دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

مرسومہ طلاق نامہ سے دو طلاق رجعی

22322 نومبر، 2026170
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ امتیاز احمد نے اپنی زوجہ کشور شریف کو مؤرخہ 11۔12۔2023 اسٹام پیپر پر تحریری طور پر طلاق ِاوَّل کا نوٹس بھیجوایا کچھ دنوں بعد زوجہ نے اپنے خاوند کے دفتر ( جہاںوہ ملازمت کرتا ہے) ایک درخواست دی کہ میرے خاوند نے مجھے غیر آباد کر رکھاہے، اس کا سرکاری مکان کینسل کیا جائے ۔ دفتر کی طرف سے ایک پانچ رکنی کمیٹی نے مؤرخہ 27۔02۔2024 پیشی کا حکم دیا، اس پیشی میں خاوند نے اپنی زوجہ سے رجوع کر لیا اور دونوں میاں بیوی نے تحریری بیان حلفی بھی جمع کروا کر صلح کرلی اس موقع پر خاوند کا ایک بھائی اور زوجہ کے دو بھائیوں نے بھی شرکت کی ،اس کے بعد میاں بیوئی اپنی دو بچیوں اور بھائیوں کے ساتھ گھر گئے جہاں پر دوسرے خاندان کے افراد کے ساتھ کھانا وغیرہ کھایا اور 3 سے 4 گھنٹے اکٹھےخوشی خوشی گزارے، اس کے بعد بیوی اپنے بھائیوں کے ساتھ اپنے میکے چلی گئی کہ اپنے کپڑوں اور روزمرہ کےسامان کے ساتھ دو سے تین دن میں واپس آئیگی ۔ لیکن وہاں جاکر اس کے والد نے اعتراض اٹھا دیا ہے کہ چونکہ طلاق اوَّل زبانی نہیں ہے اسٹام پر لکھی گئی ہے یہ طلاق ہو چکی ہے۔ لہذا میں اپنی بیٹی کو خاوند کے پاس نہیں بھیجوں گا ۔ آپ اس معاملے میں رہنمائی فرمائیں کہ طلاق ہوئی یا نہیں؟ اگر ہوئی تو ان کا رجوع کرنا درست ہے یا نہیں ؟ اگر درست ہے تو پھر لڑکی کے والد کا اس کو اپنے شوہر کے پاس جانے سے روکنا کیسا؟ نوٹس (طلاقِ اوَّل ) کی کاپی لف ہے۔ سائل:محمد سرفراز نوٹ: اسٹام پیپر پر طلاق کے یہ الفاظ "بقائمی ہوش وحواس خمسہ بلا جبرو اکراہ غیر سے اقرار کرتا ہوں کہ میں آج مؤرخہ 11۔12۔2023 کو اپنی زوجہ مسمّاۃ کشور شریف دختر حاجی شریف طلاقِ اوَّل دیتا ہوں اور اپنی زوجیت سے فارغ کرتا ہوں" ہیں۔ سائل سے رابطہ کیا گیا جس پر انہوں نے مزید تفصیل بتائی کہ جب یہ طلاق نامہ بنوانے گیا،تو اسٹامپ پیپر والے نے پوچھا کہ تین طلاق کا بنادوں ؟ تو میں نے کہا نہیں فقط ایک طلاق کا بنادیں پھر انہوں نے مذکورہ الفاظ کے ساتھ طلاق نامہ بنایا ،جس کو میں نے ایک ہی سمجھ کر دستخط کرکے اپنی بیوی کو بھجوادیا ، اور میرا ارادہ بھی فقط ایک طلاق دینے کا تھا۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکمِ شرع یہ ہے کہ ہم نے آپ کا تحریر شدہ طلاق نامہ بغور ملاحظہ کیا ،جو کہ فقہی اعتبار سے مستبینہ مرسومہ طلاق نامہ ہے۔ مرسومہ طلاق نامہ کا حکم شرع یہ ہے کہ باقاعدہ اسٹامپ پیپر پر طلاق نامہ بنواکر اسکو پڑھ کر یا اس کےمفہوم پر مطلع ہوکر اس پر دستخط کرنے سے بغیر نیت کے بھی قضاءً فورا طلاق واقع ہوجائے گی ،لہذا مذکورہ صورت میں مسمّاۃ کشور شریف بنت حاجی شریف کو دو طلاق رجعی واقع ہوچکی ہیں،کیونکہ یہ الفاظ "اور اپنی زوجیت سے فارغ کرتا ہوں"فی زمانہ صرح طلاق کے حکم میں ہے اس لئے ان الفاظ سے دوسری طلاق بھی واقع ہوگی اگرچہ شوہر نے ایک طلاق سمجھ کر دستخط کئے ہوں کہ صریح الفاظ میں نیت کی حاجت نہیں ،بغیر نیت کے بھی طلاق واقع ہوجائے گی۔ اگر شوہر کے رجوع کے وقت لڑکی کی عدت جاری تھی تو رجوع کرنا درست ہے ورنئے حق مہر کے ساتھ لڑکی کی رضا وخوشی سے نیا نکاح کرنا ضروری ہے ۔ دونوں صورتوں میں مرد کو صرف ایک طلاق کا حق باقی ہے اگر زندگی مین کبھی ایک اور طلاق دے گا ،تواس کی بیوی اس پر حرمتِ مگلظہ کے ساتھ حرام ہوجائے گی اور بغیر تحلیلِ شرعی حلال نہیں ہوگی۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ دفتر کی طرف سے پانچ رکنی کمیٹی کے فیصلہ جو کہ مؤرخہ 27۔02۔2024 کو وقوع پذیرہوا جس میں امتیاز نے رجوع کرلیا تھا ،اگر لڑکی کی عدت(اگر عورت کو ماہواری آتی ہے،تو تین ماہواری اگر حاملہ ہے تو وضعِ حمل ہے) جاری تھی (کیونکہ اس رجوع اور طلاق کے درمیان کل دورانیہ 2 ماہ 17 دن بن رہا ہے،جس میں عدت کا گذرنا ممکن ہے )،تو شوہر کا رجوع درست ہے اور اب دونوں کے مابین میاں بیوی کا رشتہ قائم ہے،لہذا لڑکی کے والد کا اس کو روکنا شرعاً ناجائز ہے،کیونکہ شادی کے بعد لڑکی پر سب سے زیادہ حق اس کے شوہر کا ہے ۔

