سوال
کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے نانا نے اپنی ذاتی کمائی سے تقریباً 80 گز کا ایک مکان خریدا تھا، میرے نانا نے اسی 80 گز کے مکان کے درمیان دیوار بنا کر تقریباً 40 گز کا حصہ اپنے بھتیجے کے لیے الگ کردیا۔ بھتیجا ابتدا سے اسی مکان میں رہتا آیا اور شادی کے بعد بھی اسی مکان میں رہتا رہا۔ اس طرح تقریباً 60 تا 65 سال تک اس مکان میں رہا کافی عرصے بعد بھتیجے نے خواہش ظاہر کی کہ یہ حصہ اس کے نام کردیا جائے۔ میرے نانا اس پر رضامند ہوگئے، لیکن اس وقت بھتیجے کے پاس قانونی انتقال کے اخراجات کے لیے رقم نہ ہونے کی وجہ سے نام منتقل نہ ہوسکا۔ آج تک سرکاری کاغذات میں پورا 80 گز والا مکان میرے نانا کے نام ہے۔ اس کے بعد نانا نے نے تقریباً 80 گز کا دوسرا مکان 3 لاکھ 50 ہزار روپے میں خریدا، اس وقت 2 لاکھ روپیہ ادا کرکے قبضہ لے لیا گیا، جبکہ بقیہ رقم کی ادا ئیگی نہیں ہوئی جسکی وجہ سے اس مکان کے کاغذات وصول نہیں ہوئے ۔تو دوسرے مکان کو کرائے پر دے کر اس کی آمدنی سے کمیٹی ڈالی گئی، تاکہ کمیٹی کھلنے پر بقایا رقم ادا کرکے کاغذات حاصل کیے جاسکیں، لیکن پہلی کمیٹی کی رقم میرے ماموں کی شادی ( جو کہ 2007میں ہوئی )کے اخراجات میں استعمال ہوگئی شادی کے بعد میرا نانا اور ماموں دوسرے 80 گز والے مکان میں منتقل ہوگئے۔ پہلے مکان کے وہ 40 گز، جن میں میرے نانا رہتے تھے وہ کرائے پر دے دیے گئے اور اس کرائے کی آمدنی سے دوبارہ کمیٹی ڈالی جانے لگی، تاکہ دوسرے مکان کی بقایا قیمت ادا کی جاسکے۔اسی سال 2007ء میں میری نانی کا روڈ حادثے میں انتقال ہوگیا۔ میرے نانا بھی اس وقت چند ماہ سے بیمار تھے اور نانی کے انتقال کے تقریباً ایک ہفتے بعد ان کا بھی انتقال ہوگیا اور حادثے کے سلسلے میں جس سے ایکسیڈینٹ ہوا اسکو معاف کرنے کی صورت میں تقریباً 75 ہزار روپے وصول ہوئے، لیکن اس وقت میرے نانا بھی وفات پاچکے تھے،کچھ عرصے بعد پہلے مکان کے 40 گز کے کرائے سے ڈالی گئی کمیٹی کی رقم اور مذکورہ 75 ہزار روپے ملا کر دوسرے 80 گز والے مکان کی بقایا قیمت ادا کی گئی اور اس کے کاغذات حاصل کیے گئے۔ بعد ازاں یہ مکان میرے ماموں نے اپنے نام منتقل کروا لیا۔ یہ یاد رہے کہ میرے نانا اپنی زندگی میں متعدد مرتبہ خاندان کے سامنے یہ تقسیم بیان کرتے رہے تھے، کہ پہلے 80 گز والے مکان کے 40 گز ان کی بیٹی، یعنی میری والدہ کے اور، باقی 40 گز ان کے بھتیجے کے ، جبکہ دوسرا 80 گز والا مکان ان کے بیٹے، یعنی میرے ماموں کے ہیں ۔تقریباً 2009ء میں میری والدہ اس 40 گز والے حصے میں رہنے لگیں جسے نانا اپنی زندگی میں ان کا حصہ قرار دیتے تھے۔ بعد میں جگہ کی کمی محسوس کرتے ہوئے بھتیجے کے ساتھ باہمی رضامندی سے اس کے زیر استعمال 40 گز والے حصے کے بدلے اسے دوسری جگہ زمین خرید کر نیا مکان بنا کر دیا ، بھتیجا اپنی رضامندی اور خوشی سے اس نئے مکان میں منتقل ہوگیا اور پہلے مکان کا 40 گز والا حصہ چھوڑ دیا۔اس کے بعد میرے والد نے پہلے پورے 80 گز والے مکان کو، جو بہت خستہ حال ہوچکا تھا، گرا کر ازسرنو دو منزلہ تعمیر کروایا۔ بھتیجے کو متبادل مکان بنا کر دینے اور پرانے مکان کی تعمیر نو کے تمام اخراجات میرے والد نے برداشت کیے۔ میرے ماموں نے کوئی مالی حصہ نہیں ڈالا۔ بھتیجے کو متبادل مکان دینے کا معاملہ میرے ماموں کے علم میں تھا اور ان کے سامنے باہمی رضامندی سے طے ہوا تھا، لیکن اس وقت انہوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اب 2026ء میں میرے ماموں کا موقف یہ ہے کہ پہلے 80 گز والے موجودہ مکان میں جس حصے میں میری والدہ رہ رہی ہیں، وہ صرف میری والدہ کا نہیں بلکہ اس میں دونوں کا حق ہے۔لہذا تمام مذکورہ حالات کی روشنی میں درج ذیل شرعی رہنمائی مطلوب ہے۔ 1- پہلے 80 گز والے مکان کے 40 گز والے حصے کے بارے میں، جسے نانا نے شادی کے بعد بھتیجے کے لیے الگ کیا، جس میں بھتیجا طویل عرصہ قابض و متصرف رہا، اور بعد میں جسے اپنے نام کروانے پر نانا رضامند بھی ہوگئے تھے ، شرعاً اس کی کیا حیثیت ہے، جبکہ قانونی انتقال نہ ہوسکا؟2- اگر مذکورہ 40 گز والا حصہ شرعاً بھتیجے کی ملکیت ثابت ہو تو 2021ء میں اس کی رضامندی سے متبادل مکان لے کر پرانا حصہ چھوڑ دینے کی شرعی حیثیت کیا ہوگی؟ اور پرانا 40 گز والا حصہ خالی ہونے کے بعد اس پر کس کا شرعی حق ہوگا؟3-کیا نانا کا مسلسل یہ بیان،اور والدہ کا 2009 سے اس میں رہائش ، قبضہ ،اور اصل کاغذات کا ان کے پاس ہونا اس حق کے ثبوت میں شرعاً معتبر ہیں، اور نانا کا اپنی زندگی میں بارہا یہ بیان (جو درج بالا مذکور ہے) کرنا شرعاً عطیہ، وصیت یا کسی اور حکم کے تحت آئے گا؟ 4- پہلے مکان کے 40 گز کے کرائے سے جمع ہونے والی کمیٹی کی رقم اور نانی کے انتقال کے بعد حاصل ہونے والے تقریباً 75 ہزار روپے سے دوسرے مکان کی بقایا قیمت ادا ہوئی۔ اگر ان رقوم میں میری والدہ کا شرعی حق ثابت ہوتا ہو تو کیا دوسرے مکان میں بھی والدہ کا کوئی شرعی حق پیدا ہوگا؟ براہ کرم تمام مذکورہ حقائق کو یکجا کرکے واضح اور تحریری فتویٰ عنایت فرمایا جائے۔ اگر کسی مزید وضاحت، دستاویز یا گواہی کی ضرورت ہو تو مطلع فرمایا جائے۔ سائل:دانیال رضا
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت کا حکم شرع یہ ہے کہ نانا نے اپنی زندگی اور صحت کی حالت میں 80 گز کے مکان میں سے 40 گز کا حصہ اپنے بھتیجے کے لیے الگ کرکے اس کے قبضہ و تصرف میں دے دیئے اور بھتیجے کا اس پرقبضہ کرنے سے شرعاً ہبہ تام و مکمل ہوگیا محض قانونی رجسٹری یا انتقال نہ ہونے سے شرعی ملکیت متاثر نہیں ہوتی، کیونکہ ہبہ میں شرعی ملکیت کا مدار قبضے اور تسلیم پر ہوتا ہے۔
