دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مورث کی موت سے پہلے وارث کی موت سے وراثت کا حکم

823 نومبر، 2026273سوال کنندہ : عبد الرؤف، کراچی
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ میرے والد کا 12 نومبر 2017 کو انتقال ہوا جبکہ میرے چھوٹےبھائی کا انتقال والد سے چند ماہ قبل 22 جولائی 2017 کو ہوا ۔اب پوچھنا یہ ہے کہ چھوٹے بھائی کی زوجہ اور ایک بیٹا ہے کیا ان کو والد کی وراثت سے کوئی حصہ ملے گا؟بینوا توجروا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھ گئی صورت میں مرحوم کی وراثت سے اس کے فوت شدہ بیٹے کو ترکہ سے کچھ نہیں ملے گاکیونکہ ترکہ کےوارث وہی بن سکتے ہیں جو مورث کی وفات کے وقت زندہ ہوں ،پہلے فوت ہونے والاشخص بعد میں فوت ہونے والے کا وارث نہیں بن سکتا ،لہذا مذکورہ صورت میں مرحوم والدکے فوت شدہ بیٹے کی بیوہ اوربیٹےکیلئے مرحوم کی جائیداد وغیرہ میں شریعت کی روشنی میںکوئی حصہ نہیں ،کیونکہ اس کا مرحوم سے پہلے انتقال ہوگیا ہے۔

یہ ہوا حکم شرع تا ہم اگر آپ لوگ حسنِ سلوک کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بھائی کی بیوی اور بیٹے کو بطور احسان کچھ دے دیں ،تو ضرور اجر پائیں گے،اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

" وَ اِذَا حَضَرَ الْقِسْمَۃَ اُولُوا الْقُرْبٰی وَ الْیَتٰمٰی وَالْمَسٰکِیۡنُ فَارْزُقُوۡہُمۡ مِّنْہُ وَقُوۡلُوۡا لَہُمْ قَوْلًا مَّعْرُوۡفًا

ترجمہ:اور جب(ترکے کی) تقسیم کے موقع پر اگر رشتہ دار ، یتیم اور مسکین آجائیں(جو شرعا وارث نہیں بن سکتے)، تو اس میں سے (رضاکارانہ طور پر)انہیں بھی کچھ دے دواور ان سے اچھی بات کہو۔

(النساء،آیت:8)

قرآن کریم کا یہ حکم ایجابی تو نہیں ہے،استحبابی ہے ،اس کی حیثیت مقاصد خیر کے لیے سفارش اور مشاورت کی ہے ۔لہذا اس میں سے کچھ تبرعا استحسانا رضاکارانہ طور پر تقسیم ترکہ سے پہلے بھائی کی اولادکو بطور ہبہ دے دیں،تو یہ ایک اچھا عمل وصلہ رحمی ہوگی ا ور اللہ تعالی کی رضا کا باعث ہوگا،اور اس کا اجر انہیں ملے گا۔

رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:

"وشروطه:ثلاثة:موت مورث حقيقة،أو حكما كمفقود،أو تقديرا كجنين"

ترجمہ:میراث کی تین شرائط ہیں:مورث کی موت حقیقتاً ہو یا حکماً جیسے مفقود یا تقدیرا ہو جیسے جنین۔

(ج:6،ص:758،دار الفکر بیروت)

الموسوعۃ الفقہیہ الکویتیہ میں ہے:

"وللارث شروط ثلاثة۔۔۔ثانيهما تحقق حياة الوارث بعد موت المورث"

ترجمہ:اور وراثت کی تین شرائط ہیں : ان میں سے دوسری ہے وارث کی زندگی کا تحقق مورث کی موت کے بعد ہو۔

(ج:3،ص:22،دار السلاسل)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

2فروری 2026 ء/13 شعبان المعظّم ١٤٤٧ ھ کو جاری کیا گیا