اگر عورت کی عمر 55 سال یا اس سے زائد ہے جس کی وجہ سے اسے حیض نہیں آتا،تواس کی عدت مہینوں سے ہوگی اور وہ تین ماہ ہے ،جو کہ اس فیصلہ کی تاریخ تک مکمل نہیں ہوئی کہ کل دورانیہ 2 ماہ 17 دن بن رہے رہیں ،لہذا اس صورت میں بھی شوہر کا رجوع درست ہے اور اب دونوں کے مابین میاں بیوی کا رشتہ قائم ہے،لہذا لڑکی کے والد کا اس کو روکنا شرعاً ناجائز و گناہ ہے۔

اگر اس عورت کو ماہواری آتی ہے ،اور طلاق نامہ بنوانے کی تاریخ (11۔12۔2023)سے فیصلہ کی تاریخ (27۔02۔2024) تک تین بار ماہواری آکر ختم ہوگئی ،تو عورت کی عدت بھی ختم ہوگئی اور شوہرکا رجوع کرنا درست نہیں کیونکہ رجوع کیلئے ضروری ہے کہ بیوی کی عدت جاری ہو ،لہذا بیوی اس کے نکاح سے نکل گئی،اب اگر دونوں کا آپس میں دوبارہ رشتہ ازدواج قائم کرنے کا ارادہ ہے،تو پھر نئے حق مہر کے ساتھ بیوی کی رضا و خوشی سے نیا نکاح کرنا ضروری ہوگا ورنہ لڑکی اب جہاں چاہے اپنی مرضی سے نکاح کر سکتی ۔

طلاق رجعی ایک ہو یا دو اس کا حکم یہ ہے کہ شوہر کو عورت کی عدت یعنی جس ماہواری میں طلاق دی اس کے علاوہ تین ماہواریاں گزرنے سے پہلےپہلے رجوع کرنے کا اختیار ہے۔ اور رجوع یہ ہے کہ شوہر گواہوں کے سامنے کہے کہ میں نے اپنی بیوی کونکاح میں واپس کیا ،یا اپنی بیوی سے جسمانی تعلق قائم کرلے تو رجوع ہو جائے گا۔

