دار الافتاء فیضان شریعت (تین ہٹی کراچی)

اسلامک بینک میں سیونگ اکاؤنٹ کھلوانے کا شرعی حکم

19122 نومبر، 2026196
تمام فتاویٰ

سوال

کیا فرما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے متعلق کہ کسی اسلامک بینک میں سیونگ (saving)اکاؤنٹ کھلوانا کیسا ؟بینوا توجروا سائل : محمد اجمل مہروی ،آف ملتان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پو چھی گئ صورت کا حکم یہ ہے کہ اسلامک بینک میں سیونگ اکاؤنٹ کھلوانا جائز ہے اور اس سے جو نفع حاصل ہوتا ہے حلال ہے ،سود نہیں ۔ چونکہ اسلامک بینک میں جو سیونگ اکاؤنٹ کھلواتے ہیں ان کی بنیاد شرعی امور مثلاً مضاربت ،مشارکت وغیرہ پر ہوتی ہے جن کا جائز ہونا شریعت میں بالکل واضح ہے ۔

اسلامک بینک کے سیونگ اکاؤنٹ میں جو رقم جمع کروائی جاتی ہے اور اس پر نفع حاصل کرتے ہیں اس رقم کی شرعی حیثیت مضاربت کی ہے یہ رقم اسلامک بینک کے پاس امانت نہیں ہوتی جیسا کہ موجودہ دور میں لوگ سمجھ رہے ہیں کیونکہ امانت جس کے پاس رکھی جائے اس پر لازم ہے کہ وہ اس کی حفاظت کرے اور اسی مال کو ہی واپس کرے اور اس امانت کو نہ تو وہ آگے ادھار دے سکتا ہے اور نہ ہی اجرت پر دے سکتا ہے جبکہ اسلامک بینک میں تو اس رقم کو آگے کاروبار میں لگا دیا جاتا ہے جس سے نفع کمایا جاتا ہےلہذا پتہ چلا کہ یہ جمع کروائی گئی رقم بینک کے پاس امانت نہیں ہوتی اور یہ رقم اسلامک بینک میں قرض بھی نہیں ہوتی جیسا کہ سودی بینک (conventional bank)میں ہوتی ہے کیونکہ قرض پر نفع لینا حرام ہے جیسا کہ حدیث پاک میں مذکور ہے (جو کہ درج ذیل ہے) اصل میں سودی بینک کی کثرت کی وجہ سے یہ لگتا ہے کہ شریعت کے مطابق جو حلال نفع حاصل ہوتا ہے وہ بہت ہی مشکل ہے تو حرام معاملے کا متبادل پیش کرنا حضور علیہ السلام کی سنت ہے اس لیے علماء و فقہاء نے حضور علیہ ا لسلام کی اس سنت پر عمل کیا اور سودی کاروبار کے متبادل پیش کیے اور اسلامک بینک میں سیونگ اکاؤنٹ بھی حرام معاملہ ( سودی بینک کاری ) کا متبادل ہے جو کہ شرعی امور مثلاًمضاربت ،مشارکت وغیرہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں اکثر مضاربت کی بنیاد پر ہی اسلامک بینک میں سیونگ اکاؤنٹ کام کرتا ہے اور مضاربت تو ایسا عمل ہے کہ خود حضور علیہ السلام نے حضرت خدیجۃ رضی اللہ عنہا کا مال لیکر تجارت کی غرض سے ملک شام کا سفر کیا اور اس پر عمل کیا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم اجمعین بھی عقد مضاربت پر عمل کرتے رہے اور صحابہ کرام کے زمانے سے لیکر آج تک اس پر عمل ہو رہا ہے ۔

ارشاد باری تعالی ہے:

" قَالُوْۤا اِنَّمَا الْبَیْعُ مِثْلُ الرِّبٰواۘ وَ اَحَلَّ اللّٰهُ الْبَیْعَ وَ حَرَّمَ الرِّبٰوا"

ترجمہ: انہوں نے کہا بیع بھی تو سُود ہی کے مانند ہے اور اللہ نے حلال کیا بیع اور حرام کیا سُود۔

(البقرۃ:275)

حرام معاملہ کا متبادل پیش کرنے میں حضور علیہ السلام کا فرمان :

" عن أبي سعيد، قال جاء بلال إلى النبي بتمر برني، فقال له النبی ﷺ ((من این ھذا ؟)) قال کان عندنا تمر ردی ، فبعت منه صاعين بصاع، فقال اوہ، عين الربا ، لا تفعل؛ولكن إذا أردت تشتری فبع التمرببیع آخر ثم اشتر بہ)).متفق علیہ "

