دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مسئلہ میراث

25722 نومبر، 202691
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ كي متعلق كہ والد صاحب کا انتقال تقریباً 6 سال پہلے ہوچکا ہے،ان کا ایک مکان ہے۔ہم ورثاء میں والدہ،چار بھائی اور بہنیں ہیں ،ان میں سے دو بھائی یہ کہہ کر علیحدہ ہوگئے کہ ہمیں حصہ نہیں چاہیے،اور میں نے ایک بہن کو ان کے حصہ کے 5 لاکھ روپے دے دیئے ہیں جس کو تقریباً چار سال ہوگئے ہیں اس وقت مکان کی مارکیٹ 25 لاکھ تھی،لہذا ہماری شرعی رہنمائی فرمائیں کہ کس وارث کا کتنا حصہ بنتا ہے؟ بینوا توجروا! سائل:محمد آصف حسین، مارٹن کواٹر کراچی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

اگرسائل اپنے بیان میں سچا ہے اور وہی ورثاء ہیں جو سوال میں مذکور ہیں،تومذکورہ صورت میں دو بھائیوں کا یہ کہہ کر"ہمیں حصہ نہیں چاہیے" علیحدگی اختیار کرنے سے اپنے والد کی وراثت سے محروم نہیں ہوسکتے بلکہ اس گھر وغیرہ والد کے میراث میں ان کا برابر حق ملے گا کیونکہ اسلام کا قانونِ وراثت اجباری ہے ،اس پر عمل کرنا شریعت کی رو سے لازم و ضروری ہے کہ ہر وارث کا حصہ اس کی ملکیت میں دے دیا جائے ،محض ترکہ سے زبانی یا کلامی دستبرداری کی کوئی حیثت نہیں ہے ،یعنی دستبرداری کرنے یا کرانے سے وارثوں کا حقِ وراثت ساقط نہیں ہوگا بلکہ ہر وارث کا حصہ اس کی ملک اور تصرف میں دینا ضروری ہے ۔لہذا مذکورہ ورثاء کی تفصیل کی روشنی میں حکمِ شرع یہ ہے کہ مرحوم کے گھر اور دیگر کوئی جائداد(موجودہ مارکیٹ ریٹ نکال کر) یا رقم وغیرہ موجود ہو تو سب کے 80 حصص ہونگے جن میں سے دس حصے مرحومہ کی بیوہ کو ،56 حصے مرحوم کے تمام بیٹوں کو جن میں سے ہر ایک 14 حصے اور بقیہ چودہ حصوں میں سے 7 حصے اس بہن کو جس نے اپنا حصہ بھائی(سائل) سے نہیں لیا ۔بقیہ ایک بہن کے حصہ کے متعلق تفصیل یہ ہے کہ اگر بہن نے اپنے شرعی حصے کے بدلے 5 لاکھ روپے پر باقاعدہ رضامندی سے مکمل تصفیہ کر لیا تھا، اور یہ طے ہوگیا تھا کہ اس رقم کے بدلے مکان میں اس کا حق ختم ہوجائے گا،تویہ تصفیہ معتبر ہوسکتا ہے اس صورت میں باقی 7 حصے دوسری بہن کے بھائی(سائل) کو ملیں گے۔اوراگر 5 لاکھ روپے محض عارضی ادائیگی تھے،یا بہن نے اپنا پورا حصہ چھوڑنے پر رضامندی نہیں دی تھی،تو صرف رقم ادا کر دینے سے اس کا بقیہ حق ختم نہیں ہوگا بلکہ گھر کے موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق 7 حصوں کی رقم بن رہی ہے وہ اس کو حصہ کے طور پر دی جائے گی،لیکن دی گئی 5 لاکھ روپے رقم اس سے منہا کی جائے گی اگر حصہ 5 لاکھ سے کم ہو تو بقیہ بھائی کو ادا کرنا لازم ہےاور اگر حصہ بڑھ جائے تو اس کو منہا کرنے کے بعد جو رقم بچے بہن کو دینا لازم ہے۔