لہٰذا 2021 میں بھتیجے کی رضامندی سے مذکورہ 40 گز کے عوض اسے دوسری جگہ زمین خرید کر نیا مکان بنا کر دینا درست ہے۔ چنانچہ پرانا 40 گز (جو بھتیجے کا تھا) اس فریق کی ملکیت قرار پائے گا جس نے متبادل مکان فراہم کیا اور اس کے حصول و تعمیر کے اخراجات برداشت کیے، اور ماموں کا اس 40 گز والے حصے میں کوئی شرعی حق باقی نہ ہوگا اور ماموں کا یہ کہنا "وہ صرف میری بہن کا نہیں بلکہ اس میں دونوں(بہن،بھائی ) کا حق ہے" درست نہیں اور والدہ کے زیرِ تصرف باقی40گز اور ماموں کے زیر تصرف 80گز جس میں نانا اپنی زندگی میں اپنے بیٹے کے ساتھ منتقل ہوئے تھے ،جن کے متعلق نانا کا اپنی زندگی میں بیٹے کے ساتھ 80 گز والے مکان میں منتقل ہونے والا عمل اور یہ بیان (کہ پہلے 80 گز والے مکان کے 40 گز ان کی بیٹی، جبکہ دوسرا 80 گز والا مکان ان کے بیٹے کے ہیں ) یہ ہبہ نہیں ہوا کیونکہ زندگی میں انہیں مالک بنا کر قبضہ نہیں دیا تھا۔
لہذا ان کے وصال کے بعد آج اس پر قبضہ اور اصل دستاویزات کا ہاتھ میں ہونا ملکیتِ ہبہ پر دلالت نہیں ہےمزید برآں کہ یہ "وصیت" بھی نہیں کیونکہ ان الفاظ میں وصیت کے الفاظ یا بعدِ وفات کے الفاظ ذکر نہیں ۔تو مذکورہ تفصیل کی روشنی میں جس حصے کا ہبہ نانا کی زندگی میں قبضہ و تسلیم کے ساتھ مکمل ہوچکا تھا، وہ متعلقہ موہوب لہ ( یعنی بھتیجے ) کی شرعی ملکیت ہے، اور جس حصے میں ہبہ مکمل نہیں ہوا وہ نانا کی وفات کے وقت ان کے ترکے میں شامل ہوگا۔لہذا ماموں کے پاس آج 80 گز والا مکان اور والدہ کے پاس 40 گز والا مکان نانا کا ترکہ شمار ہوگا جس کی تفصیل ذیل میں ہے،لہذا اگر سا ئل ا پنے بیان میں سچا ہےاوریہی وارث ہیں جو مذکور ہوئے تو نانا اور نانی کے تمام ترکہ(مکان ،نقدی ا ور اس کے علا وہ کوئی جائیدا د ہو تو ا ن ) کا مارکیٹ ریٹ ( مکان کی تعمیر سے پہلے کا، یعنی مکان کی تعمیر میں جو خرچ آیا ترکہ میں شامل نہیں ہوگا کیونکہ وہ انہوں نے اپنے ذاتی مال سے خرچ کیا )لگوا کر سب سے پہلے میت کی تجہیز و تکفین کے اخراجات پورے کیے جائیں گے( بایں طور کہ اگر کسی نے اس نیت سے خرچ کیا کہ ترکہ سے لے گا )اس کے بعد میت نے جس کا قرضہ دینا ہو تو اسکی ادائیگی کی جائے گی( جو کہ یہاں مذکورہ مکان کی بقیہ رقم ہے) ا ور اس کے بعد اگر غیر وا رث کیلئے کوئی وصیت کی ہے تو اس کو تہائی ما ل سے پورا کرنے کے بعد کل مال کے 3حصے کیے جائیں گے جن میں سے 2 حصے بیٹے کو ا ور 1 حصہ بیٹی کو دیا جائے گا ۔
لہذا ماموں کے پاس موجود 80 گز والا مکان اور والدہ کے پاس موجود 40 والا مکان کی تقسیم ،تقسیمِ شرعی نہیں ۔اور نانی کا انتقال ایک حادثۂ ٹریفک کے نتیجے میں ہوا، جو دوسرے ڈرائیور کی خطائے غیر عمد کی وجہ سے پیش آیا۔