ترجمہ : حضرت ابو سعید فرماتے ہیں کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ برنی (عمدہ قسم کی ) کھجوریں لے کر نبی کریم ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے تو نبی کریم ﷺ نے ان سے پوچھا کہ یہ کہاں سے لائے ہو؟ انہوں نے عرض کیا: ہمارے پاس کم کوالٹی کی کھجوریں تھیں، میں نے اُن کے دو صاع کے بدلے ان کا ایک صاع لیا ہے۔ آپ نے فرمایا: افسوس! یہ تو بالکل سود ہے، ایسے نہ کرو، لیکن جب تم خریدنا چاہو تو کھجوروں کو فروخت کرو، پھر اس (قیمت) کے عوض دوسری خریدو ۔

(مشکاۃ المصابیح ،رقم الحدیث :2814، مکتبہ رشیدیہ)

المصنف لابن ابی شیبہ میں ہے :

"عن إبراهيم قال : كل قرض جر منفعة فهو ربا۔"

ترجمہ : حضرت ابراھیم فرماتے ہیں کہ ہر وہ قرض جو نفع لے کر آئے پس وہ سود ہے ۔

(المصنف لابن ابی شیبہ ،رقم الحدیث :21937)

السنن الکبری للبیھقی ،میں ہے :

" ان ابن عمر كان يكون عنده مال اليتم فيزكيه ويعطيه مضاربة “

ترجمہ : عبد الله بن عمر رضی اللہ عنھما کے پاس کسی یتیم کا مال تھا آپ اس کی حفاظت کرتے اور اسے مضاربت کے طور پر دیتے تھے ۔

( السنن الکبری ،رقم الحدیث 11718:)

الفقہ الاسلامی وادلہ میں ہے:

"ورسول الله ﷺ قد سافر بمال غيره قبل النبوة، كما سافر بمال خديجة، والعير التي كان فيها أبو سفيان كان أكثرها مضاربة مع أبي سفيان وغيره، فلما جاء الإسلام أقرها رسول الله ، وكان أصحابه يسافرون بمال غيره مضاربة، ولم ينه عن ذلك، والسنة : قوله وفعله وإقراره، فلما أقرها كانت ثابتة بالسنة"

ترجمہ :اور رسول کریم ﷺ نے نبوۃ سے پہلے اپنے غیر کے مال کے ساتھ سفر کیا ، جیسا کہ سفر کیا حضرت خدیجہ کے مال کے ساتھ اور وہ قافلہ جس میں حضرت ابو سفیان رضی اللہ عنہ تھے ان میں اکثر مضاربۃ تھا پس جب اسلام آیا تو رسول کریم ﷺ نے اسکو برقرار رکھا اور صحابہ کرام سفر فرماتے دوسروں کے مال کے ساتھ مضاربۃ کے طور پر اور سنت ہے حضور علیہ السلام کا فرمان بھی اور آپ علیہ السلام کا فعل بھی اور آپ علیہ السلام کا کسی کام کو ثابت رکھنا بھی تو جب آقا علیہ السلام نے اس (مضاربۃ ) کو ثابت رکھا تو یہ سنت سے بھی ٖثابت ہے ۔

(الفقہ الاسلامی وادلہ،ج، 4 ،، ص،630 ،مکتبہ رشیدیہ )

بدائع الصنائع میں ہے :

"وعلى هذا تعامل الناس من لدن رسول الله ﷺ إلى يومنا هذا في سائرالأعصار من غير إنكار من أحد وإجماع أهل كل عصر حجة"

ترجمہ :اور رسول اللہ ﷺ کے زمانہ مبارک سے لیکر اب تک بغیر کسی ایک کے انکار کے لوگ اس پر عمل کر رہے ہیں اور تمام زمانوں کے لوگوں کا اجما ع حجت ہے ۔

( بدائع الصنائع ،ج،5، ،ص، 109 ،مکتبہ رشیدیہ )

تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے :

"(عقد شركة في الربح بمال من جانب) رب المال (وعمل من جانب) المضارب "

ترجمہ : (مضاربۃ)ایسا عقد ہے جو نفع میں شرکت ہے رب المال (مال کے مالک )کی جانب سے مال اور مضارب (کام کرنے والے )کی جانب سے کام کرنا ہے ۔