السراجی فی المیراث میں ہے :

تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "

ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کے قرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاء کےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔

(السراجی فی المیراث :ص5،مکتبہ لدھیانوی )

ایک بیٹے کو دوبیٹیوں کے برابر حصہ ملتا ہے ۔

اللہ تعالی ٰ کا فرمان ہے : لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ

ترجمہ:" بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے"

(النساء: آیت 11)۔

بیوہ کو اولا د کی موجودگی میں ثمن (آٹھواں حصہ) ملتا ہے ۔

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :فَاِنۡ کَانَ لَکُمْ وَلَدٌ فَلَہُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَکْتُمۡ

ترجمہ: "پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں(حصہ ہے)"۔

(النساء: آیت 12)۔

علامہ زین الدین ابنِ نجیم حنفی لکھتے ہیں:

"لایدخل فی ملک الانسان شیء بغیرِ اختیارہ الّا الارث اتفاقاً۔۔۔ لو قال الوارث ترکت حقی لم یبطل حقہ اذ الملک لایبطل بالترک"

ترجمہ:انسان کی ملکیت میں اس کے اختیار کے بغیر کوئی شیء داخل نہیں ہوتی ،مگر میراث بالاتفاق داخل ہوتی ہے ۔۔۔ اگر وارث نے کہا:میں نے اپنا حق چھورڈیا ہے،تو اس کا حق باطل نہیں ہوگا کیونکہ ملک چھوڑدینے سے (یعنی محض دستبردار ہونے) سے باطل نہیں ہوتا۔

(الاشباہ والنظائر،ص:309، دار الكتب العلمية، بيروت - لبنان)

تکملہ لرد المحتار علی الدرالمختار میں ہے:

"الارث جبري لَا يسْقط بالاسقاط.

ترجمہ:وراثت اجباری ہے کسی کے ساقط کرنے سے ساقط نہیں ہوتی۔

(تکملہ لرد المحتار علی الدرالمختار،ج:8،ص:116،دار الفكر للطباعة والنشروالتوزيع،بيروت)

درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام العدلیہ میں ہے:

"(تَقْسِيمُ حَاصِلَاتِ الْأَمْوَالِ الْمُشْتَرَكَةِ فِي شَرِكَةِ الْمِلْكِ بَيْنَ أَصْحَابِهِمْ بِنِسْبَةِ حِصَصِهِمْ۔ تُقَسَّمُ حَاصِلَاتُ الْأَمْوَالِ الْمُشْتَرَكَةِ فِي شَرِكَةِ الْمِلْكِ بَيْنَ أَصْحَابِهَا بِنِسْبَةِ حِصَصِهِمْ، يَعْنِي إذَا كَانَتْ حِصَصُ الشَّرِيكَيْنِ مُتَسَاوِيَةً أَيْ مُشْتَرَكَةً مُنَاصَفَةً فَتُقَسَّمُ بِالتَّسَاوِي وَإِذَا لَمْ تَكُنْ مُتَسَاوِيَةً بِأَنْ يَكُونَ لِأَحَدِهِمَا الثُّلُثُ وَلِلْآخَرِ الثُّلُثَانِ فَتُقَسَّمُ الْحَاصِلَاتُ عَلَى هَذِهِ النِّسْبَةِ؛ لِأَنَّ نَفَقَاتِ هَذِهِ الْأَمْوَالِ هِيَ بِنِسْبَةِ حِصَصِهِمَا ۔۔۔۔ إيضَاحُ ثَمَنِ الْمَبِيعِ: لَوْ بِيعَ مَالٌ مُشْتَرَكٌ بِاتِّفَاقِ الشُّرَكَاءِ فَيُقَسَّمُ الثَّمَنُ بَيْنَهُمْ بِنِسْبَةِ حِصَصِهِمْ فِي ذَلِكَ الْمَالِ فَإِذَا شُرِطَ لِأَحَدِهِمْ مِقْدَارٌ مِنْ الثَّمَنِ أَكْثَرُ مِنْ حِصَّتِهِ لَا يَصِحُّ (الْمُحْتَارُ)۔۔۔ كَذَلِكَ لَوْ كَانَتْ ثَلَاثُونَ كَيْلَةَ حِنْطَةٍ مُشْتَرَكَةً بَيْنَ اثْنَيْنِ مُثَالَثَةً فَبَاعَاهَا بِثَلَاثِينَ رِيَالًا عَلَى شَرْطِ تَقْسِيمِ الثَّمَنِ بَيْنَهُمَا مُنَاصَفَةً فَلَا حُكْمَ لِهَذَا الشَّرْطِ وَيَقْتَسِمَانِ ثَمَنَ الْمَبِيعِ بَيْنَهُمَا مُثَالَثَةٌ ثُلُثٌ لِأَحَدِهِمَا وَثُلُثَانِ لِلْآخَرِ"

