچھ حق نہیں طلاق ہوئی تو کل لے گی "

(فتاوٰی رضویہ،باب الجہاز،ج،12،ص،203،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

اسی میں ہے:

"دلہن کا گہنا جوڑاجو بری میں جاتا ہے اگر نصاً یا عرفاً اس میں بھی تملیک مقصود ہوتی ہو جیسے شکر، میوه ، یا عطر پھلیل وغیرہ میں مطلقا ہوتی ہے تو وہ بھی قبضہ منکوحہ ملک منکوحہ ہوگا ، ہمارے یہاں شرفا کا عرف ظاہر یہی ہے و لہذا بعد رخصت اس کے واپس لینے کو سخت معیوب وموجب مطعونی جانتے ہیں اور اگر لے لیں تو طعنہ زن یہی کہتے ہیں کہ دے کر پھیر لیا یا صرف دکھانے کو دیا تھا جب دلھن آگئی چھین لیا یعنی یہ ان کی رسم معہود کے خلاف ہے اس صورت میں تو اُس کے لئے بھی بعینہ وہی احکام ہوں گے جو دو لھا کے جوڑے میں گزرے کہ بعد ہلاک دلہن سے تاوان لینے کا اصلا اختیار نہیں جیسے شکر میوہ کا تاوان بٹ جانے کے بعد نہیں مل سکتا اگر چہ ہنوز کھانے میں نہ آیا ہو۔۔۔یونہی اگر وہ جوڑا گہنا بحالت قرابت محرمہ والدین شوہر یا بعد نکاح شوہر نے بنا کر بھیجا تو رجوع نا متصور، و رنہ بحالت بقائے موہوب و فقدان موانع برضا ئے زوجہ یا قضا نے قاضی واپسی گناہ کے ساتھ ممکن ، ہاں جہاں عرف تملیک نہ ہو بلکہ صرف پہنانے کے لئے بھیجا جاتا اور پہنانے والوں ہی کی ملک سمجھا جاتا ہو وہاں دلہن کی ملک نہیں ایک عاریت ہے کہ بحالت بقا جس سے ہر وقت رجوع جائز و حلال ۔"

(فتاوٰی رضویہ،باب الجہاز،ج،12،ص،208،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

اسی میں ہے:

"جوکچھ شوہر نے استعمال کے لئے دیا وہ ملک شوہر ہے مگر یہ کہ دلالت تملیک پائی جائے خواہ لفظاً یا عرفا ، اور عورت کا قبضہ ہو جائے تو اب وہ ملک زوجہ ہو جائے گا اور اب اسے کبھی واپس نہیں لے سکتا لان الزوجية من موانع الرجوع ( کیونکہ زوجیت موانع رجوع میں سے ہے۔) جہیز میں جو زیور وغیرہ عورت کو ملتا ہے وہ یقیناً ملک زن ہے۔"

(فتاویٰ رضویہ ج:19 ص:352 رضا فاؤنڈیشن)

خلاصہ:

عورت کو میکے کی طرف سے ملنے والا جہیز عورت کی ملکیت ہے اور شوہر اور سسرال کی دئیے جانے والے تحائف کے بارے میں اگر صراحتاً عدمِ ملکیت کا قول کیا تھا یہ دینے والے کی ملکیت ہوں گےاور بیوی پر اس کو واپس کرنا لازم ہوگا ورنہ یہ بیوی کی ملکیت ہوں گے۔

اور محض باہمی رضامندی سے زیور استعمال کرنے کی وجہ سے شوہر اس کا مالک نہیں ہوگا البتہ اگرحقیقت میں عورت نے شوہر کی ملک کر دیاتھاتو شوہر اس کا مالک ہےاور اگر ملکیت اور عدمِ ملکیت میں اختلاف ہو جائے یعنی عورت کہے کہ ملک نہیں کیا تھا اور شوہر کہے کیا تھا تو شوہر کے پاس اگر اس ملکیت کے دعویٰ پر دو عادل مرد یا ایک مرد اور دوعورتیں گواہ موجود ہوں تو شوہر کی بات مانی جائے گی ، ورنہ قسم کےساتھ عورت کی بات تسلیم کی جائے گی اور اگر عورت قسم اٹھانے سے انکار کر دے توشوہر کی بات تسلیم کی جائے گی ۔

واللہ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمد الطاف چشتی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

25جولائی 2026ءبمطابق08صفر المظفر1448ھ کو جاری کیا گیا