( تنویر الابصار مع الدرالمختار، ج ،8،ص، 497 ،مکتبہ رحمانیہ )

الفقہ الاسلامی وادلہ میں ہے:

المضاربة : هي أن يدفع المالك إلى العامل مالاً ليتجر فيه، ويكون الربح مشتركاً بينهما بحسب ما شرطا۔

ترجمہ : مضاربت یہ ہے کہ مالک کام کرنے والے کو مال دے تاکہ وہ اس میں کام کرے اور ہو نفع مشترک ہو ان دونوں کے درمیان ان شرائط کے مطابق جو ان دونوں نے آپس میں رکھی ۔

(الفقہ الاسلامی وادلہ ، ج ،4،ص ،628،مکتبہ رشیدیہ )

الفتاوی الھندیہ میں ہے :

"وأما حكمها فوجوب الحفظ على المودع وصيرورة المال أمانة في يده ووجوب أدائه عند طلب مالكه كذا في الشمني " الوديعة لا تودع ولا تعار ولا تؤاجر ولا ترهن، وإن فعل شيئا منها ضمن"

ترجمہ :ودیعت کا حکم یہ ہے کہ اس کی حفاظت مودع پر واجب ہوتی ہے وہ چیز مودع کے پاس امانت ہوتی ہے اور مالک کے طلب کرنے پر اسکی ادائیگی واجب ہوتی ہےاسی طرح شمنی میں ہے ، ودیعت کو نہ دوسرے کے پاس امانت رکھ سکتاہے اور نہ عاریت پر دے سکتا ہے اور نہ اسکو رہن پر رکھ سکتا ہے اور اگر ان میں سے کوئ کام کرے گا تو ضامن ہوگا ۔

(البحرالرائق شرح کنزالدقائق ،ج ،7 ،ص،465/467 دارالکتاب ،الفتاوی الھندیہ ، ج ،7، ص ،241 ، مکتبہ رشیدیہ )

تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے

"(لَا) يَمْلِكُ (الْمُضَارَبَةَ) وَالشَّرِكَةَ وَالْخَلْطَ بِمَالِ نَفْسِهِ (إلَّا بِإِذْنٍ أو اعمل برأيك) إذ الشيء لا يتضمن مثله "

ترجمہ:(مضارب )مالک نہیں ہوتا (آگے )مضاربۃ کرنے کا اور شرکۃ کا اور اس ( راس المال)میں اپنے مال کو ملانے کا مگر مالک کی اجازت یا اسکے (قول)اپنی رائے سے جو کام کر ، کے ساتھ کیونکہ شے اپنی مثل کو متضمن نہیں ہوتی

اس کے تحت ردالمحتار میں ہے

"(قَوْلُهُ وَالْخَلْطُ بِمَالِ نَفْسِهِ) أَيْ أَوْ غَيْرِهِ كَمَا فِي الْبَحْرِ إلَّا أَنْ تَكُونَ مُعَامَلَةُ التُّجَّارِ فِي تِلْكَ الْبِلَادِ أَنَّ الْمُضَارِبَيْنِ يَخْلِطُونَ، وَلَا يَنْهَوْنَهُمْ فَإِنْ غَلَبَ التَّعَارُفُ بَيْنَهُمْ فِي مِثْلِهِ وَجَبَ أَنْ لَا يَضْمَنَ كَمَا فِی التَّتَارْخَانِيَّة.قَوْلُهُ: بِمَالِ نَفْسِهِ) وَكَذَا بِمَالِ غَيْرِهِ كَمَا فِي الْبَحْرِ: وَهَذَا إذَا لَمْ يَغْلِبْ التَّعَارُفُ بَيْنَ التُّجَّارِ فِي مِثْلِهِ كَمَا فِي التَّتَارْخَانِيَّة، (إذ الشيء) علة لكونه لا يملك المضاربة ويلزمه منها نفي الاخيرين لان الشركه والخلط اعلى من المضاربة لانهما شركة في اصل المال" (ملتقطا)