مستبینہ مرسومہ طلاق نامہ

وہ طلاق نامہ جس میں طلاق کا عنوان اور تمہید یعنی طلاق دینے کی وجہ ، الفاظ طلاق اور شوہر کے دستخط بھی موجود ہوں ، جیسا کہ فی زمانہ اسٹام پیپر والا قانونی طلاق نامہ ہو تا ہے۔ اس طرح کے طلاق نامے سے بغیر نیت کے بھی قضاء طلاق واقع ہو جائے گی۔ بغیر اسٹام پیپر کے طلاق نامہ کو موجودہ دور میں مکمل طلاق نامہ نہیں سمجھا جاتا، سادہ کاغذ پر طلاق نامہ تحریر کرے تو اسٹام پیپر پر لکھ کر دینے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، لہذ اسادہ کاغذ پر لکھا گیا طلاق نامہ غیرمرسومہ ( رواج کے خلاف ) طلاق نامہ قرار پائے گا۔

تحریری طلاق کی تفصیل:

ردالمحتارمیں ہے:

" الْقَلَمُ أَحَدُ اللِّسَاْنَيْنِ".

ترجمہ:قلم دو زبانوں میں سے ایک ہے۔

[ردالمحتار علی الد ر المختار، کتاب الحظر والاباحۃ , باب الغیبۃ، ج:9، ص:587، مکتبہ امدادیہ ملتان]۔

الاشباہ والنظائر میں ہے:

" قَاْلَ فِيْ الْهِدَاْيَةِ: الْكِتَاْبُ كَالْخِطَاْبِ".

ترجمہ: هدایۃ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے:تحریرخطاب کی طرح ہے۔

[الاشباہ والنظائر, ج:3 ، ص: 120, مکتبہ ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ کراچی]۔

علامہ شامی علیہ الرحمہ کتابت کے ذریعے دی گئی طلاق کے بارے میں فرماتے ہیں:

’’ الکتابۃعلی نوعین مرسومۃو غیر مرسومۃ و نعنی بالمرسومۃ ان یکون مصد را و معنونا مثل ما یکتب الی الغائب وغیر مرسو مۃ ان لا یکون مصدرا و معنو نا و ہو علی و جھین مستبینۃ و غیر مستبینۃ فالمستبینۃ ما یکتب علی الصحیفۃ و الحائط و الارض علی وجہ یمکن فھمہ و قرائتہ و غیر المستبینۃ ما یکتب علی الھواء والماء و شی لا یمکن فھمہ و قرائتہ ففی غیر المستبینۃ لایقع الطلاق وان نوی وان کا نت مستبینۃ لکنھا غیر مرسومۃ ان نوی الطلاق یقع والا لا وان کانت مرسومۃ یقع الطلاق نوی اولم ینو‘‘

ترجمہ:’’ کتابت کی دو قسمیں ہیں (۱)مر سومہ (۲)غیر مرسومہ، اور مرسومہ سے ہما ری مراد یہ ہے کہ اس پر طلاق نامہ کا عنوان ہو اور تمہید ہو جیسے کسی غائب کو خط لکھاجاتا ہے غیر مر سو مہ(جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہو) کی بھی دو قسمیں ہیں (۱) ۔مستبینہ( ۲) غیر مستبینہ ،مستبینہ وہ ہے جو کاغذ اور دیوار اور زمین پر اس طرح لکھا جائے کہ اس کا سمجھنا اور پڑھنا ممکن ہو اور غیر مستبینہ وہ یہ ہے کہ ہوا اور پانی اور کسی چیز پر اس طرح لکھنا کہ اس کوسمجھنا اور پڑھنا ممکن نہ ہو تو غیر مستبینہ کتابت(پانی ہوا میں لکھنا) میں طلاق واقع نہ ہو گی اگر چہ نیت بھی کر لے اور اگر کتابت مستبینہ ہو لیکن غیر مر سومہ (جو طلاق نامہ کے عنوان سے نہ ہوجیسا کہ موبائل پر میسج کرنا)۔ اگراس نے طلاق کی نیت کی تو طلاق واقع ہو جائے گی اور اگر نیت نہ کی تو طلاق واقع نہ ہو گی اور اگر کتابت مرسومہ (مروجہ طلاق نامہ)ہے تو طلاق واقع ہو جائے گی نیت کرے یا نیت نہ کرئے‘‘۔

[ ردالمحتار علی الد ر المختار،کتاب الطلاق،ج:4،ص:455،مکتبہ امدادیہ ملتان]۔

طلاق کی محل عورت منکوحہ ہے یا معتدہ تنویر الابصار مع رد المحتار میں ہے:

" (ومحله المنكوحة) أي ولو معتدة عن طلاق رجعي أو بائن غير ثلاث في حرة"