اس معاملے میں بطورِ دیت 75,000 روپے وصول کرکے ڈرائیور کو معاف کر دیا گیا۔ چونکہ یہ رقم نانی کی وفات کے عوض بطورِ دیت وصول ہوئی ہے، لہٰذا یہ نانی کے ترکے میں شمار ہوگی اور ورثاء میں ان کے مقررہ حصوں کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔
و راثت کی تقسیم اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ حصوں کے مطابق ہے:
بیٹے اور بیٹیوں کے متعلق ارشاد فرمایا :
یُوصِیکُمُ اللَّہُ فِی أَوْلَادِکُمْ لِلذَّکَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَیَیْنِ
ترجمہ :کنز الایمان:اللہ تعالی تمہیں حکم دیتا ہے تمھاری اولاد کے بارے کہ بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں برابر ہے۔
(پارہ :4 ،سورۃالنساء : آیت نمبر :11)
سنن ابو داؤد میں ہے :
"قال رسول الله ﷺ :إن العقل ميراث بين ورثة القتيل على قرابتهم، فما فضل فللعصبة "
ترجمہ :حضور علیہ السلام نے فرمایا بے شک دیت مقتو ل کے ورثاء کے درمیان میراث ہے انکی قربت کے اعتبار سے پس جو بچ جائے وہ عصبہ کیلئے ہے ۔
(سنن ابو داؤد،رقم الحدیث : 4564)
السراجیہ فی المیراث میں ہے :
"تتعلق بترکۃ المیت حقوق اربعۃ مرتبۃ : الاول یبدا بتکفینہ وتجھیزہ من غیر تبذیر ولا تقتیر، ثم تقضی دیونہ من جمیع ما بقی من مالہ ، ثم تنفذ وصایا ہ من ثلث ما بقی بعد الدین ، ثم یقسم الباقی بین ورثتہ "
ترجمہ:میت کے ترکہ کے ساتھ ترتیب وار چار حقوق متعلق ہیں : مناسب تجہیز و تکفین سے ابتدا کی جائے گی ، پھر بقیہ مال سے اس کےقرضے ادا کئے جائیں گے ، قرضوں کی ادائیگی کےبعد مابقی کے ثلث سے وصیت کو نافذ کیا جائے گا ،پھر باقی ترکہ ورثاءکےدرمیان تقسیم کیا جائے گا۔
(السراجیہ فی المیراث ،ص:11/12 ،مکتبۃ المدینہ )
کتاب المبسوط میں ہے :
"(ثم) الشركة نوعان: شركة الملك وشركة العقد. (فشركة الملك) أن يشترك رجلان في ملك مال، وذلك نوعان: ثابت بغير فعلهما كالميراث، وثابت بفعلهما، وذلك بقبول الشراء،۔۔۔۔والحكم واحد وهو ان ما يتولد من الزياده يكون مشتركا بينهما بقدر الملك"
ترجمہ:پھر شرکت کی دو قسمیں ہیں: شرکتِ ملک اور شرکتِ عقد۔اور شرکتِ ملک: یہ کہ دو آدمی شریک ہو ں مال کی ملک میں ،اور شرکت ملک کی دو قسمیں ہیں ایک وہ جو دونوں کے فعل کے بغیر ثابت ہو، جیسے میراث (کے ذریعے ملکیت حاصل ہونا)اور دوسری وہ جو دونوں کے فعل سے ثابت ہواور وہ خریداری کو قبول کرنے سے ہوتی ہے( یعنی دونوں مل کر کسی چیز کو خریدیں) اور دونوں صورتوں کا حکم ایک ہے۔اور وہ حکم یہ ہے کہ مال میں جو بھی اضافہ پیدا ہو، وہ دونوں کے درمیان ان کی ملکیت کے اعتبار سے مشترک ہوگا۔
(کتاب المبسوط،ج:11،ص:162،مکتبہ رشیدیہ )