ترجمہ : مصنف کا قول "اور اپنے مال کے ساتھ ملانا" یعنی یا کسی دوسرے کے مال کے ساتھ ملانا، جیسا کہ "البحر الرائق" میں ہےمگر یہ کہ اس شہر کے تاجروں کا عرف ہو کہ مضارب لوگ مال ملا لیتے ہیں، اور لوگ ان کو منع نہیں کرتے پس اگر ان کے درمیان اس طرح ملانے کا عرف غالب آ جائے تو واجب ہے کہ مضارب ضامن نہ ہو، جیسا کہ "تتارخانیہ" میں ہے ۔ مصنف کا قول "اپنے مال کے ساتھ اور اسی طرح دوسرے کے مال کے ساتھ ، جیسا کہ "البحر الرائق" میں ہے۔ اور یہ اس صورت میں ہے جب تاجروں کے درمیان اس طرح ملانے کا عرف غالب نہ ہو، جیسا کہ "تتارخانیہ" میں ہے۔مصنف کا قول ''کیونکہ شے ''اس بات کی دلیل ہے کہ وہ مضاربت کا مالک نہیں ہوتا۔ اور آخری دونوں صورتوں میں اس پر نفی لازم آتی ہے کیونکہ شرکت اور خلط، مضاربت سے اعلیٰ درجے کے ہیں(یعنی مضاربت میں نفع میں شرکت ہوتی ہے ) اس لیے کہ یہ دونوں اصل مال میں شرکت ہیں۔

(ردالمحتار علی الدر المختار، ،ج ،8 ، ص، 503/504،مکتبہ رحمانیہ )

بہار شریعت میں ہے

اس عقد کی لوگوں کو حاجت ہے کیونکہ انسان مختلف قسم کے ہیں بعض مالدار ہیں اور بعض تہی دست بعض مال والوں کو کام کرنے کا سلیقہ نہیں ہوتا تجارت کے اصول و فروع سے ناواقف ہوتے ہیں اور بعض غریب کام کرنا جانتے ہیں مگر ان کے پاس روپیہ نہیں لہذا تجارت کیونکر کریں اس عقد(مضاربت) کی مشروعیت میں یہ مصلحت ہے کہ امیر و غریب دونوں کو فائدہ پہنچے مال والے کو روپیہ دیکر اور غریب آدمی کو اس کے روپیہ سے کام کر کے۔

(بہار شریعت حصہ چہاردہم ، ج ،3، ص، 1 ،مکتبۃ المدینہ)

شرعی معیارات میں ہے :

رب المال کی اجازت یا اس کی طرف سے مکمل اختیارات دیے جانے کی صورت میں مضارب عقد مضاربہ کے شروع یا بعد میں شرکت کو شامل کر سکتا ہے خواہ وہ شرکت مضارب کی اپنی ہو یا فریق ثالث کی ۔ عمومی سرمایہ کاری کے طور پر بینکوں میں PLS deposits) /unrestricted investment accounts)رکھوائی جانے والی رقوم کو مالیاتی اداروں کے مال میں خلط کرنا بھی اسی قبیل سےہے۔

(شرعی معیارات ،شرعی معیار نمبر 13 مضاربہ شق نمبر 6/1/9، ص، 389 ،مکتبہ معارف القرآن کراچی)

سراج الفقہاء مفتی نظام الدین مصباحی صاحب فرماتے ہیں:

جن ممالک میں مسلمانوں کی حکومت قائم ہے جیسے انڈونیشیا، مصر، شام، عراق، پاکستان، افغانستان وغیرہ وہاں کے بینکوں میں روپے جمع کرنے پر جو کچھ زائد رقم ملے وہ سود ہے کہ قرض سے مشروط نفع کا حصول شرعی نقطہ نظر سے سود کے ہی زمرے میں آتا ہے الا( مگر )یہ کہ یہ نفع قرض کی وجہ سے نہ ہو، بلکہ شرکت، مضاربت، بیع عینہ وغیرہ کے ذریعہ حاصل ہو۔

(جدید بینک کاری اور اسلام مذاھب اربعہ کی روشنی میں، ص، 50، مکتبہ برکات المدینہ کراچی)

خلاصہ : چونکہ اسلامک بینک میں جو سیونگ اکاؤنٹ کھلواتے ہیں ان کی بنیاد شرعی امور مثلاً مضاربت ،مشارکت وغیرہ پر ہوتی ہے جن کا جائز ہونا شریعت میں بالکل واضح ہے لہذا اسلامک بینک میں سیونگ اکاؤنٹ کھلوانا جائز ہے اور اس سے جو نفع حاصل ہوتا ہے حلال ہے ،سود نہیں۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــہ: محمدعلی رضا قادری رضوی

الجــــــــواب الصــــحــــــیح: ابو الحسنین مفتی وسیم اختر المدنی

27اپریل 2026ءبمطابق09ذوالقعدہ 1447ھ کو جاری کیا گیا