ترجمہ:شرکتِ ملک (مشترکہ ملکیت)کے اموال سے حاصل ہونے والی پیداوار ان کے مالکان کے درمیان ان کے ملکیتی حصوں کے تناسب سے تقسیم ہوگی۔ یعنی اگر دونوں شرکاء کے حصے برابر ہوں،مثلاً ہر ایک نصف نصف کا مالک ہو،تو حاصل ہونے والی پیداوار بھی برابر تقسیم کی جائے گی۔اور اگر ان کے حصے برابر نہ ہوں،بلکہ ایک شریک کا ایک تہائی اور دوسرے کا دو تہائی حصہ ہو،تو پیداوار بھی اسی تناسب سے تقسیم ہوگی کیونکہ ان مشترکہ اموال کے اخراجات بھی دونوں کے ملکیتی حصوں کے تناسب سے ہوتے ہیں۔

فروخت شدہ مال کی قیمت کی وضاحت:اگر کوئی مشترکہ مال تمام شرکاء کی باہمی رضامندی سے فروخت کیا جائے تو اس کی حاصل ہونے والی قیمت بھی ان کے درمیان اسی تناسب سے تقسیم ہوگی جس تناسب سے وہ اس مال کے مالک ہیں۔لہٰذا اگر کسی ایک شریک کے لیے یہ شرط رکھی جائے کہ اسے اس کے اصل ملکیتی حصے سے زیادہ رقم دی جائے گی تو یہ شرط درست نہیں ہوگی۔ "المختار"مثلاً اگر تیس کیل گندم دو اشخاص کے درمیان مشترکہ ہو اور ان میں سے ایک کا ایک تہائی،جبکہ دوسرے کا دو تہائی حصہ ہو،پھر دونوں اس گندم کو تیس ریال میں اس شرط پر فروخت کریں کہ فروخت کی قیمت ان کے درمیان نصف نصف تقسیم ہوگی، تو اس شرط کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا،بلکہ فروخت کی قیمت ان کے اصل ملکیتی حصوں کے تناسب سے تقسیم کی جائے گی چنانچہ ایک شریک کو دس ریال (ایک تہائی) اور دوسرے شریک کو بیس ریال (دو تہائی) ملیں گے۔( درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام العدلیہ، الْمَادَّةُ :1073،ج:3،ص:26، دار الجيل)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوالحسنین محمد وسیم اختر المدنی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

2نومبر 2026 ء/٢١جمادی الاُولیٰ ١٤٤٨ ھ کو جاری کیا گیا

متعلقہ فتاویٰ

ورثاء کے شرعی حصص، زبانی دستبرداری اور بہن کو ادا کردہ رقم کی شرعی حیثیت۔ سے متعلق مزید منتخب سوالات