ترجمہ:یعنی طلاق کی محل منکوحہ ہے،اگرچہ معتدہ ہو طلاقِ رجعی سے یا تین سے کم بائنہ سے آزاد عورت میں۔

(رد المحتار مع تنویر الابصار،ج:4،ص:419،مکتبہ رحمانیہ)۔

عالمگیری میں ہے :

”اذا طلق الرجل تطلیقۃ رجعیۃ او تطلیقتین فلہ ان یراجعھا فی عدتھا رضیت بذٰک او لم ترض کذافی الھدایہ‘‘

ترجمہ:" جب مرد نے اپنی عورت کو ایک یا دوطلاق رجعی دی تو عدت کے اندر عورت سے رجوع کر سکتا ہے خواہ وہ راضی ہو یانہ ہو اسی طرح ہدایہ میں ہے"۔

[فتاوی عالمگیری :ج؛1؛ص:504،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی]

اور اسی میں رجعت کا طریقہ اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:

’’ الرجعۃ ابقا النکاح علی ماکا ن مادامت فی العدۃ کذا فی التبین و ھی علی ضربین سنی وبدعی فالسنی ان یراجعھا بالقول ویشھد علی رجعتھا شاھدین ویعلمھا بذلک فاذ اراجعھا بالقول نحو ان یقول لھا راجعتک او راجعت امراتی ولم یشھد علی ذلک او اشھد ولم یعلمھا بذلک فھو بدعی مخالف للسنۃ والر جعۃ صحیحۃ وان راجعھا بالفعل مثل ان یطاھا او یقبلھا بشھوۃ او ینظر الی فرجھا بشھوۃ فانہ یصیر مراجعا عندنا الا انہ ہ یکرہ لہ ذلک ویستحب ان یراجعھا بعد ذلک بالاشھاد کذا فی الجوھر ۃ النیرۃ ‘‘

ترجمہ: رجعت کا معنی یہ ہے کہ نکاح کو پہلے کی طرح باقی رکھناجب تک عورت عدت میں ہے ۔اسی طرح تبین میں ہے اور اس کی دو قسمیں ہیں ایک سنت طریقہ اورایک بدعی یعنی خلاف سنت طریقہ ،پس سنت طریقہ یہ ہے کہ عورت سے زبانی رجوع کرے اور اس رجوع پر دوگواہ بنائے اورعورت کو اس کی خبر دے پس جب زبانی رجوع کرنے لگے تو اس طرح کہے میں نے تجھ سے رجعت کی یا کہے میں نے اپنی عورت سے رجوع کیا اور گواہ نہ بنائے یا گواہ تو بنائے لیکن عورت کو اس کی خبر نہ کی تو یہ طریقہ بدعی خلاف سنت ہے لیکن رجعت صحیح ہے اور اگر بالفعل رجعت کی مثلا اپنی بیوی سے وطی کر لی یا شہوت سے بوسہ لیا یا شہوت سے اس کے فرج کی طرف نظر کی تو ہمارے نزدیک رجعت کرنے والا ہو جائے گا مگر یہ اس کے لیے مکروہ ہےاور مستحب یہ ہے کہ پہلے گواہ بنائے اور پھر رجوع کرے اسی طرح الجوہرۃالنیرہ میں ہے۔

[فتاوی عالمگیری :ج؛1 ؛ص:502؛مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی]۔

اور طلاق کی عدت کی اقسام کے متعلق فتاویٰ سراجیہ میں ہے:

"المطلقۃ تعتد بثلاث حیض ان کانت من ذوات الحیض وبثلاثۃ اشھر ان کانت من ذوات الاشھرکالآیسۃوالصغیرۃ عدۃ الحامل ان تضع حملھا"ملخصا"

ترجمہ:اگر طلاق یافتہ عورت کو حیض آتا ہو تو وہ تین (کامل)حیض کے ساتھ عدت گزارے گی اور (جس کو حیض نہیں آتا)تین مہینوں کے ساتھ عدت گزارے گی اگر ہے مہینوں والی جیسے آئسہ(بوڑھی)اورنابالغہ،حاملہ کی عدت وضع حمل ہے۔

(فتاویٰ سراجیہ،ص:231،مکتبہ زمزم)۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: ابوحذیفہ محمد ابراہیم سکندری

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

8/مارچ/2024 ۔26 شعبان المعظَّم 1445ھ کو جاری کیا گیا