الاختیار لتعلیل المختار میں ہے :
"وَإِنْ كَانَ عَلَى الْمَيِّتِ دَيْنٌ لَا يُصَالِحُونَ وَلَا يُقَسِّمُونَ حَتَّى يَقْضُوا دَيْنَهُ لِتَقَدُّمِ حَاجَتِهِ"
ترجمہ: اور اگر میت پر قرض ہو تو ورثاء کے لیے نہ آپس میں صلح کرنا جائز ہے اور نہ ہی (ترکہ) تقسیم کرنا یہاں تک کہ وہ میت کا قرض ادا کر دیں، کیونکہ قرض کی ادائیگی (تقسیمِ وراثت پر) مقدم ہے۔
( الاختیار لتعلیل المختار،ج:3 ،ص:12 ،قدیمی کتب خانہ )
کسی کو کوئی چیز ہبہ کی جائے تو جب تک وہ اس پر قبضہ نہ کر لے اس وقت تک وہ اس کا مالک نہیں ہوتا جیسا کہ
تحفۃ الفقہاء میں ہے :
"أما شرائط الصحة فمنها القبض حتى لا يثبت الملك للموهوب له قبل القبض "
ترجمہ :ہبہ کے صحیح ہونے کیلئے شرائط ہیں جن میں سے ایک شرط قبضہ بھی ہے یہاں تک کہ جس کو چیز ہبہ کی گئی اس پر قبضہ کرنے سے پہلے اس کیلئے ملکیت ثابت نہیں ہوگی۔
(تحفۃ الفقہاء،ص:471 ،دار الفکر بیروت )
الہدایہ مع فتح القدیر میں ہے :
"واذا قال الموهوب له للواهب خذ هذا عوضا عن هبتك او بدلا عنها او في مقابلتها فقبضه الواهب سقط الرجوع"
ترجمہ :جب موہوب لہ(جس کو ہبہ کیا گیا) واہب (ہبہ کرنے والے) سے کہےکہ یہ چیز اپنی ہبہ کے بدلے میں لے لیں ، یا اس کے بدلے میں لے لیں یا اس کے مقابلے میں لے لیں، پھر واہب نے وہ عوض قبضے میں لے لیا تو واہب کا ہبہ شدہ چیز سے رجوع کا حق ختم ہوجائے گا ۔
(الہدایہ مع فتح القدیر ،ج:9،ص:45 ،مکتبہ اشرفیہ )
صدرالشریعہ علامہ امجد علی اعظمی نقل فرماتے ہیں :
اگر کسی شخص نے یہ کہا کہ میرا یہ مکان (گھر) فلاں کے لئے اور اس وقت وصیّت کا کوئی ذکر نہ تھا نہ یہ کہا کہ میرے مرنے کے بعد، تو یہ ہبہ ہے اگر موہوب لہ نے ہبہ کرنے والے کی زندگی ہی میں قبضہ لے لیا تو صحیح ہوگیا اور اگر قبضہ نہ لیا تھا کہ ہبہ کرنے والے کی موت واقع ہوگئی تو ہبہ باطل ہوگیا۔
(بہار شریعت،حصہ :19 ،ص:946 ،مکتبۃ المدینہ )
خلاصہ: یہ ہے کہ نانا نے جس 40 گز حصے کا زندگی میں قبضہ و تصرف دے کر ہبہ مکمل کر دیا تھا، وہ موہوب لہ بھتیجے کی ملکیت ہے، اور بعد میں بھتیجے کا اس کے عوض متبادل مکان لینا ،دینا درست ہے۔ باقی 40 گز اور 80 گز والا مکان چونکہ ہبہ و قبضہ کے بغیر والدہ اور ماموں کے تصرف میں ہے تو یہ نا نا کا ترکہ ہےجس کی تقسیم ،تقسیمِ شرعی نہیں ہوئی لہذا نانا اور نانی کے کل ترکہ سے پہلے تجہیز و تکفین، پھر قرض کی ادائیگی اور غیر وارث کیلئے وصیت ہو تو تہائی مال سے پورا کرنے کے بعد ، میت کے ترکہ (کل رقم )کی تقسیم کا طریقہ یہ ہے کہ کل ر قم کو مبلغ یعنی 3 حصوں میں تقسیم(divide ) کریں جو جو اب آئے اسے محفوظ کرلیں ،پھر اس محفوظ عدد کو ہر وا رث کے حصے میں ضرب د ے دیں جو جواب آئے وہ رقم کی صورت میں وا رث کا حصہ ہوگا۔
واللہ اعلم باالصواب